ہوم بلاگ صفحہ 9545

کرین سے لپٹے اژدھے کی ویڈیو نے دل دہلا دیے

0

سانپ اور اژدھے کی خوفناک ویڈیو دیکھ کر صارفین حیران رہ جاتے ہیں ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں اژدھے کو کرین سے لپٹا دیکھا گیا۔

جزائرغرب الہند کے ملک ڈومینیکا میں گزشتہ دنوں ایک اتنے بڑے سائز کا اژدھا پکڑا گیا جسے اٹھانے کے لیے کرین کی مدد لینی پڑ گئی۔

یہ اژدھا ڈومینیکا کے گھنے برساتی جنگل میں موجود تھا جہاں ورکرز راستہ بنانے کا کام کر رہے تھے، انہوں نے اس دیوقامت اژدھے کو دیکھ کر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔

رپورٹ کے مطابق اس اژدھے کی لمبائی 20فٹ سے بھی زیادہ تھی اور یہ اتنا موٹا اور وزنی تھا کہ اسے اٹھانا لوگوں کے بس میں نہیں تھا۔

چنانچہ کرین کی مدد سے اسے اٹھایا گیا، کرین سے اژدھے کو اٹھانے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور لوگ اتنے بڑے سانپ کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈومینیکا ایک چھوٹا سا ملک ہے جس کا رقبہ محض 751مربع کلومیٹر ہے، اسے اس کی فطری خوبصورتی اور وائلڈ لائف کی وجہ سے’نیچر آئی لینڈ‘ اور ’جزائرغرب الہند کی جنت‘ بھی کہا جاتا ہے۔

شمالی وزیرستان میں آپریشن، دہشتگرد ہلاک، 2 جوان شہید

0
سیکیورٹی فورسز

شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشتگرد مارا گیا ہے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 ‏جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے میران شاہ دہشتگردوں کی موجودگی کی ‏اطلاع پر آپریشن کیا تو اس دوران فائرنگ کے تبادلےمیں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ آپریشن میں برآمد ہتھیار اور ‏گولیاں بھی تحویل میں لےلی گئیں۔

فائرنگ کےتبادلے میں نائیک خلیل اور سپاہی شاکراللہ شہید ہو گئے۔ 34سال کے نائیک خلیل کا تعلق خیبر ‏پختونخوا کے شہر کوہاٹ سے ہے جب کہ 21سال کے سپاہی شاکراللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے۔

اس سے قبل 18 اکتوبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت ‏گردوں نے فائرنگ کی، فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کو فوری اور جوابی ردعمل دیا گیا اور ان کے ٹھکانوں پر ‏جوابی فائرنگ کی گئی۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پچیس سالہ سپاہی سیف اللہ نے جام شہادت ‏نوش کیا۔

یاد رہے بارہ اکتوبر کو فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقےمیر علی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا ، جس ‏میں ایک دہشت گردماراگیا تھا جبکہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئی تھیں۔

2 گھنٹے سے زائد سفر کرنیوالے مسافروں کیلیے اچھی خبر

0

فضائی کمپنیوں کی جانب سے مسافروں پر اعتماد بحال کرنے کے لیے نت نئے طریقے اختیار کیے جاتے ہیں تاکہ مسافر سفر کے لیے ان کے ہی طیارے کا انتخاب کریں۔

بھارتی ایئرلائن وستارا نے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کے بعد دو گھنٹے سے زائد اندرون ملک پروازوں میں بھی گرم کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایئرلائن کی جانب سے ٹھنڈا کھانا پیش کرنے پر اسے سخت تنقید کا سامنا تھا فی الحال کھانے کے لیے صرف سبزی دی جائے گی۔

طیارے میں کورونا کی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے مسافر اور میزبان کے درمیان مناسب فاصلہ رکھا جائے گا۔

حکومتی ہدایات کے مطابق گرم کھانے کو عارضی طور پر اکانومی کلاس میں پہلے سے پیک کیے گئے نمکین کے ساتھ تبدیل کر دیا ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں وستارا کو موصول ہونے والی کسٹمر کی رائے سے پتہ چلتا ہے کہ مسافر جہاز میں کھانا کھانا چاہتے ہیں۔

ایک پریس بیان میں کہا گیا کہ’ مینو کو ہر تین دن بعد تبدیل کیا جائے گا، کھانے میں کسٹمر کی پسندیدہ چیزیں شامل ہوں گی جیسے، سبزی، بریانی، دال مکھانی۔

وستارا کی 60-70 فیصد پروازیں اندرون ملک چلتی ہیں۔ چیف کمرشل آفیسر ونود کنن نے کہا کہ پچھلے سال، اندرون پروازوں میں کھانا دینے پر مسافروں کی رائے ملی جلی تھی جبکہ کھانے کے مینیو میں دیگر اشیا بھی شامل کی جائیں گی۔

سندھ کے لوک گلوکار سہراب فقیر نے بیرونِ ملک بھی اپنی آواز کا جادو جگایا

0

سندھ کے معروف لوک گلوکار سہراب فقیر نے 23 اکتوبر 2009ء میں ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں موند لی تھیں۔ وہ خاصے عرصے سے بیمار تھے جب کہ فالج نے ان سے وہ آواز بھی چھین لی تھی، جس نے ملک اور بیرونِ‌ ملک صوفیانہ کلام اور لوک گائیکی کے شائقین کو ان کا مداح بنایا تھا۔

سہراب فقیر کا اصل نام سہراب خاصخیلی تھا۔ وہ 1934ء میں خیرپور میرس میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ہمل فقیر بھی اپنے وقت کے نام ور گائیک تھے۔ انہی سے سہراب فقیر نے گائیکی کی ابتدائی تربیت حاصل کی اور پھر پٹیالہ گھرانے کے معروف استاد خان صاحب کیتے خان کے شاگرد ہوگئے اور راگ کے ساتھ ساتھ طبلہ بجانا بھی سیکھا۔

1974ء میں استاد منظور علی خان کے کہنے پر سہراب فقیر نے گائیکی کا آغاز کیا۔ وہ سچل سرمست، شاہ لطیف بھٹائی، سلطان باہو اور بابا بلھے شاہ کا کلام والہانہ انداز میں گاتے تھے جس نے انھیں مقبول لوک گلوکار بنا دیا۔

سہراب فقیر نے متعدد ممالک میں اپنے فن کا جادو جگایا اور کئی اعزازات حاصل کیے جن میں سچل ایوارڈ، قلندر ایوارڈ، لطیف ایوارڈ اور ریڈیو خیرپور کے ایوارڈز سرفہرست ہیں۔ حکومتِ پاکستان نے اس فن میں خدمات کے اعتراف میں انھیں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا تھا۔

سہراب فقیر کو سائیں سچل سرمست کا کلام خصوصاً سنگ گانے میں ملکہ حاصل تھا۔ انھوں نے آٹھ برس کی عمر سے صوفیوں کا کلام گانا شروع کیا تھا اور ساری زندگی اپنے اس محبوب مشغلے کو جاری رکھا۔ وہ اپنے فن پر اپنی گرفت اور مہارت کے لیے بھی مشہور تھے اور اور یہی وجہ تھی کہ ثقافتی طائفہ کے ساتھ انھیں ضرور بیرونِ ممالک بھیجا جاتا تھا۔ انھوں نے برطانیہ، بھارت، ناروے، سعودی عرب اور دیگر کئی ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

سہراب فقیر سندھی، سرائیکی، پنجابی اور اردو زبانوں میں گاتے تھے۔ سندھی ثقافت کے روایتی رنگ ان کے ملبوس، گلے کی مالا، اجرک، پگڑی کی صورت جھلکتے تھے جب کہ صوفیانہ کلام اور لوک گائیکی کے لیے اسٹیج پر وہ اپنے ساتھیوں کے درمیان روایتی سازوں اور آلاتِ موسیقی کے ساتھ نظر آتے جو خاص طور پر بیرونِ ممالک حاضرینِ محفل کے لیے باعثِ کشش بنتا تھا۔

عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، شہری نے 19ویں فلور سے چھلانگ لگادی

0

بھارت میں کثیر المنزلہ عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جان بچانے کے لیے نوجوان نے 19ویں فلور سے چھلانگ لگادی جس کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

ممبئی میں کثیر المنزلہ عمارت میں آگ لگی تو ایک 30 سالہ شخص نے اپنی جان بچانے کے لیے 19 ویں فلور کی بالکونی سے چھلانگ لگادی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے لال باؤگ علاقے میں ایک بلند عمارت کی 19ویں منزل پر آگ بھڑک اٹھی تھی۔

نوجوان جان بچانے کے لیے بالکونی سے لٹک گیا لیکن دھیرے دھیرے وہ اپنی گرفت کھوتا گیا اور نیچے گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت سیکیورٹی گارڈ ارون تیواری سے کی گئی اسے طبی امداد کے لیے فوری اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کئی منٹ تک بالکونی سے لٹکا رہا اور اپنی گرفت کھو دینے کے بعد نیچے آگرا۔

رپورٹ کے مطابق جس عمارت میں آگ لگی وہ ایک لگژری رہائشی عمارت ہے، آگ پر چند گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

’یہ نہیں ہوسکتا‘ سارو گنگولی کا حیران کُن بیان

0

دبئی: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہوسکتا ہے کہ بھارت ہی ہمیشہ بڑے ایونٹس جیتے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی پاک بھارت میچ کا پریشر کبھی نہیں لیا، ایک وقت تھا کہ پاکستانی ٹیم حاوی رہتی تھی لیکن آج کل بھارتی ٹیم اچھی فارم میں ہے۔

سارو گنگولی نے کہا کہ پاک بھارت میچز میں سب سے زیادہ دباؤ ٹکٹوں کی مانگ کا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن یو اے ای اور عمان میں جاری ہے جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 24 اکتوبر بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں بھارت سے آج تک نہیں جیت سکا ہے لیکن قومی ٹیم کے بھارت سے جیت کر ہار کی روایت توڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے استعفیٰ دے دیا

0

وزیراعظم کےمعاون خصوصی جمشیداقبال چیمہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے این اے 133 لاہور کےضمنی انتخاب کے لیے جمشیداقبال ‏چیمہ کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

انتخابی میدان میں اترنے کے بعد جمشیداقبال چیمہ نے بطور معاون خصوصی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی کے ‏عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جمشیداقبال چیمہ نے استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔

Image

پی ٹی آئی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے جب کہ مسلم لیگ ن اور ‏‏پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتیں اپنے امیدوار فائنل نہیں کر سکی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جمشید اقبال چیمہ پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے میدان میں ‏‏اتارا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے ‏‏لیے سیاسی جماعتوں نے سرجوڑ لیے ہیں۔

24 گھنٹے کے اندر اندر ہمارے لوگ بازیاب کرائے جائیں، ناراض اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کر دیا

0

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے ناراض اور اپوزیشن اراکین نے مطالبہ کیا ہے کہ 24 گھنٹے کے اندر اندر ان کے لوگ بازیاب کرائے جائیں۔

ناراض رکن اسد بلوچ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جام کمال نے اسٹیپ ڈاؤن نہیں کیا تو پہیہ جام ہڑتال ہو سکتی ہے، ہمارے کسی بندے کو نقصان ہوا تو ذمہ دار جام کمال ہوں گے۔

اسد بلوچ نے کہا کہ ہمیں پتا ہے کہ ہمارے لوگ کہاں ہیں، آج کل سائنس کا دور ہے، ہمیں معلوم ہے ہمارے لوگوں کو 25 اکتوبر کے بعد چھوڑ دیا جائے گا۔

ملک سکندر نے پریس کانفرنس میں کہا 34 اراکین اسمبلی جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کا حصہ بنے، اس عدم اعتماد کی تحریک کے بعد جام کمال بلوچستان کا وزیر اعلیٰ نہیں رہے۔

انھوں نے کہا اراکین اسمبلی کو آئینی طور پر اسمبلی تک رسائی نہیں دی جا رہی، بلوچستان کے ایم پی ایز خصوصاً خواتین کی رائے کو دبانے کے لیے اغوا کیا گیا، ہم سب سے پہلے چیف سیکریٹری کے آفس گئے وہ غائب ہوگئے، باقی ایم پی ایز کو دھمکی آمیز فون آ رہے ہیں، ہم گورنر بلوچستان کے پاس گئے اور ان سے کہا آپ آئینی اختیارات استعمال کریں، ہم آئی جی ڈھونڈتے رہے ان کے گھر گئے تو پتا چلا وہ گھر پر نہیں ہیں۔

سردار عبدالرحمان نے کہا چیف جسٹس نے جام کمال کی تینوں درخواستیں مسترد کر دیں، جام کمال ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں، مجھے 10 کروڑ اور وزارت کی آفر کی گئی لیکن میں نے نہیں مانا، پھر 20 کروڑ کی پیش کش کی گئی۔

دوسری طرف لاپتا رکن بلوچستان اسمبلی ماہ جبین شیران نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ کچھ ذاتی مسائل کی وجہ سے کل اسمبلی نہیں پہنچ سکی تھیں، الحمدللہ میں ٹھیک ہوں اور محفوظ ہوں۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ناراض اراکین کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ارکان کے لاپتا ہونے سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، یہ پی ڈی ایم کے غیر سنجیدہ ساتھی ہیں، ہم اراکین اسمبلی کو لا پتا کرنے سے متعلق الزام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کے مستقبل کا فیصلہ پچیس اکتوبر کو ہوگا، بلوچستان اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری پیر کی صبح گیارہ بجے ہوگی، دو دن قبل تحریک عدم اعتماد کی تینتیس ارکان نے کھڑے ہو کر حمایت کی تھی، وزیر اعلیٰ جام کمال نے استعفے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ثنا فخر کی والدہ انتقال کرگئیں

0
ثنا فخر عدالت

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا فخر کی والدہ انتقال کرگئیں۔

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ ثنا فخر کی والدہ دار فانی سے کوچ کرگئیں، ان کی والدہ کی مغفرت کے لیے شوبز شخصیات کی جانب سے تعزیت اور دعائیں کی گئیں۔

اداکارہ نے آج شام فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کو بتایا کہ ان کی والدہ انتقال کر گئیں۔

انہوں نے والدہ کے ساتھ یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے زندگی اور موت سے متعلق فلسفیانہ بات بھی لکھی اور والدہ کے خالق حقیقی سے جا ملنے پر ان کی مغفرت کی دعائیں بھی کیں۔

ثنا فخر نے لکھا کہ ’موت زندگی کے برعکس نہیں بلکہ اس کا ایک حصہ ہے‘ اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ والدہ کو ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

واضح رہے کہ ثنا فخر انسٹاگرام پر متحرک رہتی ہیں، والدہ کے انتقال سے دو دن قبل ہی انہوں نے جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کی تھی۔

اس سے قبل انہوں نے شوہر کے ساتھ رومانوی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان سے محبت کا اظہار بھی کیا تھا جب کہ وہ سوشل میڈیا پر شوہر سمیت اہل خانہ کی تصاویر اور پوسٹس شیئر کرتی رہتی ہیں۔

ثنا فخر اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے اسکرین سے دور ہیں، تاہم وہ ٹی وی شوز اور پروگراموں میں بطور مہمان دکھائی دیتی ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔

ثنا فخر نے 1997 میں فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ 2000 کی مقبول ہیروئنز میں سے ایک ہیں، انہوں نے فلموں کے ساتھ ساتھ متعدد ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔

ثنا فخرنے 2008 میں فخر امام سے شادی کی تھی، وہ دو بچوں کی ماں ہیں۔

آئی فون 12 آرڈر کرنے والے کو برتن دھونے کا صابن اور سکہ بھیج دیا گیا

0

بھارت میں آئی فون 12 کا آرڈر کرنے والے شخص کو برتن دھونے کا صابن اور 5 روپے کا سکہ بھیج دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے رہائشی نورالامین نے 12 اکتوبر کو ایمیزون پر 70 ہزار 900 روپے مالیت کا موبائل فون آرڈر کیا اور اپنے ایمیزون پے کارڈ کے ذریعے ادائیگی کی۔

نور الامین کو 15 اکتوبر کو باکس موصول ہوا اس نے ڈیلیوری بوائے کے سامنے ایک دن باکس کھولا اور ویڈیو بنانے کا فیصلہ کیا، باکس کھولنے پر اسے ایک برتن دھونے کا صابن اور پانچ روپے کا سکہ ملا۔

بھارتی شہری نے سائبر پولیس کو واقعے کی رپورٹ درج کروائی اور مقدمہ درج کروادیا۔

پولیس نے فون کے کور پر موجود نمبر سے تفتیش کی اور بتایا کہ امین کو جو فون ملنا تھا وہ ستمبر سے جھارکھنڈ میں کوئی استعمال کررہا تھا۔

man orders iphone gets vim bar

پولیس کے مطابق ہم نے ایمیزون حکام سے رابطہ کیا یہ فون رواں سال 25 ستمبر سے جھارکھنڈ میں کوئی استعمال کررہا ہے، حالانکہ آرڈر صرف اکتوبر میں دیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جب ہم نے بیچنے والے سے رابطہ کیا تو اس نے کہا کہ فون اسٹاک سے باہر ہے اور نورالامین کی طرف سے ادا کی گئی رقم واپس کردی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق بعدازاں نور الامین کو آئی فون 12 کے لیے دی گئی رقم واپس کردی گئی تھی۔