18.6 C
Dublin
پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

برطانیہ میں گرمی سے ریکارڈ اموات : رپورٹ نے ہوش اڑا دیئے

اشتہار

حیرت انگیز

لندن : موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر برطانیہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور گزشتہ سال یہاں پڑنے والی جان لیوا گرمی ہزاروں افرد کی موت کا سبب بن گئی۔

اس حوالے سے برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات کی جاری کردہ رپورٹ نے سب کے ہوش اڑا دیئے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال 2022 میں برطانیہ میں پڑنے والی شدید گرمی سے 4507 افراد ہلاک ہوئے۔

برطانوی بیورو شماریات نے1988 تا 2022 انگلینڈ اور ویلز میں درجہ حرارت سے منسلک اموات اور ہسپتال میں علاج معالجے کے خطرات سے متعلق ایک تجزیہ شائع کیا، تجزیہ کے مطابق 32 سالوں میں گرمی سے ہونے والی اموات کی تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

- Advertisement -

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سال 2022کے گرم ترین ایام میں جب ملک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا تو 4 ہزار 507افراد گرمی سے لقمہ اجل بن گئے۔ اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ "ریکارڈ پر سب سے زیادہ تعداد ” ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اموات کا سب سے زیادہ خطرہ دارالحکومت لندن میں دیکھا گیا جہاں درجہ حرارت 29 ڈگری سے تجاوز کرگیا۔

برطانیہ گرمی

صحت عامہ کے بین الاقوامی ماہرین کے ایک گروپ کی جانب سے گزشتہ سال شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ 30 مئی سے 4 ستمبر 2022 تک یورپ میں گرمی سے متعلقہ وجوہات سے 61 ہزار 672 افراد ہلاک ہوئے اور سب سے زیادہ اموات اٹلی، یونان، اسپین اور پرتگال میں دیکھی گئیں۔

برطانوی موسمیاتی ایجنسی کی طرف سے 19 جولائی 2022 کو دیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں درجہ حرارت 40.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے اور یہ برطانوی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں