جمعہ, مئی 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12240

چھوٹی سی بچی کی معصومیت، ہاتھوں کو سینیٹائز کرنے کی ویڈیو وائرل

0
بچی کی معصومیت

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس نے اپنی تباہ کاریوں سے لوگوں کے معمولات زندگی درھم برھم اور معیشت کو شدید متاثر کیا ہے جس کے پیش نظر تمام ممالک اس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دے رہے ہیں۔

گزشتہ سال سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے ماہرین صحت لوگوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور ہاتھوں کو بار بار سینیٹائز کرنے کے ہدایت کررہے ہیں۔

اسی ہدایت پر سب ہی تقریباً سب ہی عمل کررہے ہیں، ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے کہ جس میں ایک چھوٹی سی پیاری اور معصوم بچی اپنے والدین کی نقل کرتے ہوئے ہاتھوں کو با بار سیناٹائز کررہی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پیاری سی بچی کسی سینیٹائزر سے نہیں بلکہ ہر اس باکس نما چیز پر جو دیوار میں لگی ہوئی ہے اسے سینیٹائزر سمجھ کر چھو نے کے بعد ہاتھوں کو مل رہی ہے ، یہ منظر دیکھ کر دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل جاتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں بچی کا وائرس سے بچاؤ کا عزم دیکھا جاسکتا ہے کہ بچی ہر باکس کو ہاتھ لگاتی اور پھر انھیں اسی طرح ملتی جس طرح بڑے ہاتھوں کو ملتے ہیں۔

مذکورہ وائرل ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے جبکہ صارفین کو اس بچی کی معصومیت پر بہت پیار بھی آرہا ہے جس کا اظہار وہ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں کر رہے ہیں۔

بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر ہیں تو پیش کریں: احسن اقبال

0

لاہور: پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تجویز پر ن لیگ نے عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے، احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر بلاول کے پاس تحریک عدم اعتماد کے لیے نمبر ہیں تو پیش کریں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا تجربہ اچھا نہیں، اگر بلاول بھٹو کے پاس تعداد پوری ہے تو عدم اعتماد کی تحریک لے آئیں، ہم سینیٹ میں نمبر ہونے پر بھی کامیاب نہیں ہوئے تھے، ہماری اکثریت تھی پھر بھی ہرا دیا گیا۔

انھوں نے کہا حکومت کے خلاف فیصلہ کن مارچ ہی واحد راستہ ہے، حکومت سے نجات کے لیے لانگ مارچ ضروری ہے، مارچ کا مہینہ مارچ کے لیے اچھا رہے گا۔

ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد کو دھوکا قرار دے دیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز لاڑکانہ میں بلاول بھٹو نے اعلان کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے، تاہم آج ن لیگ نے اس کی تجویز کی مخالفت کر دی ہے، ن لیگ پی ڈی ایم اجلاس میں تحریک عدم اعتماد لانے کے مشورے کی مخالفت کرے گی، اور تحریک عدم اعتماد کاحصہ نہیں بنے گی۔

پی ڈی ایم میں اختلاف، اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق نہ ہو سکا

ن لیگ کا مؤقف ہے کہ عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پی ڈی ایم کا وجود ختم ہو جائے گا اور عمرا ن خان مزید طاقت ور ہو جائیں گے۔

اِن ہاؤس تبدیلی کے سلسلے میں پی ڈی ایم کی چار جماعتیں مخالف سمت میں کھڑی ہو گئی ہیں، جب کہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وار کرنا ہے تو اسمبلیوں میں کرنا ہے جمہوری طریقہ یہ ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں۔

چہرے کی خوبصورتی کو مصنوعی بولنے پر اداکارہ سیخ پا

0

لاس اینجلس: امریکا کی مشہور گلوکارہ اور اداکارہ جینیفر لوپیز چہرے کی خوبصورتی کو مصنوعی قرار دینے پر سیخ پا ہوگئیں۔

امریکی اداکارہ نے نے دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور فوٹو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ دعویٰ کررہی تھیں کہ فیس ماسک کے استعمال کے بعد اُن کا چہرہ نکھر گیا۔

اس ویڈیو پر اداکارہ کے ایک مداح نے لکھا کہ ’کیا میں اس بات کا ذکر کرسکتا ہوں کہ جب آپ بات کر رہی ہوتی ہیں تو آپ کی پیشانی اور بھنوئیں ایک جگہ ٹھہر جاتی ہیں، جس کی وجہ سے چہرے کی جھریاں نظر آتی ہیں‘۔

مداح نے لکھا کہ ’بھنوئیں اور پیشانی ایک جگہ ساکت ہونے کا مطلب ہے کہ آپ نے لازمی طور پر بوٹوکس کروایا ہے اور یہ ایک سے زائد بار کرواچکی ہیں، لیکن میں کہوں گا کہ یہ سب اچھا ہے‘۔

مداح کے کہنے کا مطلب تھا کہ اداکارہ نے اپنے چہرے کی خوبصورتی کو مصنوعی طریقوں کے استعمال سے برقرار رکھا ہوا ہے۔

جینیفر نے جب یہ تبصرہ پڑھا تو وہ خوبصورتی کو مصنوعی کہنے پر سیخ پا ہوگئیں اور انہوں نے لکھا کہ ’میرے چہرے پر جھریاں نہیں ہیں اور انہیں‌ آنے میں ابھی دس سال لگیں گے‘۔

گلوکارہ نے لکھا کہ ’میں ایمانداری سے یہ بات کہتی ہوں کہ ابھی تک اپنے چہرے پر ایک بھی جھری نہیں دیکھی، میں اس سے پہلے پچاس کروڑ بار بتا چکیں ہوں کہ میں نے کبھی خوبصورتی کے لیے انجکشن لگوایا اور نہ ہی کبھی سرجری کروائی‘۔

موٹرسائیکل چلانے والوں کے لیے خوش خبری، حادثے میں چوٹ نہیں لگے گی

0

اسٹاک ہوم: سوئیڈن کے ڈیزائنر نے موٹرسائیکل سواروں کے لیے ایسی پتلون متعارف کرائی ہے جو انہیں حادثات میں چوٹ لگنے سے محفوظ رکھ سکیں گے۔

موٹرسائیکل کی سواری کو دنیا بھر میں خطرناک سمجھا جاتا ہے کیونکہ دو پہیوں کی گاڑی کبھی اور کسی وقت بھی توازن خراب ہونے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوسکتی ہے جس کے نتیجے میں رائیڈر کے چوٹ لگتی ہے جبکہ تیز رفتاری کے باعث بھی بہت سے موٹرسائیکل سوار اسپتالوں کو پہنچ جاتے ہیں۔

موٹرسائیکل کے کچھ ایکسیڈینٹ تو اس قدر خطرناک ہوتے ہیں جس میں بائیک سوار کو یا تو جان کی بازی ہار جاتے ہیں یا پھر انہیں معذوری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ویسے تو دنیا بھر میں موٹرسائیکل چلانے والوں کو بار بار ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ رائیڈنگ کے دوران ہیلمٹ کا استعمال کریں اور تیز رفتاری سے گریز کریں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سویڈن کے ایک ڈیزائنر نے اس ساری باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایسی جینز کی پینٹ تیار کی ہے جو انہیں حادثات سے بچا سکتی ہے۔

موٹر سائیکل کے حادثات میں ہونے والے نقصانات اور رائیڈر کو زخموں سے بچانے کیلئے ڈیزائنر نے پینٹ میں ایئر بیگ شامل کیا جن میں  موٹر سائیکل کے گرتے ہی ہوا بھر جائے گی۔

ڈیزائنر کے مطابق کسی بھی حادثے کی صورت میں ایئربیگز فوری طور پر پھول جائیں گے، اس کی وجہ سے موٹرسائیکل سوار کو چوٹ کم آنے کا امکان ہے۔

موسس شاہریور نامی انجینئر نے یہ جینز تیار کی ہے، وہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے اس سے قبل بھی جیکٹ بناچکے ہیں جس میں ایئربیگ لگے ہوئے ہیں، اب اُس جیکٹ کو دنیا بھر میں استعمال بھی کیا جارہا ہے۔

حادثے کی صورت میں اگر  بائیک رائیڈر جیکٹ پہنا ہو تو  اُس کی گردن، دونوں بازو، کمر، سینہ اور ریڑھ کی ہڈی سمیت جسم کے دیگر اعضا محفوظ رہتے ہیں۔

موسس کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ جیکٹ بھی کافی مفید ہے تاہم یہ ضرورت بہرحال محسوس کی جارہی تھی کہ کسی بھی حادثے میں بائیکرز کی ٹانگیں بری طرح متاثر ہوتی ہیں، میں نے اسی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایئربیگ والی جینز پر کام شروع کیا۔

انہوں نے اس جینز کے حوالے سے معلوماتی ویڈیو بھی شیئر کی ہے تاکہ موٹرسائیکل چلانے والوں کو اس پینٹ کی افادیت کا علم ہوسکے۔ انجینئر کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل چلانے والے ایک ڈوری موٹر سائیکل کے ساتھ باندھ دیں گے، حادثے کی صورت میں جب ڈوری کھنچے گی تو فوری طور پر ٹانگوں کے اوپر ایئربیگز میں ہوا بھر جائے گی جس سے چوٹ لگنے کے امکانات کم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پینٹ فی الحال سوئیڈن میں ہی دستیاب ہے، معاشی ضروریات پوری ہونے کے بعد جلد ہی دیگر ممالک کو بھی یہ بھیجی جائیں گی، وہ پرامید ہیں کہ 2022 تک یہ پینٹ دنیا بھر میں دستیاب ہوگی۔

موسس کے مطابق وہ یورپی یونین کے ہیلتھ اینڈ سیفٹی اسٹینڈرڈ کے مطابق کام کرنے کے خواہش مند ہیں، جیکٹ کے بعد پینٹ کو بھی اسی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

ترکی میں غیر ملکی ملازمت کیسے حاصل کریں؟

0

انقرہ: ترکی میں رہنے اور کام کرنے کے خواہش مند غیر ملکیوں کے لیے موجودہ قوانین کی بدولت نوکری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کی وزارت مزدور و سماجی تحفظ سے منظور شدہ زیادہ تر درخواستوں کا اجرا ترکی کے سب سے اہم اور گنجان آباد شہر استنبول میں کیا جاتا ہے۔

ترکی میں غیر ملکی افراد مختلف شعبوں میں نوکری کر سکتے ہیں البتہ کچھ شعبوں میں فی الحال مواقع محدود ہیں جیسے کہ سیکیورٹی، سمندری شعبہ، نرسنگ ہومز، دندان سازی، ویٹرنری میڈیسن، فارمیسی وغیرہ۔

رپورٹ کے مطابق قوانین تبدیل ہونے کی گنجائش ہمیشہ موجود ہوتی ہے اس لیے ان شعبوں میں نوکری کے خوہشمند افراد سرکاری ویب سائٹس کا وزٹ کرتے رہیں، علاوہ ازیں سرکاری دفاتر میں نوکری کے لیے ترک شہری ہونا شرط ہے۔

کچھ غیر ملکی اپنی مادری زبان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹور گائیڈ بننا چاہتے ہیں، اس نوکری کے لئے کئی سال کی تربیت اور تجربہ درکار ہوتا ہے۔

ترکی میں غیر ملکیوں کے لیے موزوں کام ٹریول یا رئیل اسٹیٹ کنسلٹنٹ، بیبی سیٹنگ، ہوٹلوں میں اینیمیٹر وغیرہ سمجھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ غیر ملکی افراد سرکاری اہلیت کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ نجی اسکولوں میں پڑھا سکتے ہیں، کچھ غیر ملکی اپنی صلاحیتوں اور اہلیت کی بنیاد پر بین الاقوامی کمپنیوں کا بھی حصہ بن سکتے ہیں۔

غیر ملکیوں کے لئے ممنوع پیشوں کے قانون سے ترک نژاد غیر ملکیوں کو استثنی حاصل ہے، ترک نژاد غیر ملکیوں کو ورک پرمٹ سے مستثنیٰ نہیں ہے البتہ صرف تشخیصی حصے سے استثنیٰ حاصل ہو گی۔

ترک نژاد غیر ملکی ورک پرمٹ حاصل کرکے کام کرسکتے ہیں تاہم ترک نژاد غیر ملکیوں کو ان ملازمتوں کی بھی اجازت ہو گی جن کی ترک قانون کے مطابق غیر ملکیوں کواجازت نہیں ہے۔

ترکی میں انجینئروں اور آرکیٹیکٹ کے لیے قوانین سخت ہیں، ترک انجینئرز اور آرکیٹیکٹس یونین کے قانون کے مطابق ترکی میں انجینئرنگ اور فن تعمیراتی پیشوں میں کام کرنے کے لیے یونین میں شامل ہونا لازمی ہے۔

غیر ملکی انجینئروں کو وزارت مزدور اور سماجی تحفظ کی طرف سے جاری کردہ ورک پرمٹ کے بعد ملازمت دی جاسکتی ہے، اس کے علاوہ اگر وہ ترکی میں ایک ماہ سے زیادہ رہائش پذیر ہیں تو یونین میں عارضی طور اندارج کروا سکتے ہیں۔

جعل ساز نے بینک سے منسوخ شدہ چیک کیسے کیش کرایا ؟

0
منسوخ چیک

جونپور : بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر جونپور میں ضلع مجسٹریٹ کے دفتر کے سامنے واقع بینک میں جعلسازی کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔

ضلع بنارس کی مقامی کمپنی کا رکن جونپور کے تاجر رہنما صدام حسین کو قرضہ دینے کی غرض سے 20 جنوری کو ان کی دکان پر آیا۔

قرضہ کی کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لئے اس شخص نے تاجر رہنما سے چند ضروری کاغذات کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ایک کینسل (منسوخ شدہ) چیک بھی مع دستخط کے طلب کیا۔

اس شخص کو کینسل چیک اور دستاویز مہیا کرنے کے بعد اگلے ہی روز 21 جنوری کو منسوخ شدہ چیک کے ذریعے کھاتے سے جعل سازی کرکے اس کارکن نے کھاتے سے95 ہزار5سو روپے نکلوا لیے۔

موبائل میسج کے ذریعہ سے معلومات حاصل ہونے کے بعد تاجر نے بینک سے رابطہ کیا تو پوری حقیقت سامنے آگئی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے متاثرہ تاجر صدام حسین نے بینک عملے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام بینک کی ملی بھگت کی وجہ سے عمل میں آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ چاہتے ہیں کہ پولیس ان کی مدد کرے اور ٹرانزکشن شدہ پیسے واپس دلوائے، اب کاروباری رہنما صدام حسین مدد و انصاف کی تلاش میں بینک کا چکر کاٹ رہے ہیں۔

بھارت : ارنب گوسوامی مزید مشکل میں، ملک بھر میں مظاہرے

0
ارنب گوسوامی

بہار : بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ بڑھتا جارہا ہے۔ مظاہرین کی جانب سے ریپبلک ٹی وی لائسنس کو منسوخ کرنے اور ارنب کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

بھارتی ریاست بہار کے ضلع دربھنگہ میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا نے ارنب گوسوامی کے لیک ہونے والے واٹس اپ چیٹ کے بعد ریپبلک ٹی وی کے لائسنس کو منسوخ کرنے اور ارنب کو یو پی اے کے تحت گرفتار کرنےکا مطالبہ کیا ہے۔

ایس ڈی پی آئی نے ان انکشافات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ارنب گوسوامی کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش کرنے اور مہاراشٹر حکومت کی جانب سے اعلیٰ سطح انکوائری کے مطالبے کے حوالے سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے رہنماؤں نے سوال اٹھایا کہ قومی سلامتی سے متعلق معلومات کو ارنب گوسوامی تک کون پہنچا رہا تھا۔ اس کی معلومات کیلیے ارنب اور اس کے موبائل فون کو چیک کیا جائے۔

اس سے پوچھا جائے کہ وہ کیوں ہمارے40 فوجیوں کی لاشوں پر جشن منارہا تھا۔ارنب اپنے چینل کی ریٹنگ کیلئے قوم پرست ہونے کا دعویٰ کرتا ہے جبکہ اس نے بھارت پر ہونے والے ایک دہشت گرد حملے کا جشن منایا۔

مظاہرین نے کہا کہ ایک واٹس اپ چیٹ سے ارنب بے نقاب ہوا ہے۔ بی جے پی اور ارنب کی گٹھ جوڑ کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی عوام جاننا چاہتی ہے کہ کیا اس کے فون کو ضبط کرکے تحقیقات کی جائے گی۔

ایس ڈی پی آئی رہنماؤں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں ارنب کی ضمانت کیلئے مداخلت کی تھی، اب ملک کو اس سے بچانے کیلئے سپریم کورٹ کو کارروائی کرنی ہوگی۔

اب بھارت جاننا چاہتا ہے کہ ملک کو کس سے زیادہ خطرہ ہے، اب کون غدار ہے کسان رہنما یا ارنب گوسوامی؟ اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ ارنب کے فون کالز کی تحقیقات کی جانی چاہیے۔

پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا، کراچی والوں کے لیے متبادل ٹریفک پلان جاری

0

کراچی: محکمہ ٹریفک پولیس نے نیشنل اسٹیڈیم  میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے پیش نظر متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا جس پر شہریوں سے عمل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور قومی ٹیم کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں 26 سے 30 جنوری تک سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، اس دوران اسٹیڈیم اور اُس کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت مکمل بند رہے گی۔

کراچی ٹریفک پولیس نے میچز کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر اور یقینی بنانے کے لیے متبادل پلان مرتب کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل روٹ کا استعمال کریں۔

محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے متبادل ٹریفک پلان کے مطابق صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک اسٹیڈیم اور اطراف کی سڑکیں بند رکھیں جائیں گی۔ درج ذیل شاہراہوں کو استعمال کرنے والے حضرات زحمت و پریشانی سے بچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں۔

کارساز :

شارع فیصل سے براستہ حبیب ابراہیم رحمت اللہ روڈ جانب  سر شاہ سلیمان روڈ پر تمام قسم کی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا۔ شہری کارساز،  ڈرگ روڈ اور شاہراہ فیصل سے بائیں جانب راشد منہاس روڈ،  ملینیم  سے  نیپا کا راستہ لیں، اسی طرح ایئر پورٹ سے آنے والے حضرات ڈرگ روڈ سے دائیں جانب راشد منہاس روڈ،   ملینیم  اور نیپا  راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

ملینیم مال گلستان جوہر راشد مہناس روڈ :

راشد منہاس روڈ ملینیم مال سے اسٹیڈیم براستہ ڈالمیا روڈ عام پبلک  کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شہری نیپا، عسکری فور IV، ڈرگ روڈ    سے شاہراہ فیصل  یا  ملینیم  سے  نیپا اور صفورا  سے  گلشن چورنگی اور پھر سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔

حسن اسکوائر فلائی اوور:

لیاقت آباد سے براستہ حسن سکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم  روڈ  پر عام پبلک  کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام ٹریفک کو یونیورسٹی  روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا، شہری یہی راستہ اختیار کر کےاپنی منزل کی جانب جا سکیں گے۔

نیو ٹاؤن:

یونیورسٹی روڈ اور نیو ٹاؤن ٹرننگ سے اسٹیڈیم روڈ پر عام پبلک کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہری متبادل روٹ کے طور پر جیل چورنگی سے شہید ملت یا پیپلز چورنگی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں ۔ آغا خان ہسپتال  اور  لیاقت نیشنل اسپتال اور اطراف کے رہائشی والے حضرات نیو ٹاؤن تھانہ کی طرف سے آئیں ٹریفک پولیس کا عملہ ان کی مکمل رہنمائی اور تعاون کے لیے ہمہ وقت موجود ہوگا۔

ہیوی ٹریفک کے لیے متبادل روٹ

 سہراب گوٹھ سے نیپا اور  لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر ، پی پی چورنگی سے یونیورسٹی روڈ جبکہ کارساز سے اسٹیڈیم اور  ملینیم مال تا نیو ٹاؤن پر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

محکمہ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زحمت و پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے متبادل روٹ پلان پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ٹریفک پولیس سے تعاون کریں جبکہ شہری سروس روڈ یا سڑک کے کنارے پر گاڑی پارک کرنے سے بھی گریز کریں۔

ٹریفک پولیس سیکشن کی جانب سے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن نمبر 1915 کا اجرا کیا گیا ہے جہاں نمائندے رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے،  علاوہ ازیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیسے فیس بک اور واٹس ایپ کا نمبر بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ شہری ایف ایم ریڈیو 88.6 سے بھی اپ ڈیٹ حاصل کرسکیں گے۔


فیس بک: www.facebook.com/karachitrafficpolice

واٹس ایپ: 03059266907

بابر اعظم اور سرفراز کے درمیان دلچسپ مقابلہ

0

کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز سے قبل کراچی میں پریکٹس سیشن میں مصروف ہیں، پریکٹس سیشن کے دوران قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سابق کپتان سرفراز احمد کی ٹیموں کے درمیان کیچ پکڑنے کا مقابلہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا، ٹریننگ کے لیے کھلاڑیوں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، ایک گروپ کی سربراہی سرفراز اور دوسرے کی بابر اعظم نے کی۔

کھلاڑیوں کے دونوں گروپس کے درمیان کیچ پکڑنے کا دلچسپ مقابلہ ہوا، دونوں گروپس ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لیے پرجوش نظر آئے۔

قبل ازیں دونوں ٹیموں کو آج صبح سخت حفاظتی حصار میں نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: یاسر شاہ پروٹیز کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم

جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آج پہلی بار نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، اسٹیڈیم میں پچ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اسٹیڈیم بھی منگل سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

جنوبی افریقی ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی دو ایسے کرکٹرز ہیں جو جنوبی افریقہ کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

پی ڈی ایم میں اختلاف، اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق نہ ہو سکا

0

اسلام آباد: گیارہ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں حکومت کے خلاف اِن ہاؤس تبدیلی پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہو سکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں ان ہاؤس تبدیلی کے سلسلے میں اختلاف برقرار ہے، اپوزیشن کے اتحاد میں حکومت کے خلاف حکمت عملی پر ایک رائے قائم نہیں ہو سکی ہے، پی ڈی ایم کی 4جماعتیں اِن ہاؤس تبدیلی کی مخالف ہیں، جب کہ پیپلز پارٹی اور دیگر چھوٹی جماعتیں اس کی حامی ہیں۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کے خلاف سخت گیر مؤقف کی حامی نہیں، بلاول بھٹو، اختر مینگل اور آفتاب احمد خان شیر پاؤ اِن ہاؤس تبدیلی کے حامی ہیں، نیز، پیپلز پارٹی جمہوری عمل کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، اور اس کا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ سے باہر کوئی بھی عمل جمہوریت کو ڈی ریل کر سکتا ہے۔

ن لیگ نے تحریک عدم اعتماد کو دھوکا قرار دے دیا

تاہم پی ڈی ایم میں شامل بعض جماعتیں اِن ہاؤس تبدیلی نہیں چاہتی، اور یہ جماعتیں حکومت کے خلاف سخت گیر مؤقف کی حمایتی ہیں، مولانا فضل الرحمان، میاں نواز شریف، ساجد میر، اویس نورانی اور بعض دیگر رہنما اِن ہاؤس تبدیلی کے حامی نہیں ہیں۔

پیپلز پارٹی سے اس بارے میں وضاحت طلب کرنے کی اطلاعات بھی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل متعدد جماعتوں نے صورت حال پر سربراہ اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے اور وہ حکومت کے خلاف حکمت عملی مؤثر بنانے پر زور دے رہے ہیں۔