پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد بھارت میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اپنی ناقص کارکردگی کے بعد اگر مگر کی صورتحال ختم ہونے کے بعد ٹورنامنٹ سے خالی ہاتھ باہر ہوگئی جس کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔
ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل کی چار سر فہرست ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں ہیں۔ بھارت نا قابل شکست رہتے ہوئے پہلی پوزیشن پر ہے۔ جنوبی افریقہ 14 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے بھی 14 پوائنٹ ہیں لیکن رن ریٹ کے فرق سے تیسرے نمبر پر ہے جب کہ چوتھی سیمی فائنلسٹ ٹیم نیوزی لینڈ ہے جس کے پوائنٹس کی تعداد 12 ہے۔
ایونٹ کا ناک آؤٹ مرحلہ بدھ 15 نومبر سے ہوگا جب ممبئی کے واکھنڈے اسٹیڈیم میزبان بھارت اور گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ ٹیم نیوزی لینڈ ٹکرائیں گے۔
دوسرا سیمی فائنل ریکارڈ 5 بار کی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جمعرات 16 اکتوبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن پارک مین ہوگا۔
ورلڈ کپ کا اختتام اسی میدان میں ہوگا جہاں میگا ایونٹ کا آغاز ہوا تھا۔ فائنل میچ اتوار 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ورلڈ کپ کے تمام میچز پاکستان کے پہلے ایچ ڈی اسپورٹس چینل اے اسپورٹس پر دکھائے جا رہے ہیں۔