منگل, جولائی 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9653

صدر مملکت نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط کیے واپس کر دیا

0
عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری (آئی سی ٹی لوکل) گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 بغیر دستخط کیے واپس کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 بغیر دستخط واپس کر دیا، صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق بی ون کے تحت بل واپس کیا۔

ایوان صدر سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کا کہنا ہے کہ ترمیمی بل سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی، وفاقی حکومت کے عجلت میں اقدامات سے انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی جو مثبت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 50 یو سیز کی حد بندی مکمل ہونے پر الیکشن کمیشن نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا، پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاق نے یو سیز کی تعداد 101 کر دی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے اس اقدام سے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن التوا کا شکار ہوئے، 101 یو سیز کی حدبندی کے بعد الیکشن کمیشن نے 31 دسمبر 2022 کو انتخابات کا فیصلہ کیا تھا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اس لیے 31 دسمبر 2022 کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کیے گئے، موجودہ بل سیکشن 3 کے مطابق انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ بدل گیا۔

پی ٹی آئی کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

0

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت انتہائی تشویشناک حالات ہیں۔ عوام مہنگائی کے طوفان سے شدید متاثر ہیں۔ مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ قوم نے دیکھا کہ گزشتہ سال 13 جماعتوں پر مشتمل ٹولہ مہنگائی مکاؤ تحریک لے کر چلا تھا۔ مہنگائی کو بنیاد بنا کر ہماری حکومت کو ہٹایا گیا۔ اس کے لیے حرام کا پیسہ لگا کر ضمیروں کی منڈی لگائی گئی لیکن آج مہنگائی پر وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد وشمار دیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال پہلے 20 کلو آٹا 1159 روپے کا تھا اب ادارے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے 20 کلو آٹا 1619 روپے کا مل رہا ہے لیکن آٹا اس ریٹ پر کہاں مل رہا ہے؟ ہمیں نہیں معلوم۔ دودھ ایک سال قبل 130 روپے لیٹر آج 200 روپے ہے۔ ایک سال میں کھانا پکانے کے تیل کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ایک سال میں پٹرول کی قیمت میں 53 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 65 فیصد اضافہ ہوا جب کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 75 سے 80 ڈالر فی بیرل کمی آئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان عوام کے ووٹ لے کر آیا تھا اس کے دل میں عوام کے لیے درد ہے۔ انہوں نے اپنی حکوتم میں عوام کو جو ریلیف دیا اسے یہ لوگ بارودی سرنگیں کہتے ہیں۔ یہ لوگ عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال کر اسے مشکل فیصلے کہتے ہیں۔ اللہ انہیں ہدایت دے۔

اسد عمر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایسے فیصلے کیے جس نے معیشت کے پہیے کو بُری طرح بریک لگا کر جام کردیا ہے۔ فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں۔ ٹیکسٹائل انڈسٹری میں 15 لاکھ مزدور بیروزگار ہوچکے ہیں۔ آٹو موبائل بھی آہستہ آہستہ پروڈکشن بند کر رہا ہے۔ لوگوں کی آمدنی اور اخراجات میں 7 سے 8 ہزار کا فرق آگیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے وزیراعظم شہباز شریف آپ ارب پتی نہیں بلکہ مہا ارب پتی ہیں۔ آپ نے وعدہ کیا تھا کپڑے بیچ کر عوام کو ریلیف دوں گا۔ بتائیں کہ کتنے کپڑے بیچ کر عوام کو ریلیف دیا۔ ملک کو تباہی کی طرف لے جانیوالی موجودہ حکومت جلد ختم ہوگی اور 22 کروڑعوام فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کی ذمے داری کون سنبھالے گا۔

اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف بند کمروں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی بلکہ عوام کے ووٹوں پر سیاست کرتی ہے۔ ہم پر لازم ہیں کہ عوام کی آواز بنیں۔ پورے پاکستان بھر میں میں مہنگائی کے خلاف ریلیاں شروع ہوجائیں گی۔

سیلاب زدگان کے لیے 20 لاکھ گھر بنانے کا عزم ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

0
پی ٹی آئی پر پابندی مراد علی شاہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ نے تقریباً 2 ارب ڈالر کے پراجیکٹ منظور کروائے ہیں، ہم نے عزم کیا ہے سیلاب زدگان کے لیے تقریباً 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا، صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے ملیرایکسپریس وے سٹی اسکول چیپٹر کے مقام پر کام کا جائزہ لیا، انہوں نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر سے ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

انہوں نے دیہہ ڈرگ سے تجاوزات ختم کروا کر کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعلیٰ نے گلستان جوہر فلائی اوور کا دورہ بھی کیا، وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جوہر فلائی اوور 18 ماہ میں دسمبر 2023 تک مکمل ہوگی، انڈر پاس کی لمبائی 11 سو میٹر اور چوڑائی 18.5 میٹر ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیلاب کے دوران بھی کام کیا اب بھی کر رہے ہیں، سندھ نے تقریباً 2 ارب ڈالر کے پراجیکٹ منظور کروائے ہیں، ہم نے عزم کیا ہے تقریباً 20 لاکھ گھر بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک سے 120 ارب روپے کا قرضہ منظور ہو چکا ہے، سندھ کے بجٹ سے تقریباً 60 ارب روپے مختص کیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ جوہر چورنگی فلائی اوور پر 23 مارچ تک کام مکمل ہوجائے گا، کوشش ہوگی 14 اگست 2023 تک انڈر پاس جوہر چورنگی مکمل کریں، ہاکس بے والا روڈ بھی تیار ہے۔

پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ

0

پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ ہوا ہے دونوں ممالک میں یہ تبادلہ ہر سال یکم جنوری کو کیا جاتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیاب کی فہرستوں کا سالانہ تبادلہ ہوا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان میں جوہری تنصیبات کی فہرست آج بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کردی گئی ہے دوسری جانب بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو اپنی جوہری تنصیبات کی فہرست حوالے کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں معاہدہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کو اپنی جوہری تنصیبات سے آگاہ کرینگے۔ جوہری تنصیبات کیخلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے پر 1988 میں دستخط ہوئے تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جوہری تنصیبات کی فہرستوں کے تبادلے کا سلسلہ 1992 سے جاری ہے اور دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری کو جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔

اردن کے ولئ عہد اور سعودی منگیتر رجوہ خالد کے نکاح کی تاریخ کا اعلان

0

عَمّان: اردن کے ولئ عہد اور سعودی منگیتر رجوہ خالد کے نکاح کی تاریخ کا اعلان ہو گیا۔

سعودی گزٹ کے مطابق اردن کے ایوان شاہی نے کہا ہے کہ ولئ عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللہ دوم کا نکاح ان کی سعودی منگیتر رجوہ خالد السیف سے یکم جون 2023 کو ہوگا۔

اردن کے ولئ عہد حسین بن عبداللہ دوم نے گزشتہ اگست میں سرکاری طور پر سعودی شہری رجوہ السیف سے منگنی کی تھی، منگنی کی تقریب ریاض میں اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم، ملکہ رانیہ اور دلہن کے خاندان کی موجودگی میں منعقد ہوئی تھی۔

28 سالہ شہزادہ حسین برطانوی ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ سے فارغ التحصیل ہیں، انھوں نے امریکا کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے بین الاقوامی تاریخ میں ڈگری حاصل کی۔

اردن کے ولئ عہد کی اعلیٰ تعلیم یافتہ سعودی خاتون سے منگنی

دوسری طرف رجوہ 28 اپریل 1994 کو ریاض میں پیدا ہوئیں، سعودی عرب میں ہائی اسکول کے بعد وہ امریکا میں انجینئرنگ کی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے گئیں، انھوں نے امریکی یونیورسٹی سیراکیوس، نیویارک کی فیکلٹی آف انجینیئرنگ سے گریجویشن کی۔

’اب پتہ چلا شہباز شریف نے گزشتہ سال عوام کے کپڑے بیچنے کی بات کی تھی‘

0

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے وزیراعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پتہ چلا کہ شہباز شریف نے گزشتہ سال عوام کے کپڑے بیچنے کی بات کی تھی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ سال بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انہیں کے پی میں سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے اپنے کپڑے بھی بیچنے پڑے تو بیچ کر عوام کو سستا آٹا فراہم کریں گے۔ ان کے اس بیان کے بعد ہی مختلف حلقوں کی جانب سے متنازع بیانات کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم پی ٹی آئی رہنما نے سال نو کے اپنے پہلے ٹوئٹ میں ایک بار پھر اس کی یاد تازہ کردی ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ گزشتہ سال شہباز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ میں کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کے اس اعلان پر ہم لوگ سمجھے تھے کہ وہ اپنے کپڑے بیچنے کی بات کر رہے ہیں لیکن اب پتہ چلا کہ وہ عوام کے کپڑے بیچنے کا کہہ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘محنت کرکے اس ملک کا بھکاری پن ختم کریں گے’

انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ 8 ماہ اور رہ گئے تو عوام کے تن پر بنیان بھی نہیں رہنے دیں گے۔

 

کرونا وائرس کیسز ریکارڈ ہونے کا سلسلہ جاری

0

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز بدستور ریکارڈ کیے جارہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے نئے رپورٹ کیسز کی تعداد 21 رہی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، کرونا وائرس سے ہونے والی مجموعی اموات کی تعداد 30 ہزار 636 ہوگئی۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 21 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 15 لاکھ 75 ہزار 806 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 15 لاکھ 38 ہزار 689 ہوچکی ہے۔

این آئی ایچ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 4 ہزار 135 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 3 کروڑ 91 لاکھ 83 ہزار 91 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.51 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 19 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

شاہین آفریدی ٹیم میں کم بیک اور دوبارہ ایکشن کیلیے بے تاب، ٹریننگ ویڈیو

0

ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں زخمی ہونے کے بعد دو ماہ سے زائد وقت سے کرکٹ سے دور قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں کم بیک اور دوبارہ ایکشن کے لیے بے تاب ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں زخمی ہونے کے بعد دو ماہ سے زائد وقت سے کرکٹ سے دور پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اب ٹیم میں کم بیک کرنے اور دوبارہ ایکشن میں نظر آنے کے لیے بے تاب ہیں جس کے لیے انہوں نے جم میں بھرپور ٹریننگ بھی شروع کردی ہے۔

قومی پیسر نے جم میں سخت ٹریننگ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کردی ہے۔ انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں وہ جم میں مختلف ایکسرسائز کرتے نظر آ رہے ہیں جب کہ ساتھ ہی لکھا ہے کہ وقت قریب ہے۔ دوبارہ میدان میں بولنگ کرنے کا انتظار اب مزید نہیں کرسکتا۔

 

فاسٹ بولر کی ویڈیو کو مداح بہت پسند کر رہے ہیں اور ان کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی آئندہ ماہ پی ایس ایل کے نئے سیزن سے قبل اپنی نئی زندگی کی شروعات بھی کرنے جا رہے ہیں۔

یہ بھی بتائیں: شاہین شاہ آفریدی اپنی شادی میں کس کس کو بلائیں گے؟ پیسر نے بتا دیا

پیسر کا نکاح 3 فروری کو سابق کپتان بوم بوم آفریدی کی صاحبزادی انشا شاہد سے کراچی میں ہوگا۔ اس کے لیے دونوں خاندانوں کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔

امارات میں پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں کا اعلان

0

یو اے ای میں ماہ جنوری کے لیے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں کا اعلان کیا ہے اور سال نو میں عوام کو ریلیف دیتے ہوئے میں قیمتوں میں کمی کر دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جنوری 2023 کے لیے پٹرول اور ڈیزل کے نئےنرخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں دسمبر کے مقابلے میں کمی کی گئی ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخوں کے مطابق پٹرول سپر 98 کی نئی قیمت جنوری کے لیے 2.78 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جو گزشتہ ماہ دسمبر میں 3.30 درہم فی لیٹر تھی۔

پٹرول اسپیشل 95 کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے اور دسمبر میں 3.18 درہم فی لٹر دستیاب پٹرول کی نئی قیمت کم کرکے 2.67 درہم فی لیٹر رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ای پلس91 کمی کے بعد اب 2.59 درہم فی لٹر میں دستیاب ہوگا جو گزشتہ ماہ دسمبر میں3.11 درہم لٹر فروخت کیا جا رہا تھا۔

پٹرول کے علاوہ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 3.29 مقرر کی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت دسمبر میں 3.74 درہم فی لٹر تھی۔

 

سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے

0

پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع سوات اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 5.2 جبکہ گہرائی 179 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

زلزلے کی وجہ سے خوفزدہ ہو کر لوگ گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

خیال رہے کہ 3 ماہ قبل گلگت بلتستان کے شہر اسکردو کے علاقے روندو میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جس میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.6 ریکارڈ کی گئی تاہم اس کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کے باعث جگلوٹ اسکردو روڈ کئی مقامات پر بند ہوگئی، ملوپہ کے مقام پر پہاڑی تودہ گرنے سے شاہراہ بند ہوگئی جبکہ سڑکوں کی بندش کے باعث مسافر بھی پھنس گئے تھے۔