پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 14041

یومِ وفات: نام وَر مصوّر احمد پرویز نے تیز اور شوخ رنگوں میں‌ اپنی بے رنگ زندگی کو چھپائے رکھا

0

پاکستان سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ مصوّر احمد پرویز 1979ء میں آج ہی کے دن دارِ فانی سے کوچ کرگئے تھے۔ انھیں تجریدی مصوّر کے طور پر شہرت ملی۔

احمد پرویز 7 جولائی 1926ء کو راولپنڈی، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ تعلیم کا سلسلہ سینٹ جوزف کالج اور گورڈن کالج راولپنڈی میں مکمل کیا۔ وہ ایک سیماب صفت انسان تھے جن کی زندگی والدین کی علیحدگی اور دوسرے عوامل کے سبب متاثر ہوئی تھی اور خود انھوں نے بھی تین شادیاں کیں جو ناکام رہیں۔ یوں احمد پرویز کی ذاتی زندگی بھی ذہنی دباؤ اور کرب میں گزری۔

شراب نوشی نے انھیں اور ان کے اہلِ‌ خانہ کو مشکل سے دوچار کردیا تھا، وہ گھر اور آسائشوں سے دور ہوتے چلے گئے اور زندگی میں تلخیاں بڑھتی چلی گئیں۔ بعد میں بھی دوسری شادیاں ایسے ہی حالات کی وجہ سے ناکام ہوگئیں۔ تاہم انھوں نے اپنے فن میں کمال حاصل کیا اور دنیا بھر میں‌ پہچانے گئے۔

1952ء میں احمد پرویز کے فن پاروں کی پہلی نمائش جامعہ پنجاب لاہور کے فائن آرٹس ڈپارٹمنٹ میں منعقد ہوئی جسے اہلِ فن نے بے حد سراہا۔ 1955ء سے 1964ء تک وہ لندن میں قیام پذیر رہے اور 1966ء سے 1969ء تک امریکا کے شہر نیویارک میں وقت گزارا۔ اس دوران ان کا بڑے بڑے آرٹسٹوں اور آرٹ سے تعلق برقرار رہا۔ اس سے قبل بھی بیرونِ ملک رہتے ہوئے انھوں نے غیرملکی فن کاروں سے بہت کچھ سیکھا تھا اور تجریدی مصوّری میں ایک علٰیحدہ اور منفرد اسلوب کے مالک کہلائے۔

زندگی کے آخری دورمیں انھوں نے اپنے لیے گلدان اور پھول کے موضوع کا انتخاب کیا تھا۔ اس پر انھوں نے لاتعداد تصویریں بنائی تھیں۔ احمد پرویز کی مصوّری کی پہچان تیز اور شوخ رنگ تھے۔

حکومتِ پاکستان نے اس باکمال مصوّر کو 1978ء میں صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔

ورلڈ کپ سے قبل انگلش ٹیم کو دھچکا

0

لندن: ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو دھچکا لگ گیا۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر سیم کیورن ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے، سیم کیورن کمر کی انجری کا شکار ہوئے۔

انجرڈ سیم کیورن کی جگہ ٹام کیورن کو انگلش اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جبکہ ریس ٹوپلی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے ٹی 20 ورلڈکپ کے لیے ابتدائی 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

این مورگن ٹیم کی قیادت کریں گے، اسکواڈ میں معین علی، جونی بئیرسٹو، سیم بلنگز،جوس بٹلر، ڈیوڈ ملان ، سیم کیورن،کرس جارڈن،لیام لیونگسٹن، جیسن رائے،ڈیوڈ ولی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عادل رشید، ٹامل ملز، کرس ووکس اور مارک ووڈ بھی انگلش سکواڈ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔

ای سی بی کے مطابق ٹام کرن، لیام ڈاوسن اور جیمز ونس ریزرو کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں، انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ حتمی انگلش سکواڈ کا اعلان 10 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کا مسودہ تیار، قانون میں کیا تبدیلیاں کی گئیں ہیں؟

0

اسلام آباد: وزارت قانون نے نیب ترمیمی آرڈیننس کا حتمی مسودہ تیار کرلیا، جو کل وزیراعظم کو پیش کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز  سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیب ترمیمی آرڈینس کا حتمی مسودہ (ڈرافٹ فائنل) تیار کرلیا ہے ۔

انہوں نے مسودے کے چیدہ چیدہ نکات بتاتے ہوئے آگاہ کیا کہ ’ٹیکس کیسزکو نیب ڈیل نہیں کرے گا، یہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جائیں گے،  جب تک نئے چیئرمین نیب کا انتخاب نہیں ہوگا، اُس وقت تک پرانے چیئرمین کو کام کرنا ہوگا۔

فروغ نسیم کے موسودے میں واضح ہے کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر سےمشاورت کی جائےگی اور اگر مشاورت نہ ہوسکی تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا اور اگر وہاں بھی اتفاق نہ ہوا تو موجودہ چیئرمین کام جاری رکھیں گے‘۔

مزید پڑھیں: نیب ترمیمی آرڈیننس کل جاری کیا جائے گا

انہوں نے بتایا کہ ’چیئرمین نیب اور ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے شہباز شریف سے قانون کے مطابق مشاورت کا فیصلہ کیا ہے‘۔ وفاقی وزیر کا کہنا  تھا کہ ’کسی کے خلاف اگر کیسز ہیں تواس سےمشاورت نہیں کرنی چاہیے، مگر ہم مستقبل کے لیے قانون بنا رہے ہیں اس لیے اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کریں گے‘۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن چیئرمین نیب کےمعاملےکو سیاسی معاملہ نہیں بنا سکتی، جونئی ترامیم لارہےہیں اس پر اپوزیشن کو تنقید کا موقع نہیں ملےگا کیونکہ نئی ترامیم میں اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مشاورت کی شق شامل کی گئی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آئین کی خلاف ورزی ہو تو اس وقت ایشو بنتا ہے، نیب ترمیمی آرڈیننس آئین کے عین مطابق ہے اور اس سے دستور کی خلاف ورزی نہیں ہوگی، ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین نیب کی مدتِ ملازمت میں ناقابلِ توسیع کا لفظ بھی حذف کیا جارہا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف عدالت جانے کا عندیہ

اُن کا کہنا تھا کہ ’نیب عدالتوں کےججز کیلئے صوبائی چیف جسٹس سے مشاورت ہوگی، اگر کسی ریٹائرڈ جج کی تعیناتی کرنی پڑی تو حکومت یہ کام خود کرے گی‘۔ فروغ نسیم نے بتایا کہ نئے ڈرافٹ کے مطابق ضمانت کا اختیار ٹرائل کورٹ کو دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید کی مدت ملازمت 8 اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے، آرڈیننس کے بعد چیئرمین نئے چیئرمین کی تقرری تک کام جاری رکھ سکیں گے۔

خاتون کی گاڑی چُرانے والے کو لینے کے دینے پڑ گئے؟ ویڈیو وائرل

0

خاتون کی گاڑی چرانے والے چور کو لینے کے دینے پڑ گئے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں خاتون نے گاڑی چرانے والے مبینہ چور کو اپنی مرسڈیز بینز کے اندر ہی بند کرکے پولیس کو بلا کر اسے گرفتار کروادیا۔

طالبہ نے کلپ کو فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک شخص نے میری مرسڈیز اے 45 چرانے کی کوشش کی۔‘

گاڑی کی مالکن کے مطابق اس شخص نے گاڑی کے اگنیشن بٹن تک پہنچ کر گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہا۔

طالبہ نے اپنی مرسڈیز گاڑی کو 29 ستمبر کی رات گھر کے باہر کھڑا کیا تھا، اسی دوران انہوں نے دیکھا کہ کوئی شخص گاڑی کے اندر موجود ہے، خاتون نے وقت ضایع کیے بغیر گاڑی کی چابیاں اٹھائیں اور گاڑی کو دور سے ہی لاک کردیا۔

چور پولیس کے آنے تک گاڑی کے اندر ہی بند رہا، طالبہ نے بتایا کہ جب بھی اس شخص نے باہر نکلنے کی کوشش کی اس نے لگژری گاڑی کو دوبارہ لاک کیا اور کچھ کوششوں کے بعد اس نے ہار مان لی۔

طالبہ نے بتایا کہ اس شخص کو پولیس ہتھکڑیاں لگا کر تھانے لے گئی۔

کلبھوشن یادیو کیس: کیا بھارت نے اپنے جاسوس کو تنہا چھوڑ دیا؟

0

اسلام آباد: کیا بھارت نے اپنے جاسوس کو تنہا چھوڑ دیا ہے؟ پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی وکالت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن بھارت کی طرف سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا، آج بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے عدالت نے ہدایت کی کہ بھارت کو ایک اور مہلت دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو وکیل فراہمی کی وزارت قانون کی درخواست میں، بھارت کو وکیل مقرر کرنے کے لیے ایک اور مہلت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں لارجر بنچ نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے تناظر میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان اور عدالتی معاون ایڈوکیٹ حامد خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

اٹارنی جنرل نے حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی حکومت کو بھجوائی گئی دستاویزات عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا 5 مئی کو اس عدالت نے تفصیلی آرڈر پاس کیا تھا کہ ایک اور کوشش کی جائے، عدالت نے کہا تھا کہ بھارت کو کلبھوشن کے لیے وکیل کرنے کی کوشش کی جائے، بھارت کو عدالت کے آرڈر کے مطابق یہ پیغام پہنچایا گیا لیکن ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔

عدالت نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر ہم نے عمل کرانا ہے لیکن بھارت کواس میں دل چسپی نہیں ہے، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت کو ایسی صورت حال میں کیا کرنا چاہیے؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایسی صورت حال میں وفاقی حکومت نے بھارت کو درخواست دی تھی کہ کلبھوشن کے لیے وکیل مقرر کیا جائے، بھارتی حکومت اور کمانڈر کلبھوشن یادیو کے انکار پر ہی اس عدالت میں اپیل دائر کی گئی۔

حکومت کی اب اس عدالت سے استدعا ہے کہ کلبھوشن یادیو کے لیے نمائندہ مقرر کیا جائے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی نمائندہ مقرر ہونے پر بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد ہو سکے گا؟ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ویانا کنونشن کے مطابق کسی بھی غیر ملکی فوجی قیدی کو شفاف ٹرائل اور نظر ثانی اپیل کا حق ہے، عدالت نے کہا کہ ہم تو ویانا کنونشن کے قوانین کے تحت اس کیس میں جائیں گے، مگر حکومت کیسے اسے ہینڈل کرے گی؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ پاکستانی حکومت بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے کے تناظر میں اس عدالت میں آئی ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم کیسے نظر ثانی اپیل یا نمائندہ مقرر کر سکتے ہیں؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ نظر ثانی اپیل یا نمائندہ مقرر کرنے کے لیے کسی کو اپیل دائر کرنا ہوگا، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ عدالت نے نوٹسز جاری کیے تھے لیکن کلبھوشن اور بھارتی حکومت انکاری ہیں، عدالت نے کہا کہ اگر دونوں فریق نمائندہ مقرر کرنے سے انکاری ہیں، تو ہم کیسے فیئر ٹرائل کر سکتے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت عالمی عدالت انصاف کے ریویو اور ری کنسڈریشن کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد چاہتی ہے، عدالت نے کہا کہ ہم تو قونصلر رسائی کی حد تک اس کو دیکھ رہے ہیں، اس پر عمل درآمد تو ہو چکا، عدالت یا حکومت کو اس کے علاوہ کیوں دیکھنا چاہیے؟ کیا ریویو سوموٹو کی صورت میں عدالت لے سکتی ہے؟ یا الگ سے پٹیشن دائر ہوگی؟

اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم کہتے ہیں وکیل مقرر کیا جائے جو اس کیس میں کلبھوشن کی طرف سے ریویو دائر کرے گا، ہم کسی غیر ملکی وکیل کو یہاں پیش ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے، وہ یہاں سے وکیل کر سکتے ہیں، عدالت نے کہا کہ کلبھوشن اور بھارتی حکومت کو ایک اور ریمائنڈر بھی بھیجیں۔

عدالت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو کے لیے وکیل مقرر کرنے کی ایک اور مہلت دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور کلبھوشن یادیو کو اس عدالت کا آرڈر پہنچا دیں اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

بے بنیاد پروپیگنڈا بھارت کی مایوسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، آرمی چیف

0

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ جغرافیائی سرحدوں کےدفاع کے لیے تمام تر اقدامات بروئےکار لائے جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں علاقائی سیکیورٹی، بارڈر مینجمنٹ اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پرغور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پرمیں تفصیلی بات چیت کی گئی، شرکانے افغان سکیورٹی صورتحال اور انسانی بحران پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بامقصد گفتگو، عالمی تعاون سےافغانستان میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔

اجلاس کے شرکا نے پاکستان کوعدم استحکام کا شکار کرنےکی سازشیں ناکام بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ قربانیوں سےحاصل امن واستحکام کو تباہ کرنے کی سازش ناکام بنا دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان، سعودی عرب تعلقات مضبوط پارٹنر شپ میں بدل چکے

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے بھارتی ملٹری کےگمراہ کن پروپیگنڈےکا نوٹس لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جغرافیائی سرحدوں کےدفاع کے لیے تمام تر اقدامات بروئےکار لائیں گے۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ بےبنیاد پروپیگنڈ ابھارت کی مایوسی کا منہ بولتاثبوت ہے،پروپیگنڈاانسانی حقوق کی خلاف ورزی سےتوجہ ہٹانےکی کوشش ہے۔

پی سی بی کے ایک اور عہدیدار مستعفی

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد مستعفی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد نے استعفیٰ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو بھجوادیا۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سیریز میں ڈی آر ایس کی غفلت پر رمیز راجہ نے غصے کا اظہار کیا تھا، ڈی آر ایس انکوائری سے پہلے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بابر حامد گزشتہ کئی دنوں سے آفس نہیں آرہے تھے تاہم پی سی بی کی جانب سے استعفیٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بابر حامد کی تقرری سابق چیئرمین احسان مانی نے جون 2019 میں کی تھی۔

مزید پڑھیں: پی سی بی نے سلمان نصیر کو بڑا عہدہ دے دیا

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے سلمان نصیر کو پی سی بی کا عبوری چیف ایگزیکٹیو مقرر کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عبوری چیف ایگزیکٹیو کی تقرری پی سی بی آئین کی دفعہ آٹھ اعشاریہ چھ کے تحت کی گئی، سلمان نصیر پہلے ہی پی سی بی چیف آپریٹنگ آفیسر کےعہدے پر فائز ہیں۔

نئے چیف ایگزیکٹیو کی تقرری اشتہار کے بعد کی جائے گی، سلمان نصیر ان دنوں رمیز راجہ کے ہمراہ کراچی کے دورے پر موجود ہیں اور کرکٹ کی بہتری کےلیے مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔

نیب ترمیمی آرڈیننس کل جاری کیا جائے گا

0

اسلام آباد: اٹارنی جنرل خالد جاوید کا کہنا ہے کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کل جاری کیا جائے گا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈیننس کل جاری کیا جائے گا، چیئرمین کی تعیناتی، توسیع پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نئے قانون پر چیئرمین کو ہٹانے کا اختیار سپریم جوڈیشل کونسل کو ہوگا، یہ وہی طریقہ کار ہوگا جو آڈیٹر جنرل، عدلیہ ججز کے لیے ہے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ وہی طریقہ کار ہوگا جو ای سی ممبران، چیف الیکشن کمشنر کے لیے ہے، نئے قانون پر نیب عدالت کو ملزمان کو ضمانت دینے کا اختیار ہوگا۔

پیپلزپارٹی نے حکومتی فیصلہ مسترد کردیا

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے کل آرڈیننس لانے سے متعلق حکومتی فیصلہ مسترد کردیا۔

سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ آرڈیننس کے اوپر آرڈیننس لاکر پارلیمان کو غیرفعال بنادیا گیا ہے، کیا چیئرمین نیب تقرر اتنا بڑا مسئلہ ہے کہ آرڈیننس لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صدر خود معاملے کو دیکھیں، آرڈیننس کے سلسلے کو روکیں، مذاکرات کے لیے اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کی شرط سمجھ سے باہر ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پیپلزپارٹی پارلیمان میں آرڈیننس کی بھرپور مخالفت کرے گی، چیئرمین نیب تقرر سے متعلق قانون بڑا واضح ہے، حکومت شرائط رکھنے کے بجائے پارلیمانی روایت کے تحت مذاکرات کرے۔

ناراض اراکین کا جام کمال کو کل شام 5 بجے تک استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم

0

کوئٹہ: ناراض اراکین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو کل شام 5 بجے تک استعفیٰ دینے کا الٹی میٹم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے ناراض بی اے پی اور اتحادی اراکین نے وزیر اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

بی این پی عوامی کے رکن اسد بلوچ نے دھمکی دی ہے کہ جام کمال نے استعفیٰ نہ دیا تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف آپشنز کا اعلان کریں گے۔

میر اسد بلوچ نے تشویش کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں معاملات خراب ہوتے جا رہے ہیں، جام صاحب نے خود کو عقل کُل سمجھا اور اکیلے صوبہ چلانےکی کوشش کی، وہ مستعفی ہوں کیوں کہ استعفیٰ صوبے کے مفاد میں ہے، لیکن جام کمال بہ ضد ہیں، ہمارا یہ اتحاد عوام کو ریلیف دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

جام کمال کا استعفے سے متعلق وضاحتی بیان

صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ کچھ عرصے سے 11 بی اے پی، اور کچھ اتحادیوں نے وزیر اعلیٰ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا، ناراض اراکین کی تعداد 14 یا 15 ہے، وزیر اعلیٰ نے ایسی خبریں پھیلائیں کہ گروپ کے کچھ لوگ ٹوٹ گئے، اب ہم وزیر اعلیٰ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ باعزت طریقے سے استعفیٰ دے دیں۔

صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے بھی مطالبہ کیا کہ جام کمال بلوچستان اور بی اے پی پر رحم کھا کر استعفیٰ دیں، ہم بلوچستان عوامی پارٹی چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رکن صوبائی اسمبلی عبدالرحمان کھیتران کی جانب سے بے اے پی کے ناراض ارکان اور اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

ایس اوپیز پرعملدرآمد نہ کرنے پر 200 سے زائد وین اور بسوں پر جرمانے عائد

0

راولپنڈی : این سی اوسی نے ایس اوپیزپرعملدرآمد نہ کرنے پر 200سے زائد وین اور بسوں پر جرمانے عائد کردیے جبکہ کچھ ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی۔

تفصیلات کے مطابق این سی اوسی اور آرٹی اے راولپنڈی نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کیں‌ اور ایس اوپیزپرعملدرآمد نہ کرنے پر 200سے زائد وین اور بسوں پر جرمانے عائد کردیے۔

این سی اوسی کا کہنا ہے کہ خلاف ورزی پرکچھ ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی جبکہ بغیرویکسین بعض مسافروں کو سنگل ڈوز کین سائنو ویکسین بھی لگا دی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق میٹروبس راولپنڈی عملے اور مسافروں کےویکسین سرٹیفکیٹ چیک کیےگئے، میٹروبس کے تمام عملے کے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ موجود تھے، مہدایت کے مطابق میٹروبس کاعملہ صرف ویکسینیٹڈ مسافروں کو سہولت دےرہاہے ۔

حکام کا کہنا تھا کہ میٹرو بس میں سفر کیلئے آنیوالے بغیرویکسین مسافروں کو بھی موقع پرویکسین لگائی گئی ، میٹرو بس میں سفر کرنیوالے تمام مسافروں کے پاس ویکسینیٹڈ سرٹیفکیٹ موجود تھا ، راولپنڈی میں آن لائن بائیک سروس عملےکی بھی چیکنگ کی گئی۔