جمعہ, جون 27, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8953

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج

0

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج اے ٹی اے 353/7 اور دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ہجوم سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سمیت افراد کو حراست میں لیا گیا، منصوبے کے تحت جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر حملے کی کوشش کی گئی۔

مقدمہ متن کے مطابق سیاسی جماعت کے رہنما ہجوم کی قیادت کر رہے تھے، جماعت کے رہنما نے عوام کو توڑ پھوڑ پر اکسایا، جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تاہم پولیس نے حکمت عملی سے ہائی کورٹ میں ایسے کسی ممکنہ اقدام کو روکا۔

ادھر پولیس نے بتایا کہ 25 افراد گرفتار کر لیے گئے جبکہ دیگر کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتاریوں کیلیے مختلف صوبوں میں پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔

محمد حارث نے آئندہ میچز کا پلان بتادیا

0

پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی کے اوپنر بیٹر محمد حارث نے آئندہ میچز کا پلان بتا دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنر بیٹر محمد حارث نے کہا کہ پی ایس ایل میں ہم نے پانچ میں سے دو میچز جیتے ہیں، پشاور زلمی اپنی غلطیوں سے سیکھے گی اور ہم کارکردگی مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ بہتر کرنے کے لیے اپنے سینئر کھلاڑیوں سے رائے لیتا رہتا ہوں۔

محمد حارث نے کہا کہ ہماری ٹیم اپنی بولنگ پر توجہ دے رہی ہے اگلے میچز میں شائقین کرکٹ کو اچھی کارکردگی نظر آئے گی۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی پانچ میچز کھیلے ہیں جن میں سے انہیں دو میں کامیابی حاصل ہوئی جبکہ تین میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔

یاد رہے کہ کل راولپنڈی میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، کراچی کنگز نے بھی دو میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ساہیوال : لیگی کارکنان نے’’ورکرز کو عزت دو‘‘کے نعرے لگا دیے

0
لیگی کارکن

ساہیوال : مسلم لیگ نون کے کارکنان اب اپنی قیادت سے بھی نالاں دکھائی دے رہے ہیں، جس کا اظہار انہوں نے کارکنان کے اجلاس میں مریم نواز کی موجودگی میں نعرے لگا کر کیا۔

گزشتہ روز ساہیوال میں جلسے کے بعد مریم نوازکی زیر صدارت ن لیگی کارکنان کا اجلاس ہوا، اس موقع پر وہاں موجود لیگی کارکنان نے اپنی قیادت کےخلاف ہی نعرےبازی شروقع کردی۔

اجلاس کے دوران شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی، مریم نواز کی سیکیورٹی کے اہلکار اور کارکنان میں دھکم پیل ہوئی اور تلخ ججملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ن لیگ ورکرز میٹنگ میں کارکنان اورسیکیورٹی انچارج آپس میں دست وگریباں ہوگئے دونوں جانب سے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

اس موقع پر ن لیگی کارکنان نے مریم نواز کے سامنے’’ورکرزکوعزت دو‘‘کے فلک شگاف نعرے لگائے، تاہم بعد ازاں مریم نواز نے معاملہ رفع دفع کرادیا۔

مزید پڑھیں : مریم نواز کی آمد پر ن لیگی ایم پی اے کو اسٹیج سے اتار دیا گیا

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز مسلم لیگ نون کے تحت ساہیوال میں ہونے والے تنظیمی کنونشن کے موقع پر مریم نواز کی آمد سے قبل ان کے گارڈز نے اپنے ہی ایم پی اے خضر حیات کھگہ کو اسٹیج سے نیچےاتار دیا تھا۔

ترکیہ زلزلے میں لوگوں کی جان بچانے والا فلسطینی اسرائیلی حملے میں شہید

0

ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں لوگوں کی جان بچانے کے مشن میں مصروف فلسطینی شہری کو واپسی پر اسرائیلی حملے میں شہید کر دیا گیا۔

ترکیہ میں زلزلے کے بعد 37 سالہ فلسطینی صماح اقتاش نے کہرامنماراس میں رسیکیو اینڈ سرچ آپریشن میں حصہ لیا جسے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی آباد کاروں اور صہیونی فورسز کی کارروائی میں شہید کر دیا گیا۔

فلسطینی ہلال احمر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ 37 سالہ صماح اقتاش زعترہ نابلس میں اسرائیلی فورسز اور آباد کاروں کے مسلح حملے میں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے تھے۔ ان کے پیٹ میں گولی لگی تھی اور وہ زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔

فلسطینی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ صماح کو اسرائیلی فوجیوں نے شمالی مغربی کنارے کے گاؤں زاتارا میں حملے کے دوران پیٹ میں گولی ماری تھی۔

فلسطین نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں نے نابلس کے قریب دیہاتوں میں "فلسطینیوں کی ملکیت کے متعدد مکانات کو آگ لگائی اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا۔

مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلیے درخواست دائر

0

سول سوسائٹی نیٹ ورک نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیلیے درخواست دائر کر دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق درخواست سول سوسائٹی نیٹ ورک کے صدر عبداللہ ملک نے دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز کی سربراہی میں (ن) لیگ عدالت مخالف پروپیگنڈا کر رہی ہے اور مذموم مقاصد کیلیے ججز کو بدنام کر رہی ہے۔

درخواست متن کے مطابق مریم نواز اور حامی الزام تراشی سے عدلیہ کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں، ججز کے خلاف جھوٹے الزامات توہین عدالت ہے لہٰذا چیف جسٹس پاکستان متنازع بیانات کا ازخود نوٹس لیں اور مریم نواز سمیت دیگر خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ: عالیہ حمزہ نے مریم نواز کو ’بی اے فیل‘ کہہ دیا

چند روز قبل پنجاب کے ضلع لیہ میں تھانہ چوک اعظم میں شہری نے مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے ججز کے خلاف جلسے میں نازیبا گفتگو کی۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے سرگودھا جلسے میں عدلیہ سمیت اداروں کی توہین کی لہٰذا ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

لیاری : پیپلزپارٹی کے دفتر پرحملے میں ملوث 20افراد گرفتار

0
لیاری

کراچی : لیاری کے علاقے میں گزشتہ رات ہونے والے مظاہرے کے دوران پیپلزپارٹی کے مقامی عہدیدار کے دفتر پر حملے میں ملوث 20افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ملزمان نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پرلیاری کے علاقے بغدادی میں احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ اس دوران مشتعل مظاہرین نے پیپلزپارٹی عہدیدار کے دفترمیں توڑپھوڑ کی تھی۔

پولیس کے مطابق دفتر میں توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے مزید کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں : لیاری میں بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ، مشتعل شہریوں کی توڑ پھوڑ

یاد رہے کہ لیاری بغدادی کے علاقے میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی گیس اور پانی کی عدم فراہمی کیخلاف پیپلزپارٹی کے علاقائی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور بعد ازاں دفتر میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

آئمہ بیگ نے اپنی عمر بتادی

0

معروف پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’دی فورتھ امپائر شو‘ میں اپنی عمر بتادی۔

پی ایس ایل کے اسپیشل شو ’دی فورتھ امپائر‘ میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے شرکت کی اور میزبان فہد مصطفیٰ اور فیضان شیخ کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

آئمہ بیگ نے عمر سے متعلق سوال پر بتایا کہ ’میں آئندہ ماہ 10 مارچ کو 28 سال کی ہوجاؤں گی۔‘

فہد مصطفیٰ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’بریکنگ نیوز ہے آئمہ بیگ اس بار 28 سال کی ہوں گی لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ اب یہ 28 سال کی کتنے سال کے لیے رہتی ہیں۔‘

فیضان شیخ نے کہا کہ ’یہ 28 کی ہوجائیں گی تو ہم 34 سال کے ہیں چھ سال کا گیپ بہت مناسب رہتا ہے۔‘

گلوکارہ نے پوچھا کہ 34 کتنے ہوتے ہیں؟ اس پر ان سے پوچھا گیا کہ بتائیں 34 کو پنجابی میں کیا کہتے ہیں؟ آئمہ بیگ کہنے لگیں ’آپ مجھ سے اتنے مشکل سوال کیوں کررہے ہیں آپ کو معلوم ہے مجھے اس کا جواب نہیں آتا۔‘

شادی سے متعلق سوال پر آئمہ بیگ نے کہا کہ ’ابھی تو بہت گانے آئیں گے اور آپ کے ڈرامے میں بھی کام کرنا ہے۔‘

بولنگ گیم میں ان سے سوال کیا گیا کہ ’کونسا گانا گنگناتیں تو زیادہ ہٹ ہوتا؟ انہیں تین آپشنز دیے گئے جن میں ’عینی خالد کا ’تو نے ایسی ادا سے مجھے دیکھا۔‘ حدیقہ کیانی کا ’بوہے باریاں۔‘ یا فریحہ پرویز کا دل ہوا بو کاٹا‘ شامل تھے۔‘

آئمہ بیگ نے ’عینی خالد کے گانے کا نام لیا اور کہا کہ دیگر دونوں گانے بھی بہت اچھے ہیں۔

گلوکارہ سے پوچھا گیا کہ ’اگر جادو کا چراغ مل جائے تو کیا خواہش ہوگی؟ زیادہ پیسہ، اور مشہور ہونا چاہیں گی یا پھر سکون چاہیں گی۔؟‘

انہوں نے کہا کہ ’زیادہ پیسے کے ساتھ سکون بھی چاہوں گی۔‘

واضح رہے کہ آئمہ بیگ متعدد گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں حال ہی میں انہوں نے کیفی خلیل کا گانا ’مجھے پیار ہوا تھا‘ گنگنایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا گیا تھا۔

پیاز تین روپے فی کلو، کس ملک میں فروخت ہورہی ہے؟

0
نوڈیرو پرائمری اسکول پیاز ہیڈ ٹیچر

دنیا بھر میں پیاز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں مگر بھارت میں کسانوں کو ان کی لاگت کی قیمت بھی میسر نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی کئی ریاستوں میں پیازکی قیمت 300 سے 350 روپے فی کوئنٹل(سو کلو) کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جو کہ چار سال بعد کی کم ترین گراوٹ ہے۔

مہاراشٹر کے کاشتکاروں نے شکوہ کیا ہے کہ انہیں پیاز کی کھیتی کی لاگت بھی وصول نہیں ہو پا رہی ہے کیونکہ پیاز کی اچھی فصل کی وجہ سے اس کی قیمت بہت کم دی جا رہی ہے۔

مقامی کاشتکاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیاز کی برآمدات پر پابندی کے باعث اس کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی ہوئی ہے جبکہ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ پیاز کی برآمدات پر کوئی پابندی نہیں صرف بیج پر پابندی لگائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کسان نے 512 کلو پیاز بیچ کر صرف 2 روپے کمائے

واضح رہے کہ پاکستان میں سیلاب، وسطی ایشیا میں غیر معمولی ٹھنڈ اور روس یوکرین جنگ کے باعث دنیا بھر میں پیاز کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ دیکھا گیا اور لوگ پیاز کو سونے سے تشبیہ دینے لگے۔

ادھر فلپائن، ترکی، قازقستان، مراکش سمیت یورپی یونین کے ممالک میں تاحال پیاز کی قلت ہےجس کے باعث وہاں پیاز کی خرید عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوچکی ہے کیونکہ غیر معمولی ٹھنڈ کے باعث یہاں پیاز کے ذخیرے تباہ ہوگئے۔

دنیا بھر میں پیاز کا سب سے بڑا برآمدی ملک نیدرلینڈ بھی پیاز کی قلت سے محفوظ نہ رہ سکا ، رواں سال آنے والی قحط سالی نے سب کچھ تباہ کردیا۔

ماسکو ایکسچینج میں ترک لیرا کی ٹریڈنگ

0

روس کی ماسکو ایکسچینج میں یکم مارچ سے ترک لیرا کی ٹریڈنگ بھی ہو گی۔

ترکش میڈیا کے مطابق روس کے ماسکو ایکسچینج (MOEX) نے پیر کے روز ترک لیرا اور ہانگ کانگ ڈالر میں یکم مارچ سے ٹریڈنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

MOEX نے کہا کہ ترک لیرا اور ہانگ کانگ ڈالر کے لیے نئے معاہدوں کا آغاز دونوں کرنسیوں کی تجارت میں صارفین کی بڑھتی ہوئی دلچسپی سے ہوا ہے۔

سرمایہ کاروں کو ترک لیرا اور ہانگ کانگ ڈالر فیوچر کے لیے جون، ستمبر اور دسمبر 2023 اور مارچ 2024 میں ختم ہونے والے معاہدوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

ماسکو ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر ولادیمیر یارووائے کا کہنا ہے کہ MOEX میں ترک لیرا کی مانگ سترہ گنا تک بڑھ گئی ہے۔

دیوار توڑنے کی کوشش کرنے والے نوجوان کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

0

کہتے ہیں کہ بلاوجہ کسی کے معاملات میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے اور نہ ہی کسی سامنے شوخی مارنے کیلئے الٹی سیدھی حرکت کرنی چاہیے ورنہ اس کا انجام بہت برا اور شرمندگی کا باعث بنتا ہے۔

کچھ ایسا ہی اس نوجوان کے ساتھ ہوا کہ جس نے ایک کمزور سی دیوار کو لات مار کر توڑنے کی کوشش کی لیکن اسے لینے کے دینے پڑگئے۔

ان جیسے نوجوانوں پر آ بیل مجھے مار جیسا محاورہ صادق آتا ہے، جو محض دوستوں کے سامنے خود کو طاقتور دکھانے یا ٹک ٹاک کی ویڈیو بنانے کیلیے کچھ بھی کرنے کو تیار رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی یہ ویڈیو افسوسناک اور تکلیف دہ تو ضرور ہے لیکن اس نوجوان کی بے وقوفی نے صارفین کو ہنسنے پر مجبورکردیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ نوجوان اس کمزور کی دیوار پر دو بار لات مارتا ہے تو وہ ہل جاتی ہے لیکن وہ جیسے ہی تیسری لات رسید کرتا ہے تو اگلے ہی لمحے دیوار کا درمیانہ حصہ ٹوٹ جاتا ہے اور اس پر رکھی سیمنٹ کی بھاری گرل اس کے پیر پر گر کر اسے دیوار میں ہی پھنسا لیتی ہے۔

نوجوان کی اس تکلیف کا اندازہ ویڈیو میں اس کا چہرہ دیکھ کر بخوبی لگایا جاسکتا ہے اور ساتھ ہی ویڈیو سے ہمیں یہ سبق بھی ملتا ہے کہ کوئی ایسا فالتو کام نہ کریں جس کا خمیازہ ہمیں تکلیف اور شرمندگی کے ساتھ بھگتنا پڑے۔