ہوم بلاگ صفحہ 10582

اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کیلئے جانے والی نیب ٹیم پر حملہ ، غفلت برتنے پرایس ایچ او اعجاز کھوسو معطل

0

جیکب آباد : ایس ایس پی نے اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کےلئےجانےوالی نیب ٹیم پرحملے کے وقت غفلت پرایس ایچ او اعجاز کھوسو کومعطل کردیا اور محمد شریف مہر کو اضافی چارج دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی نے اعجاز جکھرانی کی گرفتاری کےلئےجانےوالی نیب ٹیم پرحملے کے وقت غفلت پرایس ایچ او اعجاز کھوسو کومعطل کردیا، سی آئی اے انچارج محمد شریف مہر کو اضافی چارج دے دیاگیا ہے۔

ایس ایچ او شریف مہر کا کہنا ہے کہ نیب کا مدعی آئے تو مقدمہ درج کرنے کوتیار ہیں ، 2روزقبل نیب ٹیم پر اعجاز جکھرانی کے گھر پر حملہ ،تشدد اور پتھراؤکیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیب نے اعجاز جکھرانی سمیت دیگرافرادکےخلاف مقدمےکیلئےپولیس سےرابطہ کرکے تحریری وقوعہ رپورٹ پولیس کے پاس جمع کرادی ہے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی جیکب آباد نےمتن متعلقہ پولیس کےحوالےکردیا، تاحال ایس ایس پی نےایف آئی کیلئےمتعلقہ تھانے کو احکامات  نہیں دیے۔

ذرائع کے مطابق ایس ایس پی نے جواب میں کہا ہے کہ آئی جی سندھ سےاجازت کےبعدمقدمہ درج ہوگا۔

وقوعہ رپورٹ نیب نےانسپکٹرعبدالرزاق سروہی کےنام سےجمع کرائی ہے، رپورٹ کے متن میں کہا ہے کہ ٹیم 28جون کوچوہدری شہزاد کی سربراہی میں اعجاز  جکھرانی کی رہائش گاہ پہنچی، مجیب الرحمان جکھرانی نےکہااعجازجکھرانی گھرمیں ہیں بلا کرلاتا ہوں، اعجازجکھرانی کےفرزندرافع جکھرانی ساتھیوں سمیت بیٹھک پرآئے، رافع جکھرانی نےنیب ٹیم کو یرغمال بنا کرجان سےمارنے کی دھمکیاں دیں۔

رپورٹ کے مطابق رافع جکھرانی نےبیٹھک کےباہر2 ہزارقبیلےکےافراد کو جمع کرکےاعجاز جکھرانی کوفرارکرادیا جبکہ ہجوم کےساتھ ملکرنیب ٹیم پر فائرنگ اور  تشدد کیا،گاڑیوں کےشیشےتوڑے ، نیب ٹیم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جاتی رہیں، حملے سےنیب ٹیم نےموقع سےبھاگ کراپنی جان بچائی تھی۔

سعودی عرب: کورونا سے متعلق نیا مسئلہ کھڑا ہوگیا

0

ریاض: سعودی عرب میں کئی مہینوں بعد ایک بار پھر کورونا کے زائد کیسز سامنے آگئے، موجودہ صورت حال نے حکومت کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کوروناوائرس کے 1567 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور یہ پریشان کن تعداد کئی مہینوں بعد دیکھی گئی۔ قبل ازیں روزانہ کی بنیاد پر 1 ہزار سے 1200 کے درمیان کیسز سامنے آتے تھے۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ روز 15 کورونا مریضوں کی اموات بھی ہوئیں۔ مملکت میں اب تک کورونا سے 4 لاکھ 86 ہزار 106 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی اموات 7804 ریکارڈ کی گئی۔

سعودی عرب میں گزشتہ روز 1032 افراد نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار 578 ہوگئی ہے۔

مکہ شہر سے سب سے زیادہ نئے کیسز سامنے آئے جن کی تعداد 403 ہے۔ اسی طرح ریاض اور مشرقی ریجن سے بالترتیب 328 اور 328 کیسز رپورٹ ہوئے۔ عاصر ریجن میں کورونا نے 173 افراد کو اپنے لپیٹ میں لیا۔

سعودی عرب میں فعال کیسز کی تعداد 11724 ہے جن میں سے 1406 کی حالت تشویش ناک ہے۔

انڈونیشیا میں کورونا کی بھارتی قسم قہر ڈھانے لگی، اسپتال بھر گئے

0

جکارتہ : انڈونیشیا میں کورونا کی بھارتی قسم نے تباہی مچادی ہے ، جکارتا میں اسپتال بھر گئے اورمریض طبی امداد کا انتظار کرتے ہوئے دم توڑنے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں کورونا کی بھارتی قسم قہر ڈھانے لگی، دارالحکومت جکارتا میں اسپتال بھرگئے اور بستر کم پڑگئے ، جس کے باعث مریض طبی امداد کا انتظار کرتے ہوئے دم توڑنے لگے۔

انڈونیشیا میں ڈیلٹا وائرس کے بیس ہزار سے زیادہ یومیہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت بھی بڑھ گئی ہے ، وزیر صحت کا کہنا ہے زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خیال رہے انڈونیشیا میں وبا کے آغاز سے لے کر اب تک کرونا وائرس سے 58 ہزار 24 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 لاکھ 56 ہزار ہو چکی ہے، جب کہ پیر کو اس وبا سے مزید 463 افراد ہلاک ہوئے، اور 20 ہزار 467 نئے کیسز سامنے آئے۔

وائرس سے ہیلتھ ورکرز بھی بہت زیادہ تعداد میں متاثر ہونے لگے ہیں، اور اب تک 405 ڈاکٹرز اور سیکڑوں ہیلتھ کیئر ورکرز ہلاک ہوئے ہیں، کیسز میں اضافے کی وجہ سے اسپتالوں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز پر مریضوں کا بوجھ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

خیال رہے محکمہ صحت کے حکام نے مئی کے بعد سے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

بچوں کو سبزیاں کیسے کھلائی جائیں؟

0

بچوں کو سبزی کے علاوہ ہر کھانا بے حد پسند ہوتا ہے لیکن سبزیاں جسم کے لیے بے حد ضروری ہیں جنہیں کھانے کی عادت بچوں کو بچپن سے ہی ڈال دینی چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عائشہ عباس نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں شرکت کے دوران بتایا کہ بچوں کو سبزیاں کھلانا از حد ضروری ہے تاکہ ان کا ہاضمہ ٹھیک رہے۔

ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ بچوں کو چاول، نوڈلز یا پاستہ اور پیزا وغیرہ بہت پسند ہوتے ہیں، کوشش کریں کہ ان اشیا میں سبزیوں کا استعمال ضرور کریں، بچوں کو گوشت کھانا پسند ہوتا ہے اس میں بھی سبزیاں شامل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کھانا کھانے کے دوران کوشش کریں کہ بچوں کا فوکس مکمل طور پر کھانے کی طرف ہو اور اس دوران ٹی وی یا موبائل فون استعمال نہ ہورہا ہو۔

ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ اسکول کے لیے لنچ دیتے ہوئے الگ الگ خانوں والا لنچ باکس استعمال کریں تاکہ بچوں کو بھرپور غذا دی جاسکے، اس میں پھلوں اور سبزیوں سمیت دو تین اشیا شامل کریں۔

ماں باپ خود بھی سبزیاں کھائیں تاکہ بچوں کو انہیں دیکھ کر عادت ہو، علاوہ ازیں شیر خوار بچے کو پہلی غذا سبزی دیں تاکہ اسے سبزی کھانے کی عادت پڑے۔

ڈاکٹر عائشہ کا کہنا تھا کہ آلو بچوں کے لیے قابل ہضم سبزی ہے اور وہ بچے شوق سے بھی کھاتے ہیں لہٰذا آلو کو مختلف طریقوں سے بچوں کو کھلائیں۔

بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کی طبیعت ناساز، اسپتال میں داخل

0

ممبئی : معروف بھارتی اداکار نصیرالدین شاہ کی طبیعت ناسازہوگئی، انہیں فوری طور پر گھر سے اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اداکار نصیرالدین شاہ کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جنہیں فوری طور پر ممبئی کے ایک اسپتال میں لے جایا گیا جہاں انہیں داخل کرلیا گیا۔

نصیرالدین شاہ کے مینیجر نے میڈیا کو بتایا کہ نصیرالدین شاہ کو نمونیا ہوا ہے اور دوران علاج ان کے پھیپھڑوں پر ایک نشان پایا گیا ہے جس کے بعد وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ مینیجر کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نے کچھ روز مزید اسپتال میں رکھنے کا کہا ہے۔

منیجر کے مطابق نصیرالدین شاہ کی طبیعت اب بہتر ہے اور وہ اب بات چیت کرنے کے قابل بھی ہیں۔ ان کی اہلیہ رتنا پاٹھک شاہ اور ان کے بچے بھی اسپتال میں نصیرالدین شاہ کے ہمراہ موجود ہیں۔

نصیر الدین شاہ کی اہلیہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نصیر الدین شاہ کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور جلد ہی اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

قومی ترانہ بجنے پر امریکی کھلاڑی کی عجیب حرکت

0

اوریگن: قومی ترانے کے دوران پرچم سے منہ موڑنے والی سیاہ فام امریکی کھلاڑی گوین بیری کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست اوریگن کے شہر یوجین میں اولمپک ٹرائلز کے دوران جب قومی ترانہ بجایا جانے لگا تو ٹوکیو اولمپکس کے کوالیفائی کرنے والی ایتھلیٹ گوین بیری نے امریکی پرچم سے منہ موڑ لیا، پوڈیم پر کھڑی باقی دو کھلاڑیوں کا رخ پرچم کی جانب تھا جب کہ گوین بیری شائقین کی طرف رخ کر کے کھڑی ہو گئیں۔

اپنے اس عمل کے لیے انھیں تنقید کا سامنا ہے، تاہم گوین بیری 2019 کے پین امریکن گیمز میں بھی قومی ترانے کے دوران احتجاج کی وجہ سے مشہور ہوئی تھیں۔

گوین بیری ہیمر تھرو (ہتھوڑا پھینکنے) کے مقابلوں میں حصہ لیتی ہیں، پوڈیم پر ان کے ساتھ پہلے نمبر پر آنے والی ڈی اینا پرائس اور دوسرے نمبر پر آنے والی بروک اینڈرسن بھی کھڑی تھیں، جب انھوں نے ایک بار پھر سیاہ فام شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک پر احتجاج کیا، اور ایک سیاہ رنگ کی شرٹ بھی دکھائی جس پر لکھا تھا ایکٹوسٹ ایتھلیٹ۔

اس احتجاج کے بعد بیری کو چند قدامت پسند حلقوں کی جانب سے سخت ردِ عمل کا سامنا ہے، ٹیکساس کے کانگریس کن ڈین کرین شا نے تو مطالبہ کیا ہے کہ بیری کو امریکا کی ٹیم سے نکال دینا چاہیے، سینیٹر ٹیڈ کروز کہتے ہیں کہ آخر بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے امریکا سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں؟ سابق ری پبلکن صدارتی امیدوار اور ریاست وسکونسن کے سابق گورنر اسکاٹ واکر نے کہا ہے کہ آخر لوگوں کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ چاہے کسی بھی قسم کا اختلاف ہو، جب پرچم بلند ہوتا ہے تو سب کھڑے ہو جاتے ہیں۔

تاہم دوسری طرف گوین بیری اس تنقید سے قائل ہوتی نظر نہیں آتیں، انھوں نے کہا لوگوں کے تبصرے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اب بھی بنیادی اخلاقیات پر حب الوطنی کو ترجیح دیتے ہیں اور ثابت ہوتا ہے کہ سیاہ فاموں کے حوالے سے حالیہ اشتہارات، بیانات اور احساسات محض دھوکا تھے۔

بیری نے کہا میں نے کبھی نہیں کہا کہ مجھے اس ملک سے نفرت ہے، لوگ آپ کے منہ میں اپنے الفاظ گھسیڑتے ہیں، لیکن وہ اس میں ناکام ہوں گے۔

بیری کا کہنا تھا کہ قومی ترانہ جان بوجھ کر اس وقت شروع کیا گیا جب وہ پوڈیم پر موجود تھیں، حالاں کہ اسے ہماری آمد سے پہلے شروع ہونا چاہیے تھا لیکن جیسے ہی ہم پہنچے، انھوں نے ترانے کا آغاز کر دیا۔

کیریئر کے بیسویں سال میں ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو بڑا صدمہ

0

چوبیسواں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا، انجری نے امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کو ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ سے باہر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ میں سرینا کا پہلے راؤنڈ میں بیلاروس کی الیاکسندرا ساسنووچ کے خلاف میچ تھا، دونوں کے مابین پہلا سیٹ 3-3 کے پوائنٹ سے برابر تھا کہ اسی دوران وہ کورٹ میں پھسل گئیں پر جس کے باعث کھیل کو کچھ دیر تک روکنا پڑا۔

واقعے کے فوری بعد سرینا ولیمز کو طبی امداد بھی دی گئی، اس کے بعد وہ کورٹ میں واپس آئی لیکن تھوڑی دیر بعد انتالیس سالہ امریکی اسٹار کھیل جاری نہ رکھ سکیں اور گھٹنوں کے بل گرگئی، ایک بار پھر ان کا طبی معائنہ کیا گیا بعد ازاں سرینا ولیمز نے میچ سے دستبرداری کا اعلان کیا، جس کے بعد ٹینس اسٹارآبدیدہ بھی ہوئیں۔
مخالف کھلاڑی ساسنووچ نے سرینا ولیمز کی میچ سے دستبرداری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورٹ کا ماحول بہت اچھا تھا اور میں پہلی بار سینٹر کورٹ میں کھیل رہی تھی، لیکن مجھے سرینا کا دکھ ہوا، وہ ایک چمپیئن ہیں، ٹینس میں ایسا ہوتا ہے لیکن میں ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہوں۔

سرینا نے رواں سال کے شروع میں گرینڈ سلیم آسٹریلیا اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی تھی لیکن وہ نومی اوساکا کے خلاف سیدھے سیٹ میں شکست کھاکر ٹورنامینٹ سے باہر ہوگئیں تھیں۔

واضح رہے کہ سرینا نے سنہ دو ہزار میں سڈنی اور 2008 بیجنگ اولمپکس میں ڈبلز میں طلائی تمغہ جیتا تھا، اس کے بعد انہوں نے دوہزار بارہ میں لندن اولمپکس میں سنگلز اور ڈبلز کیٹیگری میں طلائی تمغہ جیتا۔

یاد رہے کہ بیس سال میں یہ پہلا موقع ہے کہ سرینا ولیمز چیمپئن شپ کے پہلے راونڈ سے آگے نہ جاسکیں۔

محکمہ بلدیات سندھ میں بڑا جعلی بھرتیوں کا اسکینڈل سامنے آگیا

0

کراچی : محکمہ بلدیات سندھ میں جعلی دستاویزات اور بغیر اسکروٹنی بھرتیوں کا انکشاف سامنے آیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ 2008 سے 2010 یونین کونسلزکےسیکریٹریز کو مبینہ جعلسازی سے بھرتی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ بلدیات سندھ میں بڑا جعلی بھرتیوں کا اسکینڈل سامنے آگیا ، جس میں جعلی دستاویزات اور بغیر اسکروٹنی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ، سیکڑوں افراد کو سیاسی بنیادپر سیکریٹری یونین کونسل بھرتی کیا گیا۔

محکمہ بلدیات سندھ میں جعلی ،خلاف ضابطہ بھرتیوں پر رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 2008 سے 2010 یونین کونسلزکےسیکریٹریز کو مبینہ جعلسازی سے بھرتی کیا گیا ، محکمہ بلدیات سندھ میں 248بغیر اسناد، مشکوک اور جعلی بھرتیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔.

رپورٹ کے مطابق خلاف ضابطہ بھرتیوں کےذریعے 70کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا، یوسی سیکریٹریز کا تعلق شکارپور،کراچی،قمبر،خیرپور ودیگراضلاع سےہے.

انکوائری کمیٹی نے37صفحات پر مشتمل رپورٹ جمع کرادی ہے ، جس میں بتایا گیا کہ 859یو سی سیکریٹریزمیں سے705نےدستاویزجمع کرائیں جبکہ محکمہ بلدیات کے149یوسی سیکریٹریز کی بھرتی جعلی ہے جبکہ 99یوسی سیکریٹریز کو بغیر اشتہار اور قواعد بھرتی کیا۔

انکوائری کمیٹی کی جعلی بھرتیوں میں ملوث افسران معطل کرنے کی سفارش کردی ہے۔

پاکستان کا بھارتی وزارت داخلہ کا مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کا بیان مسترد

0

اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزارت داخلہ کا مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کا بیان مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کی جانب سے بھارتی وزارت داخلہ کے مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا جی کشن ریڈی کا پاکستان پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بیان من گھڑت ہے۔

زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت بھارتی سرکار نے ایک بار پھر پاکستان پر الزام تراشی کی، یہ بھارتی حکومت ،بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کی ایک اورمثال ہے، بھارت کاوطیرہ ہےاندرونی معاملات میں پاکستان پرالزام تراشی کےذریعہ توجہ ہٹائے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے الزام لگاتا ہے، الزامات ثابت کرتے ہیں کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن سےپاکستان کوبدنام کر سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں سیاسی ناکامی چھپانے ،انتخابات جیتنےکیلئےہمیشہ پاکستان کارڈاستعمال کیاگیا، مطالبہ ہے کہ بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈےسے باز رہے،ترجمان دفترخارجہ

یومِ وفات: نور محمد چارلی ہندوستانی فلم انڈسٹری کے پہلے مزاحیہ اداکار تھے جنھیں ‘ہیرو’ بنایا گیا

0

نور محمد چارلی برصغیر پاک و ہند کی فلمی صنعت کے معروف مزاحیہ فن کار تھے جنھیں گزشتہ صدی میں 30 اور 40 کی دہائی میں‌ خاصی مقبولیت ملی۔ وہ 30 جون 1983ء کو کراچی میں وفات پاگئے تھے۔

نور محمد چارلی کو ہندوستانی فلم نگری کا اوّلین مزاحیہ اداکار بھی کہا جاتا ہے جسے ‘ہیرو’ بننے اور فلموں میں مرکزی کردار نبھانے کا موقع ملا۔ کہا جاتا ہے کہ چارلی پہلے مزاحیہ اداکار تھے جن پر ایک گیت بھی فلمایا گیا اور خود ان کی آواز میں چند فلموں کے لیے گانے بھی ریکارڈ کیے گئے۔

نور محمد چارلی 7 جنوری 1911ء کو متحدہ ہندوستان کے شہر گجرات کے ایک قصبے میں پیدا ہوئے۔ وہ خاموش فلموں کا دور تھا جب نور محمد نے ایک فلم ساز ادارے سے وابستہ ہوکر اداکاری کا آغاز کیا۔ قیامِ پاکستان کے بعد یہاں چلے آئے اور فلمی دنیا سے وابستہ ہوگئے۔ تقسیمِ ہند سے قبل ان کی مشہور فلموں میں پاک دامن، رقاصہ، زرینہ، پریمی پاگل، فرزندِ ہند، ستم گر، پاگل، رنگیلا راجہ اور ڈھنڈورا شامل تھیں۔

اس دور میں شائقین پردے پر رنگوں اور آواز کے بغیر کہانی کے مطابق فن کاروں کو اپنا کردار نبھاتا دیکھتے اور یہی ان کی سب سے بڑی تفریح تھی اور ‌آرٹسٹ اور فن کار اپنے چہرے کے تاثرات اور حرکات و سکنات سے شائقین کو محظوظ کرتے جو نہایت مشکل کام تھا۔ اس دور میں کسی فن کار کا ستائش اور مقبولیت حاصل کرنا اس کے کمالِ فن سے مشروط تھا۔ نور محمد چارلی نے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں اور محنت سے یہ مرحلہ طے کیا۔ انھیں تقسیم سے قبل اپنے ہم عصر مزاحیہ فن کاروں کی نسبت زیادہ شہرت اور مقبولیت ملی۔ وہ مشہورِ زمانہ کامیڈین چارلی چپلن کے بڑے مداح تھے اور اس کے بہروپ میں اکثر کردارو‌ں میں رنگ بھرتے نظر آئے۔

چارلی کے فلمی سفر کا آغاز 1928ء میں ہوا تھا۔ اس زمانے کی ایک غیر ناطق فلم اپ ٹو ڈیٹ میں نور محمد نے کام کیا۔ ‘دی انڈین چارلی’ 1933ء کی وہ ناطق فلم تھی جس نے انھیں‌ ٹائٹل رول کی نسبت نور محمد سے نور محمد چارلی مشہور کردیا اور ‘چارلی’ کا لاحقہ ہمیشہ کے لیے ان کے نام کا حصّہ بن گیا۔

پاکستان میں ان کی پہلی فلم مندری تھی۔ ان کی مشہور فلموں میں پلپلی صاحب، عمر ماروی، پرائی زمین، مس 56، استادوں کے استاد، اکیلی اور ستاروں کی دنیا شامل ہیں۔

نور محمد چارلی نے اردو کے ساتھ پنجابی اور تین سندھی زبان میں‌ بننے والی فلموں میں بھی کام کیا، لیکن چند ابتدائی کام یابیوں کے بعد وہ شائقین کی توجہ حاصل نہ کرسکے۔ فلم نگری میں ناکامیوں سے گھبرا کر انھوں نے ہندوستان جانے کا فیصلہ کیا، مگر وہاں بھی مطمئن نہ ہوئے اور پاکستان لوٹ آئے جہاں بعد میں چند ہی فلموں میں کام حاصل کرسکے۔

نور محمد چارلی کے صاحبزادے لطیف چارلی اور بہو معصومہ لطیف بھی پاکستان ٹیلی وژن کے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔