اسلام آباد: پیر سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے جمعرات کے دوران خیبر پختونخوا،فاٹا،گلگت بلتستان کشمیر میں بارش کا امکان ہے، منگل سے بدھ کے روز مالاکنڈ ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
پیر سے بدھ کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی، سرگودھا میں کہیں کہیں بارش جب کہ گوجرانوالہ،لاہور،فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہےجب کہ پیر تا منگل کوئٹہ،ژوب،ڈی جی خان،ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور منگل سے جمعرات کے دوران راولپنڈی،اسلام آباد میں چند مقامات پر ژالہ باری ہوگی۔
اسی طرح بالائی پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
دریں اثنا سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہےگا، مالاکنڈ ڈویژن،بالائی فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔