منگل, مئی 21, 2024
اشتہار

کیل مہاسے ختم کرنے کے آسان گھریلو نسخے

اشتہار

حیرت انگیز

کیل مہاسے ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے بہت سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں پریشان رہتی ہیں، یہ بلیک ہیڈز یا کالے پیلے رنگ کے چھوٹے کیلیں نما ابھار ہوتے ہیں جس سے چہرے کی خوب صورتی متاثر ہوتی ہے، یہ بازوؤں اور کندھوں پر بھی ہو سکتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کیل مہاسے دراصل بالوں کی جڑوں میں مٹی اور مردہ خلیے اکھٹے ہونے کی وجہ سے بنتے ہیں۔ لیکن پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ان سے نجات پانے کے آسان گھریلو نسخے مندرجہ ذیل ہیں۔

اگرچہ کیل مہاسوں سے نجات کے لیے کئی قسم کی ادویات، کریمیں اور لوشن مل جاتے ہیں، لیکن بہترین طریقہ علاج قدرتی اجزا پر مشتمل گھریلو نسخہ جات ہیں۔

- Advertisement -

سبز چائے

سبز چائے کی خشک پتیوں کا ایک کھانے کا چمچ تھوڑے سے پانی میں ملا کر پیسٹ بنا لیں، کیل مہاسوں پر یہ پیسٹ دو سے تین منٹ کے لیے لگائیں، جلد چکنی ہو تو کچھ زیادہ دیر تک پیسٹ کو ملیں، اس سے چکنی جلد گہرائی میں صاف ہوگی اور مسام کھلیں گے، پھر ہلکے گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔

بیکنگ سوڈا

یہ کیل مہاسوں سے نجات کے لیے کارآمد طریقہ ہے، بیکنگ سوڈے کے دو کھانے کے چمچ لیں اور منرل واٹر میں اچھی طرح حل کر کے پیسٹ بنا لیں، پھر اسے کیل مہاسوں پر لگا دیں اور آہستگی سے مساج کریں۔ دھونے سے پہلے کچھ دیر کے لیے اس ماسک کو خشک ہونے دیں، یہ طریقہ ہفتہ میں ایک یا دو بار دہرائیں۔

لیموں کا رس

یہ بھی نہایت مؤثر ہے، لیموں کے رس میں موجود وٹامنز اور غذائی عناصر ہر قسم کی جلد کے لیے نہایت سودمند ہیں۔ آدھے کٹے لیموں پر چند قطرے خالص شہد کے ڈالیں اور اس لیموں کو آہستہ آہستہ اپنے چہرے پر ملیں، اور دس منٹ بعد چہرے کو دھو لیں۔ یہ طریقہ ہفتے میں دو مرتبہ دہرائیں۔

دار چینی

پسی ہوئی دارچینی کا ایک چائے کا چمچ لیں، اور ایک چائے کا چمچ لیموں کے رس میں مکس کر لیں، ایک چٹکی ادرک پاؤڈر بھی ڈال لیں، اس محلول کو پورے چہرے پر لگا دیں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے چہرے پر لگا رہنے دیں، پھر دھو لیں۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایک چائے کا چمچ دارچینی پاؤڈر ایک چمچ خالص شہد میں ملا لیں اور گاڑھا پیسٹ بنا کر چہرے پر لگا دیں، اور ساری رات لگا رہنے دیں۔ صبح اسے پانی سے دھو لیں۔ بہترین نتائج کے لیے اس طریقہ کو دس دن کے لیے دہرائیں۔

شہد

خالص شہد چہرے پر لگائیں اور دس منٹ کے لیے لگا رہنے دیں، پھر ہلکے گرم پانی سے دھو لیں۔

جو کا دلیہ

حسبِ ضرورت جو کا دلیہ لیں، اس میں ایک چائے کا چمچ شہد اور چار عدد ٹماٹروں کا رس شامل کر لیں اور اس کا گاڑھا پیسٹ بنا لیں، اسے چہرے پر اچھی طرح رگڑ کر لگائیں اور دس منٹ بعد اسے دھو لیں، صاف جلد پانے کے لیے اس ترکیب کو باقاعدگی سے دہراتے رہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں