ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

ورلڈ کپ 2023 کی افتتاحی تقریب ہوگی یا نہیں؟

اشتہار

حیرت انگیز

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز جمعرات 5 اکتوبر کو ہو رہا ہے ہر بار کی طرح میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب ہوگی یا نہیں اس بارے میں ابہام پیدا ہو گیا ہے۔

کرکٹ کے سب سے بڑے میلے کا دنگل سجنے کو تیار ہے۔ جمعرات 5 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور گزشتہ ورلڈ کپ کی رنر اپ نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ سے ورلڈ کپ 2023 کا آغاز ہونے جا رہا ہے تاہم اس سے قبل شائقین کرکٹ کو محظوظ کرنے کے لیے بی سی سی آئی نے 4 اکتوبر کو شائقین کی آنکھوں کو خیرہ کر دینے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس افتتاحی تقریب میں بالی ووڈ ستاروں نے جگمگا کر اور شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگانے تھے۔

- Advertisement -

افتتاحی تقریب بھی نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونا تھی اور رنگوں وروشنیوں کی بہار میں بالی ووڈ کی ممتاز گلوکارہ آشا بھوسلے، ورسٹائل سنگر شریا گھوشال کے علاوہ اربجیت سنگھ اور شنکر مہادیون نے بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

ورلڈ کپ کے آفیشل ترانے میں جلوہ گر ہونے والے بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اپنی پرفارمنس سے شائقین کا لہو گرماتے تو وہیں تمنا بھاٹیا بھی اپنی پُرفارمنس سے تقریب کو یادگار بناتی دکھائی دیتیں۔ خوبصورت پرفارمنسز اور لاجواب آتشبازی سے سجی اس افتتاحی تقریب میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندے اور کرکٹ سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابسہ اہم شخصیات نے بھی شرکت کرنا تھی۔

تاہم ایک غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا انعقاد کسی افتتاحی تقریب کے بغیر ہونے سے متعلق خبر دی ہے۔

ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق 2023 کا جمعرات سے شروع ہونے والا ایونٹ اپنے سابق روایتوں کے برعکس کسی افتتاحی تقریب کے بغیر ہی شروع ہو گا۔

افتتاحی تقریب کی منسوخی کے حوالے سے آئی سی سی یا بی سی سی آئی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم میگا ایونٹ سے ایک روز قبل بدھ 4 اکتوبر کو کیپٹنز ڈے بھی منایا جائے گا جس میں ورلڈ کپ 2023 میں شریک تمام دس ٹیموں کے کپتان اکٹھا ہوں گے۔ ہندوستان کے کپتان روہت شرما سمیت تمام دس کپتان احمد آباد میں کپتانوں کے دن کے لیے موجود ہوں گے۔

 

افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گے۔ میزبان بھارت 8 اکتوبر سے اپنی مہم کا آغاز پانچ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف میچ سے کرے گی تاہم شائقین کرکٹ کو سب سے زیادہ 14 اکتوبر کا بے صبری سے انتظار ہے کہ جس دن ورلڈ کپ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا احمد آباد میں ہوگا جس پر دنیا بھر کی نظریں جمی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں