منگل, جنوری 14, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19942

خاتون ٹیچر نے سبق یاد نہ کرنے پر 15 طالبات کے بال کاٹ ڈالے

0

چنیوٹ: صوبہ پنجاب کے ضلع چنیوٹ میں استانی نے سبق یاد نہ کرنے پر 15 طالبات کو انوکھی سزا دیتے ہوئے ان کے بال کاٹ دئیے۔

تفصیلات کے مطابق چنیوٹ کے سرکاری اسکول میں طالبات کو سبق یاد نہ کرنے پر خاتون ٹیچر نے پندرہ بچیوں کے سر کے بال کاٹ دئیے، دوبارہ غلطی کرنے پر سر گنجا کرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی۔

طالبات کا کہنا ہے کہ ٹیچر عاصمہ نے بال کاٹنے کے بعد کئی گھنٹوں تک کمرے میں بھی بند رکھا۔

والدین کی جانب سے استانی کے ناروا سلوک کی شکایت درج کرانے کے بعد ڈپٹی کمشنر امان انور نے اسکول ٹیچر عاصمہ کو معطل کردیا۔

ڈپٹی کمشنر امان انور نے مذکورہ اسکول ٹیچر عاصمہ کے ناروا سلوک کی سی ای او ایجوکیشن سے دو دن میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

مزید پڑھیں: ملتان: سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم پر تشدد کرنے والے 2 اساتذہ معطل

واضح رہے کہ دو ماہ قبل ملتان کے گورنمنٹ ایم اے جناح اسکول میں سالانہ تقریب کے لیے فنڈ نہ دینے پر طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، بعدازاں تشدد کرنے والے 2 اساتذہ کو معطل کردیا گیا تھا۔

طالب علم احمر کا کہنا تھا کہ اساتذہ نے پیٹ میں لاتیں ماریں، تینوں اساتذہ کان پکڑوا کر ڈنڈے مارتے رہے جبکہ ساتھی طلباء کا کہنا تھا کہ احمر کو سالانہ تقریب کے لیے 500 روپے فنڈ نہ دینے پر مارا گیا، احمر کو ڈنڈوں، لاتوں، گھونسوں اور مکوں سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

طالب علم پر تشدد کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ڈپٹی کمششنر کو بھجوادی گئی تھی۔

مقام ابراہیم کی تزئین و آرائش جاری، سنہری خول کا شیشہ تبدیل

0

مکہ مکرمہ : سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسلمانوں کے مقدس مقام مسجد الحرام میں مقام ابراہیم کی مرمت کا کام جاری ہے، مقام ابراہیم  میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل کیا جائےگا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے گزشتہ دنوں مقام ابراہیم سمیت مکبریہ(مؤذن اور مکبر کی جگہ) کے علاوہ حجر اسماعیل کے پتھروں کی تبدیلی اور مرمت کا آغاز کردیا گیا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ اور مسجد الحرام کے امام وخطیب شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے مقام ابراہیم میں جاری کام کا جائزہ لیا، انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل مرمت کا کام مکمل ہونا چاہیے۔

حرمین انتظامیہ نے کہا کہ مقام ابراہیم میں جاری مرمت میں بیرون سنہری خول کا شیشہ تبدیل ہوگا۔ علاوہ ازیں نیا سنہری خول چڑھایا جائے گا۔

مقام ابراہیم کی بنیاد میں سنگ مرمر کی تبدیلی کی جائے گی۔ دوسری طرف مکبریہ میں بھی شیشے کی تبدیلی کے علاوہ بنیادی آلات کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے۔

اسلامی علمائے کرام کے مطابق مقام ابراہیم میں موجود پتھر پر کھڑے ہوکر حضرت ابراہیم نے کعبے کی دیواریں تعمیر کی تھیں اور اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قدموں کے نشانات آج بھی موجود ہیں جبکہ ان قدموں کے نشانات پر پیتل کا خول چڑھایا گیا ہے۔

مختلف ادوار میں اس مقام کی تزئین و آرائش کا کام ہوتا رہا،اور اسے سیسے کی پلیٹوں سے بنی کرسی پر چسپاں کرایا، خلیفہ منتصر باللہ نے 241ھ میں سیسے کے بجائے چاندی کی پلیٹیں تیارکرائیں۔

بعد ازں مقام ابراہیم کے لیے ایک کمرہ بنوایا گیا۔900ھ میں اسے از سرنوتعمیر کرایا گیا۔ عثمانی سلطان عبدالعزیز نے گنبد کو ڈیڑھ میٹر اونچا کرادیا پھر جب امیر سعود بن عبدالعزیز آل سعود نے حج کیا تو انہوں نے گنبد ختم کرادیا۔18

رجب 1387ھ کو مقام ابراہیم کو اعلیٰ درجے شوکیس میں رکھنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کی بدولت حرم شریف میں تقریباً پانچ مربع میٹر کا رقبہ خالی ہوگیا۔

انڈونیشیا: سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

0

جکارتہ: انڈونیشیا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی، اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اکتیس ہو گئی ہے جب کہ 13 افراد لا پتا ہیں۔

انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ بینگ کولو صوبے میں 12 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، سیلاب سے سینکڑوں عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق سیلاب شدید ہے تاہم مقامی اور قومی اتھارٹیز مستعدی سے اپنا کام کر رہی ہیں جب کہ ریڈ کراس نے بھی متاثرہ علاقوں میں رضا کار بھیج دیے ہیں۔

پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں جنوبی جزیرہ سماٹرا میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔

حکام کی جانب سے مختلف بیماریاں پھیلنے کے حوالے سے بھی خبردار کر دیا گیا ہے کیوں کہ صاف پانی کی قلت ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  جل، اجل بن گیا، موزمبیق میں سیلاب نے تباہی مچا دی

خیال رہے کہ انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، سارا نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

انڈونیشین حکام کے مطابق متاثرین کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے جہاں تقریباََ 13 ہزار متاثرین کو رکھا گیا ہے جب کہ امدادی کارکن متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کی مدد سے کوششوں میں مصروف ہیں۔

انڈونیشیا دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو اکثر تباہ کن زلزلوں، سیلاب اور سونامی کی زد میں رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مشرقی صوبے پاپوا میں سیلاب کے نتیجے میں 88 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 70 افراد زخمی اور 15 لا پتا ہوگئے تھے۔

ٹور میچ: پاکستان نے نارتھمپٹن شائر کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

0

لندن: پاکستان نے ٹور میچ میں نارتھمپٹن شائر کو 8 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی، فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دوسرے ٹور میچ میں نارتھمپٹن شائر کی جانب سے دیا جانے والا 274 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 اوورز قبل ہی حاصل کرلیا، فخر زمان کی شاندار سنچری، امام الحق اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار آغاز فراہم کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 157 رنز پر گری جب فخر زمان 101 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق نے شاندار 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، بابر اعظم نے 64 اور کپتان سرفراز احمد نے 30 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نارتھمپٹن کی جانب سے ہالینڈ اور بک ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

قبل ازیں دوسرے ٹور میچ میں نارتھمپٹن شائر کے خلاف کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنا کر گرین شرٹس کو جیت کے لیے 274 رنز کا ہدف دیا۔

نارتھمپٹن کے لیوی کو محمد عامر نے بغیر کوئی رن بنائے پویلین روانہ کیا، دوسری وکٹ 48 رنز پر گری جب بی جے کرن 23 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

جے کوب نے ناقابل شکست 146 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، ویس کون سیلس 1 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، تھرسٹن 25 رنز بنا کر حارث سہیل کا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر، جنید خان، محمد حسنین، عماد وسیم، یاسر شاہ اور حارث سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پہلے ٹور میچ میں قومی ٹیم نے عماد وسیم کی شاندار سنچری کی بدولت کینٹ کاؤنٹی کو 100 رنز سے شکست دی تھی۔

بلاول بھٹو کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستا رہا ہے، مراد سعید

0
مراد سعید

اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ والد زرداری اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے،ان کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہی۔ مراد سعید نے کہا کہ چارٹرآف ڈکیتی” آج ایک بار پھر پوری طرح بےنقاب ہوگئی۔

بلاول کرپٹ کرداروں کی وکالت کرنے میڈیا کے سامنے آئے، بلاول چاہتے ہیں والد اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے، جتنا مرضی شور مچا لیں کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے جتنے بھی مطالبات پیش کیے تمام تفصیلات دی جاچکی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے نواز شریف سے کبھی پوچھنا گوارا تک نہیں کیا، ریاستِ پاکستان کے بجائے بلاول کو مودی جی کا مؤقف زیادہ اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن کی واپسی سے زیادہ بلاول کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے، بلاول سمجھتے ہیں کہ ریاست اور ریاستی اداروں پر کیچڑاچھال کربڑا لیڈربنا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں لائے بغیر آئی ایم ایف ڈیل نہیں مانیں گے، بلاول بھٹو

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف کا بنایا ہوا کالا قانون قومی احتساب بیورو اور جمہوریت ساتھ نہیں چل سکتی، کالا قانون آمر کا قانون ہوگا، انصاف کا قانون نہیں ہوگا تو کیسے چلے گا، آئی ایم ایف ڈیل پارلیمنٹ میں لائے بغیر نہیں مانیں گے۔

لندن میں اپارٹمنٹ کے ’فریزر‘ سے دو خواتین کی لاشیں برآمد

0

لندن: برطانیہ کے شہر مشرقی لندن میں اپارٹمنٹ کے فریزر سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق مشرقی لندن میں اپارٹمنٹ کے فریزر سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، پولیس نے لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرکے قتل کی لرزہ خیز واردات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

 قتل ہونے والی خواتین کے قاتل پولیس پکڑنے میں ناکام ہے اور مقتولین کی شناخت بھی نہیں ہوسکی ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ترجمان کے مطابق کیننگ ٹاؤن میں ہونے والے قتل کی تحقیقات جاری ہیں پولیس جلد ملزمان کو گرفتار کرلے گی۔

مزید پڑھیں: لندن میں چاقو زنی کی واردات، دوشیزہ قتل

کمانڈر چیف سپرنٹنڈنٹ رچرڈ تھکڑ نے کہا ہے کہ قاتلوں کی گرفتاری کے لیے عوام سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے، اگر کسی بھی شہری کو اندوہناک واقعے کے بارے میں علم ہو وہ پولیس کو 101 پر کال کریں۔

واضح رہے کہ لندن میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ پولیس جرائم پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے۔

رواں ماں کے اوائل میں بھی مسجد کے قریب چیچن باشندے نے بیش قیمت گھڑی کے لیے ایک چیچن باشندے کو قتل کردیا تھا، مقتول کی شناخت 25 سالہ ظہیر کے نام سے ہوئی تھی۔

گزشتہ ماہ لندن میں 17 سالہ دوشیزہ کو چاقو کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، پولیس واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی۔

شہید بھٹو کی نظریاتی جماعت کرپشن کے ہاتھوں شہید ہوچکی ہے: فردوس عاشق اعوان

0

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہےکہ شہید بھٹو کی نظریاتی جماعت کرپشن کے ہاتھوں شہید ہوچکی ہے.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے خصوصی بیان میں‌ کیا. ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جیبیں خالی ہیں، کیوں کہ آپ کی جماعت نے نظریاتی سیاست کو دفن کیا، آپ کی جماعت نے ذاتی مفادات اور کاروبار کے نظریہ کو گلے لگایا۔

فردوس عاشق نے  مخالفین کو  آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ جب کرپشن مقدمات کی سماعت ہوتی ہے، ن لیگ اور پی پی، دونوں جماعتوں کو جمہوریت یاد آجاتی ہے.

قوم نے عمران خان کو منتخب کرکے موروثی سیاست مسترد کر دی، جذباتی باتیں کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، آپ کے والد پر مقدمات انھوں نے بنائے، جنھیں آج آپ جیل جا کر ملتے ہیں.

مزید پڑھیں: عمران خان چین میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ احتساب کی زد میں آئی دونوں جماعتوں کی زبان، بیان اور اقدام ایک ہو چکا ہے، جعلی، بے نامی اکاؤنٹس، اثاثوں کا جواب دینا ہوگا، عوام کا لوٹا ہوا مال عوام کو واپس کرنا ہو گا، لوٹ کے مال کی بات کریں، تو عوامی حقوق کا شورشروع ہو جاتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا کہ ن لیگ لاپتا قیادت سے ٹی ٹیز، پاپڑ، ریڑھی والے کے اکاونٹس کا پوچھتی؟ میاں صاحبان کوآج بھی اپنی ہی صحت کی فکر ہے، کاش میاں صاحبان نے قوم کی صحت کا بھی خیال کیا ہوتا.

ڈاکٹر فردوس عاشق کا کہنا ہے کہ شہبازشریف لندن میں بیٹھ کرکس منہ عوام کی بات کر رہے ہیں، عوام کے نام پر پیٹ بھرنے والے مزید بیوقوف نہیں بنا سکتے، لٹیروں کی جمہوریت اور جمہوری سوچ سےعوام آگاہ ہیں.

دنیا بھر میں مختلف ممالک کا عسکری اخراجات میں اضافہ، امریکا سرفہرست

0

اسٹاک ہوم: سوئیڈش ادارے سپری کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں مختلف ممالک نے اپنے عسکری اخراجات میں اضافہ کردیا جس میں امریکا سرفہرست ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئیڈش ادارے سپری اسٹاک ہوم انٹرنیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس کے مطابق دنیا بھر میں مختلف ممالک نے ناصرف فوجی اخراجات میں اضافہ کردیا ہے بلکہ ان ممالک نے جدید ٹیکنالوجی پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اسلحہ پر خرچ کرنے والے ممالک میں امریکا سرفہرست ہے جس نے 2017 کے مقابلے میں 2018 میں 4.6 فی صد زائد رقم خرچ کی۔

اس کے علاوہ امریکا 2020 تک فوج کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے بھی گامزن ہے جبکہ آئندہ 20 سالوں میں تقریباً 1.8 ٹریلین ڈالر کی رقم خرچ کی جاسکتی ہے۔

فہرست میں روس کا چوتھا اور جرمنی کا دسواں نمبر ہے اور گزشتہ سال روسی فوجی اخراجات میں 3.5 فی صد کمی دیکھی گئی جبکہ فرانس اور برطانیہ بھی اس فہرست میں پہلے 10 ممالک میں شامل ہیں۔

مقامی کرنسی میں دیکھا جائے تو روس نے 2017 اور 2018 میں ایک جتنا سرمایہ عسکری اخراجات میں خرچ کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فوجی اخراجات پر خرچ کرنے کے حوالے سے فہرست میں 20 ویں نمبر پر ہے، پاکستان نے گزشتہ سال دفاع کے شعبے میں 11.4 ارب ڈالر خرچ کیے، اسلحہ کی ڈور میں پیش پیش بھارت کا فہرست میں 5 واں نمبر ہے۔

اسرائیلی فوج کے مظالم جاری،17فلسطینی گرفتار، آٹھ اغواء، گھروں میں لوٹ مار

0

رملہ  : قابض صہیونی فوج نے فلسطین میں مظالم کی انتہا کردی، مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران سترہ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

زیرحراست فلسطینی رہنماﺅں میں سابق اسیران اور سرکردہ مزاحمت کار بھی شامل ہیں جنہیں صہییونی فوج نے مطلوب اور اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ پیر کی صبح غرب اردن اور القدس میں تلاشی کے دوران 14 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

ان میں اسرائیلی فوج کو سیکیورٹی فورسز اور یہودی آبادکاروں پرحملوں میں ملوث فلسطینی بھی شامل ہیں۔ غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں میں العین پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران سابق اسیرحاتم شاہین کو حراست میں لے لیا گیا۔

اس کے علاوہ اسی شہر کے مشرق میں تقوع کے علاقے میں کارروائی کے دوران دو نوجوانوں ناجی محمود اور مجاھد یوسف طقاطقہ کو گرفتارکیا گیا۔

بیت فجار سے سابق اسیر قصی خالد ابو سالم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ وسطی شہر رام اللہ سے سلواد کے مقام سے عزام واصل اور اسامہ اسلیم حراست میں لیا جب کہ مغربی رام اللہ سے سابق اسیراسلام دار صالح موسی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات، پاکستان کی ٹیکس ہدف میں 600 ارب روپے اضافے کی پیش کش

0

اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، چیئرمین ایف بی آر اور ٹیکس حکام نے آئی ایم ایف مشن سے بات چیت کی۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے بتایا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف مشن سے مذاکرات میں پیش کش کی ہے کہ پاکستان ٹیکس ہدف میں 600 ارب روپے اضافے کے لیے تیار ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ مذکرات میں پاکستان کی جانب سے آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف میں 600 ارب روپے اضافے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

ذرایع نے مزید بتایا ہے کہ مذاکرات کے دوران ٹیکس اصلاحات پر بھی آئی ایم ایف کو بریفنگ دی گئی، ٹیکس کی چھوٹ محدود کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف مشن کو ایمنسٹی اسکیم پر بھی رام کرنے کی کوششیں کی، وفد کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:  آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا آغاز

آئی ایم ایف کو بریفنگ میں کہا گیا کہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم آمدن بڑھائے گی، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ اسکیم پر مزید مشاورت کی ضرورت محسوس کی گئی۔

خیال رہے کہ آج انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے، آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ارنستو ریگو کر رہے ہیں، جب کہ پہلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذکرات کی قیادت حکومت پاکستان کی جانب سے سیکریٹری وزارت خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کر رہے ہیں۔

پاکستان ٹیکس اصلاحات اور توانائی شعبے میں تجاویز تیار کر چکا ہے، آئی ایم ایف وفد وزارت توانائی حکام سے بھی مذکرات کرے گا، حکومت آئی ایم ایف سے 7 سے 8 ارب ڈالر قرض کی درخواست کر سکتی ہے، جب کہ ممکنہ آئی ایم ایف پروگرام کی مدت 3 سال ہوگی۔