پیر, مئی 13, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10632

زمین پر سب سے زیادہ گرمی اس وقت کہاں پڑ رہی ہے؟

0

کلائمٹ چینج کی وجہ سے موسم گرما میں گرمی کے نئے نئے ریکارڈز قائم ہو رہے ہیں، ماہرین نے زمین پر اب تک کے سب سے گرم مقام کی نشاندہی کی ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق امریکا کی وادی موت (ڈیتھ ویلی) میں گزشتہ دنوں زمین پر اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

یو ایس نیشنل ویدر سروس نے سدرن کیلیفورنیا میں واقع وادی موت کے مقام فرنس کریک میں زمین کی تاریخ کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے۔

10 جولائی کو اس مقام پر 54.4 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور اس کی تصدیق ہوگئی تو وہ گزشتہ سال اسی مقام پر بننے والے ریکارڈ کے برابر ہوگا اور گزشتہ سو برسوں میں ریکارڈ کیے جانے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت بھی ہوگا۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق اگر اس کی تصدیق ہوئی تو یہ جولائی 1913 کے بعد سب سے زیادہ ریکارڈ ہونے والے درجہ حرارت ہوگا۔

اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ جولائی 1913 ڈیتھ ویلی میں 56.7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا مگر موجودہ دور کے ماہرین موسمیات اس پر شبہات کا اظہار کرتے ہوئے زور دیتے ہیں کہ اس دور کے آلات میں غلطیوں کا امکان بہت زیادہ تھا۔

ان کے مطابق جب یہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تو قریبی علاقے اتنے گرم نہیں تھے۔

کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2013 میں وادی موت میں 54.88، 2016 میں کویت میں 54 سینٹی گریڈ اور 2017 میں پاکستان کے شہر تربت میں 53.5 سینٹی گریڈ اب تک زمین پر درست طریقے سے ریکارڈ ہونے والے سب سے زیادہ 3 درجہ حرارت والے مقام ہیں۔

اس مقام پر گرمی کی اس شدت کو کئی روز سے دیکھا جارہا تھا اور مسلسل 3 دن تک فرنس کریک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 53.3 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو رات کو 32 سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔

اس گرم موسم نے کافی بڑے خطے کو متاثرکیا، کیلیفورنیا کے متعدد علاقوں میں گرمی کے نئے ریکارڈ بن چکے ہیں جبکہ شدید قحط سالی کا بھی سامنا ہوا۔

شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز رات 10 بجے بند ہوں گے، نوٹیفکیشن جاری

0
تاجر بدھ کی چھٹی

کوئٹہ : بلوچستان میں کوروناکےبڑھتےکیسز کے پیش نظر شاپنگ مالز اور کاروباری مراکزرات10بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسزکےباعث حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے شاپنگ مالز،کاروباری مراکز 10 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز رات 10 بجے بند ہوں گے تاہم ہوٹلز اور ریسٹورنٹ رات12 بجے تک بند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈورشادی ہالز میں ایس اوپیز پر 400 مہمانوں سےزائدکی اجازت نہیں جبکہ عبادت گاہوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سر حدیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔

خیال بلوچستان میں24گھنٹے میں کوروناپھیلاؤ کی شرح11.10فیصدرہی، بلوچستان میں24 گھنٹے میں 982 ٹیسٹ کئے گئے 109مثبت آئے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کوروناسےجاں بحق افرادکی تعداد317ہوگئی، صوبے میں اس وقت  کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 964 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کوروناکے مصدقہ  کیسزکی تعداد28229 اور   کوروناسے صحتیاب افرادکی تعداد 26948 ہے۔

کورونا الاؤنس نہ ملنے پر طبی عملے کی ہڑتال، کورونا ویکسی نیشن مہم متاثر ہونے کا خدشہ

0

اسلام آباد : وفاقی محکمہ صحت ملازمین کی ہڑتال کے باعث وفاقی دارالحکومت میں کوروناویکسی نیشن مہم متاثرہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

تفصیلات کے وفاقی دارالحکومت میں کوروناویکسی نیشن مہم متاثرہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ، ضلعی محکمہ صحت کے ملازمین نے آج سےہڑتال کا اعلان کردیا۔

ضلعی محکمہ صحت ملازمین نے آج ویکسی نیشن سینٹرزبند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام ویکسی نیشن سینٹرزبندرہیں گے اور ضلعی محکمہ صحت کے تمام ملازمین آج احتجاجاً ہڑتال کریں گے۔

وفاقی ضلعی ملازمین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، ایل ایچ وی، ایل ایچ ڈبلیوز، سپروائزر اور نرسزکام نہیں کریں گے ، حکومت اسپتالوں کے ملازمین کو کورونا الاؤنس دے رہی ہے، کوروناالاؤنس کے بارےمیں ضلعی محکمہ صحت ملازمین کو نظرانداز کیا گیا۔

احتجاجی ملازمین نے مزید کہا کہ وزارت قومی صحت کوروناالاؤنس دینےسےانکاری ہے اور مطالبہ کیا کہ جولائی 2020 سے جولائی2021تک کورونا الاؤنس دیا جائے۔

احتجاجی ملازمین ایف نائن ماس ویکسی نیشن سینٹرپراحتجاج کریں گے، وفاقی محکمہ صحت ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کومستقل،سروس اسٹرکچردیاجائے۔

ڈی ایچ اواسلام آباد نے ضلعی محکمہ صحت ملازمین سے ہڑتال نہ کرنےکی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کیخلاف ضلعی محکمہ صحت کاکردارلائق تحسین ہے، ہڑتال سےکوروناویکسی نیشن مہم کوناقابل تلافی نقصان ہوگا۔

ڈی ایچ اواسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملازمین کےمطالبات وزارت قومی صحت کوپہنچادیئےہیں، حکومت ضلعی محکمہ صحت ملازمین کےجائزمطالبات تسلیم کرےگی۔

خیال رہے وفاقی اسپتالوں کےملازمین2روزسےہڑتال پرہیں اور اوپی ڈیز،ویکسی نیشن سینٹرز بھی 2 دن سے بند ہیں۔

سعودی عرب میں نئی ملازمتوں کا اعلان

0

ریاض: سعودی عرب نے مقامی شہریوں کے لیے نئی ملازمتوں کا اعلان کردیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودائزیشن کے تحت 5 ہزار سعودی شہریوں کو قانونی مشیر کے عہدے کی نوکریاں دی جائیں گی انہیں کسی بھی لافرم ایجنسی میں وکیل کی ملازمت بھی ملے گی۔

سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ کم از کم 5 ہزار مقامی شہریوں کو قانونی مشیر اور لا فرم ایجنسی کے وکیل کی ملازمت دلائی جائے گی۔

وزارت نے بتایا کہ یہ اقدام سعودائزیشن کے سلسلے کی ایک کڑی ہے، شعبہ قانون سے منسلک ہونے والے سعودیوں کی تنخواہ ممکنہ طور پر کم از کم ساڑھے پانچ ہزار ریال مقرر کی جائے گی۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، اس کا پہلا فائدہ یہ ہوگا کہ زیر تربیت وکیل سوشل انشورنس میں اندراج کے فوائد محسوس کریں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پیشہ ورانہ استعداد کی شرط کی بدولت وکالت اور قانونی مشاورت کا دائرہ بڑھے گا اور اس کے متعدد فوائد حاصل ہوں گے، وژن کے تحت مقامیوں کو ہر شعبے میں لانا بھی مقصود ہے۔

راولپنڈی سے گلگت جانے والے بس خوفناک حادثے کا شکار

0

گلگت: پاکستان کی پرفضا مقام کوہستان پٹن میں مسافروں کی بس لینٖڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی ہے۔

پٹن تھانہ پولیس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کوہستان پٹن کے مقام پربس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی جس کے نتیجہ میں چارافراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں، بدقسمت مسافر بس راولپنڈی سے گلگت جارہی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں جائے حادثے پر پہنچی اور لاشوں وزخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال پٹن منتقل کیا، فوری طور جاں بحق مسافروں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: داسوہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر حادثہ

واضح رہے کہ کوہستان پٹن میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اکثر وبیشتر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں، رواں سال مارچ میں پٹن کوہستان میں ہونے والے ٹریفک حادثے میں سابق امیدوار گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ نمبر حلقہ 1 گلگت قاسم جان جاں بحق ہوئے تھے۔

‘وزیراعظم اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں’

0

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جیسے کشمیر کا مقدمہ لڑا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے آزاد کشمیر میں انتخابی مہم میں نازیبا ازبان استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے جمہوری اور اخلاقیات روایات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے، اپوزیشن عناصر نے ذہنی پسماندگی کا مظاہرہ کیا، ناکام جلسوں کے بعد ٹولہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن عناصر کے مایوس چہرے ان کی فرسٹریشن ظاہر کررہے ہیں، عمران خان نے جیسے کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کشمیری عوام وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔

اپنے تازہ بیان میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم اور کشمیری عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، کشمیری عوام بلے پر مہر لگا کر عمران خان سے محبت کا اظہار کریں گے، لٹیروں اور چوروں کی سیاست ختم ہوچکی، آزاد کشمیر میں ہار ان کا مقدر ہے، پی ٹی آئی فتح یاب ہوگی۔

جینا چاہتے ہیں تو ان غذاؤں سے دور ہوجائیں

0

سب ہی جانتے ہیں کہ تلے ہوئے کھانے کھانا انسانی صحت کے لیے بے حد خطرناک ہے، اور اب حالیہ تحقیق نے اسے جان لیوا بھی ثابت کردیا ہے۔

طبی جریدے جرنل آف دی امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن میں شائع تحقیق کے مطابق تلے ہوئے کھانے، پراسیس گوشت اور میٹھے مشروبات پر مشتمل غذا کا زیادہ استعمال اچانک حرکت قلب تھم جانے سے موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے۔

تحقیق میں 45 سال یا اس سے زائد عمر کے 21 ہزار افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد کی غذائی عادات کو 18 سال سے زیادہ دیکھا گیا اور ان کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

مثال کے طور پر سبزیاں پسند کرنے والے، میٹھے کے شوقین اور مکس غذاؤں کو خوراک کو حصہ بنانے والے وغیرہ۔

ان میں سے ایک گروپ ایسا تھا جن کی غذا کا زیادہ تر حصہ چکنائی، تلے ہوئے کھانوں، انڈوں، پراسیس گوشت اور میٹھے مشروبات پر مشتمل تھا اور اسے سدرن کا نام دیا گیا تھا، کیونکہ امریکا کے جنوبی علاقوں میں اس طرح کا غذائی رجحان عام ہے۔

تمام تر عناصر کو مدنظررکھتے ہوئے دریافت کیا گیا کہ سدرن طرز کی غذا میں اچانک حرکت قلب تھم جانے یا سڈن کارڈک اریسٹ سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

اس کے مقابلے میں پھلوں، سبزیوں، گریوں، مچھلی اور زیتون کے تیل پر مشتمل غذا سے کارڈک اریسٹ سے موت کا خطرہ 26 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل امریکا کے وی اے بوسٹن ہیلتھ کییئر سسٹم ہاسپٹل کی تحقیق میں دریافت کیا گیا تھا کہ بہت زیادہ تلی ہوئی غذاﺅں کو کھانا خون کی شریانوں کے مسائل بڑھا کر امراض قلب کا شکار بنا سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ تلی ہوئی غذائیں جیسے فرنچ فرائز یا دیگر کو کھانا دل کی شریانوں کے مرض سی اے ڈی کا خطرہ بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔

ماضی کے مایہ ناز کرکٹر عبدالرحمن ڈائر انتقال کرگئے

0

کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عبدالرحمن ڈائر انتقال کرگئے،ان کی عمر85سال تھی، مرحوم ملک کے معروف صنعت کار اور کرکٹ کے سرپرست تصور کیے جاتے تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر عبدالرحمن ڈائر 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کا شمار کرکٹ کے سرپرستوں میں کیا جاتا تھا۔ مرحوم ملک کے معروف صنعت کار بھی تھے۔

ان کے گھر میں بنی وکٹ پر اپنے دور کے عظیم بیٹسمین و سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد سمیت دیگر معروف کرکٹرز پریکٹس کیا کرتے تھے۔ 1936کو احمد آباد، گجرات (بھارت) میں پیدا ہونے والے عبدالرحمن ڈائر کے والد رمضان ڈائر اور بیٹا ہمایوں ڈائر بھی کرکٹر تھے۔، عبدالرحمن ڈائر نے 1955 س1970 کے دوران 18 کلاس میچز کھیلے ۔

بھارتی قید سے رہائی پانے والے 3 پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے

0

کراچی : بھارتی قید سے رہائی پانے والے 3پاکستانی ماہی گیر کراچی پہنچ گئے ، فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کا کہنا ہے کہ اب بھی 92 ماہی گیر بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی قید سےرہائی پانے والے تین ماہی گیرکراچی پہنچ گئے، یہ ماہی گیراٹھائیس جون کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچے تھے، جہاں ماہی گیروں کوچودہ روزقرنطینہ میں رکھا گیا۔

جس کے بعد ماہی گیر رات گئے شالیمار ایکسپریس کے ذریعے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچے، جہاں الیکشن آ فسر ساجد سرہیو کی ہدایت پر منیجر شوکت حسین کی سربراہی میں فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی کی ٹیم نے ان کا استقبال کیا۔

ماہی گیروں میں وٹو محمد اور محمد جمن ساڑھے تین سال سے قید تھے جبکہ محمد حسن بھارتی جیل میں پانچ سال قید کاٹنے کے بعد وطن واپس پہنچے۔

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے مطابق اب بھی بانوے ماہی گیر بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ رہائی پانے والے ماہی گیروں کو دسمبر2018میں بھارتی فورسز نے مچھلی کے شکار کے دوران گرفتار کر لیا تھا۔

کینیڈامیں اسلاموفوبیاکا ایک اورواقعہ، انتہا پسند کی مسلمان ماں بیٹی کو کچلنے کی کوشش

0

کینیڈا : کینیڈا کے شہرہملٹن میں انتہا پسند نے مسلمان ماں بیٹی کو کچلنے نے کوشش کی تاہم دونوں بال بال بچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ پیش آیا ، جہاں شہرہملٹن میں حملہ آور نے پارکنگ میں مسلمان ماں بیٹی پر گاڑی چڑھانے کی کوشش کی تاہم دونوں بال بال بچ گئیں۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق دونوں نے بھاگ کر قریب جھاڑیوں کےپیچھے چھپ گئیں ، جس کے بعد مسلح حملہ آور نے خواتین کا پیچھا کیا،انہیں قتل کی دھمکیاں دیں اورنفرت آمیز جملے کہے۔

کینیڈین پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

دوسری جانب کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات پر بائیس جولائی کو حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ پاکستانی نژاد محمد کاشف کینیڈا کے شہرساسکاٹون میں حملے کانشانہ بنے تھے ، محمد کاشف کو 2سفید فام نسل پرستوں نے چاقو مار کر زخمی کیا، اور ان کی داڑھی مونڈھ دی تھی۔

اس سے قبل سینٹ البرٹ میں نامعلوم افراد کی جانب سے دو مسلمان خواتین کو راہ چلتے دھکے دے کر ان کے سروں سے حجاب کھینچا گیا، اچانک حملے کے باعث وہ خواتین زمین پر گر پڑیں تھیں۔

واضح رہے 6 جون کو کینیڈا کے شہر لندن انٹاریو میں دہشت گردی کے واقعے میں ایک خاندان کے چار افراد 46 سالہ فزیوتھراپسٹ سلمان افضل، ان کی اہلیہ اور پی ایچ ڈی کی طالبہ 44 سالہ مدیحہ سلمان، نویں جماعت کی طالبہ 15 سالہ یمنیٰ سلمان اور اُن کی 74 سالہ ضعیف دادی کو ٹرک کے نیچے روند ڈالا تھا۔

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی قرار دیا تھا۔ 20 سالہ ملزم یتھینیل ویلٹمین پر قتل کے چار اور اقدامِ قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا تھا۔