منگل, جنوری 14, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19941

سری لنکا دہشت گردی، حالات اب تک معمول پر نہ آسکے

0
Blast

کولمبو: سری لنکا میں دہشت گرہ حملوں کے ایک ہفتے گزر جانے کے باوجود حالات معمول پر نہ آسکے، فضاء آج بھی سوگوار رہی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر خود کش دھماکوں نے ملک کا نظام زندگی اب تک مفلوج کررکھا ہے، شہری اب بھی اس غم میں سوگوار ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی ہے، جبکہ حکام نے اتوار کے روز ملک بھر کے گرجا گھروں میں دعائیہ سروس منسوخ رکھی۔

ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ آپریشن بھی جاری ہیں، اطلاعات کے مطابق اب کہ درجنوں مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

سری لنکن پولیس نے دو روز قبل سامندروی شہر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور 7 افراد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب حساس اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنی تحقیقات مکمل کرلیں اور جلد ملک میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف حتمی کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ سری لنکن وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کو امن و امان کے اقدامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

سری لنکا میں‌ پولیس چھاپے کے دوران خود کش دھماکا، 7 گرفتار

یاد رہے کہ 21 اپریل کو ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے 8 گرجا گھروں میں یکے بعد دیگرے خود کش دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں تین سے کے قریب افراد مارے گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔

روس امریکا کے ساتھ تخفیف اسلحہ سے متعلق معاہدے کے لیے تیار

0
US

ماسکو: روس امریکا کے ساتھ تخفیف اسلحے کے کسی نئے ممکنہ معاہدے کے لیے تیار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کریملن کے ایک مشیر یوری اوشاکوف نے یہ بات ایسی خبریں سامنے آنے کے بعد کہی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس اور چین کے ساتھ اسلحے کے دوڑ روکنے کے لیے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اتوار کے روز روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اوشاکوف کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئے معاہدے سے قبل امریکا کو پہلے سے طے شدہ معاہدوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

امریکی صدر نے رواں برس ہی سن 1987 میں طے پانے والے معاہدے آئی این ایف سے یکطرفہ اخراج کا اعلان کیا تھا۔

امریکا اور روس کے درمیان ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے کی مرکزی حدود کے نئے مرحلے کا نفاذ گذشتہ سال فروری کو ہوا تھا، بعد ازاں واشنگٹن نے روسی حکومت کو واضح کیا تھا کہ وہ اس نئے مرحلے کا بھی احترام کرے۔

واشنگٹن میں وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا نے تخفیف اسلحہ کے وفاق روس کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کا سات برس تک احترام کیا ہے، روس کو چاہیے کہ وہ بھی نئے مرحلے کا احترام یقینی بنائے تاکہ دوطرفہ تعلقات میں تناؤ پیدا نہ ہو۔

امریکا: گوگل کی زیر تعمیر عمارت سے کرین گرگئی، چار افراد ہلاک

0
US

واشنگٹن: امریکا میں گوگل سیٹل کیمپس کی بالائی منزل میں تعمیراتی کاموں کے دوران کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں ساوتھ لیک یونین ضلع میں سڑک کنارے گوگل کیمپس کی بلند عمارت کی بالائی منزل میں تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک بھاری بھرکم کرین سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں پر گرگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے کرین کو ہٹایا اور ہلاک وزخمی ہونے والوں کو گاڑیوں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

ہلاک ہونے والوں میں کرین میں موجود 2 اہلکار اور 2 کارسوار ہیں جب کہ زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون، ان کا بچہ اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہے۔

تعمیراتی کمپنی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرین کا اوپر اٹھنے والا حصہ گاڑی سے علیحدہ ہو کر عمارت کے ایک حصے کو توڑتے ہوئے سڑک پر گرا جس سے عمارت کے حصے کو بھی نقصان پہنچا۔

عمارت گوگل کے زیر استعمال ہے جس میں 150 فلیٹس بنے ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

0
رقص

اسلام آباد: پاکستان سمیت آج پوری دنیا میں رقص کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، دنیا بھر میں ہر سال انتیس اپریل کو یہ دن عالمی ڈانس کونسل کے تحت منایا جاتا ہے۔

رقص کا عالمی دن کو منانے کا مقصد رقص کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور مختلف قوموں کے ثقافتی سرمائے کو بچانا ہے، آج کے دن کی مناسبت سے مختلف فورمز پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

رقص صدیوں سے انسانی ثقافتوں کا اہم عنصر رہا ہے، پرفارمنگ آرٹ میں رقص کا اپنا منفرد مقام ہے اور دنیا کی تقریباً ہر تہذیب میں خوشی کے اظہار کے لیے رقص کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں بے شمار اقسام کے رقص کیے جاتے ہیں ان میں کلاسیکی اور لوک رقص کا ایک خاص مقام ہے، جبکہ بلوچ، سندھی رقص اور پنجابی بھنگڑوں کا بھی کوئی ثانی نہیں ہے۔

رقص لطیف انسانی جذبات اور ہاتھوں اور پیروں کی متوازن حرکات کی ہم آہنگی کا نام ہے۔ رقص کو اعضاء کی شاعری بھی کہا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی رقص کونسل نے 29 اپریل کو رقص کے عالمی دن کی حیثیت سےمنانے کا فیصلہ کیا تب سے آج تک یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں رقص کا عالمی دن منانے کا مقصد رقص کی مختلف اقسام کو فروغ دینا اور علاقائی ثقافتی سرمائے کو تحفظ دینا ہے۔

رقص پاکستان کی ثقافت میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے آج سے کئی ہزار سال قبل اس خطے میں آباد ’موہن جو دڑو‘ کے شہری بھی رقص کے شوقین تھے جس کا ثبوت کھدائی میں برآمد ہونے والا رقاصہ کا کانسی کا مجسمہ ہے۔

پاکستان میں لوک رقص کو بے پناہ اہمیت حاصل ہے اور ملک کے تمام علاقوں کے اپنے مقامی رقص ہیں جن سے ان علاقوں کی ثقافت کی نشاندہی ہوتی ہے۔

امریکا کے بعد ایران نے بھی جوہری ڈیل سے انخلا کی دھمکی دے دی

0
US

تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی پاپندیوں کے بعد ایران نے بھی جوہری معاہدے سے انخلا کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا گذشتہ سال مئی میں جوہری ڈیل سے دست بردار ہوچکا ہے، جس کے بعد اب ایران نے بھی معاہدے سے انخلا کی دھمکی دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے یہ عندیہ امریکی نئی پابندیوں کے ردعمل میں دیا گیا ہے، خیال رہے کہ امریکا نے ایران دوست ممالک کو ایرانی تیل کی خریداری کے لیے دیا گیا استثناء ختم کردیا ہے۔

امریکا نے استثنا کے خاتمے کے بعد ان تمام ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایرانی تیل درآمد کرنے سے پرہیز کریں بصورت دیگر ان پر بھی پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں۔

ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات کے ردِ عمل میں جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے نکل جانا ایران کے پاس موجود کئی امکانات میں سے ایک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی پابندیاں اور عالمی سطح پر یہی صورت حال رہی تو ایران یہ قدم بھی اٹھا سکتا ہے۔ واضح رہے ایرانی وزیرخارجہ جلد شمالی کوریا کا دورہ کریں گے۔

ایران آج بھی جوہری ڈیل کی تعمیل کررہا ہے: اقوامِ متحدہ

اس دورہ کا مقصد دونوں ممالک پر عائد امریکی پابندیوں پر تبادلہ خیال کرنا اور مستقبل کے لائحہ پر غور کرنا ہے، اس سے قبل شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان روس کا دورہ کرچکے ہیں، اس دوران بھی امریکا پابندیوں پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

سوڈان میں معاشی بحران، ابوظہبی حکام کی طرف سے سینکڑوں ملین ڈالر کی امداد

0
Sudan

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے سوڈان کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد کے لیے ملکی مرکزی بینک میں ڈھائی سو ملین ڈالر جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس اقدام کا مقصد سوڈان میں عمر البشیر کے اقتدار کے خاتمے کے بعد اس افریقی ملک کی مالی امداد کرنا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان رقوم کی منتقلی کے لیے سوڈانی مرکزی بینک اور ابوظہبی کے ترقیاتی فنڈ کے مابین ایک سمجھوتے پر دستخط پہلے ہی کیے جا چکے تھے۔

پچھلے ہفتے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان کے لیے مجموعی طور پر تین بلین ڈالر کے قرضوں کا اعلان کیا تھا۔

سوڈان کے مرکزی بینک نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی اور اماراتی امداد سے قبل سوڈانی پاﺅنڈ کی ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں قیمت 47 اعشاریہ 5 ڈالر تھی جو امداد کے بعد بڑھ کر 45 ڈالر ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ طور پر سوڈان کو تین ارب ڈالر کی امداد فراہم کی تھی۔ اس میں سے 50 کروڑ ڈالر مرکزی بنک میں کرنسی کے استحکام کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی رقم ڈیپازٹ کی گئی تھی۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں فوجی عبوری حکومت کی حمایت کا اظہار کرچکے ہیں، البتہ فوجی حکومت جلد انتخابات کے ذریعے اقتدار سولین تک منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔

سوڈان میں سیاسی ومعاشی بحران، سعودی عرب اور یو اے ای کا امداد کا اعلان

دوسری جانب سوڈان کی عبوری فوجی حکومت نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ اقتدار جلد ہی سویلین حکومت کے حوالے کر دے گی، ساتھ ہی یہ تصدیق بھی کر دی گئی ہے کہ معزول صدر عمر البشیر کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

فیصل آباد : ڈکیتی کا ڈراپ سین، شوہر نے بیوی اور اس کے دوست کو قتل کر دیا

0
والد کا قتل

فیصل آباد : پولیس نے ڈکیتی کی واردات کا اصل معمہ حل کر کے دہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم ذوالفقار نے اپنی بیوی سمیت 2 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ جھمرہ میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کا معاملہ کچھ اور ہی نکلا، پولیس نے شک پڑنے پر گھر کے سربراہ کو حراست میں لیا تو حقیقت کھل کر سامنے آ گئی۔

اٹھائیس سالہ عاصمہ اور اس کے دوست کو خاتون کے شوہر نے قتل کیا، ذوالفقار نے دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

پولیس کو واقعات کی کڑیاں کسی اور جگہ ملتی دکھائی دیں تو شوہر پر شک گزرا اور حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو حقیقت آشکار ہوگئی پولیس نے مقتولین لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔

زخمی فلسطینی نوجوان اسرائیلی جیل میں تشدد کے باعث دم توڑ گیا

0
Israel

غزہ: اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں پر بربریت کی انتہا کردی، زخمی فلسطینی نوجوان اسرائیلی جیل میں تشدد کے باعث دم توڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک ہفتہ قبل گولیاں مار کر زخمی حالت میں گرفتار فلسطینی نوجوان دوران حراست مزید تشدد کے نتیجے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عمر عونی عبدالکریم یونس کو اسرائیلی فوج نے ایک ہفتہ قبل غرب اردن کے جنوبی شہر نابلس میں زعترہ چیک پوسٹ پرگولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔

بعد ازاں اسے زخمی حالت میں گرفتار کرکے عقوبت خانے میں ڈال دیا گیا، جہاں اس تشدد سے اس کی حالت مزید بگڑ گئی، اسے اسرائیل کے بیلنسن اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ گذشتہ شام زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا۔

فلسطینی وزارت صحت نے اسیر عمر یونس کی شہادت کی تصدیق کی اور کہا کہ شہید کا جسد خاکی اس کے ورثا کے حوالے کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ادھر کلب برائے اسیران نے فلسطینی شہری کی اسرائیلی عقوبت خانے میں شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اسیر 20 سالہ عمر عونی کو دانستہ طور پر گولیاں مار کر شدید زخمی کیا گیا۔

فلسطینی قوم کو کئی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے: اقوام متحدہ

اس کا تعلق غرب اردن کے نواحی علاقے قلقیلیہ سے تھا۔ اسرائیلی زندانوں میں تحریک اسیران کے دوران اب تک 219 فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ مئی کو کھیلا جائے گا

0

لندن : پاکستانی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ پانچ مئی کو کھیلا جائے گا۔ جبکہ ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے مابین30مئی کو ہوگا۔

شیڈول کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ کےلئے انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔

ورلڈکپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائےگا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی ، ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹاکرا16جون کو ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی لندن کے نواحی علاقے بیکنھم میں پریکٹس جاری ہے، ٹیم کی حفاظت کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، کوچ مکی آرتھر نے کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کرائی۔

آئی سی سی کی ہدایات پر اس مرتبہ سانحہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی وجہ سے کسی بھی ٹیم کے کھلاڑی کو پیشگی اجازت کے بغیر کسی تقریب میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب : وزیر اعظم عمران خان صدارت کریں گے

0
وفاقی کابینہ کا اجلاس

اسلام آباد : وفاقی کابینہ کا اجلاس کل 30 اپریل منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوگا ،وفاقی کابینہ 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کرےگی۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی کے پٹرولیم اور پاور ڈویژن کو علحیدہ کر کے دو نئی وزارتوں کے قیام پر غور کیا جائے گا۔ ایجنڈا کے مطابق وزارت خزانہ وزیراعظم کامیاب پروگرام شروع کرنے پر بریفنگ دے گی۔

ملک میں تیل و گیس کی تلاش کا کام تیز کرنے کیلئے درکار مشینری کی عارضی درآمد پر اضافی ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ایجنڈے کے مطابق غذائی اشیاء پر پاکستان سٹنڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی لازمی لیبلنگ کی منظوری دی جائے گی، ملکی نظام تعلیم کی تنظیم نو پر بریفنگ دے جائے گی۔

اجلاس میں پاکستان کمیشنز آف انکوائری ایکٹ2017 کو شیڈول ٹو میں شامل کرنے اور غیر ملکی تجارتی قرض پر سود کو ٹیکس ادائیگی سے استثنی دینے کی تجویز پر غور ہوگا۔

ایجنڈے کے مطابق پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ قحط سالی کا مقابلے کرنے کے پروگرام پر غور کیا جائے گا۔