پیر, جون 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10704

عمر کمال کی لیکچرار سے بریانی فروش بننے تک کی کہانی

0
عمر کمال

اسلام آباد : محنت میں کوئی شرم نہیں کیونکہ محنت میں ہی عظمت ہے، اس کی بہترین اور فخریہ مثال اسلام آباد کے بریانی فروش اعلیٰ تعلیم یافتہ محمد عمرکمال ہیں جن کو دیکھ کر ان کیلئے دل سے بےاختیار دعا نکلتی ہے۔

شرٹ پر پاکستانی پرچم لگائے، اعلیٰ تعلیم یافتہ لیکن چار سال سے بے روزگار تیز دھوپ میں اسلام آباد میں ہوم میڈ بریانی فروش کرنے والے محمد عمر کمال کی کہانی بہت دردناک ہے کہ کس طرح انہوں نے بے روزگاری کے ایام میں مصائب کا سامنا کیا۔

محمد عمرکمال کی اہلیہ لبنیٰ دونوں میاں بیوی کی لیکچرار سے بریانی فروش بننے تک کی کہانی اور ان کی جدو جہد دیکھ کر آپ بھی آبدیدہ ہو جائیں گے۔ ملک کی معروف یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل کرنے والے محمد عمر کمال اسلام آباد میں منفرد انداز میں بریانی کے پیکٹ فروخت کرتے ہیں۔

محمد عمر کمال نے یونیورسٹی آف بہاولپور سے پولیٹیکل سائنس اور انگریزی جب کہ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات عامہ میں ماسٹرز کرنے کے ساتھ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) اور کینیڈا کی میک گل یونیورسٹی سے انٹرپرائز مینجمنٹ کی ٹریننگ حاصل کی ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے ڈویلپمنٹ پروفیشنل ہیں مگر بے روزگاری وجہ سے انہوں نے بریانی بیچنے کا کام شروع کیا۔

ان کے مطابق شاید وہ پوری دنیا میں واحد پاکستانی فنڈ ریزنگ ایکسپرٹ ہیں کیونکہ نے فنڈ ریزنگ پر 15 سال کی ریسرچ کر رکھی ہے اور اس پر کتاب بھی لکھی ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں میں فنڈ ریزنگ پڑھائی نہیں جاتی۔

اپنی داستان سناتے ہوئے محمد عمر کمال نے کہا کہ میں گزشتہ 4 سال سے بے روزگار تھا۔ مجھے اللہ تعالیٰ نے کھانے پینے کا کام شروع کرنے کی راہ دکھائی۔ سب کچھ کھو جانے کے بعد میرے اور میری بیوی کے پاس کھانا پکانے کی صلاحیت تھی۔ بیوی نے حوصلہ دیا اور ہم نے بریانی بنا کر فروخت کرنا شروع کردی۔ بلیو ایریا مارکیٹ پر بے شمار دفاتر ہیں، اس لیے یہاں کاانتخاب کیا۔

محمد عمر کمال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بڑا غفور الرحیم ہے جب میں بریانی لے کر آتا ہوں، لوگ میرا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔ بریانی ہاتھوں ہاتھ بک جاتی ہے۔ وہ لوگ جو پریشان ہیں، انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اللہ کو دوست بنا لیں تو کبھی پریشان نہیں ہوں گے۔

‘پاکستان اور فوج کیخلاف ٹرینڈ چلانے والے آج افغانستان کی صورتحال سے آنکھیں چرارہے ہیں’

0

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان، فوج کیخلاف ٹرینڈ چلانے والے آج افغانستان کی صورتحال سے آنکھیں چرارہے ہیں، افغان حکمرانوں نےعشروں ملک لوٹا ، وسائل ادارے بنانے پر نہیں لگائے، نتیجہ آج سامنے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں بیٹھ کرپاکستان،فوج کےخلاف ٹرینڈچلانے والے آج افغانستان کی صورتحال سے آنکھیں چرارہےہیں، عوام تب محفوظ ہوتے ہیں جب ادارے مضبوط ہوں ہمیں اللہ کا شکر کرنا چاہیے،
پاک فوج و دیگر ادارے تسبیح جیسی ترتیب میں ہمارے گرد حصار بنائے ہوئے ہیں۔

فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ افغان حکمرانوں نےعشروں ملک لوٹاوسائل ادارے بنانے پر نہیں لگائے، افغان حکمرانوں نےذاتی تجوریاں بھریں ، نتیجہ ہے کہ آج افغانستان کا دفاعی حصارریت کی دیوار ثابت ہواہے،ہمیں آزادی کی قدر اور ملک کی اہمیت سے روشناس رہنا چاہیے، ہمیں جھوٹے پراپیگنڈوں سےبھی ہوشیاررہنا چاہیے۔

4بچیوں کا اغوا کیس : 5 ملزمان 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

0

لاہور : عدالت نے ہنجر وال میں 4بچیوں کے اغوا کیس میں 5ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان کا کہنا ہے کہ ہم نے کوئی جرم نہیں کیا ، ہمیں بچیوں کی مدد کرنے کی سزا مل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہنجر وال میں 4بچیوں کے اغوا کیس کی ضلع کچہری میں سماعت ہوئی ، پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا ، دوران سماعت تفتیشی افسر نے بیان میں کہا ملزمان سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے ،ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں۔

جس کے بعد عدالت نے 5ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، ملزمان میں شوکت ، شہزاد ، محمد قاسم، نعیم اور آصف شامل ہیں۔

سماعت کے بعد ملزمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بے گناہ ہیں ہم نے بچیوں کی مدد کی تھی ، ہم لڑکیوں کو فروخت نہیں کرنا چاہتے تھے ، بچیاں خود گھر سے بھاگ کر آئی تھیں اور اپنے گھر واپس جانا نہیں چاہتی تھیں، ہم نے خود پولیس کو15 پر اطلاع دی تھی۔

ملزم قاسم کا کہنا تھا کہ ہمیں بچیوں کی مدد کرنے کی سزا مل رہی ہے، ہم نے کوئی جرم نہیں کیا ، ہم بچیوں کو محفوظ مقام پر رکھنا چاہتے تھے، اس لئے ساہیوال لے کر گئے۔

یاد رہے تفتیشی افسر نے بتایا تھا کہ ایک بچی سے زیادتی کا خدشہ ہے ، کیس میں ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے، ملزمان 4 بچیوں کو اغوا کرلے لاہور سے ساہیوال لے گئے، وہ بچیوں کو جسم فروشی کیلئے فروخت کرنا چاہتے تھے ، بچیوں کی عمریں 12سے 14سال کے درمیان ہیں۔

کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری

0

اسلام آباد : کوویکس کی جانب سے سائینوفام کورونا ویکسین کی بڑی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی، کوویکس رواں ہفتےپاکستان کو 20لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ، ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سائینوفام کورونا ویکسین کی بڑی کھیپ آج پاکستان پہنچے گی ، غیرملکی ایئرلائن سے 15لاکھ سائینوفام ڈوز اسلام آباد لائی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو15لاکھ سائینوفام ڈوزکوویکس فراہم کررہاہے جبکہ کوویکس کی فراہم کردہ 20 لاکھ سائینو فام ڈوزکل اسلام آبادپہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق کوویکس رواں ہفتےپاکستان کو 20لاکھ سے زائد ویکسین ڈوز فراہم کر چکا ہے اور بقیہ 6 لاکھ سائینو فام ڈوز آئندہ ہفتے فراہم کرے گا، کوویکس پاکستان کو مجموعی 61لاکھ کوروناویکسین ڈوزفراہم کرے گا۔

ذرائع نے کہا کہ کوویکس پاکستان کوایک کروڑسےزائدکورونا ویکسین ڈوزفراہم کر چکا ہے، فراہم کردہ کورونا ویکیسن میں فائزر،آسٹرازنیکا،موڈرنا،سائینوفام شامل ہیں۔

امریکہ میں تشدد کا خوفناک واقعہ : سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل

0

واشنگٹن : سڑک پر ہارن بجنے سے تنگ آکر ڈرائیور نے دوسری گاڑی کے شیشے پر کلہاڑی سے حملہ کردیا اور فرار ہوگیا۔

امریکی شہر واشنگٹن میں ہونے والے تشدد کے ایک خوفناک واقعے نے شہریوں کو خوفزدہ کردیا، سوشل میڈیا پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص شدید غصے کے عالم میں اپنی گاڑی سے نکلتا ہے اور ایک بڑی سی کلہاڑی پیچھے کھڑی دوسری گاڑی کے شیشے زور سے  پھینکتا ہے۔

یہ خوفناک واقعہ 27 جولائی کو کنگ کاؤنٹی انٹراسٹیٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک جیپ کے ڈرائیور نے دوسری گاڑی کو اوورٹیک کرنے کیلئے ہارن بجانا شروع کیا جب وہ ہائی وے جا رہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص نے جیپ سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر متبادل راستہ اختیار کیا لیکن دوسری گاڑی کے ڈرائیور نے غصے میں آکر اپنی گاڑی سے سڑک بلاک کردی۔

ڈرائیور غصے سے اترا تو اس کے ہاتھ میں ایک کلہاڑی تھی جسے اس نے پوری طاقت سے پیچھے والی گاڑی پر دے مارا تاہم اس سے کوئی جانی نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

واقعے کے بعد مذکورہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، یہ منظر پیچھے گاڑی میں موجود ڈرائیور نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرلیا، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

خادمین الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کی یوم آزادی پر پاکستانی عوام کو مبارکباد، نیک تمناؤں کا اظہار

0

ریاض : خادمین الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے دلی تمناؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خادمین الحرمین الشریفین، سعودی ولی عہد کے خصوصی تہنیتی پیغامات ارسال کیے، جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف  علوی اور پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔

خادمین الحرمین الشریفین اور سعودی ولی عہد کی جانب سے پیغام میں پاکستانی عوام کے لیے دلی تمناؤں اورنیک خواہشات کااظہار کیاگیا اور پاکستان کی  مستقل ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

تہنیتی پیغامات میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے اور تعاون میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔

اس کے علاوہ امریکا کے وزیر خارجہ ٹونی بلنکن نے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کو 74 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا امریکہ کے پاکستان کے ساتھ 7 دہائیوں سے بہترین تعلقات استوار ہیں اور آئندہ بھی جنوبی ایشیا میں قیام امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا یومِ آزادی پر نوجوانوں کیلئے خصوصی پیغام

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی پر نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا 3خصوصیات، سچ ، انصاف اوربہادری عام انسانوں کو عظیم بناتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر علامہ اقبال کے شعر کا مصرعہ شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی پر میرا پیغام خاص طور پر ہمارے نوجوانوں کے لیے ہے، 3خصوصیات، سچ ، انصاف اوربہادری عام انسانوں کو عظیم بناتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ایمان، اتحاد، تنظیم کی قومی اقدار کو سربلند رکھنے کا عزم دہرانا چاہتے ہیں، ہم نے ابھرنے کے لیے تاریخ کے سفرمیں کٹھن چیلنجز عبور کیے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج اندرون ملک بعض درپیش مسائل ہمارے عزم کا امتحان ہیں، آج خطے کی بدلتی صورتحال ہمارے عزم کا امتحان ہے، ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت رکاوٹوں پر قابو پالیں گے۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ ہم ایک مرتبہ پھر مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبردآزما ہونے پر پذیرائی ملی، ماحولیاتی تحفظ پر ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔

پاکستان نے بھارت سے سفری پابندی ہٹادی

0

کراچی: پاکستان نے بھارت سے سفری پابندی ہٹادی، بھارت کے علاوہ بنگلادیش، ایران، عراق، جنوبی افریقہ، نیپال سمیت11 ممالک بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سی اےاےنے کورونا وائرس کے پیش نظر کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے متعلق ایڈوائزری جاری کردی، جس میں پاکستان نے بھارت سمیت 11ممالک کوسفری پابندی کی’’کیٹگری سی‘‘سے نکال دیا۔

بھارت کے علاوہ بنگلادیش، ایران، عراق، جنوبی افریقہ، نیپال سمیت11 ممالک کیٹیگری سی میں شامل تھے۔

سی اےاے کا کہنا ہے کہ کیٹگری سی ممالک سے پاکستانی شہریوں کو سفر کی اجازت ہوگی اور ان ممالک سے آنے والوں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا ہوگا جبکہ نئی ٹریول ایڈوائزری 31 اگست تک نافذ العمل رہے گا۔

یاد رہے رواں سال اپریل میں سی اے اے نے کیٹیگری سی میں شامل ممالک کی تعداد میں اضافے کے ساتھ 23 ممالک کی نئی فہرست جاری کی تھی ، نئی فہرست کے مطابق بھارت کو بھی سی کیٹیگری ممالک میں شامل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کٹیگری اے میں شامل آسٹریلیا، بھوٹان، چین، جاپان ،سعودی عرب، سنگاپور اور سر ی لنکا سمیت دیگر ممالک کے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں۔

کورونا ویکسین سے کن لوگوں کو استثنیٰ حاصل ہے؟ ہدایات جاری

0
ویکسین

ریاض : سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مملکت میں رجسٹرڈ تمام کورونا ویکسینیں مؤثر اور محفوظ ہیں، بعض افراد کو دیگر دواؤں کی طرح کورونا ویکسین سے بھی الرجی ہوسکتی ہے جبکہ بعض افراد کو صحت مسائل کی وجہ سے ویکسین لینے سے روک دیا گیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی کو ویکسین سے محروم کرنا درست نہیں تاہم اگر یہ بات یقین ہوجائے کہ کچھ لوگ ایسے ہیں جنہیں ویکسین لینے سے پریشانی ہوسکتی ہے تو ایسی صورت میں انہیں ویکسین سے مستثنی کیا جانا ضروری ہوگا۔

وزارت صحت نے کورونا ویکسین سے مستثنیٰ زمروں کی گائیڈ بک جاری کی ہے جس میں بتایا گیا کہ کوویڈ19 ویکسین کی ایک مستثنیٰ صورت یہ ہے کہ ویکسین کی پہلی خوراک لینے والا شدید الرجی میں مبتلا ہوجائے۔

ویکسین میں میں شامل کسی عنصر سے سخت الرجی ہو مثلاً پولی ایتھلین جیلی کول یہ فائزر اور موڈرنا میں شامل ہوتا ہے، اسی طرح ایسٹرازینکا میں پولی سوربیٹ مادہ ہوتا ہے، پی ای جی اور پولی سوربیٹ کے مشترکہ عنصر کا بھی معاملہ ہے۔

وزارت صحت نے بتایا کہ ’کوویڈ ویکسین میں تاخیر کے اسباب کے باعث ویکسین سے استثنی عارضی امر ہے۔ امیدوار کی صحت حالت کا کبھی ویکسین کو غیر فعال کردیتی ہے۔

مثلا کینسر کے وہ مریض جن کی کیمو تھراپی کی جارہی ہو، روماٹیزم سے متعلق مدافعتی امراض اور مدافعتی نظام کو متاثر کرنے والی میڈیسن لینے والے اس میں شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ کبھی ماہر معالج کی رائے ہوتی ہے کہ ویکسین لینے سے مرض شدت اختیار کرسکتا ہے تاہم اس کا سبب متعین کرنا مشکل ہوتاہے۔

پاکستان کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ

0

اسلام آباد : پاکستان کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، سب سے بلند ترین شرح اسکردو میں ریکارڈ کی گئی جبکہ کراچی میں کورونا کی یومیہ شرح 14.60 فیصد رہی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز کی یومیہ شرح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا کی یومیہ بلند ترین 20.14 فیصد شرح اسکردو میں ریکارڈ کی گئی ، گلگت میں یومیہ شرح 6.33 اور دیامر میں 7.48 فیصد رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں کورونا کی یومیہ شرح 14.60 ، حیدرآباد میں 8.98 فیصد اور وفاقی دارالحکومت میں کورونا کی یومیہ شرح 11.15 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پشاورمیں کورونا کیسز کی شرح 14.24، صوابی میں 7.02 فیصد، مردان میں 9.62 ، ایبٹ آباد میں 13.13 فیصد ، سوات میں 3.28، چارسدہ میں 1.29 فیصد رہی۔

ذرائع نے بتایا کہ 24 گھنٹے میں لاہور میں کورونا کی شرح 9.84 ، گجرات میں 2.16 فیصد، فیصل آباد میں کورونا کی شرح 5.87، گوجرانوالہ میں1.97 فیصد، بہاولپور میں کورونا کیسز کی شرح 6.45 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹے میں راولپنڈی میں کورونا کی شرح 12.54 فیصد اور کوئٹہ میں کورونا کیسز کی شرح 3.87 فیصد رہی جبکہ مظفرآباد میں کورونا کی یومیہ شرح 18.25 ، میرپور میں 12.64 فیصد ہوگئی۔