جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25277

سعد رفیق آئی جی سندھ کے معاملے پرٹانگ نہ اڑائیں، مولا بخش چانڈیو

0

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے معاملے میں وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق کو ٹانگ اڑانے کی ضرورت نہیں، یہ معاملہ خالصتاً ہمارے صوبے کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خواجہ سعد رفیق کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو آئی جی سندھ کے معاملے پرسیاست نہیں کرنی چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ میرٹ پر کام کررہے ہیں یا نہیں یہ ان کا مسئلہ نہیں فکر نہ کریں، وزیر ریلوے ناکامیاں چھپانے کےلیے ایسی باتیں کرتے ہیں جو اُنہیں زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ریلوے پریشان نہ ہوں پیپلز پارٹی پنجاب کے لیے بھی کام تیز کرے گی۔

 مزید پڑھیں : پیپلز پارٹی نے سندھ کا کباڑہ کردیا ہے، سعد رفیق

واضح رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں سندھ حکومت کی جانب سے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی برطرفی پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ چوںکہ آئی جی سندھ میرٹ پر کام کرتے ہیں اور کرپٹ لوگوں کو نہیں چھوڑتے اس لئے وہ پیپلز پارٹی کو راس نہیں آتے ہیں کیوں کہ پیپلز پارٹی آئی جی کے عہدے پر گھر کا منشی لگوانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کا کباڑہ کر کے رکھ دیا ہے اس لیے سندھ حکومت کو مذید فری ہینڈ نہیں دیں گے۔

پاکستانی فنکارعمران عباس اور نرگس فخری دبئی میں ایک ساتھ

0

دبئی: پاکستان کے نامور فنکار عمران عباس اور بھارتی اداکارہ نرگس فخری کی ایک ساتھ موجود ہیں تاہم ابھی تک یہ دونوں کی موجودگی کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

انسٹا گرام پر ایک تصویر شیئر کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی اداکار عمران عباس اور بھارتی اداکارہ دیگر فنکاروں کے ساتھ کھڑے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ کسی کمرشل کی شوٹنگ کے دوران لی گئی ہے۔

imran-abbash-and-nargis-fakhri-1

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ دونوں اداکار ایک گانے کی شوٹنگ کے لیے موجود ہیں تاہم ابھی تک اس بات کو حتمی نہیں کہا جاسکتا، مداحوں نے دونوں فنکاروں کی ایک ساتھ تصویر کو بے حد پسند کیا ہے۔

پاکستان میں چاکلیٹی ہیرو کا اعزاز حاصل کرنے والے عمران عباس اور بھارتی انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ نرگس فخری پہلے بھی ایک ساتھ کام میں حصہ لے چکےہیں۔

پڑھیں: ’’ بالی وڈ ہو یا ہالی وڈ،میں فلموں کے پیچھے نہیں بھاگتی،نرگس فخری ‘‘

یار رہے پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد ہندو انتہاء پسندوں کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی فنکار نہ صرف وطن واپس آگئے تھے بلکہ بھارتی فلم سازوں سے بھتہ بھی طلب کیا گیا تھا۔

لائن ٹرپ کرگئی، کراچی کےمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

0

کراچی : شہر قائد کے کئی علاقوں سے بجلی غائب ہوگئی۔ کےالیکٹرک کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی جس کی وجہ سے کراچی کے چالیس فیصد علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے۔ ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ گرڈزکی بجلی جلد بحال کردی جائےگی۔

تفصیلات کے مطابق آدھا کراچی اندھیرے میں ڈوب گیا، مکین بجلی سے محروم ہوگئے، کےالیکٹرک کی دو سو بیس کے وی اے کی لائن ٹرپ کر نے سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، متاثرہ علاقوں جناح اسپتال، ڈیفنس، اورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف بجلی کی سپلائی معطل ہے۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث چندریگر گرڈز پر بجلی کی سپلائی متاثر ہے، عملہ متاثرہ گرڈز کی بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہے، متاثرہ گرڈز کی بجلی جلد بحال کردی جائے گی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ جناح اسپتال اورخاص اداروں کی بجلی تاحال بحال ہے۔ ذرائع کے مطابق بجلی کی فرا ہمی میں معطلی کے باعث شہر کراچی کو پانی کی فراہمی بھی معطل ہوسکتی ہے۔

یورپی یونین سے علیحدگی، برطانیہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے لیے سرگرم

0

لندن: یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانوی حکومت نے معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے بھارت سے تجارتی معاہدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، برطانوی وفد اگلے ماہ معاملات طے کرنے کے لیے ممبئی اور دہلی پہنچے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی فنانس منسٹر اعلیٰ تجارتی وفد کے ہمراہ اگلے ماہ بھارت جائیں گے اور  وہاں پر مختلف بھارت کی تجارتی تنظیموں سے معاہدے کریں گے، برطانوی وفد میں بینک آف انگلینڈ کے گورنر بھی موجود ہوں گے۔

برطانوی وزیر خزانہ کے مطابق ’’یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد معیشت کو مستحکم رکھنے کے لیے بھارت سے تجارتی معاہدہ بہت ضروری ہے تاکہ ہماری معیشت اپنی جگہ برقرار رکھ سکے، تجارتی معاہدوں سے دونوں ممالک کے روابط بھی بہتر ہوں گے‘‘۔

بھارتی میڈیا نے اگلے ہفتے برطانوی وفد کی آمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’دونوں ممالک کے درمیان باہمی رضامندی کے تحت اعلیٰ تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے‘‘۔

پڑھیں: ’’ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا مستعفی ہونے کا اعلان ‘‘

یاد رہے یورپین یونین سے علیحدگی کے لیے برطانوی حکومت میں ریفرنڈم کروایا تھا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں حصہ لے کر اس اتحاد سے علیحدگی کا فیصلہ سنایا تھا، نتائج سامنے آنے کے بعد یورپی یونین سے جڑے رہنے کے خواہش مند برطانوی وزیراعظم کیمرون نے بھی اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

فواد خان بھارتی فلم دھڑکن 2 کی کاسٹ سے باہر

0

ممبئی : معروف پاکستانی اداکار اور چاکلیٹی ہیرو فواد خان کو بھارتی فلم دھڑکن 2 کی کاسٹ سے باہر کردیا گیا ہے ان کی جگہ معروف ماڈل روہیت کو کاسٹ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق متعصب بھارتی حکومت کی نقش قدم پر چلتی بھارتی فلم انڈسٹری کی تنگ نظری نے فن اور فنکار کو بھی نہیں بخشا جس کی تازہ مثال دھڑکن 2 کی کاسٹ میں سے پاکستانی اداکار اور چاکلیٹی ہیرو فواد خان کو باہر کردینا ہے۔
fawwad-2
خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ فلم دھڑکن کے سیکوئیل کے لیے دھڑکن 2 میں فواد خان کو سنیل شیٹھی کے کردار میں کاسٹ کیا گیا ہےجب کہ شردہا کپور کو شپلپا شیٹھی کی جگہ ہیروئن کا کردار نبھانا تھا۔

اس حوالے سے یہ خبر بھی گرم ہے کہ فواد خان کی جگہ اب نئے ابھرتے ماڈل اور اداکار روہیت کھنڈیلوال کو کاسٹ کرلیا گیا ہے جو اس سے قبل مسٹر انڈیا کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں اور آج کل کئی اشتہارات بھی کر رہے ہیں۔

یاد رہے اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد سے بھارت میں پاکستانی اداکار فواد خان اور مائرہ خان کو بیدخل کردیا گیا تھا جب کہ بھارتی فلم رئیس سے بھی مائرہ خان کے سین کاٹ دیئے گئے تھے۔

بھٹو کو مسلم ممالک کو اکٹھا کرنے کی سزا دی گئی، رضا ربانی

0

گڑھی خدا بخش : چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو مسلم ممالک کو اکٹھا کرنےکی سزا دی گئی، بھٹو ریفرنس پر گرد جم رہی ہے سپریم کورٹ ازخود اوپن کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس سے قبل رضا ربانی نے ذوالفقار علی بھٹو اورشہید بینظیر بھٹو کی مزارات پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے بھٹو کو راہ راست سے ہٹانے کا ذمہ دارعالمی قوتوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو مسلم ممالک کو یکجا کرنے کی پاداش میں راستے سے ہٹایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کا نظام مکمل طور پر ناکارہ ہوچکا ہے، اس کے تحت کرپشن پر قابو نہیں پایا جا سکتا، نگراں حکومتوں کا کام تین مہینے کے لئے صرف روزانہ کا بزنس چلانا ہے، عالمی اداروں سے معاہدے کرنا ان کا کام نہیں۔

نگراں حکومتوں کے خد و خال واضح کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے نیشنل سیکورٹی اور خارجہ پالیسی سمیت تمام اہم ملکی فیصلے اے پی سی کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونے چاہئیں۔

آئندہ برس اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے گی، شہریار خان

0

کولمبو : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ فی الحال بنگلہ دیش کی ہائی پرفارمنس ٹیم پاکستان سیریز کھیلنے آئے گی جب کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کی آمد آئندہ سال اپریل میں متوقع ہے۔

اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے سری لنکا میں موجود شہریار خان کا کہنا تھا کہ جولائی اگست میں پاک بنگلہ کرکٹ سیریز ہو گی اور اس سیریز کے لیے سری لنکا کو نیوٹرل وینیو بنانے پر غور وخوص جاری ہے اور بنگلہ دیش بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش بورڈ کچھ باگزیر وجوہات کی بناء پر فی الحال اپنی قومی ٹیم پاکستان نہیں بھیجنا چاہتا تاہم اپنی ہائی پرفارمنس ٹیم بھیجنے پر رضامندی کا اظہارکیا ہے جب کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم کا آئندہ سال اپریل میں پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کولمبو میں پاکستان ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات ہوئی ہے اور بگ تھری سمیت کئی اہم معاملات زیر بحث آئے ہیں جب کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بی سی بی کے اعلیٰ حکام سے بھی حوصلہ افزا بات چیت ہوئی ہے۔

عمران خان کےاسپتال میں عالمی دہشتگردوں کا علاج ہوا، سعیدغنی

0
آلائشوں کے ڈھیر

اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران خان کےاسپتال میں عالمی دہشت گردوں کا علاج ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی خود ایک ذہنی مریض ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف کے خطاب پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ سینیٹرسعید غنی نے عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کے والد اکرام نیازی کو پیپلزپارٹی کی حکومت نے کرپشن کے الزام میں نوکری سے فارغ کیا گیا تھا اورعمران نیازی کو اسی بات کا غصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سےدشمنی میں عمران خان اور نوازشریف ایک ہیں۔ عمران خان قوم کو بتائیں کہ کیا وہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سے چندہ لینے گئے تھے؟

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو غلط کام نہ کرنے کی وجہ سے سندھ حکومت نے ہٹایا۔

آج چکوال تلہ کنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی واپسی پر 5 ارب روپے کی کرپشن کرنے والے شرجیل میمن کو رہائی ملی۔

اس کے علاوہ ڈاکٹرعاصم کو 460 ارب روپے کی کرپشن کے باوجود ضمانت مل گئی، ملک کی دو بڑی جماعتوں نے نام نہاد جمہوریت کو بچانے کے لیے ایک بار پھر مک مُکا کرلیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ریاض کے خلاف غیر قانونی اسلحے کا مقدمہ درج

0

کراچی: کراچی یونی ورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ریاض کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں رینجرز کی مدعیت میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، انہیں گزشتہ روز پریس کلب کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گرفتار پروفیسر حسن ظفر عارف کی رہائی اور انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پریس کانفرنس کے لیے آنے والے جامعہ کراچی استاتذہ تنظیم کے رہنما کو فوارہ چوک کے قریب سے رینجرز نے خاتون اساتذہ سمیت گرفتار کیا تھا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پریس کانفرنس کے لیے آنے والے ڈاکٹر ریاض اور خاتون ٹیچر مہرافروز مراد کو پریس کلب کے قریب فوارہ چوک جبکہ ایک اور خاتون خاتون ٹیچر نغمہ شیخ کو پاسپورٹ آفس کے قریب سے حراست میں لیا تھا، ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں کو لندن سے رابطہ رکھنے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا۔

پڑھیں: ’’ پروفیسر حسن کی رہائی: پریس کلب آنے والے 3 اساتذہ گرفتار، 2 خواتین شامل ‘‘

ابتدائی تفتیش کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں خواتین اساتذہ کو رہا کردیا تھا جبکہ آج کچھ دیر قبل رینجرز کی مدعیت میں پروفیسر ڈاکٹر ریاض کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرکے انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

dr-riaz-1

گزشتہ روز ہونے والی گرفتاریوں کے بعد جامعہ کراچی اساتذہ انجمن کی رکن ڈاکٹر نوین پریس کلب پہنچیں اور انہوں نے ڈاکٹر ریاض سمیت دونوں خواتین اساتذہ کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیئنر اساتذہ کا لاپتا ہونا آزادی اظہار رائے پر پابندی کے مترادف ہے، زیر حراست افراد کو فوری رہا کیا جائے۔

dr-riaz-3

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر حسن ظفر کی طبیعت ناساز ہے اُن کو علاج کی سہولیات فراہمی پریس کانفرنس کرنے آئے تھے، ہمارا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، لاپتہ ہونے والے اساتذہ دوپہر 2 بجے تک رابطے میں تھے۔

dr-riaz-2

دوسری جانب ڈاکٹر ریاض کی رہائی کے لیے کراچی، لاہور سمیت دیگرعلاقوں میں استاتذہ تنظیموں کے مظاہرے جاری ہیں، کراچی پریس کلب کے باہر جمع ہونے والے استاتذہ نے پروفیسر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

مودی کے ہاتھ انسانی خون سے رنگے ہوئے ہیں، مشال ملک

0

اسلام آباد : حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا کہ مودی کے ہاتھ انسانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔

اسیرحریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک جو ان دنوں اپنے شوہر کی رہائی اور تحریکِ آزادی کشمیر میں متحرک کردار ادا کررہی ہیں نے اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

مشال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں چنانی نشری ٹنل کا افتتاح کر رہے ہیں، جو کشمیرکو نئی دہلی سے ملارہا ہے تا کہ ٹنل کے ذریعے بھارتی فوج اور اسلحےکی آمدورفت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹنل کے ذریعے بھارت مقبوضہ کشمیر پر قبضے کو مزید مضبوط بنا رہا ہے تاکہ مذید اسلحہ بارود اور افواج کو نہتے کشمیریوں پر مسلط کر کے ان کی نسل کشی کی جا سکے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیئے۔

مشال ملک نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں18 کشمیری شہید اور 500سے زائد زخمی ہوئے ہیں اس پر بھی بھارتی سفاکیت نرم نہ پڑی اور اب ٹنل کے ذریعے کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں سب سے بڑی ریاستی دہشت گردی بھارت کر رہا ہے اور ہر گذرتے دن کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں بھی روز بہ روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔