اتوار, نومبر 3, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9960

یو اے ای میں صدقہ الفطر کی رقم کا اعلان

0

ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کی مناسبت سے صدقہ الفطر کی رقم کا اعلان کردیا گیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کی فتویٰ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال زکوٰۃ الفطر کی قیمت 25 درہم فی کس مقرر کی گئی ہے۔

فتویٰ کونسل کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ الفطر صدقہ ہے جو رمضان کے مقدس ماہ میں مستحق افراد کو دیا جاتا ہے، یہ رقم رمضان کے دن سے اور عید الفطر کی صبح تک عید کی نماز کے وقت سے پہلے دی جاسکتی ہے۔

ترجمان فتویٰ کونسل کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان مرد اور عورت جو صاحب حیثیت ہے اس پر فطرہ ادا کرنا واجب ہے۔

یو اے ای کی فتوی کونسل نے رمضان المبارک سے متعلق دیگر رقوم کا بھی اعلان کیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ صاحب حیثیت افراد ضرورت مندوں کے لیے افطار کا انتظام کرنا چاہیں تو اس کی رقم 15 درہم مقرر کی گئی ہے۔

فتویٰ کونسل کے مطابق اگر کوئی شخص بڑھاپے یا بیماری کی وجہ سے روزہ نہ رکھ سکے تو اس کے فدیے کی رقم بھی 15 درہم ہوگی۔

جو شخص بغیر کسی معقول وجہ کے روزہ چھوڑ دے یا ختم کردے اسے 60 مسکینوں کو کھانا کھلانے کے لیے کفارہ ادا کرنا چاہیے جس کی رقم رواں سال 900 درہم مقرر کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یو اے ای کے ماہرین فلکیات کے مطابق پہلا روزہ 2 اپریل کو ہونے کا قوی امکان ہے اور عید الفطر 2 مئی کو ہوسکتی ہے۔

امریکا کے ساتھ طویل جنگ کے لیے تیار ہیں: اہم ملک کا اعلان

0

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ طویل مدت کی جنگ کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ طویل المدت تصادم کے لیے تیار ہیں۔

کم جونگ اُن نے بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل کے تجربے کی جگہ کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انھوں نے کہا شمالی کوریا کا نیا اسٹریٹجک ہتھیار ایک بار پھر پوری دنیا کو ہماری مسلح افواج کی طاقت سے واضح طور پر آگاہ کر دے گا۔

کِم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی قومی دفاعی افواج بہت اچھی فوجی اور تکنیکی صلاحیت کی حامل ہیں، اور جو بھی طاقت ہماری ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گی، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ اسے بھاری قیمت ادا کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ جاپان اور جنوبی کوریا نے یہ خبر دی تھی کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جاپانی حکام کے مطابق شمالی کوریا کا میزائل فضا میں تقریباً ایک گھنٹے تک رہا اور 1100 کلومیٹر دور جاپان کے جنوبی سمندر میں جا کر گرا۔

رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کا یہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل2017 کے میزائل کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور ہے، جو 6 ہزار کلو میٹر سے زیادہ بلندی تک پہنچتا ہے۔

شمالی کوریا نے 2017 کے بعد کئی مرتبہ بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے، امریکا نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کی مذمت کی ہے، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری جین ساکی نے کہا یہ تجربہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

امریکا کا مؤقف ہے کہ اس تجربے سے خطے میں بلا ضرورت تناؤ میں اضافہ ہوگا اور صورت حال غیر مستحکم ہو سکتی ہے۔

بھارت نے گرفتار 6 پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کر دیا

0

پڑوسی ملک بھارت نے گرفتار چھ پاکستان ماہی گیروں کو رہا کر دیا ہے۔ گزشتہ میں پاکستان نے 20 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی حکام نے 6 پاکستانی ماہی گیروں کو رینجرز حکام کے حوالے کر دیا۔ ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔

ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر بھارت نے گرفتار کرلیا تھا۔

گزشتہ ماہ پاکستانی حکام نے لانڈھی جیل میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر دیا تھا جنہیں پاکستانی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔ قیدیوں کو بذریعہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کے سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن نے برداشت کیے۔ گرفتار ماہی گیر لانڈھی جیل میں سزائیں کاٹ رہے تھے۔

ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی جیلوں میں 588 بھارتی ماہی گیر قیدی موجود ہیں جن میں سے 42 کے کیسز چل رہے ہیں جب کہ 516 سزا یافتہ قیدی ہیں، بھارتی جیلوں میں 620 پاکستانی ماہی گیر اور دس سویلین قیدی موجود ہیں۔

روس کس ملک پر قبضہ کرنا چاہتا ہے؟ یوکرینی صدر کا نیا انکشاف

0

کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کا نیا دعویٰ سامنے آیا ہے، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ روس سویڈن پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوکرینی صدر نے نیا دعویٰ کر دیا ہے کہ روس سویڈن پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس کے ہمسایہ ممالک اب خطرے میں ہیں۔

انھوں نے سویڈن کی پارلیمنٹ سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ روس، یورپ میں آزادی کو تباہ کر دے گا اور اب اپنے پڑوسیوں کا تعاقب کرے گا۔

یوکرین کے صدر نے اپنے خطاب میں سویڈن کے ارکان پارلیمنٹ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یوکرین اس حملے کے خلاف ٹک نہيں پاتا اور اپنی حفاظت نہیں کر پاتا، تو اس کا مطلب ہوگا کہ اب سبھی پڑوسی خطرے میں ہیں۔

زیلنسکی نے کہا کہ روس نے یوکرین کے خلاف اس لیے جنگ شروع کی کیوں کہ وہ یورپ میں آگے بڑھنا چاہتا ہے، وہ یورپ میں آزادی کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔

صدر زیلنسکی نے کہا کہ یوکرین حملہ یورپی سیکیورٹی اور دفاعی طریقہ کار کے لیے ایک بنیادی چیلنج ہے، یورپ روس کے خلاف سخت سے سخت پابندیاں عائد کرے، انھوں نے سویڈن کو متنبہ کیا کہ اب روس کی نگاہیں بحیرۂ بالٹک میں موجود اس کے جزیرے گوٹ لینڈ پر ہیں۔

یوکرینی صدر کا کہا روسی تجزیہ نگار ٹی وی پر بحث کر رہے ہیں کہ روس گوٹ لینڈ پر کیسے قبضہ کرے گا اور وہ اسے عشروں تک کیسے قبضے میں رکھے گا؟

سلامی میں اسلحہ ملنے پر دلہا مشکل میں پھنس گیا

0

شادی کی تقریبات میں دلہا دلہن کو دوستوں اور عزیزوں کی جانب سے تحائف یا لفافے دیے جاتے ہیں لیکن نارروال میں دلہے کو دوستوں کی جانب سے سلامی میں اسلحہ دیا گیا جو اس کے لیے مشکل کا باعث بن گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نارووال کے علاقے ڈومالہ میں شادی میں دوستوں نے دلہے کو رقم کی بجائے نائن ایم ایم پستول اور 44 بور گن کی سلامی دی۔

دلہے کے دوستوں کی سلامی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ڈی پی او نے نوٹس لے لیا۔

مزید پڑھیں: شادی کی خوشی میں دلہن کی ہوائی فائرنگ

ڈی پی او کے نوٹس لینے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عدیل نامی دلہے کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دلہے عدیل سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ گرفتار دلہے کی 11 مارچ کو ڈومالہ میں شادی ہوئی تھی۔

یونانیوں اور مصریوں کی پرانی دستاویزات اور بھنبھور شہر

0

بھنبھور کی ایک شناخت سسّی پنوں کی رومانوی داستان بھی ہے۔ یہ قدیم شہر ساحل کے کنارے آباد تھا اور ماہرین کا خیال ہے کہ اپنے دور میں مشہور تجارتی مرکز اور اہم گزر گاہ رہا ہو گا۔

کراچی سے 60 کلومیٹر دور واقع بھنبھور کے آثارِ قدیمہ کی کھدائی کے بعد مقامی اور غیر ملکی محققین نے یہاں سے ملنے والی اشیا اور اس مقام پر آثار سے معاشرت کا جو اندازہ لگایا، اس کی بنیاد پر بھنبھور کو ایک اہم ساحلی اور تجارتی شہر کہا گیا ہے جس میں‌ مختلف صنعتیں اور کارخانے موجود تھے۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہاں پر پانچویں صدی عیسوی سے نویں صدی عیسوی تک کی آبادی کے نشانات بھی ملتے ہیں۔ یہ آبادی پکی گلیوں میں رہتی تھی جس میں مختلف کارخانوں اور کاری گروں کی موجودگی کا پتا چلتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں جانوروں کی ہڈیوں کی صنعت بھی تھی جس میں بڑے جانوروں کی ہڈیوں سے چوڑیاں، کنگھیاں اور مختلف زیورات بنائے جاتے تھے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اس شہر میں‌ زرعی آلات بھی بنتے تھے اور تیّار کردہ منصوعات یہاں سے بڑے پیمانے دوسرے ملکوں میں لے جاکر فروخت کی جاتی تھیں۔

بھنبھور کا شمار دنیا کے قدیم شہروں میں کیا جاتا ہے۔ یونانی مؤرخین لکھتے ہیں کہ جب سکندرِ اعظم اور اس کی فوج سندھ میں‌ داخل ہوئی تو اس وقت کراچی کے نزدیک ’’پاتال‘‘ نام کی بندرگاہ تھی جو اصل میں بھنبھور ہی تھا۔ بھنبھور کی بندر گاہ سے اقوام سامانِ تجارت بھیجا کرتی تھیں۔

ماہرینِ آثارِ قدیمہ کے مطابق اس شہر میں چار مختلف ادوار کی تہذیب و ثقافت کی جھلک دکھائی دیتی ہے اور یہاں کی اشیا اور قلعہ بند بستی کے آثار سندھ کے قدیم حالات اور تجارت سے متعلق معلومات دیتی ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ تجارتی مال و اسباب خشکی پر اونٹوں کے ذریعے اور آبی راستے سے بڑی بڑی کشتیوں کے ذریعے مصر کے آرسینو (سوئیز)، میوس، ہورموس یا بیرنس کی بندرگاہوں پر یہیں‌ سے بھیجا جاتا تھا۔ یہ ساز و سامان بعد میں صومالیہ کی بندرگاہ پہنچتا تھا اور وہاں سے آگے روانہ کیا جاتا تھا۔

بعض مؤرخین بھنبھور کو ہی دیبل کا شہر لکھتے ہیں۔ اس خیال کو تقویت اس وقت ملی جب کھدائی کے نتیجے میں قلعہ کی فصیل اور بستی کے آثار ملے۔ بنیادی طور پر بھنبھور وہ قدیم شہر ہے جس کا ذکر یونانیوں اور مصریوں کی پرانی دستاویزات میں بھی ملتا ہے۔ یونانیوں کی کتابوں میں بھنبھور کو ’’باربئیک‘‘ لکھا گیا ہے۔

بھنبھور شہر کی کھدائی کے بعد ماہرین نے دریافت کیا کہ اس کی عمارتوں کے آثار میں دیواریں غیر معمولی طور پر موٹی اور ان کی بنیادیں بہت گہری تھیں۔ یہ مکانات زیادہ تر کچی اینٹوں سے تعمیر کیے گئے تھے۔ رہائشی علاقے الگ الگ اور انتہائی قرینے سے بنائے گئے تھے جن میں سڑکوں اور گلیوں کے لیے بھی باقاعدہ منصوبہ بندی نظر آتی ہے۔ مکانوں کے کھنڈرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی اونچائی دس سے بارہ فٹ تک رکھی جاتی تھی۔

بھنبھور شہر دو حصّوں میں منقسم نظر آتا ہے جس میں ایک حصہ 19 فٹ بلند قلعہ پر مشتمل تھا، اور اس کی تعمیر انتہائی خوب صورتی سے تراشیدہ بھاری پتھروں اور گارے سے کی گئی تھی۔ فصیل کی مضبوطی برقرار رکھنے کے لیے مساوی فاصلوں پر بڑے بڑے برجوں اور بھاری بھرکم سنگی پشتوں کے استعمال کے آثار بھی ملتے ہیں۔ اسی میں ایک جھیل بھی تھی جو یہاں کے باسیوں کی پانی کی ضرورت پوری کرتی ہو گی۔

شہر کا دوسرا بڑا حصّہ فصیل کی دیوار سے باہر کی طرف پھیلا ہوا ہے اور تمام رہائشی علاقہ ہے۔ کھدائی کے دوران یہاں مشرقی ٹیلوں کے دامن میں ایک قبرستان اور میٹھے پانی کے چشموں کے علاوہ چند کنوؤں کے آثار بھی دریافت ہوئے۔

بھنبھور کے قدیم آثار کا تحقیقی مطالعہ 1930ء میں کیا گیا تھا اور اس حوالے سے رپورٹ کے بعد ہنری کزنس نے بھنبھور کا دورہ کیا تھا جہاں سے مصفا برتنوں کے ٹکڑے اور سکّے ملنے پر بعد میں مختلف مقامات پر کھدائی کروائی گئی تھی اور ماہرین نے بتایا تھا کہ یہاں مسلمانوں کی آمد سے قبل کی کسی بستی کے آثار نظر نہیں آتے۔

بھنبھور میں 1958 سے 1962ء تک دوبارہ کھدائی کا سلسلہ جاری رہا اور تب وہاں ایک قلعہ بند بستی کے آثار دریافت ہوئے۔ مزید کام جاری رہنے پر وہاں ایسے آثار ملے جو پہلی صدی قبل مسیح سے تیرھویں صدی عیسوی تک کے عہد سے تعلق رکھتے تھے۔ کھدائی کے دوران برآمد ہونے والی اشیا کا مطالعہ کرنے کے بعد ماہرین نے بتایا کہ اس شہر میں چار مختلف تہذیبی و ثقافتی ادوار نے سانس لی۔ مٹی کے منقش سفید برتن اور بھاری نیلے و سبز روغنی برتن اموی دورِ حکومت اور ایسے برتن بھی ملے جن میں سے بعض پر مٹی کا لیپ اور بعض پر چمکیلے سیسے کا صیقل جڑا ہوا ہے عباسی دور کی نشانی ہیں۔

یہاں سے ملنے والی اشیا اور چند کمروں کی دیواروں پر دھویں کی وجہ سے پھیلی سیاہی بتاتی ہے کہ اس بستی میں کوئی کارخانہ، بھٹی یا صنعت بھی رہی ہوگی۔ بھنبھور کے قلعہ میں تقریباً ایک مربع اراضی پر بنی مسجد کے کھنڈرات بھی دریافت ہوئے تھے۔

مسجد کے شمال مشرقی گوشے میں نمازیوں کے لیے وضو کے لیے چبوترا بھی بنا ہوا تھا جس پر چونے سے موٹا پلستر کیا گیا ہے۔ یہاں سے ہزاروں کی تعداد میں تانبے اور چاندی کے سکّے بھی ملے جو زیادہ تر ساسانی حکم رانوں، بغداد کےخلفاء اور ان کے گورنروں کے نام پر جاری کردہ تھے۔ ایک طلائی سکّہ عباسی خلیفہ ابو جعفر ہارون الواثق باللہ کے عہدِ حکومت کا ہے۔

بھنبھور سے برآمد اشیا میں انگوٹھیاں، جڑاؤ زیورات، مختلف ناپ کے منکے اور آویزے شامل ہیں۔ قیمتی نگوں کے زیورات، سرمے کی سلائیاں اور چوڑیاں، عطر کی شیشیاں، لمبی گردن والی بوتلیں، گلدان، شمعدان، چائے یا قہوہ پینے کی پیالیاں اور آب خورے بھی اس مقام سے نکالے گئے تھے۔

دوسری جانب بھنبھور سے سسی پنوں کی جو عشقیہ داستان جڑی ہے، وہ قدیم زمانے سے سینہ بہ سینہ منتقل ہوتی رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس میں بھی اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔

وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کا ایک اور نوٹس جاری

0

مانسہرہ: انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر (ڈی ایم او) کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ انتباہ کے باوجود ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی۔

ڈی ایم او نے وزیر اعظم عمران خان کو 28 مارچ کو وضاحت کے لیے طلب کرلیا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسمائیل، وزیر اعلیٰ خبیر پختون خوا محمود خان اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سینیٹر فیصل جاوید، وزیر ریلوے اعظم سواتی، احمد حسین شاہ، بابر سلیم خان، صالح محمد خان اور مومنہ باسط کو بھی نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام ارکان کو وضاحت کے لیے 28 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

اس سے قبل دیر میں جلسہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم عمران خان سمیت وفاقی وزرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گورنر، وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 مارچ کو طلب کیا تھا۔

بھارتی اداکارہ نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا

0

ممبئی: بھارتی ٹیلی ویژن کی معروف اداکارہ اناگھا بھوسلے نے مذہب کی خاطر شوبز کو خیرباد کہہ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف شو انوپما میں نندنی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اناگھا بھوسلے انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی اطلاع دی۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں عوام سے ملنے والی محبت اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

anagha bhosale

اناگھا بھوسلے نے مداحوں کو باقاعدہ طور پر فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا اور ساتھ ہی اپنے فیصلے پر مداحوں سے تعاون کی امید کا بھی اظہار کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ شوبز سے کنارہ کشی کا فیصلہ مذہبی عقائد اور روحانی راستے پر چلنے کی خاطر کیا ہے۔

اس سے قبل اناگھا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری منافقت سے بھری ہوئی ہے اسی لیے انہوں نے شوبز انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیا آپ اس تصویر میں چھُپے اعداد درستگی سے بتا سکتے ہیں؟

0

اس تصویر میں چھُپے اعداد درستگی سے بتانے کے لیے ایک ہی ٹِپ ہے، اسے کچھ دیر کے لیے غور سے دیکھیں۔

تو شروع ہو جائیں، اگر ابھی تک آپ نے ٹھیک نمبر نہیں بوجھے تو مزید غور کریں، یقیناً اس کے لیے آپ اپنی آنکھیں بھی میچ میچ کر دیکھ رہے ہوں گے، لیکن اسے ‘غور سے دیکھنا’ نہیں کہتے۔

دیگر دل چسپ پہیلیوں کی طرح یہ بھی ایک نہایت دل چسپ پہیلی ہے، اسے آپ یقیناً تیز نگاہوں سے بوجھ سکتے ہیں، لیکن ہو سکتا ہے صرف یہی کافی نہ ہو، اور آپ کو تیز دماغ کی بھی ضرورت پڑے۔

دراصل کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ آنکھوں کی صلاحیت کی بجائے دماغ کی صلاحیت کام آتی ہے، یعنی آپ یادداشتوں سے کام لیتے ہیں، مثال کے طور پر اس تصویر میں موجود اعداد کو سمجھنے کے لیے آپ کو اعداد کی شکل اور بناوٹ کو سوچنا ہوگا۔

کہتے ہیں کہ کچھ تصاویر ایسی ہوتی ہیں جو آپ کی شخصیت کے بارے میں بہت کچھ بتا جاتی ہیں، تو سمجھ لیں یہ آپ کے امتحان کے لیے ایسی ہی ایک تصویر ہے۔

اس تصویر میں 4 ہندسے ہیں، اگر آپ نے ان ہندسوں کو دس یا بیس سیکنڈ یا آدھے منٹ میں پہچان لیا، تو آپ کا شمار ذہین لوگوں میں ہو سکتا ہے۔

اس تصویر میں موجود ہندسے یہ ہیں: 3708

ڈالر کی اونچی اڑان، سونے کی قیمت میں کمی

0

ملک میں سونے کی قیمت کم ہوگئی جبکہ ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری ہے۔

 آل پاکستان جیولرز مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 400 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 31 ہزار روپے ہوگئی۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 342 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 12 ہزار 311 روپے رہی۔

عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا، سونا تین ڈالر کمی کے بعد 1950 ڈالر فی اونس رہا۔

ڈالر کی قدر میں اضافہ

دوسری جانب ملک میں امریکی ڈالر کی قدر تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گئی۔

انٹربینک میں کاروبار بندش پر ڈالر کا بھاؤ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ انٹربینک میں کاروبار کی بندش پر ڈالر کا بھاؤ 5 پیسے اضافے سے 181 روپے 78 پیسے رہا۔

انٹربینک میں ڈالر کی یہ بلند ترین اختتامی قیمت ہے اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 183 روپے برقرار ہے۔