اتوار, مئی 26, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10216

آسمان کا غیر معمولی نظارہ، سب حیران … ویڈیو دیکھیں

0

سڈنی: آسٹریلیا کے علاقے ارورا میں رات کے وقت آسمان گلابی ہوا اور جگمگاتے ستارے خوبصورت نظر آنے لگے۔

صباح نیوز کے مطابق آسٹریلیا کے سمندری علاقے میں گزشتہ شب  آخری پہر آسمان گلابی ہوا، جس پر ستارے سونے کی طرح چمکتے ہوئے نظر آئے۔

یہ خوبصورت نظارہ تسمانیہ میں دیکھا گیا، جس کو دیکھنے والے مسحور ہوگئے۔ اس منظر کو ایک فوٹو گرافر نے اپنے کیمرے میں محفوظ کیا اور پھر ویڈیو جاری کی۔

انٹرنیٹ صارفین نے اس ویڈیو کو مختلف پلیٹ فارمز پر بھی دیکھا، جن میں سے کچھ نے ایسا منظر پھیلنے بھی دیکھنے کا دعویٰ کیا۔

آسمان کا رنگ تبدیل کیوں ہوتا ہے؟

ماہرین کے مطابق اس عمل کو سائنسی زبان میں ‘نادرن لائٹس‘ یا شمالی قطب کی روشنی کہا جاتا ہے جبکہ فلکیات کی زبان میں اسے ‘اورورا بوریلیس’ بھی کہا جاتا ہے۔

یہ ایک قدرتی عمل ہے جس میں شمسی ہوا کے ذرات زمین کے ماحول میں داخل ہوتے ہیں، عام طور یہ ایسے نظارے بلند، کھلے مقامات والے علاقوں میں دیکھے جاتے ہیں۔

بھارتی ماڈل کا فوج کی گاڑی پر حملہ، ویڈیو وائرل

0

نئی دہلی: بھارت میں مبینہ طور پر نشے میں دھت خاتون ماڈل کی فوج کی گاڑی پر حملہ کرنے اور سڑک پر ہنگامہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست گوالیار میں مبینہ طور پر نشے میں دھت 22 سالہ خاتون ماڈل نے فوج کی گاڑی پر حملہ کیا اور ہنگامہ برپا کردیا۔

پولیس کے مطابق دہلی سے آنے والی ماڈل مبینہ طور پر نشے میں دھت تھی اور اس نے فوج کی گاڑی کو روک کر اس پر حملہ کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی بار بار فوج کی گاڑی کو لاتیں مار رہی ہے، خاتون ماڈل نے گاڑی کی ہیڈ لائٹ کو نقصان پہنچایا اور فوجی اہلکار کو دھکے بھی دیتی رہی۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع مقامی تھانے میں دی گئی جہاں سے ایک خاتون پولیس اہلکار ماڈل کو تھانے لے گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فوج کی جانب سے لڑکی کے خلاف کوئی شکایت نہیں کی گئی، لڑکی کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا گیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دہلی سے تین لڑکیاں گوالیار آئی تھیں ان میں سے ایک لڑکی نے سڑک پر ہنگامہ برپا کردیا، لڑکی کے ساتھ موجود دو لڑکیاں رہائی کے لیے تھانے پہنچ گئیں بعدازاں پولیس نے اسے ضمانت پر رہا کردیا۔

آسٹریلیا کی ٹیسٹ منسوخ کرنے کی دھمکی، افغان بورڈ کا ردعمل آگیا

0

کابل: آسٹریلیا کی ٹیسٹ منسوخ کرنے کی دھمکی پر افغانستان کرکٹ بورڈ کا ردعمل آگیا۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او حامد شنواری کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ منسوخ کرنے کی دھمکی سے مایوسی ہوئی، افغانستان تبدیلیوں سے گزر رہا ہے، خواتین کرکٹ سے متعلق خبریں ابتدائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی کرکٹ تشکیل پارہی ہے، افغانستان بورڈ خواتین سے متعلق پالیسی کو تبدیل نہیں کرسکتا۔

حامد شنواری نے کہا کہ کلچر اور مذہب کے معاملے پر ہمارا بائیکاٹ نہ کیا جائے، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا نے افغان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کیلئے بڑی شرط رکھ دی

واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی کو افغان ویمن کرکٹ ٹیم کی حمایت سے مشروط ‏کردیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے خواتین کے کھیلوں میں حصہ نہ لینے کے ‏بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وویمن کرکٹ کی دنیا بھر میں کامیابی کرکٹ آسٹریلیا کے لیے اہمیت کی حامل ‏ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ اگر میڈیا رپورٹس ثابت ہو گئیں کہ ویمن کرکٹ کو افغانستان میں سپورٹ نہیں کیا ‏جائے گا تو افغانستان کی میزبانی نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ نومبر میں آسٹریلیا کی میزبانی میں افغان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سریز کھیلنے کےلیے ہوبارٹ جائے گی۔

راولپنڈی میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ

0

راولپنڈی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی موٹروے شدید زخمی ہوگئے جب ‏کہ ان کے بھائی جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نصیرآباد کی حدود میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایڈیشنل آئی جی ‏موٹروے سجاد افضل کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی موٹروےسجادافضل آفریدی زخمی اور ‏ان کے بھائی نعمان افضل جاں بحق ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ ‏بندی کر دی ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی جی پنجاب نے پولیس کےسینئرافسر کی گاڑی پرفائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او راولپنڈی سے واقعےکی ‏رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کر کے سخت قانونی ‏کارروائی کا حکم دیا ہے۔

کراچی میں معمولی جھگڑے پر نوجوان ’اے کے 47‘ لے آیا

0

کراچی: شہر قائد کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں معمولی جھگڑے پر نوجوان اے کے 47 لے کر آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں معمولی جھگڑے کے دوران ایک شخص اے کے 47 لے کر آگیا اور لوگوں کو دھمکانا شروع کردیا اس دوران ارد گرد موجود لوگ بیچ بچاؤ کرواتے رہے۔

پولیس کے مطابق روڈ پر ٹرک اور گاڑی کی ٹکر ہوئی اس دوران ٹرک میں سوار افراد کی جانب سے اسلحہ نکال لیا گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرک میں سوار افراد سادہ لباس میں تھے اور جھگڑے کے دوران اے کے 47 نکال کر شہری کو دھمکاتے رہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے دوران جب لوگوں کا ہجوم اکٹھا ہوا تو ٹرک میں سوار مسلح شخص فرار ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

انگریزی زبان کی معروف ادیب، شاعر اور صحافی زیبُ النسا حمیدُ اللہ کی برسی

0

ادب اور صحافت میں زیبُ النسا حمیدُ اللہ صرف اسی لیے ممتاز نہیں کہ انھوں نے اپنے دور میں تخلیقِ ادب اور کارِ صحافت کے لیے انگریزی زبان کا انتخاب کیا جو دنیا میں سب سے زیادہ بولی اور پڑھی جاتی ہے بلکہ انھوں نے اس زبان میں اپنی جان دار تخلیقات اور شان دار صحافت کے سبب نام و مقام بنایا تھا۔

وہ انگریزی زبان کی معروف ادیب، شاعر اور صحافی تھیں۔ انھوں نے کراچی سے انگریزی جریدے دی مرر کا اجرا کیا اور پہلی خاتون مدیر رہیں۔

آج زیبُ النسا حمید اللہ کی برسی ہے۔ وہ سن 2000ء میں آج ہی کے دن دنیا سے رخصت ہوگئی تھیں۔

کلکتہ ان کا وطن تھا جہاں وہ 25 دسمبر 1921ء کو پیدا ہوئیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد انھوں نے پاکستان ہجرت کی۔ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور نہایت زرخیز ذہن کی مالک تھیں۔ انھوں نے اکتوبر 1951ء میں انگریزی جریدے دی مرر کا اجرا کیا۔ کراچی سے شایع ہونے والا یہ جریدہ اپنی معیاری تحریروں، مفید اور معلوماتی مضامین کی وجہ سے پاکستان بھر میں‌ مقبول ہوا۔ اس کی اشاعت کا سلسلہ 1972ء تک جاری رہا۔

تقسیمِ ہند سے قبل ہی زیبُ النسا حمید اللہ مختلف ہندوستانی اخبار و جرائد میں اپنے مضامین کی وجہ سے پہچان بنا چکی تھیں۔ انھیں پہلی مسلمان کالم نویس بھی کہا جاتا ہے۔

پاکستان میں اعلیٰ تعلیم یافتہ گھرانوں اور انگریزی زبان و ادب کے قارئین میں‌ ان کی ادبی اور سماجی موضوعات پر تحریروں کے علاوہ شایع ہونے والے سیاسی کالم بہت مقبول ہوئے۔

ان کے شعری مجموعے The Lotus Leaves اور The Flute of Memory کے نام سے شایع ہوئے۔

لاش جلتے جلتے رک گئی، 3 دن پڑی رہی، شمشان گھاٹ‌ کا دل دہلا دینے والا واقعہ

0

بھارت کے مغربی علاقے میں قائم شمشان گھاٹ میں آخری رسومات کے دوران دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی ریاست کے علاقے بھولا نگر کمپلیکس میں 62 سالہ موہن وسنت کی لاش کو آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ لایا گیا۔

میونسپل ملازمین کے مطابق آخری رسومات کے دوران جب لاش کو بھٹی میں ڈالا گیا تو گیس ختم ہوگئی جس کی وجہ سے لاش آدھی جل سکی اور تین دن تک معاملہ حل نہ ہوا۔

شمشان گھاٹ کے عملے کو جب اس معاملے کا علم ہوا تو انہوں نے گیس سلینڈر کی فراہمی کے لیے سینئر افسران سے رابطہ کیا مگر ادارے کے افسران نے وقت پر اقدامات نہ کیے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اوم پرکاش گڑودیا نے میونسپل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے عملے پر سنگین الزامات عائد کیے۔

مزید پڑھیں: بھارت : نوسالہ دلت بچی کا شمشان گھاٹ میں اجتماعی زیادتی و قتل

سٹی انجینئر شیواجی برکنڈ نے معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی اور قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میڈیا کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق میونسپل پبلک ڈیم ورکس کے ایگزیکٹو انجینئر دیپک کھمبٹ کو 26 اگست کو ایک لکھا گیا تھا ، جس میں انہیں آگاہ کیا تھا کہ اگلی سماعت تک شمشان گھاٹ میں گیس سلنڈر فراہم نہ کیا جائے لیکن ٹھیکیدار کو یہ نہیں بتایا گیا کہ سپلائی روکنے کی وجہ کیا ہے۔

بی جے پی رہنما قتل، گھر سے لاش برآمد

0

بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما آتمارام تومر کو گھر میں قتل کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے باغپت میں بی جے پی رہنما آتمارام گھر میں مردہ حالت میں پائے ‏گئے اور امکان یہی ظاہر ظاہر کیا جارہا ہے کہ گلا دبا کر ان کی جان لی گئی۔

واقعے سے متعلق ڈرائیور وجے کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت جب وہ آتمارام کی رہائش گاہ پہنچے تو دروازے بند ‏تھے کافی دیر تک دروازہ نہ کھولا گیا تو انہوں نے اہل محلہ کو اطلاع دی۔

بی جے پی لیڈر آتما رام

دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو آتمارام مردہ پائے گئے ان کے چہرے پر تولیہ موجود تھا اور غالب امکان یہی ہے ‏اسی تولیہ سے گلا گھونٹا گیا۔

واردات سے متعلق پولیس اور مقتول کے اہل خانہ کو اطلاع دی گئی، پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کیا اور پوسٹ ‏مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی۔

آتمارام نے 1993 میں چھپرولی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا اور 1997 سے وہ بی جے پی ‏سے درجہ حاصل وزیر بھی رہ چکے تھے۔

طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں بچنے والے آخری یہودی نے کیا کیا؟

0

کابل: طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان کے آخری یہودی نے بھی ملک چھوڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں رہنے والا آخری یہودی اور قالین کے تاجر زیبلون سیمنتوف جمعہ کو افغانستان چھوڑ کر چلا گیا، ان کے لیے ملک چھوڑنے کا بندوبست ایک اسرائیلی نژاد امریکی کاروباری شخص موتی کاہنہ نے کیا، زیبلون فی الوقت ایک پڑوسی ملک منتقل ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا میں ایک نجی سیکیورٹی فرم چلانے والے موتی کاہنہ کا کہنا تھا کہ زیبلون سیمنتوف کبھی افغانستان چھوڑنے کے لیے راضی نہیں ہوئے، افغانستان میں سوویت یونین کے قبضے، خانہ جنگی، طالبان کے پہلے دور حکومت اور پھر امریکا کے آنے کے باوجود انھوں نے اپنا ملک نہیں چھوڑا۔

اس بار بھی جب سیکیورٹی ٹیم ان کی روانگی سے 10 روز قبل ان کے پاس پہنچی، تو وہ ملک چھوڑ کر جانے کے لیے مکمل طور پر آمادہ نہیں تھے، موتی کاہنہ کا کہنا تھا کہ زیبلون کو داعش خراسان کے شدت پسندوں سے خطرہ تھا، اس لیے وہ اس وقت وہ باہر نہیں نکلنا چاہتے تھے، تاہم بعد میں وہ ملک چھوڑنے پر راضی ہوگئے۔

دل چسپ بات یہ ہے کہ افغانستان کے اس آخری رہ جانے والے یہودی نے ملک سے نکلتے ہوئے اپنے اچھے پڑوسی دوست کو بھی پیچھے چھوڑنا گوارا نہ کیا، اور 29 افراد پر مشتمل اس خاندان کو ساتھ لے کر گئے۔

واضح رہے کہ زیبلون سیمنتوف 1950 کی دہائی میں افغانستان کے مغربی شہر ہرات میں پیدا ہوئے تھے، اور ملک پر سویت یونین کے قبضے کے دوران وہ 1980 کے اوائل میں کابل منتقل ہوئے، گزشتہ دہائیوں کے دوران ان کی اہلیہ دو بیٹیوں سمیت دیگر رشتہ داروں کے ساتھ افغانستان چھوڑ کر چلے گئے تھے، زیبلون کے خاندان کے کچھ افراد نیویارک میں مقیم ہیں۔ زیبلون کے مطابق ماضی میں طالبان کی جانب سے انھیں مسلمان کرنے کی کوششیں بھی کی گئیں، چار بار قید بھی ہوئے، لیکن انھوں نے افغانستان نہیں چھوڑا۔

یاد رہے کہ افغانستان میں یہودی ڈھائی ہزار سال سے زائد عرصے تک رہے، ان میں سے ہزاروں ہرات میں رہتے تھے، جہاں اب تک چار سیناگاگ موجود ہیں، جو افغانستان میں یہودیوں کی قدیم زمانے سے موجودگی کی نشان دہی کرتے ہیں، تاہم 19 ویں صدی سے اب تک یہودیوں کی بڑی تعداد افغانستان چھوڑتی رہی اور ان میں سے کئی اب اسرائیل میں رہتے ہیں۔

لاہور: طالبہ ہراسگی کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

0

لاہور کے ایم اے او کالج میں لیکچرار کی جانب سے مبینہ طور پر طالبہ کو ہراساں کرنے کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے ایم اے او کالج کی طالبہ نے لیکچرار پر ہراسگی کا الزام ثابت ہونے کے باوجود اپنی شکایت واپس لے لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیکچرار پر الزام لگانے والی طالبہ اپنی شکایت سے دستبردار ہوگئی، طالبہ نے تحریری طور پر محکمہ ہائر ایجوکیشن میں درخواست دے دی۔

طالبہ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مجھے لیکچرار نے ہراساں نہیں کیا، ہم ایک دوسرے سے موبائل پیغامات میں رابطے میں تھے، جو کوچھ ہوا وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، معاملہ ختم کیا جائے۔

یہ پڑھیں:  کالج لیکچرار پر طالبہ کو میسجز کرنے کا الزام ثابت

طالبہ کا درخواست میں کہنا تھا کہ محکمہ ضروری سمجھے تو لیکچرار کا تبادلہ کردے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لیکچرار کا ایم اے او کالج سے تبادلہ کردیا، لیکچرار کو فوری محکمہ ہائر ایجوکیشن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کالج کی طالبہ کو لیکچرار کے مبینہ نازیبا پیغامات

یاد رہے لاہور کے ایم اے او کالج کے شعبہ سائیکلوجی کے لیکچرار نے مبینہ طور پر ایم ایس کرنے والی طالبہ کو موبائل پر نازیبا پیغام بھیجا اور نمبر بڑھانے کی مشروط پیش کش بھی کی تھی۔

طالبہ کی شکایت پر پرنسپل نے نوٹس لے کر چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا تھا کہ طالبہ کو ہراساں کرنا غیر اخلاقی ہے۔