ہفتہ, مئی 24, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26187

نبیل گبول بنی گالا پہنچ گئے،دھرنے میں شرکت کا اعلان

0

اسلام آباد: سیاسی رہنما نبیل گبول عمران خان کی حمایت میں بنی گالا پہنچ گئے، ان کا کہنا ہے کہ یہ وقت گھروں میں بیٹھنے کا نہیں، ملک بچانے کے لیے عوام گھروں سے باہر نکل آئیں عمران خان کے ساتھ پہاڑ بھی عبور کرکے اسلام آباد جائوں گا۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سارے پاکستانی گھروں سے باہر نکل آئیں، یہ وقت گھروں میں بیٹھنے کا نہیں ہے، میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہوں، سب کچھ برداشت ہے لیکن قومی سلامتی پر آنچ برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ پہاڑ عبور کرکے جاؤں گا، پاکستان کی سالمیت کا سوال ہے، حکمرانوں کو گھر بھیجنا ہے، فی الحال کچھ نہیں کہ سکتا کہ آئندہ کس جماعت میں شامل ہوں گا۔

پرویز رشید کے متعلق انہوں نے کہا کہ پرویز رشید چھوٹا بکرا تھا جس کی قربانی دے کر بڑے بکروں کو بچایا جارہا ہے۔

نبیل گبول کا مزید کہنا تھا کہ میں لاکھوں لوگوں کو لانے کادعوی نہیں کر سکتا لیکن میرے ساتھ چند ہزار لوگ ضرور آئیں گے جو کل کینٹ اسٹیشن پر آپ کو نظر آجائیں گے،

بنی گالہ تک بآسانی پہنچ جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں نبیل گبول نے کہا کہ میں آسانی کے ساتھ بنی گالا اس لیے پہنچ گیا کہ میں لیاری کا لیڈر ہوں اور رکاوٹیں کیسے عبور کی جاتی ہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔

عمران خان کا کل سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ موخر

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کل صبح وزیراعظم کی نااہلی کیس پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت میں پیش ہونے کا فیصلہ موخر کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبدالقادر کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے، قبل ازیں انہوں نے پچھلی سماعت کے دوران یکم نومبر کو ہونے والی سماعت میں بہ نفس نفیس شریک ہو نے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹر کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنمائوں سے طویل مشاورت کی جو اب مکمل ہوگئی ہے،جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان سپریم کورٹ نہیں جائیں گے۔

رہنمائوں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کی صورتحال ایسی نہیں کہ عمران خان سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران پیش ہوں، ان کے گھر کے باہر پولیس موجود ہے ممکن ہے سپریم کورٹ جاتے ہوئے یا واپسی پر عمران خان کو گرفتار کرلیا جائے اور اس وقت پارٹی عمران کی گرفتاری کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

رہنماؤں کی جانب سے تجاویز کے بعد عمران خان نے کل سپریم کورٹ کے سامنے پیش ہونے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بنی گالہ کی تلاشی لی جائے تو ممنوعہ اشیاء کا ڈھیر ملے گا،رانا ثناءاللہ

0

لاہور : صوبائی وزیرِ قانون رانا ثناءاللہ نے انکشاف کیا کہ اگر آج بنی گالہ کی تلاشی شروع کردی جائے تو وہاں سے کوکین، چرس اور شراب بڑی مقدار میں برآمد ہو جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جمہوریت کی بقاء اور عوام الناس کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدام کی انجام دہی میں ذرا ہچکچاہٹ سے کام نہیں لے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پُر امن احتجاج کرتی تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا لیکن عمران خان نے اسلام آباد میں کارِ حکومت نہیں چلنے دینے کا اعلان کیا تھا اور اپنے کارکنوں کو اکسایا تھا کہ اگر کوئی روکے تو وہیں دھرنا دے دینا،ہم دارالخلافہ کو یرغمال بننے نہیں دیں گے۔

اس موقع پر انہوں نے خاتون کارکنان کی گرفتاریوں کی تردید کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ تحریک انصاف کی کسی خاتون کارکن کو گرفتار نہیں کیاگیا ہے،پورے پنجاب سے 838 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ملتان سے29 افرادکو حراست میں لیا ہے جب کہ لاہور ریجن میں 208 کارکنوں کو گرفتارکیا گیاہے۔

رانا ثناء اللہ نے بہ طور طنز کہا کہ عمران خان کی کال پر بنی گالہ صرف 400سے 450لوگ پہنچے ہیں حالانکہ عمران خان صاحب نے جہاں جلسہ کرنے کا کہا وہاں ان کو پنجاب حکومت نے جلسہ کرنے کا موقع دیا،ان کی کال پر تو پورے پنجاب میں 10بندے بھی نہیں نکلے۔

زندگی میں کبھی ہار نہیں‌ مانی، کارکنان مورال بلند رکھیں، عمران، خصوصی گفتگو

0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مشرف کے دورِ آمریت میں بھی ایسا ظلم نہ ہوا جو آج ایک جمہوری حکومت ہمارے ساتھ کر رہی ہے، میرے اہل خانہ کو بھی بنی گالا آنے سے روک دیا گیا، زندگی میں کبھی ہار نہیں مارنی، کارکنان بھی مورال بلند رکھیں۔

اے آر وائی نیوز سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمار ا قصور صرف اتنا ہے کہ ہم پُرامن احتجاج کر رہے ہیں، ہم نے کونسا قانون توڑا ہے جو کارکنان جیلوں میں بھرے جارہے ہیں کسی جمہوری نظام میں سیاسی کارکنان کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کس قانون کے تحت ہماری خواتین پر تشدد ہوا؟ لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور لال حویلی سمیت ہمیں جلسہ نہیں کرنے دیا گیا حالانکہ اسی جگہ پر اسی دن ایک اور تنظیم نے جلسہ بھی کیا تھا۔

چیرمین عمران خان نے کہا کہ کارکنان تو ایک طرف میرے اہل خانہ کو بھی بنی گالہ نہیں آنے دیا جا رہا ہے آخر کس قانون کے تحت میری بہن کو بنی گالہ نہیں آنے دیا اور میڈیا میں جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے کہ بنی گالہ مسلح جتھے آرہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہمارا وزیراعلیٰ اپنے پارٹی چیئرمین سے ملنے اسلام آباد آنا چاہتا ہے تو اسے کیوں روکا جارہا ہے؟ پرویز خٹک نے کیا غلطی کی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے پہلے بھی طویل دھرنا دیا لیکن کوئی مسلح جدوجہد نہیں کی، یہ سب تماشا شریف خاندان کی کرپشن بچانے کے لیے ہورہا ہے کیوں کہ انہیں پتا ہے کہ وہ جیل جائیں گے، یہ میر جعفر ہیں جو پاکستان کو بھی بیچ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے جو ہمارے چیف منسٹر کے ساتھ کیا ہےدراصل یہ بھارت کھیل کھیل رہا ہے؟ ان کے سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دودل نے کہا تھا کہ پاکستان میں صوبے کو صوبے سے لڑائیں گے اور وہی ہورہا ہے، ایک شخص کو بچانے کے لیے ملک میں افراتفری پھیلا دی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دو نومبر کو دس لاکھ لوگ اسلام آباد جائیں گے، میں نے زندگی میں کبھی ہارنہیں مانی، میرا مورال کبھی نہیں گرسکتا اور میرے کارکنان بھی اپنا مورال بلند رکھیں گے۔

انہوں نے اے آر وائی کے پلیٹ فارم سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کو راستہ دیا جائے اورانہیں بنی گالا اپنے چیئرمین سے ملنے کے لیے آنے دیا جائے۔

شارجہ ٹیسٹ کا پہلا روز: ویسٹ انڈیز کے 6 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز

0

شارجہ: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جانے والا شارجہ ٹیسٹ کا دوسرا روز بھی ویسٹ انڈیز کے نام رہا، پاکستانی کھلاڑی پہلی اننگز میں 281  رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ویسٹ انڈیز نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک چھ وکٹ پر 244  رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے، کالی آندھی کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے صرف 37 رنزدرکار ہیں اور اس کی ابھی 4 وکٹیں باقی ہیں۔

match-post-1

ویسٹ انڈیز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوا، 6 رنزپر وہاب ریاض نے جونسن کو آؤٹ کردیا۔ ذوالفقار بابر کی گیند پر ڈیرن براوو کا ناقابل یقین کیچ محمد عامر نے پکڑا۔

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلا کیچ بیسویں میچ میں پکڑا جو ورلڈ ریکارڈ ہے۔ 68 رنز پر ویسٹ انڈیز کی چار کھلاڑی آؤٹ تھے۔

match-post-2

اس موقع پر چیس اوربرتھ ویٹ کی شراکت نےٹیم کو تباہی سےنکالا۔ چیس پچاس رنزبنا کرآؤٹ ہوئے۔ ایک اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں اوردوسرے اینڈ سے کریک برتھ ویٹ وکٹ پر ڈٹے رہے۔

برتھ ویٹ پچانوے رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ کل تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے پہلے پاکستان پہلی اننگز میں دو سو اکیاسی رنزبنا کرآؤٹ ہوگیا۔ ٹیل اینڈرز پہلے روز کے اسکور میں صرف 26 رنزکا اضافہ کرسکے۔

اگرناگزیرہوا تو دھرنے میں خود شرکت کروں گا، ڈاکٹرطاہرالقادری

0

اسلام آباد : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے۔ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی پاکستان آجاؤں گا، حکمرانوں نے جسٹس باقر کی رپورٹ جاری نہیں ہونے دی، آج بادشاہت کا بدترین مظاہرہ کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت اور سیاسی آزادی پر یقین نہیں رکھتی۔

شریف برادران آئین پاکستان پر بھی یقین نہیں رکھتے، لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں روک لیا جاتا ہے، حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کارکنان کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ناگزیر ہوا تو میں خود بھی دھرنے میں شرکت کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ٹی آئی کے ان کارکنان کے ساتھ ہیں جو احتساب کے مطالبے کو پورا کرنے اپنے گھروں سے نکلے ہیں، انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ شریف برادران خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔

ایم کیو ایم لندن،نئی عبوری رابطہ کمیٹی کا اعلان

0

لندن : متحدہ قومی موومنٹ لندن  نے پاکستان میں تنظیمی امور چلانے کے لیے سینئر خواتین اراکین پر مشتمل پانچ رکنی عارضی رابطہ کمیٹی کا اعلان کردیا،نئی عبوری کمیٹی کا اعلان سابقہ اراکین رابطہ کمیٹی کی گرفتاری کے بعد کیا گیا۔

ایم کیو ایم شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پانچ رکنی عارضی رابط کمیٹی کی انچارج ریحانہ نسرین ایڈوکیٹ، اور جوائنٹ انچارج مختارا حیدر ہوں گی جب کہ عارضی رابطہ کمیٹی کے اراکین میں ثروت اسرار ایڈوکیٹ، شرمین قزالباش، اور بتول حیدر شامل ہیں۔

یہ پڑھیے : متحدہ لندن قیادت نے نئی رابطہ کمیٹی کا اعلان کردیا

اپنے بیان میں ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ گزشتہ ماہ اعلان کی گئی عبوری رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر حسن ظفر عارف،کنور خالد یونس،مومن خان مومن اور امجد اللہ خان کو بلاجواز بدترین ریاستی مظالم کا نشانہ بناکر جیلوں میں قید کردیا گیا ہے،جب کہ ساتھی اسحاق ،اکرم راجپوت،اسماعیل ستارہ،ادریس علوی اور اشرف نور کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اورعدم دستیابی پر اہل خانہ کو ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیے : متحدہ لندن کے رہنما حسن ظفر اور کنور خالد پریس کلب سے زیر حراست

ان تمام صورت حال کے بعد ایم کیو ایم لندن کی جانب سے تنظیم امور چلانے کے لیے ایم کیو ایم کی تین خاتون وکلاء سمیت 5 سینیئر خاتون اراکین پر مشتمل عارضی رابطہ کمیٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی لندن نے کہا کہ تمام تر مصائب و مشکلات کے باوجود قائد تحریک کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ کریں گے نہ ہی کسی کی دھمکی اور دھونس میں آئیں گے۔

رابطہ کمیٹی لندن کے مطابق بانی ایم کیو ایم نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے جب کہ عارضی رابطہ کمیٹی میں مزید اراکین کے اضافہ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

وفاقی حکومت کے غیر جمہوری اقدامات قابل مذمت ہیں،اپوزیشن رہنما

0

اسلام آباد : دونومبر کو ہونے والے دھرنے کو ناکام بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے باعث پیدا ہونے والی کشیدگی پر ملک کی مخلتف سیاسی جماعتوں نے مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل قرار دیا.

اسلام آباد میں پیدا ہونے والی کشیدگی اور امن و امان کی مخدوش حالت کی لمحہ بہ لمحہ تفصیلات بتانے کے لیے اے آر وائی نیوز کی براہ راست نشریات کے پینل سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف نے آج وفاق پر بڑی ضرب لگائی ہے، شریف برادران نے آج پنجاب کو وفاق سے علیحدہ کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب تو مہمان نواز صوبہ ہے ، لوگوں کو کیوں روکا جارہا ہے ،پنجاب سے کے پی کے تک شلینگ کی جارہی ہے،نواز شریف نے وفاق پر بڑی ضرب لگائی اور شریف برادران نے آج پنجاب کو وفاق سے علیحدہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں : ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، نواز شریف استعفی دیں،شیخ رشید

قبل ازیں شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے مستعفی ہونے کا مطالبے کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک سول وار کی جانب بڑھ رہا ہے اور ملک کی صورت حال کشیدہ اور انتہائی تشویش ناک ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت طاقت کے نشے میں مست ہاتھی بن گئی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کو تشدد کے ذریعے روک کر کیا پیغام دیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اقتدار بچانے کےلیے وفاق کو دائو پر لگار ہے ہیں،وزیراعلیٰ پر تشدد کرنے سے وفاق کمزور ہوجائے گا،ملک کو مخصوص ٹولے کی ملکیت بنایا جارہا ہے۔

اسی طرح ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدام سے ملک غیر مستحکم ہورہا ہے، اسلام آباد میں موجود فریقین ہوش مندی کا مظاہرہ کریں، سیاسی جاعتوں کو پرامن احتجاج کی اجازت دی جائے۔

ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، نواز شریف استعفی دیں،شیخ رشید

0

لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کے استعفی نہ دینے سے ملک سول وار کی طرف بڑھ رہا ہے، اب بھی وقت ہے اس مسئلے کو حل کرلیا جائے ورنہ صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔

اسلام آباد میں دو نومبر کو ہونے والے دھرنے کی وجہ پیدا ہونے والی کشیدگی کی براہ راست کوریج کے لیے اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ پاناما لیکس کا مسئلہ حل کیا جائے چاہے استعفی سے ہو یا عدلیہ سے تاکہ ملک خراب صورتحال اور حادثے سے بچ جائے۔

اسی سے متعلق : شیخ رشید کا نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ پاک فوج پنجاب پولیس بن جائے اور نواز شریف اردگان بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں،یہ فوج این آر او والی فوج نہیں ہے، یہ شہیدوں کی فوج ہے، فوج سے متعلق خبر جاری کرنے والے نیشنل سیکیورٹی لیکس کے ذمہ داروں کو سزا ضرور ملے گی۔

 یہ بھی پڑھیں : حکومت کا شیخ رشید کو گرفتار کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ سربراہ تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے کارکنان کو بنی گالہ پہنچنے کی ہدایت کے بعد بنی گالہ جانے والے تمام راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے، کئی مقامات پر پنجاب پولیس اور تحریک انصاف کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے۔

جب تک زندہ ہوں یہاں سے جانے والا نہیں، پرویز خٹک

0

اٹک: ہاروں آباد پل پر کئی گھںٹوں سے موجود وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عوام کامقابلہ کرنا آسان نہیں، حکومت گرفتاریاں کتنے دن کرے گی، جتنا مرضی ظلم کرلیں، جب تک دم ہے جب تک زندہ ہوں یہاں سے واپس نہیں جانے والا نہیں۔


یہ پڑھیں: ہارون آباد پل پر تحریک انصاف کے کارکنان پر پولیس کی شیلنگ


اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نومبر آئے، دسمبر آئے، 2018ء آجائے تو بھی یہیں کھڑا ہوں،حکمران جو بھی کرلیں ہمیں اسلام آباد پہنچنا ہے، ہم نے تو کچھ نہیں کیا، یہ لوگ ہی دہشت گردی کررہے ہیں، سڑک بند کرنے اور فائرنگ کرنے سے بڑا جرم کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم باعزت طریقے سے اسلام آباد جانا چاہتے ہیں، ہم پر ظلم کیا جارہا ہے ، شیلنگ ہورہی ہے لیکن ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، ہم ضرور اسلام آباد جائیں گے ہم عمران خان کی کال پر بنی گالا جارہے ہیں۔


یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی کارکنان کو ہارون آباد پُل پر پہنچنے کی ہدایت


انہوں نے کہا کہ کارکنان خود کو نہ تھکائیں ابھی پوری رات پڑی ہے، حکومت کو اپنی توانائیاں ضائع کرنے دیں، ملک کے راز فاش کرنے والی یہ حکومت سیکیورٹی رسک ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور چوہدری نثار نے راستے بند کیے اور شیلنگ کرائی اور کہا کہ میں بھی شیلنگ کرسکتا تھا اور اپنے گارڈز ساتھ لا سکتا تھا، یہ سڑک پاکستان کی ہے ہمیں یہاں سے جانے کے لیے کوئی نہیں روک سکتا، یہ لوگ جو چاہے مرضی کرلیں، سب سے آگے میں ہوں گا کارکنان یہاں آئیں اور اسلام آباد پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اگر چوری نہیں کی تو خود کو احتساب کے لیے پیش کردیں۔