ہفتہ, جولائی 5, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 12252

شان مسعود نے کاؤنٹی کرکٹ‌ میں‌ ‌بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

0

پاکستانی بلے باز شان مسعود نے برطانوی کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبیو کرتے ہی ڈبل سنچری بناکر تاریخ رقم کردی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے بہت سے کھلاڑی ان دنوں کاؤنٹی کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کےلیے برطانیہ میں موجود ہیں اور مختلف ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ان دنوں شان مسعود کے ہر طرف چرچے ہورہے ہیں جنہوں نے کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبیو کرکے دوسرے ہی میچ میں ڈربی شائر کےلیے ڈبل سنچری اسکور کی ہے۔

شان مسعود پاکستان کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے اوپننگ بلے باز ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شان مسعود نے ڈربی شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے سسکس کے خلاف 201 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستانی بلے باز کے 201 رنز اور وین میڈسن کے 88 رنز کی بدولت ڈربی شائر دو وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز اسکور کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ کاؤنٹی کرکٹ میں محمد رضوان سسکس کی جانب سے کھیل رہے ہیں جب کہ محمد عباس ہیمپ شائر، حسن علی لنکا شائر، ظفر گوہر گلاسٹر شائر اور حارث رؤف یارک شائر کی نمائندگی کررہے ہیں جب کہ گلاسٹر شائر نے نسیم شاہ کو کندھے کی انجری کے باعث راؤنڈ ٹو میں آرام دے دیا۔

شہباز شریف کا عمران خان پر توشہ خانہ سے کروڑوں کی گھڑی، ہار اور انگوٹھی بیچنے کا الزام

0

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان پر توشہ خانہ سے کروڑوں کی گھڑی، ہار اور انگوٹھی بیچنے کا الزام عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو حق ہے جلسے جلوس کریں تاہم انتشار اور بد امنی کی طرف نہیں جانا چاہئے، کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی مگر قانون اپنا راستہ لے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف شرائط سخت ہیں مگر جانا پڑے گا اور لنگرخانے بند نہیں کریں گے بجلی کارخانے بد انتظامی،خام تیل نہ ہونے کے باعث بند پڑے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاکر سابق سفیرکوبلائیں گے ، ہمارابیانیہ صرف کام ہے کام کرتے رہیں گے۔

تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ استعفے دینا پی ٹی آئی کا حق ہےایوان کام کرتا رہےگا، سابق حکومت نے چینیوں پر نشتر چلائے لیکن ہماری حکومت پر عالمی رد عمل حوصلہ افزا ہے۔

شہباز شریف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو 9،8 کروڑ کی گھڑی ملی وہ دبئی میں بیچ دی ، عمران خان نے ایک ہار اور انگوٹھی بھی بیچ دی۔

نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جب ڈاکٹر اجازت دیں گے واپس آئیں گے۔

دوسری جانب فوادچوہدری نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں شہباز شریف کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گھڑی پر شہبازشریف کو اعتراض کیا ہے ، گھڑی میری ہے بیچ دوں تو ان کو کیا اعتراض ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کنفیوژ ہیں انھیں سمجھ نہیں آرہا الزام کیسے لگانا ہے، عمران خان پر کیچڑ اچھالنے سے یہ خود گندے ہورہےہیں ، عمران خان تک کیچڑ پہنچ نہیں رہا الٹا یہ خود کالے ہورہےہیں۔

صیہونی فورسز کا ایک بار پھر مسجد اقصیٰ پر حملہ ، نمازیوں پر گولیاں برسادیں

0

غزہ : قبلہ اول پر ایک بار پھر صیہونی فورسز کی یلغار نے حملہ کردیا اور نمازیوں پر گولیاں برسادیں، فائرنگ اور شیلنگ سے 150 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جارحیت عروج پر ہے ، ماہ رمضان کے دوسرے جمعہ کو صیہونی فورسز نے قبلہ اول کو میدان جنگ بنا دیا۔

فلسطینی حکام نے بتایا کہ صیہونی فورسز نے ایک بار پھر مسجد اقصہ پر حملہ کردیا، صیہونی فورسز جوتوں سمیت مسجد میں داخل ہوئی اور نمازیوں پر براہِ راست گولیاں چلادیں۔

مسجد کے احاطے میں فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 150 سے زائد  فلسطینی زخمی ہوگئے۔

حکام کا کہنا تھا کہ نماز فجر کے بعد لوگ عبادت میں مصروف تھے کہ اسرائیلی دندناتی ہوئی اندر داخل ہوئی ، پہلے آنسو گیس کے شیل برسائے اور پھر نمازیوں پر فائرنگ کی، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی اور مسجد کا احاطہ دھوئیں سے بھر گیا۔

اسی دوران قابض فورسز نے فلسطینی نوجوانوں پرتشدد بھی کیا اور کئی فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کرکے لے گئی۔

خیال رہے ماہ رمضان کے دوران بھی اسرائیلی فورسز کی جارحیت جاری ہے، پرتشدد کارروائیوں میں چار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ

0

باغبانی کے شوقین افراد نئے نئے تجربات کرتے رہتے ہیں، ایسے ہی ایک شخص نے ایک تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے ہرٹ فورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے باغبان نے ایک ہی تنے پر سینکڑوں ٹماٹر اگانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔

ڈگلس اسمتھ نامی انگلش باغبان سابق ​​ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جو کہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کسی کے لیے بھی توڑنا ایک امتحان بن چکا تھا۔

اسمتھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پچھلے سال اپنے گرین ہاؤس میں ایک پودے پر 839 ٹماٹر اگائے تھے جبکہ اب وہ اپنے پودے کے ایک ہی تنے پر 12 سو 69 ٹماٹر اگا کر ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اسمتھ کے مطابق انہیں یہ ریکارڈ بنانے میں کئی برس لگے ہیں۔

نیزہ بازی ورلڈکپ جیتنے کیلیے پاکستانی کھلاڑیوں نے کمر کس لی

0
فائل فوٹو

نیزہ بازی ورلڈ کپ جیتنے کے عزم کے ساتھ پاکستان نیزہ بازی ٹیم نے کمر کس لی، کھلاڑیوں نے غیر ملکی کوچ سے تربیت لینا شروع کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی آئی ٹی ایف ورلڈ کلاس کوچ ڈیلائن پخشا ماڈرن پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ کررہے ہیں۔

اس سلسلے میں جھنگ میں تربیتی کیمپ لگایا گیا ہے جہاں ڈیلائن پخشا پاکستانی نیزہ بازوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے جنوبی افریقی کوچ ڈیلائن کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی نیزہ بازی ورلڈ کپ جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، جب کہ پاکستان نیزہ بازی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ جنوبی افریقی کوچ ماڈرن انداز سے کوچنگ کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ نیزہ بازی کا ورلڈکپ آئندہ سال جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا جبکہ نیزہ بازی ورلڈ کپ کوالیفائرز پاکستان میں ہونگے۔

وفاقی کابینہ کی تشکیل : وزیراعظم نے اتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا

0

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نےاتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعوکر لیا، اتحادی رہنماوں سے مشاورت کے بعد آج کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر وزیراعظم شہبازشریف نےاتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعوکر لیا ، جس میں اتحادی رہنماوں سے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت ہو گی۔

پیپلز پارٹی کابینہ میں شمولیت سے متعلق فیصلہ تاخیر کا شکار ہے تاہم آج کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے پیپلز پارٹی کو وفاقی حکومت میں بھرپور نمائندگی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، صدر پاکستان ، اسپیکرقومی اسمبلی، سینیٹ چیئرمین کاعہدہ اتفاق رائے سے پیپلز پارٹی کو دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 9 سے زائد وفاقی وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا اور مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ میں ناموں کا اعلان کیا جائےگا۔

ذرائع نے کہا تھا کہ راجہ پرویزاشرف اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے متوقع امیدوار ہیں جبکہ سینٹ چیئرمین کیلئے متوقع امیدوار یوسف رضا گیلانی ہوسکتے ہیں۔

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا آج ہونیوالا اجلاس عدالت میں چیلنج

0

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا آج ہونیوالا اجلاس جس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے تحریک کثرت رائے سے منظور کی گئی ہے مظفر آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی میں پی پی رہنما اور اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر اور چوہدری یاسین کی جانب سے اس حوالے سے ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن داخل کی گئی ہے۔

ہائیکورٹ میں دائر رٹ پٹیشن کی جسٹس شاہد بہاراور جسٹس سرداراعجاز پر مشتمل بینچ نے  ابتدائی سماعت کی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے اس رٹ پر 2 بجے فیصلہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر کے جاری اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر: نئے وزیراعظم کے انتخاب کی تحریک کثرت رائے سے منظور

تحریک کی منظوری کے وقت اپوزیشن نے اسمبلی میں شدید احتجاج بھی کیا۔

ن لیگ کی حکومت نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

0

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی حکومت نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اورپناہ گاہیں بندکرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہبازشریف نے واضح کیا عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری رہے گا، اسے مزید توسیع دی جائےگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نےبےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کوتعلیم کاذریعہ بنانےکافیصلہ کیا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے ، یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے ، منتخب وزیراعظم عوام کا دکھ ، درد اور احساس رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو خدمت کا جذبہ رکھتا ہے اور جو سلامتی ایشوز کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرتا۔

مرتے ہوئے شخص کو دکھائی دینے والے مناظر کی حقیقت کیا ہے؟

0

کچھ خوش قسمت افراد جو موت کے منہ سے واپس زندگی کی طرف پلٹ آتے ہیں کچھ عجیب و غریب مناظر کا ذکر کرتے ہیں جو انہوں نے زندگی اور موت کی سرحد پر دیکھے ہوتے ہیں، سائنس ان مناظر کی حقیقت جاننے کی کھوج میں ہے۔

آنکھوں کے سامنے سے لمحوں میں پوری زندگی کا گزرنا، کسی تاریک سرنگ کے دہانے پر روشنی اور دیگر چیزیں جن کے بارے میں اکثر موت کے منہ سے نکل کر زندگی کی جانب لوٹنے والے افراد بات کرتے ہیں۔

اس حوالے سے سائنس کچھ واضح طور پر کہنے سے قاصر ہے اور یہی وجہ ہے کہ سائنس دانوں نے اس حوالے سے پہلی بار ایک باقاعدہ نظر ثانی شدہ تحقیق کے نتائج جاری کیے ہیں۔

اس تحقیق کا بنیادی مقصد موت پر تحقیق کے اصولوں کو وضع کرنا تھا مگر اس کے ساتھ ساتھ دیگرچیزوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

امریکا کی نیویارک یونیورسٹی لینگون ہیلتھ اور دیگر اداروں کی اس تحقیق میں کہا گیا کہ 21 ویں صدی میں موت کی تعریف وہ نہیں جو ایک سو سال پہلے تھی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک سانس نہ لینے اور نبض تھم جانے کو موت کی بنیادی نشانی قرار دیا جاتا رہا مگر پھر طبی طریقے بہتر ہوئے تو ڈوب جانے والے افراد جن میں آکسیجن کی کمی اور نبض ختم ہوجاتی ہے، وہ اچھی قسمت اور طبی امداد کی مدد سے کئی گھنٹے بعد سانس لینے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارڈیک اریسٹ (دل کی دھڑکن رک جانا) ہارٹ اٹیک نہیں بلکہ یہ ایک بیماری یا واقعے (کسی فرد کی موت) کے آخری مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پی آر ٹیکنالوجی یا طریقے بہتر ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ موت ایک حتمی کیفیت نہیں بلکہ کچھ افراد میں اس کو ممکنہ طور پر ریورس بھی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی اور ذہنی افعال موت کے وقت رک نہیں جاتے بلکہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ موت کے وقت دل کے تھم جانے سے دماغی خلیات کو ناقابل تلافی نقصان نہیں پہچنتا بلکہ ان کے مرنے میں کئی گھنٹے یا دن لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ تحقیقی رپورٹس میں موت کے منہ سے واپس آنے والے افراد کے تجربات کو ثابت نہیں کیا جاسکا مگر ان کو مسترد بھی نہیں کیا گیا۔

ماہرین نے بتایا کہ بہت کم رپورٹس میں اس بات کی کھوج کی گئی کہ جب ہم مرتے ہیں تو کیا ہوتا ہے، مگر ان باتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ کس طرح انسانوں کا شعور برقرار رہتا ہے اور مزید تحقیق کا راستہ کھلتا ہے۔

اسی طرح جسم سے روح کے الگ ہونے، کسی منزل کی جانب سفر، زندگی کا بامقصد ریویو یا کسی ایسے مقام پر پہنچ جانا جو گھر جیسا لگے یا زندگی کی جانب لوٹ آنا کوئی واہمہ نہیں بلکہ کچھ اور یا حقیقت ہے۔

آزاد کشمیر: نئے وزیراعظم کے انتخاب کی تحریک کثرت رائے سے منظور

0

آزاد کشمیر اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کی تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، تحریک کی منظوری کے وقت اپوزیشن نے احتجاج کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلیے اسمبلی میں تحریک کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، اس موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

تحریک منظوری پر آزاد کشمیر میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نئے وزیر اعظم کےانتخاب کی کارروائی آئین اور قانون کیخلاف ہے۔

اس موقع پر رکن قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ آپ کیوں آئین کیخلاف اجلاس جاری رکھنا چاہتے ہیں، جہاں آئین خاموش ہو تو پھر روایات کا سہارا لیا جاتا ہے۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ عدم اعتماد کیلئے بلائے گئے اجلاس میں نئے قائد کے انتخاب کی کوئی روایت نہیں ہے اس لیے اس اجلاس کو ختم کرکے نیا اجلاس قائد ایوان کے انتخاب کیلیے بلایا جائے۔

اس موقع پر اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی انوار الحق نے کہا کہ آئین کی یہ پریکٹس ماضی میں پہلے بھی ہوچکی ہے اس لیے ووٹنگ کے ذریعے نئے قائد ایوان کو منتخب کرنے جارہے ہیں۔

علاوہ ازیں نئے وزیراعظم کیلیے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سردار تنویر الیاس نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جمہوری پارٹیاں اپنے اندر تبدیلیاں لاتی ہیں منتخب وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد اتنی بڑی بات نہیں

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے پاس اسمبلی کے معاملات کے اختیار ہیں جو بھی ہوگا آئین وقانون کے مطابق ہوگا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع ہے جس پر ووٹنگ کیلیے آج اجلاس بلایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

سردار عبدالقیوم نیازی کیخلاف عدم اعتماد تین روز قبل جمع کرائی گئی تھی جس پر 25 اراکین کے دستخط تھے۔