جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 25282

ریلوے کا خسارہ کم کرنا اولین ترجیح ہے، خواجہ سعد رفیق

0

لاہور : وفاقی وزیرِ ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کا خسارہ کم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جب کہ مسافروں کے جان و مال کی حفاظت ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

یہ بات انہوں نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں ریلوے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ غفلت، نا اہلی اور کام چوری پر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے میں جزا اور سزا کے نظام کوسختی سےلاگو کیاجائےگا اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین سیفٹی کو یقینی بنانےکے لیےطویل اور قلیل المدتی اقدامات کرنا ضروری ہیں جس کے لیے موجودہ حکومت اپنے وزیراعظم کی قیادت اور وژن کے مطابق کام کر رہے ہیں جس کے ثمرات عوام کو نظر آرہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جب وزارت سنبھالی تو ریلوے ذبوں حالی کا شکار تھا اور لوگ ٹرین میں سفر کرنا نہیں چاہتے تھے جب کہ ٹرین کی آمد و رفت کے اوقات کی پابندی بھی نہیں کی جاتی تھی۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ میٹرو بس اور اورینج ٹرین کا مذاق اڑایا کرتے تھے وہ آج خود ایسے منصوبے تیار کر رہے ہیں۔

چمن بارڈرپرایف سی اورمشتعل افراد میں تصادم، اہلکاروں سمیت دس زخمی

0

چمن : پاک افغان چمن بارڈر پر اصلی سفری دستاویزات نہ دکھانے پر ایف سی اور مشتعل افراد میں تصادم کے نتیجے میں سات ایف سی اہلکار اور تین شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں دو صحافی بھی شامل ہیں۔ صحافتی ذمہ دارایاں نبھاتے ہوئے اے آر وائی نیوز کے نمائندے اختر گلفام کان پر پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق آج صبح چمن بارڈر کے باب دوستی گیٹ پر جب ایف سی اہلکاروں نے پاکستانی اور افغانی شہریوں سے اپنی اصلی سفری دستاویزات دکھانے کا مطالبہ کیا تو چمن بارڈر پر موجود بہت سے افراد کے پاس اپنی مکمل اصلی سفری دستاویزات نہیں تھیں جس کی وجہ سے ان کو چمن بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں ملی۔

اس موقع پروہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور انہوں نے ایف سی اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کردیا، جواب میں ایف سی کی جانب سے بھی فائرنگ اورشیلنگ شروع کردی گئی اور کئی گنھٹے کی جھڑپ کے بعد ایف سی نے مشتعل افراد کو منتشر کردیا۔

ایف سی حکام کے مطابق مشتعل افراد کے پتھراؤ سے سات ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے جن کو فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا، اس دوران دو صحافی بھی پتھر لگنے سے زخمی ہوئے جس میں سماء ٹی وی اور اے آر وائی نیوز کے رپورٹر شامل ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ سے تین شہری زخمی ہوئے ہیں جس میں ایک شہری کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ ایف سی نے پتھراؤ کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔

ایف سی حکام کے مطابق چمن بارڈر ہر قسم کی آمدورفت کے لئے کھلا ہے تاہم پیدل فراد بھی اپنی مکمل اصلی سفری دستاویزات دکھانے کے پابند ہوں گے۔

یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل چمن بارڈر پر آمدورفت کے حوالے سے پاکستانی اور افغان حکام کے درمیان ایک فیلگ مٹینگ میں دونوں طرف سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ چمن بارڈر کے راستے پاک افغان سرحد کو کراس کرنے والے افراد اپنی مکمل اصلی سفری دستاویزات دکھانے کے پابند ہوں گے۔

بِگ تھری، اپنے سابقہ موقف پر قائم ہوں، شہریار خان

0

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ سری لنکاکےصدر کی خصوصی دعوت پرسری لنکا آیا ہوں اور یہاں بِگ تھری پر اپنا مؤقف تبدیل نہیں کروں گا۔

چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ بِگ تھری کے معاملے پر سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیشی حکام سے مزاکرات کریں گے اور اس حوالے سے اپنے پرانے موقف پر قائم رہوں گا۔

سر ی لنکا آمد کے حوالے سے گورننگ باڈی کو مطلع نہ کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں چوری چھپے سری لنکا نہیں آیا ہوں اس لیے یہ بات سب کے علم میں ہے۔

اسی سے متعلق : آئی سی سی کابگ تھری ختم کرنےکافیصلہ

شہریار خان کا کہنا تھا کہ یہاں پاک بھارت سیریز پر کوئی بات نہیں ہو گی کیوں کہ یہاں بھارتی بورڈ کا کوئی نمائندہ ہی نہیں ہے،تو بات چیت کس سے کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شہر یار خان کل کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور بِگ تھری سمیت پاک بھارت سیریز پر بات اعلی حکام سے بات چیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : بگ تھری کی سپورٹ بھارت کیخلاف سیریز کھیلنے کی وجہ سے کیا تھا، شہریارخان

یاد رہے شہریار خان نے 18 اگست 2018 میں اپنی معیاد ختم ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے جس سے بوڑد کو آگاہ کردیا گیا ہے اور معاہدے کے تحت کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی اعلان کردیاتھا۔

وزیراعظم صحت مند ہیں،گردے میں معمولی پتھری ہے، مریم نواز

0

لاہور : مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے گردے میں ایک معمولی پتھری ہے جو کے قابلِ تشویش نہیں جب کہ اس حوالے سے گردش کرتی منفی خبریں بے بنیاد اور لغو ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے والد کی طبعیت کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کے گردے میں مومعمولی نوعیت کی پتھری ہے جو بے ضرر ہے صرف احتیاط کی ضرورت ہے۔

مریم نواز نے وزیراعظم کی بیماری کے حوالے سے میڈیا میں گردش کرتی حساس خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمد اللہ وزیراعظم نواز شریف صحت مند ہیں انہیں گردے میں تکلیف کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔


وزیراعظم نوازشریف ایک بار پھر علیل*


انہوں نے کہا کہ اسپتال میں جانچ پڑتال کے بعد گردے میں معمولی پتھر کی تشخص ہوئی ہے جو کہ قابل تشویش بات نہیں اور نہ ہی اس کے لیے کسی قسم کے ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہے بلکہ معمولی احتیاط سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے وزیراعظم نواز شریف پیٹ میں درد کی شکایت کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے تھے جس کے بعد میڈیا میں ان کی طبیعت کے حوالے سے چہ موگوئیاں شروع ہو گئی تھیں اور منفی خبریں گردش کرتی رہی تھیں۔

آپریشن ردالفساد: مختلف علاقوں سے متعدد دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد

0

اسلام آباد / لاہور / بہاولپور : ملک بھر میں پوری قوت کے ساتھ آپریشن ردالفساد جاری ہے، اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز نے سہالہ کے مختلف علاقوں ڈھوک حیدر، ڈھوک ولایت اورچک مورہ میں سرچ آپریشن کرکے دو مشکو ک افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ جس میں 6ایس ایم جیز 7بارہ بور ،رائفلرز ، پسٹلز ،اور گولیاں شامل ہیں، بعدازاں زیرحراست افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب لاہور میں پولیس نے بادامی باغ میں سرچ آپریشن کرکے تین افغانیوں سمیت بیس افراد کو گرفتار کرلیا۔ چشتیاں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے آٹھ افراد کو دھرلیا۔

اس کے علاوہ بہاولپور میں بائیس مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا اور چار سو افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی۔ لیاقت پور میں پولیس نے مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن کرکے پانچ ملزمان کو حراست میں لے کر ہتھکڑیاں لگادیں۔

جنوبی پنجاب کوعلیحدہ صوبے کی حیثیت دی جائے، سراج الحق

0

شجاع آباد : جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ غربت ، جہالت ، مہنگائی ، بے روز گاری ، بدامنی اور لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل حکمرانوں کے پیدا کردہ ہیں جب کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں مگر دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور حکمرانوں کی لوٹ مار نے ملک و قوم کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

وہ شجاع آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ وسائل کی غیر منصافہ تقسیم نے تمام مسائل کو جنم دیا ہے اور اس کی ذمہ دار حکمراں طبقہ ہے جس نے عوام کو کھوکھلے نعروں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

سراج الحق نے کہا کہ مسلح دہشت گردی نے معاشی اور سیاسی دہشت گردی کی کوکھ سے جنم لیا ہے جہاں معاشی دہشت گردی ہوگی وہاں مسلح دہشت گردی کا ہونا لازمی امر ہے اس لیے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے معیشت اور سیاست میں شرافت، رواداری اور انصاف کو عام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے کرپٹ حکمرانوں ، بے رحم اشرافیہ ، ظالم جاگیرداروں اور لینڈ و شوگر مافیاکے خلاف جہاد کررہی ہے اور عوام کی ترجمانی کا مکمل حق ادا کر رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام قیام پاکستان کے بعد سے الگ صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن یہاں سے منتخب ہونے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے حالانکہ جنوبی پنجاب کے مسائل کا واحد حل اسے ایک الگ صوبے کی حیثیت دینا ہے۔

آواز کی دگنی رفتار سے اڑنے والا طیارہ

0

نیویارک: امریکا کی نجی کمپنی نے ایسا مسافر بردار جہاز تیار کیا ہے جو اب تک  تیز ترین اڑنے والا طیارہ سمجھا جارہا ہے۔ منتظین کا دعویٰ ہے کہ  یہ آواز کی دگنی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی آزمائشی پرواز کامیاب رہی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی نجی کمپنی ’’ہوم ٹیکنالوجی‘‘ نے کمرشل سپرسؤنگ جہاز تیار کیا ہے جو 2 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس طیارے کا ماڈل جنگی طیارے کی طرز کا ہے تاہم اسے کمرشل استعمال یعنی مسافروں کی آمد و رفت کے لیے تیار کیا گیا ہے، طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل کرلی گئی ہے۔

plane-1

متنظمین کا کہنا ہے کہ سپرسونگ طیارہ آواز کے مقابلے میں 2.2 گنا زیادہ یعنی 2334 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے، طیارے میں 3 عدد جدید ترین ٹریوفین جیٹ انجن نصب کیے جائیں گے۔ جہاز کی رفتار کے حساب سے اگر نیویارک سے اسلام آباد تک کا سفر کیا جائے تو یہ مسافت صرف 5 گھنٹے میں مکمل ہوجائے گی۔

plane-2

امریکی میڈیا اسے ’’مکمل نجی‘‘ منصوبہ قرار دے رہا ہے تاہم اس کی تیاری میں ناسا، پریٹ اینڈ وٹنی، لاک ہیڈ مارٹن، بوئنگ، نارتھروپ گرومین، اسپیس ایکس اور اسکیلڈ کمپوزٹس جیسے اداروں کے ماہرین بھی شریک ہیں جو کسی نہ کسی صورت امریکا میں ہوابازی کے سرکاری شعبے سے وابستہ رہے ہیں۔

ایکس بی ون پروٹوٹائپ دیکھنے میں کسی لڑاکا طیارے ہی کی طرح نظر آتا ہے لیکن اس کا حتمی ڈیزائن خاصا بڑا اور مسافر بردار طیارے جیسا ہی دکھائی دیتا ہے۔

اب تک ایجاد ہونے والے 10 تیز ترین طیارے

غیرت کے نام پرنویں جماعت کی طالبہ بھائیوں کے ہاتھوں قتل

0

گجرات : سرائے عالمگیر میں غیرت کے نام پر نویں جماعت کی طالبہ کو قتل کردیا گیا، لڑکی کواس کے 2 بھائیوں نے والدین کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

پولیس سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کے علاقے نئی آبادی کلمہ چوک کی رہائشی اور نویں جماعت کی طالبہ فضا افضل کا کسی بات پر اکثر اپنے والدین اور بھائیوں سے جھگڑٓا رہتا تھا۔

جھگڑے کے بعد بھائیوں نے فضا افضل کے گلے میں پھندا ڈال دیا جس کے باعث لڑکی دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگئی، اطلاعات کے مطابق لڑکی کے بھائیوں نے غیرت کے نام پر اسے قتل کیا واردات میں اس کے والدین بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں : غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا

متوفیہ فضا کا آج اسکول میں پیپر بھی تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر مزید قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال کھاریاں منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں: لاہور: باپ نے غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا

 

پیر سے بالائی اور وسطی علاقوں میں‌ بارش کی پیش گوئی

0

اسلام آباد: پیر سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے جمعرات کے دوران خیبر پختونخوا،فاٹا،گلگت بلتستان کشمیر میں بارش کا امکان ہے، منگل سے بدھ کے روز مالاکنڈ ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

پیر سے بدھ کے دوران اسلام آباد،راولپنڈی، سرگودھا میں کہیں کہیں بارش جب کہ گوجرانوالہ،لاہور،فیصل آباد ڈویژن میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہےجب کہ پیر تا منگل کوئٹہ،ژوب،ڈی جی خان،ملتان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے اور منگل سے جمعرات کے دوران راولپنڈی،اسلام آباد میں چند مقامات پر ژالہ باری ہوگی۔

اسی طرح بالائی پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بھی بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

دریں اثنا سندھ اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہےگا، مالاکنڈ ڈویژن،بالائی فاٹا،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

چینی صوبے میں مسلمانوں کی لمبی داڑھی اورپردہ کرنے پرپابندی

0

سنکیانگ : چینی حکومت نے صوبہ سنکیانگ میں مسلمانوں کو لمبی داڑھی رکھنے اور خواتین کو عوامی مقامات پر پردہ نہ کرنے اور سرکاری ٹی وی نہ دیکھنے پر سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے، اس کا مقصد اسلامی انتہا پسندی کیخلاف اقدامات کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین نے اپنے مغربی علاقے سنکیانگ میں نئی پابندیاں متعارف کروائی ہیں جنہیں اسلامی انتہاپسندی کے خلاف مہم کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

چین کی جانب سے کیے گئے اقدامات میں غیرفطری طور پر لمبی داڑھیاں رکھنے، عوامی مقامات پر پردہ کرنے اور سرکاری ٹی وی دیکھنے سے انکار پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سنکیانگ اویغور نسل کا آبائی علاقہ ہے جہاں پر زیادہ تر مسلمان آباد ہیں اوران کا کہنا ہے کہ انہیں چین میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ چین کی حکومت پرتشدد واقعات کا ذمہ دار مسلمان شدت پسندوں اور علیحدگی پسندوں کو قرار دیتی ہے۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ شورش جابرانہ پالیسیوں کا ردعمل ہے اور نئے اقدامات اویغور لوگوں کو شدت پسندی کی جانب مزید دھکیل سکتے ہیں، اگرچہ سنکیانگ میں اسی طرح کی پابندیاں پہلے بھی نافذ تھی لیکن اب انہیں قانونی طور پر لاگو کر دیا گیا ہے۔