ممبئی: بھارت میں تیلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ و ماڈل گنڈالا سری لتا کو ٹریفک پولیس اہلکار پر سرِ عام تشدد کرنا مہنگا پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بنجارا پولیس نے گنڈالا سری لتا کو گرفتار کر لیا جو سومیا جانو کے نام سے مشہور ہیں۔ 24 فروری کی رات انہوں نے ٹریفک اہلکار تشدد کیا تھا۔
گنڈالا سری لتا 24 فروری کی شام رانگ وے پر گاڑی چلا رہی تھیں جب انہیں وگنیش نامی ٹریفک اہلکار کی جانب سے روکا گیا۔ سومیا جانو نے گاڑی روکنے پر وگنیش کو مغلظات بکیں اور چپل سے پٹائی کی۔
پولیس کے مطابق اداکارہ و ماڈل نے وگنیش کے کپڑے پھاڑ دیے اور موبائل فون زمین پر زور سے مار کر توڑ دیا، جب ٹیم موقع پر پہنچی تو ملزمہ نے اپنا نام سومیا جانو بتایا۔
حکام نے بتایا کہ تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم تیلگو اداکارہ و ماڈل ہیں، انہیں قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا اور بعد میں گرفتار بھی کیا گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں گنڈالا سری لتا کو سڑک پر پولیس اہلکار پر تشدد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ملزمہ کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 353 اور 323 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔