پیر, جون 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8211

سعودی خاتون فوجی کی اس تصویر نے دلوں کو پگھلا دیا

0

ریاض: سعودی خاتون فوجی کی اس تصویر نے دنیا بھر میں لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوڈان میں جاری لڑائی کے دوران غیر ملکی افراد کے انخلا میں سعودی عرب کے خصوصی کردار کی زبردست تعریف کی جا رہی ہے۔

انسانی ہمدردی پر مبنی اس کارروائی کے دوران دلوں کو پگھلا دینے والا ایک منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، سوڈان سے جدہ جانے والے بحری جہاز پر سوار وزارت دفاع کی ایک خاتون فوجی اہلکار نے ایک چھوٹے بچے کو تھام رکھا ہے، جو اس کی گود میں سو گیا ہے۔

یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس کی دھوم مچ گئی ہے، دنیا بھر سے صارفین سعودی خاتون فوجی کی انسانی ہمدردی پر مبنی رویے کی تعریف کر رہے ہیں۔

’زرداری، مریم اور فضل الرحمان ’’شہباز شریف‘‘ کی قربانی دینے کو تیار ہیں‘

0

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ زرداری، فضل الرحمان اور مریم نواز شہباز شریف کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پارلیمان میں اعلان بغاوت کیا گیا اور ایک بار پھر ذاتی حملے ہوئے۔ سپریم کورٹ کے کسی جج سے متعلق پارلیمان میں بحث ہو ہی نہیں سکتی۔

اسد عمر نے کہا کہ جس ملک میں آئین کو اعلانیہ توڑا جا رہا ہو وہاں کیا قانون ہوگا۔ لگتا ہے کہ زرداری، فضل الرحمان اور مریم نواز فیصلہ کرچکے اور وہ شہباز شریف کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اب یہ فیصلہ شہباز شریف کو کرنا ہے کہ وہ اپنی قربانی دینے کیلیے تیار ہیں یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے بڑے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، اب عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کا وقت آچکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر آئین کو توڑا گیا تو اسکا مطلب ہے ہر پاکستانی کے حق پر ڈاکا ڈالا گیا۔ پاکستان کے عوام آئین کا دفاع کر کے دکھائیں گے۔ عوام آئینی حقوق اور اس کے دفاع کے لیے باہر نکلیں گے۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ ایک سال کےدوران قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں اور پوری قوم کی نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں۔ ن لیگ انتخابی عمل سے فرار چاہتی ہے اگر سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں ہوگا تو پھر فیصلہ سڑکوں پر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 297 سیٹوں پر ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔ ان لوگوں کو آئین کو روندنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ مسلم لیگ میں ن اور ش کی لڑائی اتنی بڑھ گئی ہے لگتا ہے شہباز شریف کو نااہل کرانا چاہتے ہیں۔

جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع

0

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس تشدد کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر، فرخ حبیب اور یاسمین راشد کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت میں کینال روڈ پر جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، یاسمین راشد، فرخ حبیب، مسرت چیمہ اور عمیر نیازی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ جے آئی ٹی کے سربراہ آفتاب پھلروان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے استفسار کیا کہ تفتیش میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ جس پر سربراہ جے آئی ٹی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فرخ حبیب اور مسرت چیمہ نے تاحال تفتیش جوائن نہیں کی ہے۔

مسرت چیمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے جے آئی ٹی کو چیلنج کیا ہوا ہے۔

اے ٹی سی جج نے کہا کہ اگر جے آئی ٹی ختم بھی ہوجاتی ہے تو بیان تو ریکارڈ کرانا ہے۔ عدالت نے مسرت چیمہ اور فرخ حبیب کو آج ہی انویسٹی گیشن جوائن کرنے کی ہدایت کی اور اسد عمر، یاسمین راشد، فرخ حبیب کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی۔

مردم شماری پر تحفظات، ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا

0
مردم شماری

اسلام آباد: مردم شماری پر تحفظات کے باعث ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا۔

تفصیلات کے مطابق ساتویں قومی مردم شماری پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کے اظہار کے بعد وفاقی ادارہ شماریات نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، اور بی این پی کے وفاقی وزرا کو بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن، جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی بھی بریفنگ میں شریک ہوں گے۔

چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی بریفنگ میں مدعو کیا گیا ہے، وفاقی وزرا نوید قمر، اسرار ترین، شاہ زین بگٹی اور خالد مگسی کو بھی مردم شماری سے متعلق بریفنگ میں بلایا گیا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے حکام پارلیمانی جماعتوں کو ساتویں مردم شماری پر صورت حال سے آگاہ کریں گے، ممبر سپورٹ سروسز سرور گوندل نے پارلیمانی جماعتوں کو خطوط ارسال کر دیے۔

وفاقی ادارہ شماریات میں بریفنگ آج تین بجے ہوگی، زوم لنک پر بھی شرکا بریفنگ میں شامل ہو سکیں گے۔

وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس کی بوگی میں‌ آتش زدگی کا نوٹس لے لیا، لاپتا افراد کی تلاش جاری

0

کراچی: وزارت ریلوے نے کراچی ایکسپریس کی بوگی میں‌ آتش زدگی کا نوٹس لے لیا، لاپتا افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعے پر وزارت ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا، واقعے میں 2 مسافر جاں بحق ہوئے جب کہ 4 مسافر کوچ سے لا پتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

وزارت ریلوے کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سی بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، اور گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا تھا۔

وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی، جس پر فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر پچاس منٹ تک موقع پر پہنچی، اور تقریباً چالیس منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

وزارت ریلوے کے مطابق 70 سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا سکیں، جاں بحق ہونے والے دوسرے مسافر کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

واقعے کے بعد ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے، اور صورت حال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے، کراچی ایکسپریس کو متاثرہ کوچ سے علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے 7 بجے اپنی منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق

وزارت ریلوے کے مطابق واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے، اور اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے، تحقیقات مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ہندو نواز اقدامات کے سبب بھارتی سکھوں میں بے چینی بڑھنے لگی

0

اسلام آباد: بھارت میں آزاد خالصتان کے قیام کی تحریک زور پکڑ گئی ہے، ہندو نواز اقدامات کے سبب بھارتی سکھوں میں بے چینی بڑھنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق مودی کے ہندوستان میں انتہا پسند نظریات سے سِکھ بھی تنگ آ چکے ہیں، سکھوں میں بڑھتی بے چینی کے ساتھ ساتھ بھارت میں ہندو سکھ فسادات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

رواں سال خالصتان کے حامیوں کے 23 ممالک میں 35 سے زائد مظاہرے ہو چکے ہیں، کئی ممالک میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے سکھ مظاہرین کی جانب سے احتجاج کیے گئے۔

19 مارچ 2023 کو آسٹریلیا کے شہر برسبین میں خالصتان کے قیام کے لیے ریفرنڈم کیا گیا تھا، جس میں 60 ہزار سے زائد سِکھوں نے خالصتان کے قیام کا مطالبہ کیا، اس دوران سکھوں نے انڈین ہائی کمیشن لندن پر خالصتان کا پرچم بھی لہرایا۔

راجوڑی میں فوجی ٹرک میں لگنے والی آگ کی ہزیمت مٹانے کی خاطر جعلی آپریشن کی تیاری

27 مارچ 2023 کو امریکی عدالت (نیویارک کی فیڈرل کورٹ) نے بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان اور گورنر بنواری لال پروہت کو سکھوں کے خلاف مظالم پر سمن جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی گرفتاری کے بعد بھارت میں حالات مزید کشیدہ ہو چکے ہیں۔

نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا

0

کراچی: شہر قائد میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والا بچہ اصلی اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹ گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے معصوم بچوں کو بھی نہیں چھوڑا، ایک واقعے میں نقلی پستول کے ساتھ تصویر بنانا بچوں کو مہنگا پڑ گیا۔

گلستان جوہر بلاک 11 میں نقلی پستول کے ساتھ تصاویر بنانے والے ایک بچے کو اصلی اسٹریٹ کرمنلز نے اصلی پستول کے ساتھ لوٹ لیا، واردات کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

ویڈیو میں بچوں کو گلی میں کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، دو بڑے لڑکے اوپر سے پانی گرنے کی وجہ سے دوسری جانب چلے گئے، ایک بچہ بڑے میگزین والی نقلی پستول لے کر ساتھی کے ہمراہ سیڑھیوں کے پاس آیا۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑے بچے نے چھوٹے بچے کو فلمی اسٹائل سے کھڑا کیا، اور بچے کی ایک ٹانگ آگے کی اور پستول کو ٹھیک سے پکڑوایا۔

تاہم، بڑا بچہ جیسے ہی تصویر بنانے لگا، اسی اثنا میں لٹیرے پیچھے سے آ گئے، لٹیرے کو دیکھتے ہی بچہ چونک گیا، سیدھے ہاتھ میں پستول پکڑے لٹیرے نے بچے سے موبائل فون چھین لیا۔

چھوٹا بچہ ماجرا دیکھتے ہی دوسری جانب بھاگ کھڑا ہوا، جب کہ دونوں لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی گلی سے فرار ہو گئے۔

منوڑہ کے سمندر سے مزید ایک نوجوان کی لاش مل گئی، تعداد 3 ہو گئی

0

کراچی: منوڑہ کے سمندر سے مزید ایک نوجوان کی لاش مل گئی، تعداد 3 ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں منوڑہ کے سمندر سے مزید ایک نوجوان کی لاش ریسکیو ٹیم نے نکال لی، کل صبح سے اب تک سمندر سے ملنے والی لاشوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔

ڈوبنے والے لڑکوں کی شناخت 15 سالہ انیس، 16 سالہ حسن اور 25 سالہ مبشر کے نام سے ہوئی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ایک نوجوان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان

0

کراچی: مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان میں مغربی ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم داخل ہوگا، اس سسٹم کے تحت کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے بارشیں متوقع ہیں، جب کہ آج شہر کا موسم گرم رہے گا، اور دن میں مطلع ابر آلود اور جزوی ابر آلود رہے گا۔

شہر کا موجودہ درجہ حررات 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 10 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں ہوا 20 سے 25 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلے گی۔

کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوفناک آتشزدگی، 7 افراد جاں بحق

0

خیرپور: کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں خوف ناک آتش زدگی کے باعث خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی میں سکھر کے قریب آگ لگ گئی، حادثے میں خاتون سمیت سات افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ایک ہی خاندان کے 4 بچے حادثے میں لا پتا ہو گئے تھے، جن کی لاشیں بھی سرچنگ کے دوران بوگی سے برآمد ہو گئی ہیں۔ ڈی سی او ریلوے محسن سیال نے بتایا کہ ٹرین سے جان بچانے کے لیے چھلانگ لگانے والی 70 سالہ خاتون نے زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں دم توڑا، بوگی سے ملنے والی ایک جلی ہوئی لاش کی شناخت بھی کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی بوگی میں آگ ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان لگی تھی، جس کے باعث مسافروں نے چلتی ٹرین سے چھلانگیں لگائی تھیں۔

آتشزدگی کے واقعے کے بعد اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک لیا گیا، تاہم اس وقت ٹرین کے اپ ٹریک اور ڈاؤن ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، اور تمام ٹرینیں اپنی منزل کی جانب روانہ ہو چکی ہیں۔

دوسری طرف ٹرین حادثے میں لاپتا ہونے والے بچوں کے والد اکرام نے بتایا تھا کہ ان کے 4 بچے لاپتا ہوئے ہیں، جن میں ان کی ایک بیٹی اور 3 بیٹے شامل ہیں۔

ڈی سی او سکھر محسن سیال کے مطابق آتش زدگی کے بعد فائر بریگیڈ کی 2 گاڑیوں نے بوگی میں لگنے والی آگ پر قابو پایا، متاثرہ بوگی کے مسافروں کو دوسری بوگی میں منتقل کیا گیا۔