پیر, مئی 20, 2024
اشتہار

مہنگائی کے ستائے شامی عوام کا گورنر ہاؤس پر دھاوا، آگ لگا دی

اشتہار

حیرت انگیز

شام میں بھی معاشی بحران سنگین ہوگیا ہے مہنگائی اور بیروزگاری سے پریشان مشتعل عوام نے گورنر ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کی طرح جنگ زدہ ملک شام میں بھی معاشی بحران سنگین صورت اختیار کرگیا ہے اور بڑھتی مہنگائی کے ساتھ بیروزگاری نے عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کردیا ہے۔

گزشتہ روز شامی شہر سویدا میں معاشی بحران کے خلاف مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے اور گورنر ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔ مظاہرین نے گورنر ہاوٗس پر آویزاں صدر مملکت بشار الاسد کی تصویر پھاڑ دی اور عمارت کے کچھ حصوں کو آگ لگا دی۔

- Advertisement -

اس موقع پر مظاہرین مسلسل حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے اور صدر بشار الاسد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ دہراتے رہے۔

مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب یورپی ملک اٹلی میں بھی مہنگائی کا شور مچ گیا ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔

اطالوی شہریوں نے سڑکوں پر مارچ کیا اور پلے کارڈز نظر آتش کرکے حکومت مخالف نعرے لگائے۔ ان کا مطالبہ تھا کہ حکومت مہنگائی کی روک تھام کے لیے فوری موثر اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ معاشی بحران کے عفریت نے دنیا کے اکثر ممالک کو جکڑ لیا ہے اور وہاں کے عوام مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ اور فرانس میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے

گزشتہ روز برطانیہ اور فرانس کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جب کہ فرانس میں تو پرائیویٹ ڈاکٹر اور بائیولوجسٹ نے اپنے مطالبات کی منظوری کی لیے دو روزہ ہڑتال شروع کردی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں