اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 16031

سلاطینِ دہلی کی قانون سازی اور فتاویٰ کی تیّاری میں دل چسپی

0

جب ہندوستان میں مسلمان حکم رانوں نے دہلی کو اپنا پایہ تخت بنایا اور یہاں ان کی سلطنت قائم ہوئی تو یہاں نظم و نسق، انتظامی امور اور فوجی و معاشی قوّت کے حوالے سے فیصلے کرنے کی ضرورت پیش آئی اور فرما راؤں نے اس پر توجہ دیتے ہوئے یہاں عوام کے لیے عدلیہ اور قانون کا بہتر نظام پیش کرنے کے لیے اقدامات کیے۔

1206ء میں جب دہلی سلطنت قائم ہوئی تو اس وقت یہ بات بھی اہم تھی کہ سلاطین خود ایک ایسی مذہبی اقلیت تھے، جن کے چاروں طرف بھاری اکثریت دوسرے مذاہب کے ماننے والوں کی تھی۔ اس صورت حال میں انھوں نے جہاں اس بات کی کوشش کی کہ اکثریتی طبقے کے عوام کو ہر طرح کی آزادی اور خوش حالی دے کرکے ان کا اعتماد اور تعاون حاصل کریں، وہیں حکومتی کارکردگی کے لیے قوانین بھی تیار کرائے، اور اس سلسلے میں کتابیں تصنیف کرائیں۔ چناں چہ مختلف ادوار میں حکم رانوں کے حکم پر عالم فاضل شخصیات کی سرپرستی میں قانون اور فتاویٰ کی کتابیں لکھی گئیں۔

عام قارئین اور بالخصوص تاریخ کے طلبہ کے لیے یہ بات دل چسپی سے خالی نہ ہوگی کہ قانون کے میدان میں اس زمانے میں سلاطین اور حکم رانوں نے کیا انتظامات کیے۔ ان کی نگرانی و سرپرستی میں کس طرح کی قانونی کتابیں اور فتاویٰ کے مجموعے تیار کیے گئے۔

خوش آئند پہلو یہ ہے کہ ایسی متعدد کتابیں آج یا تو مطبوعہ شکل میں یا مخطوطات کے طور پر دست یاب ہیں، اور ان کا مطا لعہ کیا جاسکتا ہے۔ سلاطینِ دہلی نے قانون کے میدان میں جو متنوع خدمات انجام دیں ان میں قانونی کتابوں کی تصنیف و تالیف اور فتاویٰ بہت اہم ہیں، جن میں سے چند اہم ترین اور قابلِ ذکر کتب کے نام یہ ہیں۔

فتاویٰ تاتار خانیہ:
یہ فیروز شاہ تغلق کے دور کی قانونی کتاب ہے، جسے ایک ذی علم امیر تاتار خان کی سرپرستی میں مرتب کیا گیا۔ تاہم اس بارے میں مختلف شخصیات کے نام بھی لیے جاتے ہیں۔ اس کتاب کے نام سے متعلق بھی مختلف آرا ہیں، ایک رائے یہ ہے کہ اس کا نام ’زاد السفر‘ یا ’زاد المسافر‘ تھا، جسے بعد میں امیر تاتار خان سے منسوب کر دیا گیا تھا۔

اس کتاب کے امتیازی اوصاف میں سے یہ ہے کہ اس میں قوانین کے ساتھ ان کے مآخذ (قرآن و حدیث) نقل کرنے کا التزام نہیں کیا گیا ہے، البتہ مختلف فیہ قوانین میں متعلقہ تمام رایوں کو جمع کر دینے کا التزام ہے۔ فتاویٰ تاتار خانیہ کا یہ بھی ایک نمایاں وصف ہے کہ اِس میں اُس وقت کے نئے پیش آمدہ مسائل سے متعلق بھی قوانین بیان کیے گئے ہیں۔

فوائدِ فیروز شاہی:
یہ کتاب فیروز شاہ تغلق کے دور میں شرف محمد عطائی نے مرتب کی تھی۔ اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں عقائد، عبادات، معاملات اور اخلاقیات وغیرہ، عہد فیروز شاہی کے سماجی، معاشی، معاشرتی حالات و واقعات، مسائل و معاملات اور علوم و فنون کی بڑی اہم معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ اس وقت عوام و خواص کی زبان فارسی تھی لہٰذا اس کتاب کو فارسی زبان ہی میں مرتب کیا گیا تاکہ سب کے لیے استفادہ آسان ہو۔ فوائدِ فیروز شاہی اس اعتبار سے امتیازی وصف کا حامل ہے کہ اس میں مسلم وغیر مسلم تعلقات وغیرہ سے متعلق بکثرت مسائل مذکور ہیں۔

الفتاویٰ الغیاثیہ:
قانون کی یہ کتاب ہندوستانی مسائل کے پس منظر میں عہدِ سلطنت میں مرتب کردہ غالباً پہلی کتاب ہے جسے اس وقت کے معروف ماہرِ قانون ’داؤد بن یوسف الخطیب‘ نے فقہ حنفی کے مطابق عربی زبان میں مرتب کیا تھا اور اپنے عہد کے حکم راں ’غیاث الدین بلبن‘ سے منسوب کرتے ہوئے اس کا نام ’الفتاویٰ الغیاثیہ‘ رکھا۔

فتاویٰ قراخانی:
عہدِ سلطنت کی مرتب کردہ یہ قانونی کتاب خلجی خاندان کے حکم راں جلال الدین فیروز شاہ خلجی کے دور کی یادگار ہے۔ اس کتاب کے مصنف یعقوب مظفر کرامی یا کرمانی ہیں۔ مصنّف نے اپنی یہ کتاب فارسی زبان میں فقہ حنفی کے مطابق تصنیف کی ہے۔

اس دور کی دیگر کتابوں میں مطالبُ المؤمنین (بدر بن تاج لاہوری)، فقہ مخدومی (مخدوم علی مہائمی)، طرفۃ الفقہا (رکن الدین ملتانی)، تیسیر الاحکام (قاضی شہاب الدین دولت آبادی)، عدۃ الناسک فی المناسک (عمر بن اسحاق غزنوی)، کتاب الفرائض (رضی الدین حسن بن محمد صغانی)، نصابُ الاحتساب (قاضی ضیاء الدین مستانی)، الفائق و اصولِ فقہ (صفی الدین محمد بن عبد الرحیم الشافعی) وغیرہ شامل ہیں۔

(استفادہ بحوالہ: ہندوستانی عہدِ وسطیٰ کا قانونی منظرنامہ)

برطانیہ: گھر بیٹھے تنخواہ لینے والے افراد کے لیے خوش خبری

0

لندن: برطانوی حکومت نے گھر بیٹھے تنخواہ وصول کرنے والوں کے لیے فرلو اسکیم میں ستمبر تک توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وبا کے باعث کام نہ کرنے والوں کوگھر بیٹھے 80 فی صد تنخواہ دی جا رہی ہے، اب حکومت نے رخصت کی اسکیم میں ستمبر تک توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔

برطانیہ میں لاکھوں ملازمین فرلو اسکیم (Furlough Scheme) میں توسیع سے مستفید ہوں گے، اسکیم میں توسیع کا باقاعدہ اعلان وزیر خزانہ رشی سُناک کریں گے۔

حکومتی مدد کی اس اسکیم سے 6 لاکھ آزاد پیشہ (سیلف امپلائیڈ) افراد بھی مستفید ہوں گے۔

کرونا وائرس وبا کے دوران نوکری برقرار رکھنے کی یہ اسکیم گزشتہ مارچ میں شروع کی گئی تھی، اور اس کے ذریعے 1 کروڑ سے زائد ملازمتوں کو محفوظ بنایا جا چکا ہے، یہ اسکیم اگلے ماہ اپریل میں ختم ہونی تھی۔

جب ہزاروں کاروبار بند پڑے ہوئے تھے، اسکیم کی وجہ سے ملازمتیں کھونے کا عمل سست ہوا، مالکان سے یہ توقع کی جائے گی کہ وہ اپنے اسٹاف کو جولائی میں کام کے ان گھنٹوں کے لیے 10 فی صد ادائیگی کریں گے جن میں انھوں نے کام نہیں کیا، اور اگست میں اسے 20 فی صد تک بڑھا دیں گے، کیوں کہ معیشت پھر سے کھل رہی ہے۔

بجٹ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہمارا کو وِڈ سپورٹ اسکیم لاکھوں لوگوں کے لیے لائف لائن رہا ہے، جو برطانیہ بھر میں ملازمتوں اور آمدنیوں کو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔

گیم چینجنگ؛ گیلانی کی کامیابی پر زرداری بول پڑے

0

سینیٹ انتخابات کے اہم مقابلے میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر سابق صدر آصف زرداری کا ‏اہم بیان سامنے آگیا۔

میڈیا کو جاری میں آصف زردرای نے کہا کہ 5 ووٹوں سے یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کم ہے ‏یوسف رضا گیلانی کیلئےمجھےزیادہ ووٹوں کی امیدتھی۔

آصف زرداری نے کہا کہ ہماری20ووٹوں سےجیت ہونی چاہیےتھی کچھ لوگ میرےپاس آئےتھےمیں ‏نےکہا انہیں بھگاؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ یوسف گیلانی کوچیئرمین سینیٹ بنانےکیلئےپی ڈی ایم فیصلہ دے گی۔

سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، یوسف رضاگیلانی کامیاب

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے یوسف گیلانی کو سینیٹرمنتخب ہونےپر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ‏کہ یوسف رضاگیلانی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، پی ٹی آئی کاحکومت میں رہنےکاکوئی ‏جواز نہیں، منتخب نمائندوں نےپی ٹی آئی قیادت کو مسترد کر دیا۔

سینیٹ انتخابات جیتنے پر سینیٹر شیری رحمان نے پیغام میں کہا کہ یوسف رضا گیلانی اور پی ڈی ‏ایم کے تمام منتخب سینیٹرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری ‏اور فریال تالپور کی شکرگزار ہوں۔

شیری رحمان نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسیمبلی کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ‏مجھے منتخب کیا ہے، قیادت کا مجھ پر اعتماد میرے لئے فخر کی بات ہے۔

فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے معافی مانگ لی

0

کراچی: پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے انڈین پریمیئر لیگ سے متعلق اپنے الفاظ کی وضاحت دیتے ہوئے معافی مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وضاحت کی کہ آئی پی ایل مجھ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے کیریئر میں کسی دلچسپی سے کم نہیں رہی، میرے الفاظ کا مقصد نیچا دکھانا، توہین کرنا یا لیگز کا مواز نہیں تھا۔

ڈیل اسٹین نے لکھا کہ آئی پی ایل مجھ سمیت دیگر کھلاڑیوں کے کیرئیر کے حیرت انگیز تجربات میں سے ایک ہے، سوشل میڈیا پر میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔

فاسٹ بولر نے پیغام کے آخر میں لکھا کہ کسی کی بھی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت خواہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیل اسٹین نے ویب شو پر بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی پی ایل میں بڑے نام شامل ہوتے ہیں اور پیسے کی بات زیادہ ہوتی ہے جس سے کرکٹ نظر انداز ہوتی ہے۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا تھا کہ پی ایس ایل اور لنکا پریمیئر لیگ کو انڈین پریمیئر لیگ پر اس لیے ترجیح دیتا ہوں کیونکہ اس میں کرکٹ کو کسی دوسری چیز سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔

ڈیل اسٹین کے اس بیان کے بعد بھارتی شہریوں کی جانب سے ان پر تنقید کی جارہی تھی جس کے بعد فاسٹ بولر کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔

قدیم مسجد کی شاہکار پینٹنگ نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

0

لندن : ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اینجلینا جولی کی زیرِ ملکیت ایک "تاریخی پینٹنگ” ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر سے زائد میں نیلام ہوگئی۔ قدیم مسجد کا یہ شاہکار سابق برطانوی وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل نے بنایا تھا۔

ونسٹن چرچل کے ہاتھ سے بنائی گئی اس پینٹنگ میں مراکش کی قطبیہ مسجد کے مینار اور اس کے ارد گرد کے علاقے کی منظر کشی کی گئی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ پینٹنگ چرچل نے دوسری عالمی جنگ کے دوران سابق امریکی صدر روز ویلٹ کے لیے بنائی تھی۔

خبر میں کہا گیا ہے کہ امریکی اداکارہ انجیلینا جولی نے سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کی بنائی ہوئی پینٹنگ ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر (ایک ارب 80 کروڑ روپے) میں نیلام کردی ہے۔ تاحال اس پینٹنگ خریدنے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

ہالی وڈ اداکارہ کو یہ پینٹنگ ان کے سابق خاوند اداکار بریڈپٹ نے 2011 میں تحفہ دی تھی۔ ٹاور آف قطبیہ مسجد نامی پینٹنگ میں مراکش میں غروب آفتاب کے لمبے سائے اور پُرجوش اشعار پیش کیے گئے ہیں۔

پینٹنگ میں نظر آنے والی تصویر مراکش میں بارہویں صدی میں تعمیر کی جانے والی ایک مسجد کی ہے جس کے عقب میں پہاڑ ہیں اور پینٹنگ میں غروب آفتاب کا منظر دکھایا گیا ہے۔

یہ وہ واحد پینٹنگ ہے جسے برطانوی وزیر اعظم 1939 سے 1945 کے دوران ہونے والی دوسری جنگ عظیم کے زمانے میں بنایا گیا تھا۔

چرچل نے اسے جنوری 1943 می کاسابلانکا کانفرنس کے بعد مکمل کیا تھا۔ چرچل نے اس کانفرنس کے بعد اپنی پینٹنگ امریکی صدر روزویلٹ کو یادگار کے طور پر تحفے میں دی تھی۔

روزویلٹ کی 1945 میں وفات کے بعد اس پینٹنگ کو ان کے بیٹے نے فروخت کر دیا تھا اور اگلے 65 برسوں تک یہ مختلف افراد کی ملکیت رہنے کے بعد 2011 میں ہالی ووڈ اداکارہ اینجلینا جولی اور ان کے شوہر بریڈپٹ نے اسے خرید لیا تھا۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی ونسٹن چرچل کی بنائی گئی کئی پینٹنگز فروخت ہوچکی ہیں اور اب تک ان کی سب سے مہنگی پینٹنگ 18لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی لیکن اب اینجلینا نے اپنے پاس موجود پینٹنگ فروخت کرکے چرچل کی مہنگی ترین پینٹنگ کا نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔

پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کو جرمانہ کیوں ہوا؟

0

کراچی کنگز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کو جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

بدھ کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے 13ویں میچ میں کراچی کنگز ‏کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث پشاور زلمی کے کھلاڑیوں پرمیچ فیس کا 10فیصد ‏جرمانہ عائد کردیا گیا ۔

پشاور زلمی نے مقررہ وقت سے ایک اوور کم کیا لہٰذا پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور ‏اسپورٹ اسٹاف کی شق 2.22 کے تحت پشاور زلمی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

آن فیلڈامپائرز راشد ریاض اور شوزب رضا کے علاوہ تھرڈ امپائر احسن رضا نے سلو اوور ریٹ پر ‏پشاور زلمی کو چارج کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان شعیب ملک کی جانب سے اعتراف کرنے پرمیچ ریفری افتخار احمد نے ان پر ‏جرمانہ عائد کیا۔

صارفین کو جلد بڑی مشکل سے چھٹکارا ملنے کا امکان، واٹس ایپ فیچر پر کام شروع

0

سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کو منفرد سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

واٹس ایپ نے صارفین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے فیچر پر کام شروع کیا ہے جس کے تحت اب چیٹ پر موصول ہونے والی تصاویر اُن کے موبائل کی میموری کو نہیں گھیریں گی۔

اپنے دوستوں سے رابطے رکھنے کے لیے واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو دوستوں اور گروپ پر موصول ہونے والی تصاویر کے حوالے سے شکایت تھیں کہ وہ موبائل فون کی میموری کو کم کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ چیٹ ونڈو میں بڑی تبدیلی

واٹس ایپ نے شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کے لیے سسٹم متعارف کرایا تھا جس کے تحت انہیں کسی بھی تصویر یا ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے خصوصی اجازت دینا ہوتی تھی۔

واٹس ایپ پر گہری نظر رکھنے والے ادارے ڈبلیو اے بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے نئے فیچر پر کام شروع کردیا ہے جس کے تحت اب گروپ یا کسی دوست کی جانب سے بھیجی گئی تصویر ایک بار دیکھنے کے بعد خود بہ خود ختم ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ صارفین روزانہ کتنے پیغامات بھیجتے ہیں؟‌ حیران کن اعداد و شمار

اطلاعات ہیں کہ کمپنی اس فیچر کو ’سیلف ڈسٹرکٹنگ‘ کا نام دے گی جس کے تحت صارف موصول ہونے والی تصاویر اور ویڈیو کا خود انتخاب کرے گا اور پھر یہ ایک بار دیکھنے کے بعد ختم ہوجائیں گی۔

سیلف ڈسٹرکٹنگ قرار دی گئی تصاویر گیلری میں ایکسپورٹ نہیں ہوں گی اور ایک بار ونڈو بند کرنے کے بعد یہ خود بہ خود غائب ہوجائیں گی۔

ڈبلیو اے بیٹا کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات کے مطابق واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شارٹ پر اس فیچر کا اطلاق نہیں ہوگا۔ اس فیچر کو پہلے مرحلے میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ورژن استعمال کرنے والے صارفین کے لیے آزمائشی طور پر متعارف کرایا جائے گا۔

اطلاعات ہیں کہ انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسجز کے لیے بھی اسی فیچر کو متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم ہار مان کر استعفیٰ دے دیں، ورنہ تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے: بلاول

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد وزیر اعظم کے استعفے کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب عمران خان کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، ہم ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے۔

سینیٹ الیکشن کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا عمران خان کو ہار مان لینی چاہیے اور چیلنج کرنے کے نخرے نہیں کرنے چاہئیں، وہ ایوان میں ہار چکے ہیں اور قومی اسمبلی میں پورے پاکستان کے نمائندے ہوتے ہیں، یوسف رضاگیلانی کی کامیابی پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔

انھوں نے کہا پی ڈی ایم نے سینیٹ انتخابات کے بعد لانگ مارچ کا سوچ لیا تھا، اب ہم تحریک عدم اعتماد کا ہتھیار استعمال کریں گے، میں سمجھتا ہوں پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے، موجودہ حکومت کوگھر بھیجنے کے دن قریب آ گئے۔

سینیٹ الیکشن میں بڑا اپ سیٹ، یوسف رضاگیلانی کامیاب

بلاول کا کہنا تھا کہ آج حکومت اپنے ہی پارلیمان سے ہار چکی ہے، جمہوریت کی آواز بلند ہو گئی، پارلیمنٹ کے وقار میں اضافہ ہوا، پیپلز پارٹی کا ہمیشہ مؤقف رہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بھی منتخب کرائیں گے، آج کی شکست کے بعد عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

پی پی چیئرمین نے کہا عمران خان کو اپنی پارلیمنٹ سے شکست دلوانا پی ڈی ایم کی تاریخی فتح ہے، حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا نتیجہ آج سب نے دیکھا، یہ موجودہ وزیر خزانہ کی بھی ناکامی ہے، پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف پیکیج بھی رد کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ کی نشست جیتنے والے یوسف رضا گیلانی نے کہا وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کا ہتھیار کب استعمال کرنا ہے، یہ فیصلہ مشاورت سے کریں گے، اسمبلیاں توڑنے کے دعوے دار وزیر اعظم ہمت کریں اور اسمبلیاں توڑ دیں، وزیر اعظم کی معاشی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں، انھیں اخلاقی طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔

‘کے پی میں ہمارے سارے امیدوار منتخب ہوئے’

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں لوگوں کو خریدنےکا ‏ایڑی چوٹی کا زور لگایا گیا اس کے باوجود ہمارے سارے ممبران منتخب ہوئے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کوتحریک عدم اعتمادکی باتوں پرشرم ‏آنی چاہیے جو ووٹ ضائع ہوئےاس پربات ہورہی ہے، گزشتہ روزکی ویڈیوزآج کےنتائج کی تائیدہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خدشات جو وزیراعظم ہمیشہ اٹھاتے رہے ہیں آج ثابت ہو گئے، وزیراعظم جن ‏خدشات کا اظہار کرتے تھے کل رات ویڈیوسب نےدیکھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نےاس ملک کومعاشی اخلاقی طورپرمفلوج کردیاہے ان لوگوں ‏نےماضی میں اقتدار میں آکراداروں کومفلوج کیا یہ لوگ اپنےمفادکیلےکرپشن کوآگےلےکرگئے ‏اپوزیشن کی وجہ سےپاکستان بدقسمتی سے کنگال ہوگیاتھا ان کی اربوں کی جائیدادیں بیرون ملک ‏ہیں، یہ وہی پرانانظام چاہتےہیں،سیاہ قوتیں ہیں جوپی ڈی ایم کی صورت میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی دباؤمیں آتاہےنہ آئےگا عمران خان ملک سےکرپشن کاخاتمہ کریں ‏گے عمران خان ہی اس ملک کانظام تبدیل کرسکتےہیں وزیراعظم قابلیت ،جمہوریت اورخوشحالی پر ‏یقین رکھتےہیں۔

دبئی حکومت نے فنکاروں اور تخلیق کاروں کو خوشخبری سنادی

0

یو اے ای : دبئی حکومت کی جانب سے مختلف ممالک کے ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ان کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے لیے خصوصی ویزا جاری کیا جائے گا۔

اس حوالے سے دبئی محکمہ ثقافت نے کہا ہے کہ آئندہ مرحلے میں مختلف ممالک کے ایک ہزار فن کاروں اور تخلیق کاروں کو ثقافتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ طویل المعیاد اور دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہوگا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے 2019 میں اس کی منظوری دی تھی۔ اس کا دورانیہ 10 سال کا ہوگا اور یہ قابل توسیع ہوگا۔

اس کی بدولت دبئی ثقافت اور تخلیق کا عالمی مرکز بن جائے گا۔ دبئی دنیا کے مختلف ملکوں کے فن کاروں، اسکالرز، دانشوروں اور ادیبوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم بن جائے گا۔

دبئی محکمہ ثقافت نے بیان میں بتایا کہ اب تک 46 ممالک کے 261 تخلیق کاروں اور دانشوروں نے ثقافتی ویزےکی درخواستیں پیش کی ہیں۔ ان میں سے 120 مقررہ شرائط پر پوری اتری ہیں۔ ان کے لیے ویزا کارروائی آخری مرحلے میں ہے۔

دبئی محکمہ ثقافت کی ڈائریکٹر جنرل ھالہ بدری نے کہا کہ دبئی تخلیق اور تخلیق کاروں کا وطن ہے۔ ثقافتی ویزا دینے کا فیصلہ دنیا بھر میں دبئی کو ثقافتی مرکز کی حیثیت سے نمایاں کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس کی بدولت متحدہ عرب امارات بین الاقوامی ثقافتی منظر نامے میں سرفہرست آجائے گا۔

اس سے ثقافتی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ تخلیقی صنعتیں فروغ پائیں گی- تخلیق کاروں کو ریاست کے ترقیاتی عمل میں شامل کرنے کے مواقع ملیں گے۔

ھالہ بدری نے کہا کہ طویل المیعاد ثقافتی ویزے کی بدولت تخلیق کاروں کو ذہنی اطمینان نصیب ہوگا۔ یہی پہلو انہیں اول درجے کی تخلیقات پر آمادہ کرے گا۔