12.6 C
Dublin
ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

عامر جمال کو محنت کا صلہ مل گیا

اشتہار

حیرت انگیز

عامر جمال کو محنت کا صلہ مل گیا قومی ٹیم سڈنی ٹیسٹ تو ہاری لیکن با ہمت پاکستانی نوجوان آل راؤنڈر کو ان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان سڈنی ٹیسٹ ہارنے کے ساتھ ہی آسٹریلوی سر زمین پر مسلسل چھٹی بار وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار ہوا۔ سیریز میں جہاں قومی ٹیم کے بیٹنگ اور بولنگ میں بڑے بڑے نام مکمل ناکام رہے وہیں کینگرو دیس میں ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے اپنی کارکردگی سے ہر ایک کے دل جیت لیے۔ وہ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز میں دوسرے نمبر پر رہے تو رنز بنانے میں پاکستانی بیٹرز میں تیسرے نمبر پر رہے۔

سڈنی میں ان کی کارکردگی بہت ہی خاص رہی۔ جب پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں مشکلات کا شکار تھی تو انہوں نے نویں نمبر پر بیٹنگ کرکے 82 رنز کی نا قابل فراموش اننگ کھیلی جس کی وجہ سے پاکستان اسکور بورڈ پر 313 رنز کا قابل قدر مجموعہ سجا سکا جب کہ آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 299 تک محدود کرنے میں بھی اسی نوجوان کھلاڑی کا کردار اہم رہا جس نے 6 کینگرو بلے بازوں کو پویلین بھیجا لیکن اس ساری محنت پر دوسری اننگ میں پاکستانی بیٹرز نے پانی پھیر دیا۔ تاہم انہیں اس کارکردگی کا صلہ میچ ہارنے کے باوجود میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز دینے کی صورت میں ملا۔

- Advertisement -

عامر جمال نے پرتھ میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا اور پہلے ہی اننگ میں 6 اور میچ میں مجموعی طور پر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے کرکٹ ماہرین کو تعریف پر مجبور کر دیا۔

میلبرن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں عامر جمال نے پہلی اننگ میں تین اور مجموعی طور پر 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ان کے بیٹ نے بھی رنز اگلے۔ جب دیگر بڑے بڑے بیٹرز ناکام ہو رہے تھے تو انہوں نے پہلی اننگ میں نا قابل شکست 33 رنز بنائے۔

عامر جمال نے ایک اور ریکارڈ بناتے ہوئے وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑ دیا

عامر جمال نے مین آف دی میچ کا اعزاز پانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلیا ٹیم کو سیریز اور ٹیسٹ میچ میں جیت کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہیں آسٹریلوی سر زمین پر کارکردگی دکھانے پر فخر ہے اور وہ اپنی اس کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں