ہوم بلاگ صفحہ 10217

ایک بار پھر فائرنگ سے بھگڈر ، طالبان کا کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان

0
کابل

کابل : افغانستان کے دارلحکومت کابل ایئرپورٹ پر ایک بار پھر فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی، جس کے بعد طالبان نے کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابل ایئر پورٹ پر ایک بار پھرفائرنگ سے افراتفری مچ گئی ، جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوئی ، جس کے بعد کابل ایئرپورٹ پر دوبارہ فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان نے کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے جنگجووں کو کابل ایئرپورٹ کے اطراف میں تعینات کردیا ہے۔

گذشتہ روز کابل ایئر پورٹ پر افراتفری کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ سکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے سمیت متعدد ایئر لائنز کا فضائی آپریشن متاثر ہوا تھا۔

بعد ازاں افغانستان کی سول ایوی ایشن نے نوٹم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابل کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دی گئی، کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ کمرشل پروازوں کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے ، کابل کی فضائی حدود صرف ملٹری جہازوں کے لیے کھلی رہے گی۔

کرونا ویکسینیشن: بھارت کا دہرا معیار سامنے آگیا، ویڈیو وائرل

0

بھارت میں ویکسی نیشن کی لمبی قطار سے بچنے کے لیے ایک شخص نے انوکھی حرکت کر ڈالی، وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر ہنسی بکھیر دی۔

ویکسینیشن سینٹر میں بھی اقربا پروری شروع ہوگئی، ویکسینیشن سینٹر کے عملے نے لائن میں کھڑے عوام کو پس پشت ڈالتے ہوئے عمارت کی دوسری جانب لگی کھڑکی سے اپنے کسی عزیز کو ویکسین لگا دی۔

یہ پتہ نہیں چل سکا کہ ویڈیو بھارت کے کس شہر اور ضلع کی ہے تاہم ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کےلیے ویکسین لگوانے والوں کا رش لگا ہوا ہے اور ایسے میں ایک شخص کھڑکی سے ویکسین لگواتا ہوا نظر آتا ہے۔

ویڈیو ترن تیاگی نامی شخص نے بنائی جس نے دیکھایا کہ کیسے ایک شخص ویکسینیشن سینٹر کی عقب میں موجود کھڑکی پر کھڑا ہوجاتا ہے اور پھر اندر سے ویکسین لگانے والے عملے کا گلوز پہنے ہوئے ہاتھ باہر آتے اور مذکورہ شخص کو ویکسین لگاکر واپس اندر چلے جاتے ہیں۔

بھارتی شہری کی اس حرکت پر لائن میں لگے افراد نے بھی کافی شور شرابہ کیا تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

ترن تیاگی نامی شخص کی جانب سے ویڈیو فیس بک پر اپلوڈ ہونے کے بعد اب تک 5 ہزار مرتبہ شیئر ہوچکی ہے جب کہ ویڈیو کو 4 لاکھ سے زائد صارفین نے دیکھا ہے۔

روسی طیارہ آگ لگنے کے بعد گر کر تباہ، روسی ہیرو ہلاک، ویڈیو سامنے آگئی

0

ماسکو: روس کا ایک فوجی ٹرانسپورٹ پروٹوٹائپ طیارہ ماسکو کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پروٹو ٹائپ فوجی مال بردار طیارہ ماسکو کی حدود کے باہر گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں پائلٹ سمیت 3 افراد سوار تھے، جن کے بارے میں امکان ہے کہ ہلاک ہو گئے ہیں۔

فوجی طیارہ ٹیسٹ پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، طیارہ ماسکو کے جنگلات کے قریب اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئر فیلڈ پر لینڈنگ کے لیے آ رہا تھا۔

ترکی کی مدد کو آنے والا روسی طیارہ حادثے کا شکار

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کے انجن میں آگ لگی ہوئی ہے، جس کے بعد وہ گر کر تباہ ہو گیا۔

رپورٹس کے مطابق طیارے کے دائیں انجن میں دوران پرواز آگ لگ گئی تھی، روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایلیوشن Il-112V پروٹوٹائپ طیارے پر تین افراد سوار تھے، جن میں ایک روس کے ہیرو نکولائی کوئموف بھی شامل تھے، اور ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

نکولائی کوئموف نے مارچ 2019 میں مذکورہ طیارے کی پہلی ٹیسٹ پرواز کامیابی سے اڑائی تھی، جس پر انھیں ہیرو کی حیثیت دی گئی تھی

روسی محکمہ دفاع نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے، طیارہ حادثے کی ممکنہ ابتدائی وجوہ میں انجن میں آگ لگنا، پائلٹ کی غلطی، اور دیگر پرزوں کا کام نہ کرنا شامل ہیں۔

نیا تعلیمی سال: سعودی طلبا کیلئے بہترین اقدامات

0

ریاض: سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کے آغاز سے طلبا کے لیے ٹرانسپورٹ سروس کی تیاری مکمل کرلی گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم کے اسکولوں کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے والی کمپنی تطویر ایجوکیشنل ٹرانسپورٹیشن سروسز کمپنی (ٹی ٹی سی) نے اپنی تیاریاں مکمل کرلیں۔

کمپنی نئے تعلیمی سال سے طلبا کو اپنی بہترین سروس فراہم کرے گی، طالب علموں کو اسکولوں تک پہنچانے کی خدمات کو اعلیٰ معیار کے مطابق ڈھالا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خدمات مہیا کرنے والی کمپنی نے سعودی عرب میں تعلیمی ڈائریکٹوریٹس کے تعاون سے اسکول ٹرانسپورٹ کے مربوط منصوبے کا اعلان کیا ہے تاکہ طلبا کو محفوظ اور آرام دہ سہولتیں مہیا کی جا سکیں۔

ٹرنسپورٹیشن سروسز کمپنی کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی آپریشنل کارکردگی بڑھانے اورسیٹوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔

سعودی فرمانروا کی ‘شاہی منظوری’ جاری!

یہ کمپنی سعودی عرب میں 21 ہزار اسکولوں میں 12 لاکھ طلبا کو اپنی سروس فراہم کرتی ہے، اس مشن کے لیے 30 ہزار گاڑیاں کام کررہی ہیں، معذور طلبا کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ادھر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئے تعلیمی سال سے اسکولوں میں طلبا کی حاضری کی شاہی منظوری جاری کردی ہے۔

سعودی فرمانروا کی جانب سے شاہی منظوری ملنے پر اسکولوں میں طالب علموں کی آمد یقینی بنائی جائے گی، سعودی عرب میں رواں ماہ کے آخر سے نئے تعلیمی سال کا اغاز ہونے جارہا ہے، 12 سال اور اس سے زیادہ عمر کے طلبا کی حاضری کے لیے شاہی منظوری جاری ہوئی ہے۔

فیس بک میسنجر کا صارفین کی وائس، ویڈیو کالز محفوظ بنانے کیلئے منفرد فیچر متعارف

0

فیس بک میسنجر کی جانب سے صارفین کی سہولت اور ان کی گفتگو کو مزید محفوظ بنانے کےلیے انتہائی کارآمد فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

فیس بک میسنجر ایپ کی جانب سے اپنے صارفین کی سہولت کےلیے ماضی میں بھی کئی فیچر متعارف کرائے گئے ہیں جن کا استعمال کرکے وہ اپنی گفتگو کو محفوظ بنا سکتے ہیں لیکن اب فیس بک میسنجر کی جانب سے ایسا منفرد فیچر متعارف کرایا گیا ہے جو ویڈیو اور وائس کالز کو بھی محفوظ بناتا ہے۔

فیس بک انتظامیہ کی جانب سے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن فیچر متعارف کرایا گیا ہے، یہ فیچر میسنجر میں چیٹ میسجز کے لیے تو 2016 سے دستیاب ہے مگر اب جاکر یہ سہولت وائس اور ویڈیو کالز کے لیے متعارف کرائی گئی۔

فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اگر صارف اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو میسنجر کالز کے لیے ٹرن آن کرتا ہے تو کوئی بھی بشمول فیس بک کالز کو دیکھ یا سن نہیں سکے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کالز کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ساتھ فیس بک نے ایکسپائرنگ میسجز فیچر کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیس بک میسنجر کی وائس اور ویڈیو کالز اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کی جلد آزمائش کرکے اسے صارفین کےلیے پیش کریں گے، بعد ازاں انسٹاگرام صارفین بھی اس فیچر سے مستفید ہوسکیں گے۔

یہ سب تبدیلیاں فیس بک کی جانب سے تمام میسجنگ ایپس کو اکٹھا کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

یومِ وفات: تسلیم فاضلی کے لکھے ہوئے گیت سرحد پار بھی مقبول ہوئے

0

تسلیم فاضلی کا شمار ان فلمی گیت نگاروں میں ہوتا ہے جنھوں نے کم عمری میں ایک نغمہ نگار کی حیثیت سے فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور شہرت حاصل کی۔ وہ 1982ء میں آج ہی کے دن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔ آج تسلیم فاضلی کی برسی منائی جارہی ہے۔

ان کا تعلق دہلی کے علمی و ادبی گھرانے سے تھا۔ ان کے والد دعا ڈبائیوی اردو کے مشہور شاعر تھے۔ یوں شعروسخن سے شروع ہی سے دل چسپی رہی اور وہ وقت بھی آیا جب تسلیم فاضلی خود شاعری کرنے لگے۔ ان کا
اصل نام اظہار انور تھا اور وہ 1947ء میں پیدا ہوئے تھے۔

تسلیم فاضلی نے فلم عاشق کے نغمات لکھ کر انڈسٹری میں اپنے سفر کا آغاز کیا اور پھر یہ سلسلہ اس دور کی کام یاب ترین فلموں تک پھیل گیا۔ ایک رات، ہل اسٹیشن، اک نگینہ، اک سپیرا، افشاں، تم ملے پیار ملا، من کی جیت، شمع، دامن اور چنگاری، آئینہ اور دیگر متعدد فلموں کے لیے انھوں‌ نے خوب صورت شاعری کی۔ فلم شبانہ، آئینہ اور بندش کے گیتوں پر تسلیم فاضلی کو نگار ایوارڈ بھی دیا گیا۔

تسلیم فاضلی نے اپنی شہرت کے عروج پر پاکستان کی معروف اداکارہ نشو سے شادی کی تھی۔

تسلیم فاضلی نے سادہ اور عام فہم انداز میں‌ دل کو چھو لینے والے گیت تخلیق کیے جو بہت مقبول ہوئے۔ فلم زینت کے لیے ان کی فلمی غزل آپ نے بھی سنی ہو گی۔

رفتہ رفتہ وہ میری ہستی کا ساماں ہوگئے
پہلے جاں، پھر جانِ جاں، پھر جانِ جاناں ہوگئے

تسلیم فاضلی کا لکھا ہوا ایک گیت ’’دنوا دنوا میں گنوں کب آئیں گے سانوریا‘‘ آج بھی بڑے ذوق و شوق سے سنا جاتا ہے اور اسی گیت کی شہرت نے اس شاعر پر جیسے فلموں کی برسات کردی تھی، لاہور کی فلم انڈسٹری میں ہر طرف ان کا چرچا تھا۔ تسلیم فاضلی صفِ اوّل کے نغمہ نگاروں میں شامل ہوگئے۔ ان کے چند گیت کلاسک کا درجہ رکھتے ہیں۔

یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم
ہماری سانسوں میں آج تک وہ حنا کی خوشبو مہک رہی ہے
ہمارے دل سے مت کھیلو، کھلونا ٹوٹ جائے گا
مجھے دل سے نہ بھلانا
کسی مہرباں نے آکے مری زندگی سجا دی

تسلیم فاضلی کے انتقال سے پاکستان فلم انڈسٹری ایک خوب صورت نغمہ نگار سے محروم ہوگئی مگر ان کے لکھے ہوئے نغمات آج بھی ان کی یاد دلاتے ہیں۔

افغانستان: سرکاری اہل کاروں‌کے لیے بھی عام معافی کا اعلان

0
طالبان

کابل: طالبان نے سرکاری اہل کاروں کے لیے بھی عام معافی کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں سب کے لیے عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے طالبان نے سرکاری اہل کاروں سے بھی کہا ہے کہ وہ کام پر واپس آ جائیں۔

طالبان نے کہا کہ وہ تمام افراد جو کسی بھی سرکاری شعبے سے منسلک ہیں اپنی ڈیوٹی مکمل اعتماد اور بلاخوف دوبارہ شروع کریں۔

اے ایف پی کے مطابق اقتدار پر کنٹرول حاصل کرنے کے دو دن بعد طالبان نے ایک بیان میں سرکاری اہل کاروں کو معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آنے کا کہا ہے، طالبان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہر ایک کے لیے عام معافی کا اعلان ہے، اس لیے آپ کو اعتماد کے ساتھ اپنی معمول کی زندگی شروع کر دینی چاہیے۔

رپورٹس کے مطابق کابل میں طالبان کے اعلان کے بعد شہریوں کا محتاط ردعمل سامنے آیا، آج کابل میں کچھ دکانیں کھلیں اور ٹریفک پولیس کے اہل کار بھی سڑکوں پر نظر آئے، کم تعداد میں لیکن خواتین بھی شہر کی گلیوں میں دیکھی گئیں۔

واضح رہے کہ عام معافی کے اعلان کے بعد ٹی وی چینل پر خواتین اینکرز بھی نظر آنے لگی ہیں، طالبان کی قیادت میں شامل ایک عہدے دار نے افغان نیوز چینل پر ایک خاتون اینکر کو انٹرویو بھی دیا۔

کورونا کی چوتھی لہر ، پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا

0

اسلام آباد : سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کیلئے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا کی چوتھی لہر میں پی آئی اے کو مالیاتی رپورٹ تیار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، اس حوالے سے سی ای اوپی آئی اے نے سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کو خط لکھا ، جس میں سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ جمع کرانے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا ہے۔

سی ای اوپی آئی اے نے ایس ای سی پی کےڈی جی انفورسمنٹ کو خط میں کہا کہ کورونا کی چوتھی لہرکےباعث دوسری سہ ماہی کی مالیاتی رپورٹ تیارنہیں، لاک ڈاؤن کےباعث دفتر میں کم عملہ بھی تاخیر کا باعث بنا۔

سی ای اوپی آئی اے کا کہنا تھا کہ 30اگست کومالیاتی رپورٹ جمع نہیں ہوسکےگی، دوسری سہ ماہی کی رپورٹ جمع کرنےکےلیے30ستمبرتک وقت دیاجائے۔

یاد رہے رواں سال جون میں اقتصادی سروے رپورٹ میں پی آئی اےکی کارکردگی سامنے آئی تھی ، سروے رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قومی ایئرلائن کی کارکردگی کورونا کے باوجود مجموعی طورپربہتررہی ، سال 2020-21 میں پی آئی اےکی مجموعی آمدن 97ارب8کروڑرہی اور آپریٹنگ خسارہ 7 ارب روپے سے کم ہوکر صرف68 کروڑ رہ گیا۔

اقتصادی سروے میں کہا گیا تھا کہ کورونا کے باعث تمام ایئرلائنزکی طرح پی آئی اے کا بھی فضائی آپریشن متاثرہوا ، بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کےلئےخصوصی پروازیں چلائی گئیں، 2020 میں جہازوں کی تعدادمیں کمی ہوئی لیکن روٹس میں اضافہ ہوا۔

صدر ملکت عارف علوی نے مغربی اور افغان حکام کی جانب سے طالبان کی حمایت کا الزام مسترد کردیا

0
عارف

انقرہ : صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نےمغربی اور افغان حکام کی جانب سےطالبان کی حمایت کاالزام مسترد کردیا اور کہا افغان عوام کی مرضی سے جو بھی حکومت بنی اس کی حمایت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی کے سرکاری ٹی وی ٹی آر ٹی کو انٹرویو میں مغربی اور افغان حکام کی جانب سےطالبان کی حمایت کاالزام مسترد کرتے ہوئے کہا پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں افغان عوام کی مرضی کی حکومت ہونی چاہیے، افغان عوام کی مرضی سے جو بھی حکومت بنی اس کی حمایت کریں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ کہا لڑائی افغان مسئلے کا حل نہیں، افغانستان کا پڑوسی ہونے کے ناطے پاکستان کی اہمیت ہے، افغان عوام نے طالبان کو خوش آمدید کہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک افغانستان کی سابق حکومت کےزوال کا ذمےدار نہیں، افغانستان کی تعمیر نو کیلئے عالمی برادری کو آگے آنا ہو گا، طالبان نے ضمانت دی افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کےخلاف استعمال نہیں ہو گی۔

پاک ترک تعلقات کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا کئی معاملات پر یکساں مؤقف ہے، دونوں ممالک کے درمیان افغان معاملے پربات ہوئی ہے، افغانستان میں کسی طرح خونریزی نہیں ہونی چاہیے، میرا نہیں خیال افغانستان میں خواتین سےامتیازی سلوک کیا جائے گا۔

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری کومقبوضہ کشمیرکی بدترین صورتحال سےآگاہ کر رہاہے، بھارتی حکومت اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کر رہی ہے، عالمی برادری کوبھارت کے اقلیتوں کےساتھ ناروا سلوک سے آگاہ کیا ہے۔

ایکنی سے چھٹکارے کا بہترین نسخہ

0

اکثر افراد کو چہرے کی ایکنی کا مسئلہ سارا سال رہتا ہے لیکن اس مسئلے سے نہایت آسانی سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں فرح محمود نے ایکنی کے لیے نہایت سان اور کارآمد نسخہ بتایا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک چمچ گندم، آدھا چمچ ہلدی اور 1 چمچ شہد شامل کریں، اسے گرین ٹی شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔

اس آمیزے کو چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں، خشک ہوجانے پر سادے پانی سے دھو لیں۔

اس عمل کو باقاعدگی سے انجام دینے پر آہستہ آہستہ چہرے سے ایکنی اور ان کے دھبوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔