پیر, جون 30, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 14042

ورلڈ ملٹری شوٹنگ چیمپئن شپ لاہور گیریژن میں جاری

0

لاہور : ورلڈ ملٹری شوٹنگ چیمپئن شپ لاہور گیریژن میں جاری ہے، مردوں کی کیٹگری میں لیفٹیننٹ کرنل جنیدذوالفقار پہلے نمبرپر رہے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ورلڈملٹری شوٹنگ چیمپئن شپ لاہور گیریژن میں جاری ہے ، شوٹ گن مقابلوں میں مرد،خواتین کےکوالیفائی میچز ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ خواتین مقابلوں میں سری لنکا کی لانس کارپورل نتیشہ دامنی کی پہلی پوزیشن لی ، تیشہ دامنی نے 3راؤنڈز میں53 پوائنٹس حاصل کیے۔

ترجمان کے مطابق مردوں کی کیٹگری میں لیفٹیننٹ کرنل جنیدذوالفقار پہلے نمبرپر رہے ، لیفٹیننٹ کرنل جنیدنے65پوائنٹس حاصل کیے۔

خیال رہے دوسری آل پاکستان ٹرائی تھلون کا میلہ بہاولپور میں 16اکتوبر کو سجایا جائے گا، بہاولپور کور کے زیراہتمام ایونٹ میں 18سے 45 عمر کے افراد شرکت کرسکیں گے جن میں ارکان سول سوسائٹی، اساتذہ، طلباء، سرکاری ملازمین، پولیس، پاک فوج اور رینجرزکے اہلکار شامل ہوں گے۔

سعودی عرب: غیر ملکیوں پر بڑی پابندی عائد

0

ریاض: سعودی عرب میں غیر ملکی شہریوں پر مختلف سامان کی نیلامی میں بولی لگانے کی ممانعت کردی گئی، اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کو موقع فراہم کرنا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر جنرل انجینیئر سعید الغامدی نے کہا ہے کہ کسی سامان پر نیلامی میں غیر ملکی کارکنان کو بولی کی اجازت نہیں ہے۔

سعید الغامدی نے کہا کہ مفاد عامہ کی مارکیٹوں میں روزگار کے مواقع سعودیوں کو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت جدہ کی سینٹرل سبزی اور پھل منڈی کی قومی کمیٹی کی مدد سے لیبر مارکیٹ میں مقامی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ شریک کرنے کے لیے رابطے کر رہی ہے۔ وزارت کی کوشش ہے کہ معاشرے میں نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے ان کی راہ میں حائل ساری رکاوٹیں ختم کر دی جائیں۔

الغامدی کا کہنا تھا کہ ان کی وزارت نے سبزی منڈی میں پہلی بار ایک سعودی خاتون کو نیلامی کا لائسنس دیا ہے۔ وزارت ماحولیات و پانی و زراعت روزانہ کی بنیاد پر پھلوں، سبزیوں، گوشت اور چارے وغیرہ کے نرخ نامے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سبزی اور پھل منڈی سے سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والے غیر ملکیوں کو خارج کیا جائے گا اس کے لیے تمام اداروں کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔

الغامدی کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق بغیر لائسنس والے کسی بھی شخص کو نیلامی میں حصہ لینے کا حق نہیں، کوئی بھی غیر ملکی سامان پر نیلامی نہیں لگا سکتا۔ خلاف ورزی پر تمام سامان ضبط کر لیا جائے گا اور جرمانے بھی ہوں گے۔

فیس بک نفرت اور تشدد پر مبنی پوسٹس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے: سابق ملازمہ کا انکشاف

0

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی ایک سابق ملازمہ نے انکشاف کیا ہے کہ فیس بک کمائی کی خاطر نفرت اور تشدد پر مبنی پوسٹس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک کی ایک سابقہ ملازمہ نے انکشاف کیا ہے کہ کمائی کی خاطر سوشل ویب سائٹ کا الگورتھم اس انداز کا بنایا گیا ہے کہ وہ پرتشدد اور نفرت انگیز مواد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

فیس بک کی سابق ملازمہ فرانسس ہافن نے امریکی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فیس بک کو صارفین کی ذہنی صحت یا فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں، وہ صرف اپنی کمائی کو اہمیت دیتا ہے۔

فرانسس ہافن کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ فیس بک، تشدد اور نفرت انگیز مواد سمیت غلط معلومات پر مبنی پوسٹس کو ہذف کرتا ہے یا انہیں ہٹا دیتا ہے، تاہم ایسا نہیں ہے۔ ان کے مطابق فیس بک صرف 5 فیصد تک نفرت انگیز جب کہ ایک فیصد سے بھی کم پرتشدد مواد کو ہٹاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ رواں سال کے آغاز تک فیس بک کی ٹیم کا حصہ تھیں، بعد ازاں وہ ان سے الگ ہوگئیں اور ماضی میں وہ گوگل اور پن ٹرسٹ جیسی ویب سائٹس کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔

انہوں نے گوگل اور پن ٹرسٹ سے فیس بک کا موازنہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فیس بک ان سے زیادہ خطرناک اور پرتشدد مواد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

سابق ملازمہ نے الزام عائد کیا کہ فیس بک کا الگورتھم اس طرح کا بنایا گیا ہے کہ وہ مبہم اور غلط معلومات کو فروغ دیتا ہے، تاکہ لوگ کافی دیر تک ویب سائٹ پر چیزوں کو سرچ کرکے حقائق جاننے کی کوشش کریں، کیوں کہ ایسے عمل سے اس کی کمائی بڑھتی ہے۔

خاتون نے مذکورہ انکشافات حال ہی میں فیس بک کی جانب سے اندرونی طور پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا کہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے حوالے سے کی جانے والی تحقیقات کے پس منظر میں کیے۔

فیس بک کی اندرونی طور پر کی جانے والی تحقیقات سے ثابت ہوا کہ انسٹاگرام نوجوانوں کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔

مذکورہ تحقیق فیس بک کے زیر انتظام اندرونی طور پر 3 سال تک جاری رہی تھی جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ انسٹاگرام نوجوان صارفین بالخصوص لڑکیوں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج 2019 میں کمپنی کو پیش کیے گئے تھے جن میں دریافت کیا گیا کہ انسٹاگرام استعمال کرنے والی ہر 3 میں سے ایک نوجوان لڑکی کو باڈی امیج ایشو کا سامنا ہوتا ہے۔

ڈی پورٹ کیے گئے غیرملکیوں کیلئے اہم خبر، سعودی عرب واپس آسکتے ہیں؟

0

ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے مملکت سے ڈی پورٹ کیے گئے غیرملکیوں کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوازات کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک تارک وطن نے استفسار کیا کہ چھے برس قبل سعودی عرب سے ہروب کے نتیجے میں ڈی پورٹ کیا گیا ہوں، سعودی عرب دوبارہ آمد ممکن ہے؟۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے وضاحت پیش کی کہ قوانین کے تحٹ ڈی پورٹ (ترحیل ) ہونے والے تارکین وطن کو مملکت کے لیے تاحیات بلیک لسٹ کردیے جاتے ہیں، انہیں صرف عمرہ یا حج کے لیے آنے کی اجازت ہوتی ہے، ایسے افراد کسی بھی ورک ویزے کے ذریعے سعودی عرب میں داخل نہیں ہوسکتے۔

خیال رہے کہ نئے قانون سے قبل ڈی پورٹ ہونے والے تارکین کے لیے دوبارہ مملکت آنے کے لیے مخصوص برسوں کی پابندی عائد کی جاتی تھی لیکن اب پابندی کا سلسلہ تاحیات تک کردیا گیا ہے۔

نئے سعودی قوانین کے مطابق مذکورہ زمروں میں شامل افراد کبھی سعودی عرب نہیں آسکتے۔

واضح رہے کہ نئے امیگریشن ورہائشی قوانین کے بعد ڈی پورٹ یعنی ترحیل کے ذریعے ملک بدر کیے جانے والوں کو اب تاحیات ملازمت کے ویزے پربلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔

سعودی عرب : فضائی مسافروں کی سہولیات کیلئے اہم فیصلہ

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی سینٹرل بینک نے فضائی سفر کرنے والے مسافروں کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں جس کے تحت انہیں خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے سفری اور ہیلتھ انشورنس اسکیم میں اہم فرق اور فوائد کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ اندرون ملک ہیلتھ انشورنس اور سفری انشورنس کی خصوصیات، شرائط اور ضوابط میں کئی اہم فرق ہیں۔

اندرون ملک ہیلتھ انشورنس کرانے والے کو مملکت کے اندر میڈیکل اخراجات سے چھٹکارے کے ساتھ سفری انشورنس اسکیم کی بدولت سفر کے دوران پیش آنے والے خطرات کی کوریج حاصل ہوگی۔

ساما نے سفری انشورنس کے فوائد کے حوالے سے کہا کہ چھٹی گزارنے کے دوران یا اس سے قبل ہنگامی صورتحال پیش آجانے پر پرواز کی منسوخی یا پرواز منقطع ہونے پر جو اخراجات آئیں گے وہ سفری انشورنس کمپنی ادا کرے گی۔

پرواز کی منسوخی یا انقطاع سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ بھی کمپنی ادا کرے گی تاہم معاوضہ کتنا اور کیسا ہوگا اس کا فیصلہ انشورنس اسکیم کی شرائط اور ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران انسان حادثات سے دوچار یا بیماری میں مبتلا ہوجاتا ہے اس کے امکانات سفر میں بڑھ جاتے ہیں، سفری انشورنس کرانے والے شخص کو اس کا فائدہ ہوگا۔

سفر کے دوران ایئرپورٹ یا ٹرانسپورٹ وسائل یا ہوٹل یا رہائش فراہم کرنے والے ادارے کے یہاں سامان گم ہو جانے یا چوری ہو جانے یا تلف ہو جانے پر کمپنی معاوضہ دے گی، ان حالات میں سفری انشورنس کرانے والے مالیاتی اور ذہنی بوجھ برداشت کرنے سے بچ جائے گا۔

سفری انشورنس اسکیم جاری کرنے والی کمپنی حادثات سے ہونے والا نقصان بھی پورا کرے گی، سفر کے دوران موت کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل حل کرے گی، تھرڈ پارٹی کو نقصان پہنچنے پر نقصان کی تلافی بھی کرے گی۔

ساما کے مطابق سفر کے دوران نجی حادثات پر قانونی سروس کے اخراجات کمپنی ادا کرے گی، اس کے علاوہ متعلقہ ملک کی زبان نہ جاننے کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل سے بھی تحفظ فراہم کرے گی۔

سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، شاہ سلمان کا عمانی فرمانروا سے رابطہ

0

ریاض: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور عمانی فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، سعودی بادشاہ نے سمندری طوفان ‘شاہین’ سے جانی ومالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے عمان میں طوفان کے دوران اموات پر لواحقین سے دلی رنج وغم ظاہر کیا۔ انہوں نے سطان ہیثم کو یقین دہانی کرائی کہ شاہین کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب عمان کے ساتھ کھڑا ہے، ہر ممکن ساتھ دیں گے۔

دریں اثنا سلطان عمان نے برادرانہ جذبات کے اظہار پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔

سمندری طوفان: بزرگ شہری کشتی نکال لائے (ویڈیو وائرل)

اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں پر سلطنت عمان کے فرمانروا سلطان ہیشم بن طارق سے ہمدردی اور رنج و ملال کا اظہار کیا تھا۔

سعودی فرمانروا نے سلطان ہیثم کے نام تعزیتی پیغام میں کہا کہ برادر ملک عمان کے کئی صوبوں کے طوفان کی تباہ کاریوں، اموات اور شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع سے دکھ ہوا ہے۔

سعودی حکومت نے توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کردیں

0
توکلنا

ریاض : سعودی حکومت نے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو خصوصی درجہ دے دیا، اس سلسلے میں توکلنا ایپ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ دس اکتوبر2021 سے صرف وہی لوگ "محصن” (وائرس سے محفوظ) مانے جائیں گے جو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

توکلنا اور دیگر ایپس میں "محصن” صرف ایسے افراد کے لیے تحریر ہوگا جو دونوں خوراکیں حاصل کرچکے ہوں گے۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر العبدالعالی نے بتایا کہ دس اکتوبر سے صحت حالت کا ریکارڈ اپ ڈیٹ ہوگا۔ توکلنا میں محصن کا لفظ صرف ان لوگوں کے لیے استعمال ہوگا جو فائزر، ایسٹرزینکا یا موڈرنا ویکسینوں کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے، دوسری خوراک کی تاریخ ہی سے متعلقہ شخص کو "محصن” مانا جائے گا۔

وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ جانسن اینڈ جانسن کی ایک خوراک لینے والے کو بھی محصن مانا جائے گا۔ جانسن ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے14 روز بعد توکلنا ایپ میں ریکارڈ پر آئے گی۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دو خوراکیں لینے والے کو بھی توکلنا ایپ میں ’محصن‘ ظاہر کیا جائے گا۔

فی الوقت عالمی ادارہ صحت سینو فارم اور سینووک کی منظوری دیے ہوئے ہے۔ اس کی شرط یہ ہوگی کہ دونوں ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کے بعد مملکت میں منظور کردہ ویکسینوں فائزر، ایسٹرازینکا یا موڈرنا میں سے کسی ایک کا بوسٹر بھی لگواچکا ہو۔

وزارت کے مطابق اس کا اعتبار مملکت منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک سے بوسٹر لگوانے کی تاریخ سے شروع ہوگا۔

عدالت نے گرفتار ایرانی شہریوں کو ریمانڈ پر بھیج دیا

0

کراچی : جوڈیشل مجسٹریٹ نے غیرقانونی طور پر مقیم ایرانی شہریوں کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیرقانونی طور پر مقیم ایرانی شہریوں کو گرفتار کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے روبرو پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو سات روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے ایف آئی اے سے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پاکستانی اور ایرانی ایجنٹوں کی ملی بھگت سے دستاویزات بنائے، جس کی مدد سے وہ قطر جانے کی تیاری میں تھے۔

اس حوالے سے ایف آئی اے حکام نے مزید کہا کہ گرفتار ایرانی شہریوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کا اجرا حال ہی میں ہوا جس سے متعلق نادرا کے اعلیٰ افسران اور ملازمین کے خلاف انکوائریاں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) انسانی اسمگلنگ ونگ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد ایرانی باشندوں کو گرفتار کیا تھا جنہوں نے جعلی پاکستانی دستاویزات بنارکھی تھیں۔

پینڈورا باکس کے بعد۔۔۔۔۔ منظور وسان نے بڑی پیشگوئی کردی

0

کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے پینڈورا باکس کے بعد ایک اور سوئٹزرلینڈ لیک آنے کی پیشگوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی پیشگوئیوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پینڈورا پیپرزکے لیے سیل بنادیاگیا مگرسربراہ وزیراعظم ہیں۔

منظور وسان کا کہنا تھا کہ جن کی کمپنیاں نکلی ہیں ان کو کمیٹی میں بلایا جائے گا، تمام لوگوں کو کلین چٹ دی جائے گی اور جن کی کمپنیاں ہیں وہ نہیں بتائیں گے کہ منی ٹریل کیا ہے۔

پی پی رہنما نے پیشگوئی کی کہ پینڈوراباکس کے بعدایک اور سوئٹزرلینڈ لیک بھی آئے گی ، اس حکومت کا کام ہے عوام کو الجھائے رکھو۔

گذشتہ روز پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے پیش گوئی کی تھی کہ پنڈورا پیپرز جیسے مزید پنڈورا باکس کھلیں گے، پنڈورا پیپرز کے بعد حکومت کی وضاحتیں آنا کچھ تو دال میں کالا ہے، ایسا نہ ہو نواز شریف جیسا اس حکومت کا بھی ہو۔

وزیر کا کہنا تھا کہ پنڈورا پیپرز میں ملوث وزرا کو عمران خان فارغ نہیں کریں گے، عمران خان پنڈورا پیپرز میں شامل وزرا کو کلین چٹ دے دیں گے۔

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم فیصلہ آج ہوگا

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا ، جس میں چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم فیصلہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں فروغ نسیم، شہزاد اکبر، فوادچوہدری سمیت وزرا شریک ہوں گے۔

اجلاس میں چیئرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق اہم فیصلہ ہوگا ، وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس کابینہ اجلاس کے بعد ہوگا، جس میں جسٹس (ر)جاوید اقبال کوتوسیع دینے کی سمری پیش ہوگی، منظوری کے بعد سمری صدر مملکت کو بھجوائی جائے گی۔

گذشتہ روز نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئےبنائی گئی حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرقانون فروغ نسیم،مشیرپارلیمانی اموربابراعوان ، فوادچوہدری اورمشیرداخلہ واحتساب شہزاداکبر شریک ہوئے۔

حکومتی ارکان کی نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئے تفصیلی بحث ہوئی ، جس کے بعد حتمی سفارشات پرمبنی مسودہ تیار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حتمی سفارشات پرمبنی مسودہ کل وزیراعظم کوپیش کیا جائے گا، وزیراعظم حکومتی کمیٹی کےمسودےسےمتعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔