بدھ, جون 26, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10705

سندھ میں کورونا کی صورتحال ، ‘اسکولز کھولنے کا فیصلہ جمعے کو ہوگا’

0

کراچی : وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ جمعے کو کوروناکی صورتحال دیکھ کر اسکول کھولنے کا فیصلہ ہوگا، 30اگست سے 100فیصد ویکسینیشن کی بنیاد پر تعلیم ادارے کھلیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جمعہ کو محکمہ تعلیم کی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہوگی ، جس میں کوروناکی صورتحال دیکھ کر اسکول کھولنے کافیصلہ ہوگا ، محکمہ صحت کی ایڈوائزری تھی کہ 7دن مزید اسکول بند رکھنے پڑیں گے۔

سردار شاہ کا کہنا تھا کہ اسکولوں کھولنے سے پہلے مستقل حل ویکسینیشن ہے ، اسکولوں میں ویکسینیشن کےاعدادوشمار کم تھے تاہم اسکولوں سے متعلق آج رپورٹ ملی کہ 80فیصد سےزائد ویکسینیشن ہوچکی۔

فیصلہ کیا تھا کہ 100فیصد ویکسینیشن کرانیوالے اسکولز کھول دینگے، 30اگست سے 100فیصد ویکسینیشن کی بنیاد پر تعلیمی ادارے کھلیں گے،جس اسکول عملےکی100فیصدویکسینیشن نہ ہوا سے کھولنےکی اجازت نہیں دے سکتے۔

بچوں کے والدین کےبھی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ضروری ہیں، 40لاکھ سےزائدبچےسرکاری اسکولوں میں پڑھتے ہیں، 100فیصدویکسینیشن کےبعد اسکول کھلے تو 50فیصدحاضری کیساتھ کھلیں گے۔

حکومتی رٹ جو بھی چیلنج کرے گا قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، حکومت سےمنظورشدہ اسکولزایسوسی ایشنز کےنمائندے ساتھ موجود ہیں،جوفیصلےہوتےہیں وہ وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے ہوتے ہیں، ایک ہفتے میں ویکسی نیشن کی شرح بڑھی ہے۔

فیصل آباد میں آوازے کسنے سے روکنے پر میاں بیوی پر وحشیانہ تشدد

0

فیصل آباد میں اوباش نوجوانوں نے بدتمیزی اور بیہودہ گفتگو سے روکنے پر میاں بیوی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

ملک بھر میں خواتین سے بدتمیزی و تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، پنجاب کے ایک اور شہر میں جوڑتے سے بدتمیزی اور تشدد کا واقعہ رونما ہوا ہے جس میں ملزمان نے جوڑے کے ساتھ مارپیٹ کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد کے بھائی والا میں آوازے کسنے سے روکنے پر میاں بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے، پولیس نے تھانہ ملت ٹاؤن سے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کیا اور مقدمے میں ہراساں کرنے سمیت چار دفعات شامل کی گئی ہیں۔

متاثر خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر کے ساتھ رکشے میں جارہی تھی کہ راستے میں شوہر نے دودھ لینے کی غرض سے رکشہ رکوایا اور نیچے اتر کر دودھ لینے چلے گئے۔

خاتون نے بتایا کہ شوہر کے جاتے ہی قریب کھڑے افراد نے بیہودہ گفتگو کرنا شروع کردی، جس پر میرے میں نے ان اوباشوں کو منع کیا اور میرے شوہر نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو 10 افراد نے ہم دونوں کو گھونسے اور تھپڑ مارنا شروع کردیا۔

خلیجی ملک: کورونا کی تازہ صورتحال سامنے آگئی

0

مسقط: خلیجی ملک عمان میں کوروناوائرس کے 151 نئے کیسز سامنے آئے اور 7 مریضوں کی اموات ہوئی ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سلطنت عمان کی وزارت صحت نے ملک میں کوروناوائرس کی صورت حال سے متعلق تازہ اعدادوشمار جاری کردیے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نئے ایک سو اکاون کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کورونا سے متاثر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 1 ہزار 450 ہوگئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک 4038 کورونا مریضوں کی اموات ہوچکی ہیں۔

عمانی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 266 مریضوں نے وبا کو شکست بھی دی جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 410 ہوگئی۔

حکومت عوامی مقامات اور دیگر مراکز پر ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرارہی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ماسک کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، وبا سے حفاظت کے لیے ویکسینیشن بہت ضروری ہے، سماجی فاصلے کا بھی خیال رکھیں۔

کیا ویکسین لگوانے والے کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں؟

0

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اس وقت ویکسین ہی سب سے اہم اور مؤثر ذریعہ ہے، ویکسین کے حوالے سے لوگوں میں اب بھی بہت سی منفی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔

لوگ اکثر یہ سوال کرتے نظر آتے ہیں کہ کیا کورونا ویکسینیشن کے بعد کوویڈ19 سے متاثر ہونے والا شخص اس انفیکشن کو آگے پھیلا سکتا ہے؟

اس حوالے سے نیدرلینڈز میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویکسین استعمال کرنے کے بعد اگر کوئی شخص کوویڈ19 سے متاثر ہوتا ہے (ایسے افراد کے لیے بریک تھرو انفیکشن کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے) تو اس سے وائرس آگے پھیلنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بریک تھرو انفیکشن سے متاثر افراد میں وائرل لوڈ تو ویکسین استعمال نہ کرنے والے مریضوں جتنا ہوتا ہے مگر ان کے جسم سے وائرل ذرات کا اخراج کم ہوتا ہے۔

آسان الفاظ میں ویکسنیشن مکمل کرانے والے افراد سے وائرس آگے پھیلنے کا امکان ویکسین استعمال نہ کرنے والوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ ان کو پری پرنٹ سرور پر جاری کیا گیا۔ اس تحقیق میں 24 ہزار سے زیادہ طبی ورکرز کا ڈیٹا دیکھا گیا تھا جن کی ویکسینیشن ہوچکی تھی۔

ان میں سے 161 میں کووڈ کی تشخیص ہوئی اور زیادہ تر اس بیماری سے ڈیلٹا قسم کے باعث متاثر ہوئے۔اگرچہ یہ اچھی خبر ہے مگر تحقیق میں 68 فیصد مریضوں کے نمونوں کو متعدی دریافت کیا گیا۔ یہی وجہ تھی کہ محققین نے کہا کہ نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل حال ہی میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس کے تحفظ کے لیے ویکسینیشن کی افادیت ڈیلٹا قسم کے خلاف 3 ماہ کے اندر کم ہوجاتی ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ برطانیہ میں استعمال ہونے والی 2 عام ویکسینز کی افادیت کورونا کی قسم ڈیلٹا کے سامنے گھٹ گئی۔

30 لاکھ سے زیادہ ناک اور حلق کے سواب ٹیسٹ کے نمونوں کے تجزیے پر مبنی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ کورونا کی اس نئی قسم کے خلاف فائزر/بائیو این ٹیک کی ایم آر این اے ویکسین اور ایسٹرا زینیکا ویکسین کی افادیت میں ویکسینیشن کے ابتدائی 90 دن کے بعد کمی آئی۔

تحقیق کے مطابق ویکسینیشن مکمل کرنے والے بالغ افراد میں بھی کورونا کی قسم ڈیلٹا سے بیمار ہونے پر وائرس کی مقدار اتنی ہی ہوتی ہے جتنی ویکسین استعمال نہ کرنے والے مریضوں میں مگر تحقیق میں واضح نہیں کیا گیا تھا کہ ویکسینیشن کے بعد بیمار ہونے والے ایسے افراد کس حد تک وائرس کو آگے پھیلا سکتے ہیں لیکن زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ اسے آگے پھیلاتے ہیں۔

محققین نے اس حوالے سے بتایا کہ زیادہ وائرل لوڈ سے عندیہ ملتا ہے کہ اس وائرس کے خلاف کسی آبادی میں اجتماعی مدافت کا حصول بہت بڑا چیلنج ہوگا۔

کراچی میں 15سال بعد پبلک ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع ہونے کو تیار

0

کراچی : 15سال بعد پبلک ٹرانسپورٹ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع ہونے کو تیار ہے ، ریڈ لائن بس منصوبے کی تعمیر کا آغاز 90روز میں شروع ہوجائے گا ، یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ریڈ لائن بس منصوبے کے آغاز میں تمام رکاوٹیں دور کردیں ، 78ارب روپے کی خطیر لاگت کے ریڈ لائن بس منصوبے کی تعمیر کا آغاز 90روز میں شروع ہوگا۔

اس حوالے سے پبلک ٹرانسپورٹ کے سب سے بڑے ریڈ لائن بس منصوبے کے لئے معاہدے پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ تقریب کےمہمان خصوصی تھے۔

ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے معاہدے پر ٹرانس کراچی اورکنسٹرکشن فرم کےنمائندے نے دستخط کیے، کراچی کے ریڈ لائن بس منصوبے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر انٹرنیشنل ڈونرز نے فنڈنگ کی ہے، کراچی ریڈ لائن ماس ٹرانزٹ بس پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہوگا۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ماڈل کالونی براستہ ایئرپورٹ، صفورہ چورنگی ، موسمیات، یونیورسٹی روڈ سے نمائش چورنگی تک ریڈ لائن میٹرو چلے گی، 26کلومیٹر طویل ریڈ لائن بی آر ٹی میں 24اسٹیشنز ہونگے 213 بسیں چلیں گی۔

اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ گرین کلائمٹ فنڈ نے ریڈ لائن بس منصوبے کے لئے 11ملین ڈالر کی گرانٹ دی ہے، ریڈ لائن میٹرو بس کے لئے بھینس کے گوبر سے ایندھن بنایاجائے گا، بھینس کالونی کراچی میں بائیو گیس پلانٹ لگایا جائے گا یومیہ 20ہزار کلو گیس کی پیداوار ہوگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ریڈ لائن بس منصوبے میں سندھ حکومت کا شیئر 75ملین ڈالر ہے، کراچی میں پہلی مرتبہ طویل ترین سائیکلنگ ٹریک بنایاجائے گا، ریڈ لائن اور بی آرٹی کے روٹ کے ساتھ سائیکلنگ ٹریک ہوگا۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ تھرڈ جنریشن بی آرٹی سسٹم ریڈ لائن بی آرٹی میں استعمال ہوگا جبکہ ریڈ لائن بی آرٹی کے روٹ پر ڈرینج لائن کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر بھی ہوگی۔

خیال رہے ریڈ لائن بس منصوبہ گزشتہ 8سال سے زیر التوا تھا ، 2020میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی کوششوں سے ایشیائی ترقیاتی بینک نے قرض کی فراہمی کا معاہدہ کیا تھا۔

ایپل کی نایاب دستاویز کروڑوں میں فروخت!

0

نیویارک : معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کمپیوٹر ایپل دوئم کی نایاب دستاویز 13 کروڑ روپے میں فروخت کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپیوٹر کو چلانے کی ہدایات اور سسٹم کی تکینکی صلاحیت سے متعلق کتاب کو حیران کن قیمت میں نیلام کیا گیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 196 صفحات پر مشتمل کتاب (منوئل بک) ایپل دوئم کو چلانے کی ہدایات پر مشتمل ہے جس پر ایپل کے بانی اسٹیو جابز اور مائیک مرکولا نے 1980 میں دسختط کیے تھے۔

ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ خریدار نے اسٹیو جابز کے دستخط کی وجہ سے اس نایاب دستاویز کو 7 لاکھ 84 ہزار 484 امریکی ڈالرز (12 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد) میں خریدا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اپنے دستخط میں اسٹیوجابز نے لکھا کہ ’جولیئن! آپ کی نسل وہ پہلی نسل ہے جو کمپیوٹر کے ساتھ بڑی ہورہی ہے، جائیں اور دنیا کو بدل دیں‘۔

خفیہ ہاتھ نہیں چاہتے کہ پاکستان سی پیک میں آگے جائے، شیخ رشید

0
شیخ رشید

 اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ بعض دستانے پہنے ہاتھ نہیں چاہتے کہ پاکستان سی پیک میں آگےجائے، افغانستان میں امن و استحکام کے لئے دعا گو ہیں۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ سے رابطے کے بعد4ہزار لوگوں کو ویزے جاری کئے گئے،853لوگ طورخم بارڈر سے داخل ہوئے ہیں۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ تمام لوگ جو پاکستان آنا چاہیں وہ وزارت داخلہ سے رابطہ کریں، رات12بجے افغان کرکٹ ٹیم کو بھی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کا امن پاکستان کےامن سے وابستہ ہے، پاکستان دنیا کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے جب کورونا کے مریض آتے ہیں تو بارڈر پر ہی ان کا قرنطینہ کروارہے ہیں،

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے6مزید نئے ڈرون خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، ریسکیو1122پنجاب کے طرز کا ادارہ اسلام آباد میں کھولنا چاہتے ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی پیک کے خلاف عالمی سطح پر سازشیں ہورہی ہیں، عمران خان کی چینی حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ سی پیک کو آگے لے کر جائیں گے۔ سی پیک کی 40کمپنیوں کو پاک فوج نے سیکیورٹی دی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ بعض دستانے پہنے ہاتھ نہیں چاہتے کہ پاکستان سی پیک میں آگےجائے، ہمیں چین کی دوستی پرفخر اور ناز ہے، چین کے سفیر کویقین دلایا ہے کہ چینی شہریوں کو ہر طرح کی سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔

ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا کی سیاست میں پاکستان کا اہم کردار ہو، پاکستان کے پاس ایسا موقع ہے کہ دنیا کے دل جیتے، ہم چاہتے ہیں کہ سہولتیں دی جائیں، پاکستان دنیا کےساتھ کھڑا ہے،

اس وقت دنیا کی نظروں کا مرکز کابل ایئرپورٹ بنا ہوا ہے وہاں لوگ توقع لگائے بیٹھے ہیں، ہم صرف طورخم بارڈر تک ذمہ دار ہیں، وزارت داخلہ اپنی قابلیت کو مزید بڑھانے جارہا ہے

ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ چینیوں کے ساتھ پیش چاروں واقعات میں کچھ ملزمان پکڑے گئے ہیں، کوئی کیس ایسا نہیں جس کے ملزمان تک پاکستانی ایجنسیز نہ پہنچی ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ مہاجرین کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جو بارڈر پرآرہا ہےاس سے تعاون کررہے ہیں،1277غیرملکیوں میں افغانی بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا ایک بار پھر سرکاری رہائش گاہ میں منتقل ہونے سے انکار

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر سرکاری رہائش گاہ میں منتقل ہونے سےانکار کردیا ،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایسا وزیراعظم ملا جواپنے گھر میں ذاتی اخراجات سے رہ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ سمیت وفاقی وزراکی وزیراعظم سے وزیراعظم ہاؤس منتقل ہونےکی درخواست کی، جس پر تفصیلی بحث کےبعدعمران خان نے وزیراعظم ہاؤس منتقل ہونے سےانکار کر دیا۔

اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایسا وزیراعظم ملا جواپنے گھر میں ذاتی اخراجات سے رہ رہا ہے، کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم کی رہائش سےمتعلق گفتگو ہوئی، بعض وزرانے کچھ وجوہات پر وزیراعظم ہاؤس منتقل ہونے کی درخواست کی تاہم وزیراعظم کسی خوف اور ڈر کے بغیر اپنی ذاتی رہائش گاہ میں ہی مقیم ہیں۔

بابراعوان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پاکستان نےایک ڈپٹی سیکرٹری کے کہنے پر ڈو مور کیا، تبدیلی آ چکی ہےجواب ایبسولیٹلی ناٹ کی صورت میں دیا گیا، وزیراعظم کو کہا گیا فلاں سے جھگڑاہو جائے گا ، فلاں ناراض ہو گا لیکن عمران خان نے کہا پاکستان کا مفاد سب سے پہلے ہو گا۔

مشیر پارلیمانی امور نے کہا کہ افغانستان سے متعلق عمران خان اور اداروں کی پالیسی درست تھی، اربوں ڈالر لگا کر مصنوعی دھماکے کروانے والا ملک ہی نکل گیا، نواز شریف نے اپنے دورمیں اداروں کے سربراہان سے محاذ آرائی کی، ایک اپوزیشن لیڈر ایسا نہیں تھا جس پر نواز شریف نے پرچہ نہ کرایا ہو۔

نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نےانکوائریاں کرائیں تا کہ جانے کےبعدپرچہ ہو جائے، نواز شریف کے ویزہ میں توسیع پہلے بھی نہیں ہوئی تھی، لندن میں بیماری کا ویزہ صرف 11 ماہ کا ملتا ہے، کورونا کے دوران 6 ماہ کی توسیع خود لندن نے دی تھی۔

انھوں نے مزید کہا کہ برطانوی حکام اس نتیجے پر پہنچ گیا ہے کہ نواز شریف بیمار نہیں، بیماری اس قابل نہیں تھی کہ کسی جنرل پریکٹیشنر کو دکھا دیتے، نواز شریف نےجسے دکھایا وہ بھارتی پاسپورٹ ہولڈر مسٹر لارنس ہے، عمران خان سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔

ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق نیا حکم آگیا

0

اسلام آباد : ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کو ٹک ٹاک پر پابندی کا معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھانے کا حکم دیتے ہوئے سینیٹرمیاں عتیق کی درخواست میں فریق بننےکی درخواست منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک پر پابندی کےخلاف کیس کی سماعت ہوئی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ، ایم کیوایم کےسینیٹرمیاں عتیق اورڈپٹی اٹارنی جنرل طیب شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے استفسار کیا پی ٹی اے کووفاق سے پالیسی لینے کا کہا تھا،کیاکوئی پالیسی دی ؟ عدالت نے کہا تھا پی ٹی اے وفاقی کابینہ سے ہدایت لے،اس کا کیا بنا؟ کیا ٹک ٹاک اسوقت ملک بھر میں کھلا ہے یا بند ہے ؟

وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ پراکسی کے ذریعے تقریباً 99 فیصد ٹک ٹاک کھلاہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا پی ٹی اے کیوں اس ملک کو دنیا سےکٹ کرناچاہتا ہے؟ ایپس پرپابندی باہرکی دنیا میں کیوں نہیں ہورہی،وہاں بھی قانون سخت ہے؟ ہدایات کی بات نہیں، اتھارٹی اس سے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا آپ ٹیکنالوجی کو شکست نہیں دے سکتے تو پھر ایسا کیوں کررہے؟ پی ٹی اے نے عدالتی احکامات پر کابینہ سےپالیسی کیلئےہدایات کیوں نہیں لی؟سوسائٹی میں ڈی جنریشن ہوتی ہے تو آپ ٹیکنالوجی کیوں بند کرتے ہیں؟

جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا یورپ کے ممالک میں ٹک ٹاک کو کیوں بند نہیں کیا جاتا، پی ٹی اے دنیا کو کیا میسج دینا چاہتی ہے؟ تو وکیل پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اتھارٹی کی مجبوری تھی کہ عدالتی فیصلوں کو مدنظر رکھا جائے۔

عدالت نے وکیل پی ٹی اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا اپنی کوتاہی کیلئےعدالتوں کو الزام مت دے، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کیاوفاق یا کابینہ نے ٹک ٹاک پر پابندی کا حکم دیا ؟ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا پالیسی کے حوالے سے میٹنگ ہوئی مگرایسا فیصلہ نہیں ہوا۔

چیف جسٹس نے کہا کوئی رولزنہیں، پی ٹی اے نے غیر قانونی طور پر پابندی لگائی ہے، سینیٹرمیاں عتیق کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کچھ لوگوں کو پروموٹ کرنے کیلئےایسے اقدامات کررہے ہیں، ٹک ٹاک پر پابندی کے پیچھے پی ٹی اے کا اپنا کوئی ایجنڈا ہے،چیئرمین پی ٹی اے نے سال پہلے یقین دہانی کرائی تھی کوئی پابندی نہیں لگارہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پی ٹی اے پاکستان کو 100سال پیچھے لیکر جارہی ہے؟ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ایسا چلتا رہا تو چیئرمین پی ٹی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے، ٹیکنالوجی بند نہیں کرسکتے بلکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ٹی اے کو تیار رہنا ہوگا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا اگر آپ بند کرنا چاہتے ہیں تو سب کو بند کردیں، آپ نے خود بیان حلفی دیا کہ ایک فیصدلوگ ٹک ٹاک کاغلط استعمال کرتےہیں۔

عدالت نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار کیا کیا آپ نے عدالت کو غلط بیان حلفی جمع کرائی ہے؟ جس پر وکیل پی ٹی اے نے جواب دیا کہ پی ٹی اے ،ٹک ٹاک میں بات چل رہی ہے، اور جلد پابندی ختم ہوگی۔

عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ وفاقی کابینہ سے پوچھے کہ انکی پالیسی کیا ہے؟ جس پر میاں عتیق نے کہا ان کو ٹائم دے ورنہ وفاقی کابینہ تو ایک سال میں بھی فیصلہ نہیں کرے گی۔

جس پر عدالت نے پی ٹی اے کوٹک ٹاک پر پابندی کا معاملہ کابینہ میں اٹھانےکی ہدایت کرتے ہوئے سینیٹرمیاں عتیق کی درخواست میں فریق بننےکی درخواست منظور کرلی اور سماعت
20 ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

بحری جہاز نکالنے کا ‘لوکل آپریشن’ مکمل

0

کراچی: وزیراعظم کے مشیر محمود مولوی کا کہنا ہے کہ ساحل سمندر پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کو نکالنے کا لوکل آپریشن مکمل ہوگیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود مولوی نے بتایا کہ جہاز مکمل گہرے پانی میں کل تک جانے کے امکانات ہیں، جہاز کو ممکنہ حد تک کھینچے جانے کے بعد اینکر کر دیا جاے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاز برتھ پر لگنے کے بعد سروے ہوگا، خرابیاں چیک کی جائیں گی، جہاز مکمل مرمت ہونے کے بعد ہی روانہ ہونے کی اجازت دی جاے گی۔

کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کے لیے آپریشن آخری مراحل میں داخل

خیال رہے کہ ہینگ ٹینگ 77 نامی جہاز کو ساحل پر پھنسے ایک ماہ سے زائد کا وقت گزر چکا ہے۔

متعلقہ انتظامیہ نے ٹیم تشکیل دی جو مسلسل جہاز نکالنے کی کوششیں کررہی ہے، ابتدائی ہفتوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب آپریشن میں پیشرفت دیکھی جارہی ہے۔

پھنسے ہوئے بحری جہاز نکالنے کی متعدد کوششیں ناکام ہوئیں۔