کراچی: ڈسٹرکٹ ساوتھ پولیس کی جانب سے اورنگی ٹاون کے گھر میں ڈکیتی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ساوتھ پولیس کی مشترکہ تفتیشی ٹیم کی جانب سے اورنگی پیر آباد سمیت کراچی کے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ڈکیتی میں ملوث 3 اہم پرائیویٹ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک ایس ایس پی ساوتھ کا انفارمر جبکہ دو ملزمان اورنگی میں انفارمر کا کام کرتے ہیں، تینوں ملزمان ڈکیتی کے وقت گھر کے اندرموجود تھے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی عمیر طارق کی ٹیم کا کوئی ممبر ابھی تک گرفتار نہیں ہوا جبکہ ایس ایس پی ساوتھ اور ڈی ایس پی یوٹی سمیت 5 بیانات قلمبند ہوچکے ہیں، ایس ایچ او ڈیفنس شوکت اعوان 2 مرتبہ بلانے کے باجود نہیں آیا، شوکت اعوان نے تحریری بیان بھیجا جسے مسترد کردیا گیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق عمران قریشی نے بیان میں بتایا ایم کیو ایم لندن کے کارکن کی انفارمیشن تھی جس کے بعد چھاپہ مار کارروائی کے لیے ٹیم کو بھیجا تھا۔
ذرائع کا بتایا ہے کہ تفتیشی حکام نے دو روز کے دوران ابھی تک کوئی گاڑی موبائل یا ہتھیار تحویل میں نہیں لیا ہے۔