ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

نئے سال میں پاکستان ٹیم کا نیا امتحان، سڈنی ٹیسٹ کیلیے سجے گا کل میدان

اشتہار

حیرت انگیز

سال 2023 پاکستان کرکٹ کی شکست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا اب نیا سال اور قومی ٹیم کا نیا امتحان جس کے لیے سج رہا ہے کل سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ کے لیے میدان۔

شاہین آسٹریلیا سے سیریز تو ہار چکے ہیں لیکن ان کے پاس وائٹ واش کی ہزیمت سے بچنے کا آخری موقع سڈنی ٹیسٹ ہے جو کل سے شروع ہو رہا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پنک ٹیسٹ میچ کل سے سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے کینگروز نے اپنے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے جب کہ قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔

پرتھ اور میلبرن ٹیسٹ میں ٹیم کی شکست کے ساتھ اوپنر کی مسلسل ناکامی کے بعد امام الحق کو ڈراپ کر کے صائم ایوب کو ڈیبیو کرائے جانے کا امکان ہے جب کہ فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ ابرار احمد یا ساجد علی کو شامل کیا جا سکتا ہے۔

- Advertisement -

سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں بھی میزبان ٹیم کا ریکارڈ شاندار ہے اور کینگروز نے اب تک 8 ٹیسٹ میں سے 5 میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ دو مقابلے شاہینوں نے اپنے نام کیے اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا۔

آخری میچ کیلیے کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی بھرپور مشقیں کیں۔ اس دوران بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں خامیوں کو دور کیا۔ تاہم پاکستان کو آسٹریلوی سر زمین پر اپنا آخری ٹیسٹ جیتے 29 سال ہو گئے اب دیکھنا ہوگا کہ فتح کا یہ قحط سڈنی میں ٹوٹ پائے گا یا قومی ٹیم ہارنے کی روایت برقرار رکھے گی۔

دریں اثنا سڈنی ٹیسٹ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے جس کے بعد وہ طویل دورانیے کی کرکٹ کو ہمیشہ کے لیے خیرباد  کہہ دیں گے۔ اس حوالے سے کینگرو کپتان کا کہنا ہے کہ سڈنی میں وارنر ویک کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ہم انہیں رخصتی پر شاندار فیئر ویل دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں