پیر, جون 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 10128

ہمیں آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، وزیراعظم

0

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نارویجن ہم منصب جونس گاہر کی مشترکہ صدارت میں گول میز کانفرنس ہوئی جس کا عنوان ’ماحولیاتی تبدیلی اور کمزور طبقے کی پائیدار ترقی ہے۔‘

وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستانی معیشت کو30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں سرفہرست ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ وقت ہے کہ دنیا ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرے۔

پاکستان تمام ممالک کے ساتھ جنگلات کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا، وزیراعظم

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے کوپ 27 سمٹ کے موقع پر سعودی گرین انیشیٹو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی وسطیٰ میں گرین انیشیٹو پروگرام منفرد ہے، دنیا کا ماحول مزید سرسبز کرنے میں یہ پروگرام مدد کرےگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم پیرس معاہدے کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں، سعودی گرین انیشیٹوپروگرام پاکستان فاریسٹ پالیسی ممالثت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ جنگلات کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالے گا، گرین پاکستان پروگرام اس سلسلے میں اہم کڑی ہے یہ پروگرام ماحولیاتی تبدیلی کےاثرات کم کرنے میں مدد کرے گا۔

بھارت میں بی جے پی طلبا تنظیم کے غنڈوں کا کشمیری نوجوانوں پر تشدد

0

بھارت میں انتہا پسند حمکران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی طلبا تنظیم کےغنڈوں نے کشمیری طلبا کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

حریت رہنما عبدالحمید لون نے کشمیری طلبا پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں بی جے پی طلبا کی دھمکیوں کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے۔

عبدالحمید لون نے کہا کہ کشمیری طلبا اور بی جے پی طلبا کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، بی جے پی کے انتہا پسند تنظیم کے غنڈوں نے کشمیری طلبا پر تشدد کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 3 نوجوان شہید

ادھر کشمیری طلبا کا کہنا ہے کہ ہم کبھی بھی بھارت کے شہری نہیں تھے اور نہ کبھی ہوں گے، مقبوضہ جموں کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، ہم آزادی چاہتے ہیں۔

‘پوری طرح بیدار ہوں’، اداکارہ لیلیٰ واسطی کا معنی خیز پیغام

0

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ لیلیٰ واسطی نے معنیٰ خیز پیغام جاری کیا ہے۔

  فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ لیلیٰ واسطی نے مختصر ویڈیو شیئر کی ، جس کے کیپشن میں انہوں نے معنی خیز انداز میں لکھا کہ میں پوری طرح بیدار ہوں۔

واضح رہے کہ لیلیٰ واسطی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کیسی تیری خود غرضی‘ میں درفشاں سلیم (مہک) کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ ڈرامہ سیریل ”ڈنک“ اور ”آزمائش“ سمیت متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

یاد رہے کہ لیلیٰ واسطی نے اپنے شوبز کیرئر کا آغاز نوے کی دہائی میں شروع کیا تھا، بعد ازاں وہ شادی کے بعد کینیڈا منتقل ہوئی اور ایک عرصے تک پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری سے دور رہیں، یہ دوری بیماری کے سبب رہی۔

 

اداکارہ جھانوی کپور کا سوشل میڈیا سے متعلق بڑا انکشاف

0

ممبئی : بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جھانوی کپور نے اپنے لباس کے حوالے سے سوشل میڈیا کے کردار سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں جو لباس زیب تن کرتی ہوں اس سے مجھے اپنے قرضوں کی ادائیگی میں کافی مدد ملتی ہے۔

اداکارہ جھانوی کپور نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سوشل میڈیا کو اپنے لیے قرضوں کی اقساط ادا کرنے میں مددگار قرار دے دیا۔

اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فلموں میں کام کرنا اور اس دوران ساڑھی، کرتا اور دیگر کپڑے پہننا میرا کام ہے لیکن سوشل میڈیا میرے لیے تفریح اور قسطوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے اور مداحوں کے زیادہ سے زیادہ پسند کیے جانے کی وجہ سے زیادہ برینڈز مجھ سے رابطہ کرتے ہیں جس کے باعث مجھے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ 4 نومبر کو جھانوی کپور کی فلم ’ملی‘ سنیما گھروں میں ریلیز کی گئی تھی، جو ہفتے کے اختتام تک 2 کروڑ روپے کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔

اعتزاز احسن نے عمران خان پر حملے کی FIR پر سوالات اٹھا دیے

0

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما و قانون دان بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ آج پھر اندازہ ہوگیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ایک دلیر آدمی ہے۔

اعزاز احسن نے لاہور میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم پر حملے کی ایف آئی آر پر سوال اٹھا دیے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ دن تک ایف آئی آر درج نہ ہونے پر ایس ایچ او کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، قانون کے مطابق مدعی جو ایف آئی آر درج کرانا چاہے من و عن لکھی جائے۔

اعزاز احسن نے کہا کہ حملے کے بیس منٹ بعد پولیس ایک طوطا سامنے لے آئی جس نے قبول کیا کہ وہ اکیلا تھا اور اس نے ہی گولی چلائی، اس طوطے اور بیان ریکارڈ کرنے والے کی زندگی کو خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار میں ہوں کہ کب اعتزاز احسن تحریک انصاف کا حصہ بنیں گے، عمران خان

’دنیا میں اب کوئی ایسا نہیں جو پاکستان ٹیم کا سامنا کرنا چاہے‘

0

قومی ٹیم کے مینٹور اور سابق آسٹریلوی اوپنر بیٹر میتھیو ہیڈن کا کہنا ہے کہ دنیا میں اب کوئی ایسا نہیں جو پاکستان ٹیم کا سامنا کرنا چاہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں گرین شرٹس کل کیویز کے مدمقابل آئیں گے، پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، شاہین آفریدی کو چار وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

میتھیو ہیڈن نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان نے اب تک اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی جو دیگر ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے کیوی ٹیم سے متعلق کہا کہ نیوزی لینڈ کا بولنگ اٹیک خطرناک اور تجربہ کار ہے انہوں نے اسی گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو شکست دی، ساؤتھی میرے ساتھ کھیلا ہے اس سے اس کے تجربے کا اندازہ لگائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 صرف پاور کا کھیل نہیں اس میں جدت بھی کرنی پڑتی ہے، آسٹریلیا کے پاس پاور ہے لیکن وہ نئی بال سے ناکام ہوئے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں 10 نومبر کو بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

سندھ پولیس کا دوران ڈیوٹی معذور ہونے والے اہلکاروں کیلیے بڑا اقدام

0

سندھ پولیس نے دوران ڈیوٹی حادثات اور مقابلوں میں معذور ہونے والے اہلکاروں کے لیے بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ جسمانی طور پر معذور اہلکاروں کو سہولیات سے آراستہ مخصوص موٹر سائیکلیں فراہم کر دیں۔

پولیس کے معذور اہلکاروں کے لیے 38 لاکھ روپے کے فنڈ سے خصوصی موٹر سائیکلیں تیار کی گئیں۔ ابتدائی طور پر 19 موٹر سائیکلیں تیار کی گئیں ہیں۔ انہیں معذور اہلکاروں کے دروازے پر پہنچا دیا گیا۔

اے آئی جی فیصل چاچڑ کا کہنا ہے کہ جسمانی معذوری کا شکار اہلکاروں کو آئی جی سندھ کی ہدایت پر مخصوص موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں، دوسرے مرحلے میں مزید 35 سے زائد موٹر سائیکلیں فراہم کی جائیں گی۔

فیصل چاچڑ نے بتایا کہ فیصلہ دوران ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے کیا گیا، اہلکاروں کو موٹر سائیکلیں فراہم کرنے کا مقصد ان کا حوصلہ بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن پولیس اہلکاروں کو مخصوص موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی وہ تمام پولیس اہلکار حاضر سروس ہیں، موٹر سائیکل فراہمی سے اہلکاروں کے معمولات زندگی آسان ہوں گے۔

وزیرتعلیم کا یونیورسٹیوں سے متعلق اہم اعلان

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) ڈاکٹر احمد مختار کو نئی یونیورسٹیاں بنانے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایچ ای سی کو نئی جامعات کے این او سی جاری کرنے پر پابندی عائد کرنے کے لئے وفاقی وزیرتعلیم رانا تنویر حسین نے خط لکھا۔

خط میں جامعات کی تشکیل کے بجائےمعیارتعلیم میں اضافے،بہتری کے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے 2 دن کیلیے بند، نوٹیفکیشن جاری

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ بغیر این او سی کے قائم یونیورسٹیوں کا فوری خاتمہ کیاجائے اور ایسی یونیورسٹیوں کی تفصیل پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر جاری کی جائیں۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ جامعات کی تعداد میں بنا معیارکےاضافہ بےسودہے، نئے این او سی بالکل بھی جاری نہ کیےجائیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کامعیاری تعلیم اورہنرکےذریعےملکی معیشت میں اہم کردارہوسکتاہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں سپریم کورٹ نے بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ملک بھر کی پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے غیر قانونی کیمپس بند کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ ملک بھر میں ’ہائر ایجوکیشن کمیشن کی یکساں پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

’مقصد کے قریب ہوں کوئی خوف یا موت کا خطرہ جدوجہد کو نہیں روک سکتا‘

0

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مقصد کے اتنے قریب ہوں تو کوئی خوف یا موت کا خطرہ جدوجہد کو نہیں روک سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مضحکہ خیز ایف آئی آر پر میرے وکیل مؤقف پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ساری زندگی اپنے ملک کو خوشحال فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میری جدوجہد اس خواب کو قوم کے لیے حقیقت بنانے میں گزری ہے، آج قوم بیدار ہوچکی اور سمجھ چکی ہے، جاگ اٹھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارا پر امن احتجاج اور مذاکرات صرف پاکستان کی حقیقی آزادی کے لیے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے پی ٹی آئی کے دروازے ہر جمہوریت پسند قوت کے لیے کھلے ہیں، جمہوریت پسند قوتیں آزادی، قانون کی بالادستی کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی غلامی کے خلاف اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔

ارشد شریف کیس: جوڈیشل کمیشن بنانے کیلیے وزیر اعظم کا چیف جسٹس کو خط

0

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے حقائق جانے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے خط لکھ دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ سپریم کورٹ کے تمام دستیاب جج صاحبان پر مشتمل کمیشن بنایا جائے، کمیشن ان سوالات پر خاص طور پر غور کر سکتا ہے کہ ارشد شریف نے اگست 2022 میں بیرون ملک جانے کے لیے کیا طریقہ کار اپنایا، بیرون ملک روانگی میں کس نے سہولت کاری کی، کوئی وفاقی یا صوبائی ایجنسی، ادارہ یا انتظامیہ صحافی کو ملنے والی دھمکی سے آگاہ تھے؟

خط میں لکھا گیا کہ اگر ارشد شریف کی جان کو خطرے کی اطلاع تھی تو اس سے بچاؤ کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟ وہ کیا حالات اور وجوہات تھیں جس کی بنا پر وہ متحدہ عرب امارات سے کینیا گئے؟ فائرنگ کے واقعات کی اصل حقیقت کیا ہے جن میں ان کی موت ہوئی؟ کیا ان کی موت واقعی غلط شناخت کا معاملہ ہے یا پھر یہ کسی مجرمانہ کھیل کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے خط میں لکھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے کمیشن کی تشکیل ضروری ہے، اس ذمہ داری کی انجام دہی میں وفاقی حکومت کمیشن کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، افسوسناک واقعے کے فوری بعد تجربہ کار افسران پر مشتمل کمیٹی کینیا بھجوائی گئی۔

خط کے مطابق ارشد شریف کی پاکستان سے روانگی سے قبل رابطوں کی تحقیق کرنا ضروری ہے، وفاقی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کے ریٹائر جج صاحب پر مشتمل کمیشن بنایا تھا، ان کی والدہ صاحبہ نے آپ سے استدعا کی ہے اور ہم اس استدعا کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ ارشد شریف کے جاں بحق ہونے پر وفاقی حکومت اور ریاستی اداروں پر شکوک و شبہات ظاہر کیے گئے، عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ کا کمیشن بنایا جانا ضروری ہے، غیر جانبدار باڈی نے تحقیقات نہ کیں تو طویل المدت بنیادوں پر نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔