ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

پاکستان میں اس سے خراب اقتصادی سروے پہلے کبھی نہیں آیا، شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس سے خراب اقتصادی سروے پہلے کبھی نہیں آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز قومی اقتصادی سروے 23-2022 پیش کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ حکومت رواں مالی سال کے تمام معاشی اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔

مذکورہ اقتصادی سروے پر پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سینیئر سیاستدان شیخ رشید احمد نے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اس سے خراب اقتصادی سروے پہلے کبھی نہیں آیا ہے۔

- Advertisement -

شیخ رشید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حکومت تمام معاشی اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور آئی ایم ایف کی ساری شرطیں قبول کرنے کے باوجود حکومت اس کو منانے میں ناکام رہی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر خزانہ کو سمجھ نہیں آ رہا کہ قومی خزانے کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ ڈالر کے ساتھ کون سازش کر رہا ہے؟ پاکستان میں 40 فیصد مہنگائی بڑھی ہے، دنیا میں آٹا اور آئل کی قیمت آدھی اور پاکستان میں دُگنی ہوگئی، اس سے نمٹنے کے لیے ڈار کے پاس کوئی پلان نہیں ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو باغ کے الیکشن میں ٹریلر سے سمجھ آجانی چاہیے ابھی فلم آنا باقی ہے۔ پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑنے والی اور جلد ن لیگ اور پی پی پی جلد آمنے سامنے ہوں گی۔

 

واضح رہے کہ وزیر خزانہ کی جانب سے گزشتہ روز پیش کیے گئے اقتصادی سروے میں بتایا گیا تھا کہ حکومت رواں مالی سال کے تمام معاشی اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی۔ معاشی ترقی کی شرح 0.29 فیصد رہی۔ زراعت، صنعت، خدمات اور سرمایہ کاری میں کمی ہوئی جبکہ خسارے اور اخراجات میں اضافہ ہوا۔

اس رپورٹ کے مطابق ایکسپورٹ میں 12 فیصد کمی ہوئی۔ امپورٹ 72 ارب ڈالر سے کم ہو کر 51 ارب ڈالر رہ گئی۔ ترسیلات زر میں 13 فیصد کمی آئی۔ جولائی تا مارچ مہنگائی کی شرح 29 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں