جمعہ, مئی 24, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کیخلاف میچ سے قبل پاکستان ٹیم کیلیے اچھی خبر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا اگلا میچ جمعے کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلورو میں کھیلے گا تاہم اس بڑے میچ سے قبل قومی ٹیم کے لیے اچھی خبر آ گئی ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ پوری آب وتاب کے ساتھ پڑوسی ملک بھارت میں جاری ہے۔ پاکستان اپنے ابتدائی تین میچوں میں سے دو میچ جیت چکا ہے تیسرے میچ میں روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد گرین شرٹس اگلے میچ کے لیے بنگلورو پہنچ چکے ہیں جہاں وہ جمعے کو آسٹریلیا سے ٹکرائیں گے۔

بڑے میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ ٹیم کے فٹنس مسائل میں کمی آنے لگی ہے اور ٹیم ذرائع کا کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان نے گھٹنے کے درد سے مکمل نجات حاصل کرلی ہے جب کہ اسامہ میر بھی بخار کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

- Advertisement -

بنگلورو میں موجود پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا تاہم کچھ کھلاڑیوں نے ہوٹل میں ہلکی پھلکی جم ٹریننگ کی، آج ٹیم کا پریکٹس سیشن شام 6 سے رات 9 بجے تک شیڈول ہے۔

دوسری جانب بھارت سے بڑی شکست کے بعد قومی ٹیم تنقید کی زد میں ہے جب کہ ہیڈ کوچ بریڈ برن اس ناکامی کو بھی سیکھنے کے لیے ایک اچھا سبق قرار دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں بھارتی کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہو رہا ہے۔

بریڈ برن نے کہا کہ ہم نے بھارت کے خلاف میچ میں دیکھا کہ اننگز کا آغاز کرنا کتنا مشکل تھا، ہمارے کچھ کھلاڑیوں نے اچھا آغاز کیا مگر وہ بہتر طور پر فنش نہیں کرسکے۔ ہم 330 پلس رنز بنانے والی ٹیم بننا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی یہ بات جانتا ہے کہ ہم اپنے پلیئرز سے ان کی صلاحیتوں سے کچھ بڑھ کر چاہتے ہیں، اس لیے میں نہیں سمجھتا کہ پہلے ہاف میں ہم نے اس چیز کا کوئی مظاہرہ کیا، جس طرح ہماری وکٹیں گری یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم ہر وقت سیکھنے میں مصروف رہتے ہیں، ہردن ہی سیکھنے کے لیے اچھا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اوپنر فخر زمان کو مسلسل خراب فارم کے باعث پاکستان نے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ میں نہیں کھلایا تھا ان کی جگہ عبداللہ شفیق کو ٹیم میں شامل کیا گیا جنہوں نے اپنے ڈیبیو میچ میں سنچری اسکور کرکے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

تاہم دوسرے اوپنر امام الحق بھی مسلسل آؤٹ آف فارم ہیں اور ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ کے ابتدائی تینوں میچز میں بھی ان کا بلا رنز بنانے میں ناکام ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں