ہوم بلاگ صفحہ 11258

بولی وڈ کے مشہور موسیقار کرونا کے باعث چل بسے

0

ممبئی: بولی وڈ کی کام یاب فلموں کے لیے موسیقی ترتیب دینے والے شرون راٹھور کرونا وائرس سے لڑتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔

90 کی دہائی میں شرون راٹھور نے کئی فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی جو سپر ہٹ ثابت ہوئے۔ فلمی دنیا میں‌ شرون راٹھور اور ان کے ساتھی موسیقار ندیم سیفی کی جوڑی بہت مشہور تھی۔ ندیم سیفی نے شرون راٹھور کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چند روز قبل شرون راٹھور کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ بھارتی موسیقار کو حالت بگڑنے پر ممبئی کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے داخل کروایا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد آج انتقال کرگئے۔

شرون راٹھور نے ’عاشقی‘، ’ساجن‘، ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘، ’سڑک‘ اور ’دیوانہ‘ سمیت متعدد مقبول اور کام یاب فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی تھی۔ ان کے سپرہٹ گانوں میں ‘دل نے یہ کہا ہے دل سے، سوچیں گے تمھیں پیار، تیری امید تیرا انتظار کرتے ہیں’ سمیت دیگر گانے شامل ہیں۔

چوروں کا اسپتال پر دھاوا، بڑی تعداد میں کرونا ویکسین چوری

0

نئی دہلی : چوروں نے اسپتال کو بھی نہ بخشا، بھارتی میں لیٹروں نے رات گئے اسپتال سے کرونا ویکسین کی 1700 سے زائد خوراکیں چرالیں۔

بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورتحال سے پہلے ہی شہریوں کا برا حال ہے یومیہ بنیادوں پر کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے جب کہ ہلاکتوں کے باعث لاشوں کی تدفین و آخری رسومات کےلیے جگہ بھی ختم ہوچکی ہے۔

ایسی ہولناک صورتحال میں کرونا ویکسین کی چوری کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

ریاست ہریانہ کے ضلع جنڈ میں واقع کرونا ویکسینیشن سینٹر سے دو لوگوں کو کرونا ویکسین کی 1710 خوراکیں لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ویکسینیشن سینٹر کے انچارج نے اسٹور کا دورہ کرکے چوری کی تصدیق کی اور تحقیقات کا آغاز کیا۔

مقامی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج ہوتے ہی تحقیقات کا آغاز کردیا تھا تاحال کیسز میں کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی۔

’’آپ رنز ایسے بناتے ہیں جیسے مذاق ہو‘‘

0

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر تبریز شمسی نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مشورہ بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ بھائی کسی اور کو بھی موقع دے دیں۔

تبریز شمسی نے مزید لکھا کہ ’آپ رنز ایسے بناتے ہیں جیسے مذاق ہو۔‘

واضح رہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں 61 گیندوں پر 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دی تھی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے تھے جواب میں زمبابوین ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی تھی۔

یاد رہے کہ محمد رضوان 9 ٹی ٹوینٹی اننگز میں 103 کی اوسط سے 515 رنز اسکور کیے ہیں وہ ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں کیریئر بیسٹ 15ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

سونے کی قیمتوں‌ میں مسلسل دوسرے روز بھی اضافہ

0

کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے منفی اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نظر آئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے یعنی جمعرات کے روز ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 8 ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

حالیہ اضافے کے بعد انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1787 ڈالرز تک پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے پاکستان بھر کے مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فی تولہ اور دس گرام کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 734 روپے کا اضافہ ہوا۔

آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق بتاریخ 22 اپریل بروز جمعرات پاکستان بھر کے مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 400 جبکہ دس گرام کی قیمت میں 334 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ اضافے کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 4 ہزار 300 جبکہ دس گرام کی قیمت 89 ہزار 421 روپے تک پہنچ گئی۔

آج بتاریخ 22 اپریل کے ریٹ

فی تولہ قیمت: -/ 104,300روپے

دس گرام قیمت: -/ 89,421 روپے

کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی خرید و فروخت نئے ریٹ کے ساتھ ہوئی۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل سونے کی فی تولہ قیمت میں 900 رپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

کراچی میں مارکیٹوں کی بندش کے دن پھر تبدیل، نیا حکم نامہ جاری

0

سندھ حکومت نے ایک بار پھر کراچی میں تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند کرنے کے دن میں تبدیل ‏کر دیے۔ ‏

محکمہ داخلہ نے کراچی کے لیے نیا حکم نامہ جاری کر دیا جس میں مارکیٹوں کے اوقات کار پھر ‏تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔

حکم نامہ کے مطابق ہفتہ کو مارکیٹیں کھلیں گی جب کہ جمعہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند ہوں گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کی جانب سے تجارتی مراکز اور مارکیٹیں بند کرنے کے ‏دنوں میں تبدیلی کے لیے نظر ثانی کی درخواست کی گئی تھی، درخواست پر سندھ حکومت کی ‏جانب سے مارکیٹوں کی دن تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ‏

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ اب کراچی ڈویژن میں مارکیٹوں کے لیے سیف ڈیز جمعہ اور اتوار ہوں ‏گے۔ ‏

اس سے قبل محکمہ داخلہ سندھ نے 16 اپریل کو ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند کرنے کا نیا فیصلہ ‏جاری کیا تھا چھ دن بعد محکمہ داخلہ سندھ نے فیصلے میں تبدیلی کرکے اب نیا حکم نامہ جاری ‏کیا ۔

مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے کھلنے یا ٹائمنگ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

کرونا سے مرنے والی ڈاکٹر کا آخری پیغام سامنے آگیا

0

نئی دہلی : کرونا سے مرنے والی بھارت کی خاتون ڈاکٹر کا سوشل میڈیا پر دل سوز پیغام سامنے آگیا۔

بھارت کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کرونا وائرس کی مہلک ترین وبا نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں، اور وہاں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد وبا سے متاثر اور ہزاروں لوگ ہلاک ہورہے ہیں۔

بھارتی ریاستوں میں سب سے زیادہ کیسز مہارشٹرا میں رپورٹ ہورہے ہیں، جہاں اسپتالوں میں جگہ ختم ہوچکی ہے اور مریضوں کا برا حال ہے۔

کرونا کی بگڑتی صورتحال کے باعث بھارتی ڈاکٹر پریشان، تھکن سے چور اور مایوسی کا شکار ہوچکے ہیں، لیکن حالات کی سنگینی کے باوجود کرونا کا پھیلاؤ روکنے کےلیے جدوجہد کررہے ہیں۔

گزشتہ روز ایک اور بھارتی ڈاکٹر کرونا کے باعث دم توڑ ہلاک ہوگئیں، حکام نے ڈاکٹر کی شناخت منیشا یادو کے نام سے کی ہے، جو ٹی بی کی اسپیلشٹ اور ٹی بی اسپتال کی چیف میڈیکل آفیسر تھیں۔

ڈاکٹر منیشا نے مرنے سے کچھ گھنٹے قبل فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے کہا کہ ‘ممکن ہے یہ میرا آخری صبخ بخیر ہو’۔

ڈاکٹر منشیا نے کہا کہ ‘اس پلیٹ فارم میں آپ لوگوں سے ملاقات نہیں کرسکتی، بس اتنا یاد رکھیے گا کہ جسم مرتا ہے روح نہیں مرتی’۔

ڈاکٹر کی پوسٹ نے بھارت میں کرونا کی ابتر صورتحال کی عکاسی کی اور اسپتالوں کی حالت زار بتائی جہاں آکیسیجن سلینڈر اور اسپتالوں میں بستروں کی کمی ہے حتیٰ کہ قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں پر بھی جگہ ختم ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں اب تک 18 ہزار ڈاکٹر کرونا کا شکار ہوچکے ہیں جس میں سے 168 ڈاکٹر ہلاک ہوچکے ہیں۔

دشمن کی بھاشا نہیں سمجھو گے تو اپنی لڑائی کیسے لڑو گے؟

0

ہندوستان کے بٹوارے اور تقسیم کے کئی سال بعد بھی بھارت میں متعصب اور انتہا پسند حلقوں کی جانب سے اردو کی مخالفت میں باقاعدہ مہم چلائی گئی اور ہر سطح پر اردو بولنے اور لکھنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی رہی۔

اس زمانے میں اردو بولنا اور لکھنا جیسے جرم تھا اور یہ سوچ مذہبی شخصیات اور عوام ہی تک محدود نہیں‌ تھی بلکہ علم و دانش اور ادب سے وابستہ افراد نے بھی اس حوالے سے تنگ نظری اور پستی کا ثبوت دیا، لیکن بعض عالی دماغ اور روشن نظریات و خیالات رکھنے والی شخصیات نے اسے علم دشمنی اور صدیوں پرانی تہذیب اور ثقافت کا قتل قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔

معروف ہندوستانی ادیب رتن سنگھ نے اسی حوالے سے بیسویں صدی کے نام وَر شاعر، ادیب اور نقّاد فراق گورکھپوری کا ایک واقعہ بیان کیا ہے جو ہم یہاں اپنے باذوق قارئین اور علم و ادب کے شیدائیوں کے لیے نقل کررہے ہیں۔ ملاحظہ کیجیے۔

‘فراق صاحب ریڈیو کے پروڈیوسر ایمریٹس تھے، اُن دنوں یہ ممکن نہیں تھا کہ کسی ریکارڈنگ کے لیے اُنہیں فیس کا چیک دیا جائے۔ ایسی صورت میں فراق صاحب کو یہ سمجھانا ایک ٹیڑھی کھیر تھی۔

اس معاملے کے حل کے لیے میں نے ایک صورت یہ نکال لی کہ الٰہ آباد سے لکھنؤ آنے کا کرایہ اور ڈی اے وغیرہ دے دیا جائے۔ میں یہی کرتا تھا۔

فراق صاحب اسی پر ہی ریکارڈنگ کے لیے راضی ہوجاتے تھے، لیکن ایک بار ایک نئی قسم کا مسئلہ کھڑا ہوگیا۔

فراق صاحب کو اُردو زبان اور اس کے مستقبل کے بارے میں بولنا تھا۔ اس کے بارے میں باتیں کرتے کرتے وہ اتنی کڑوی باتیں بھی کر گئے کہ اگر اُنہیں نشر کردیتا تو واویلا کھڑا ہوجاتا۔

ہزاری پرساد دیویدی اور نہ جانے کس کس کو اُردو کے حق سے محروم رکھنے کی شکایت کرتے ہوئے اُنہوں نے صاف صاف کہا کہ اے ہندوﺅ! میری مراد آر ایس ایس والے ہندوﺅں سے ہے، اور میں اُنہی کے لب و لہجے میں کہہ رہا ہوں کہ اے ہندوﺅ! اُردو پڑھ لو، پاکستان دشمن ہو رہا ہے۔ اگر دشمن کی بھاشا نہیں سمجھو گے تو اپنی لڑائی کیسے لڑو گے؟

اے ہندوﺅ! اُردو پڑھ لو، اپنے ملک میں کروڑوں مسلمان رہتے ہیں۔ اُن کی زبان نہیں سمجھوگے تو بھی مشکل پیدا ہوجائے گی۔ اس طرح کی باتیں کرکے فراق صاحب چلے گئے۔

پھر الٰہ آباد سے مجھے لکھا کہ بھائی جو کچھ میں نے کہا ہے، اس کو براڈ کاسٹ کرنے کی ذمے داری تمہاری ہے۔ دیکھ لینا غور سے۔’

اتوار کو بازار کھلیں گے، سندھ حکومت نے سکھر کے تاجروں کی درخواست منظور کرلی

0
تاجر بدھ کی چھٹی

کراچی: سندھ حکومت نے سکھر کے تاجروں کا دکانیں بند نہ کر مطالبہ منظور کرتے ہوئے اتوار کو کاروبار کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سکھر کے تاجروں نے سندھ حکومت سے اتوار کے روز تجارتی اور کاروباری مراکز بند نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

سندھ حکومت نے سکھر کے تاجروں کی درخواست منظور کرتے ہوئے اتوار کو بازار اور دکانیں کھولنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

مزید پڑھیں: سندھ: کاروباری و تجارتی مراکز کے نئے اوقات کار جاری، چھٹی کے دن بھی تبدیل

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سندھ کے ضلع سکھر میں اتوار کو دکانیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور جمعے، ہفتے کو تجارتی و کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تجارتی و کاروباری مراکز کے نئے اوقاتِ کار جاری کرتے ہوئے ہفتے میں دو روز چھٹی کے دن بھی تبدیل کیے تھے، جس کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر کے بازار جمعے اور اتوار کے بجائے ہفتے اور اتوار کو بند رہیں گے جبکہ سحری کے بعد سے شام 6 بجے تک کاروبار کی اجازت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے تاجروں کا احتجاج، دکانیں رات 2 بجے تک کھولنے کا مطالبہ

کراچی کی تاجر تنظیموں نے حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری اوقات بڑھانے اور سارا ہفتہ دکانیں کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب تاجروں نے سندھ حکومت سے شام 6 کے بجائے رات گیارہ بجے تک بازار اور دکانیں کھولنے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرا دیا ہے۔

جیسے کو تیسا؛ روس کا امریکا کو کرارا جواب

0

جیسے کو تیسا کے مصداق روس نے امریکا کے 10 سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

روسی میڈیا کے مطابق ماسکو میں امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن بارٹ گورمین ‏سمیت 10 سفارتی اہلکاروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

روس نے ناپسندیدہ قرار دیے گئے افراد کو ایک ماہ کے اندر ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کیے ‏ہیں۔ امریکی سفارتی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ 21 مئی تک ماسکو سے نکل جائیں۔

روس کی جانب سے یہ اقدام واشنگٹن میں روسی سفارتخانے اور نیویارک میں روسی قونصل جنرل ‏کے متعدد ملازمین کو نکالے جانے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

امریکا نے روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرتے ہوئے 10 سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا حکم ‏‏دیا تھا۔
امریکی انتخابات میں مداخلت، ہیکنگ اور کریمیا پر ‏غیرقانونی تسلط کے الزامات پر امریکا نے ‏روس پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے روس پر پابندیوں کے ایگزیکٹوآرڈر پر دستخط کیے۔ صدارتی احکامات ‏کے مطابق روس پر مختلف نوعیت کی اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جب ‏کہ 10ڈپلومیٹس کو ‏ملک بدر ی کا حکم دیا گیا۔

گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں مداخلت اور وفاقی ایجنسیوں کی ہیکنگ کے لئے کریملن کو ‏‏جوابدہ قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔

بائیڈن انتظامیہ نے جمعرات کے روز 10 روسی سفارت کاروں کو ملک بدری اور لگ بھگ تین درجن ‏‏افراد اور کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔

کراچی کے تاجروں کا احتجاج، دکانیں رات 2 بجے تک کھولنے کا مطالبہ

0

کراچی کے تاجروں نے ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم کرنے اور دکانیں رات 2 بجے تک کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی صدر مارکیٹ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے کہا کہ مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو بھرپور احتجاج کریں گے۔

تاجروں نے کہا کہ ہفتے میں دو روزہ تعطیل ختم کی جائے اور عید کی خریداری کے لیے بازاروں کے اوقات رات دو بجے تک بڑھائے جائیں، گزشتہ لاک ڈاؤن کا نقصان پورا نہیں ہوا ہے نئی پابندیاں کسی صورت قبول نہیں ہیں۔

سٹی تاجر اتحاد کے صدر شرجیل گوپلانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں کی دو روز کی چھٹی فوری طور پر ختم کی جائے اور 12 رمضان المبارک کے بعد کراچی کی مارکیٹیں رات دو بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوام عید الفطر کی خریداری کرسکیں۔

تاجر رہنما منصور شیخ اور صدر محمود حامد نے کہا کہ گزشتہ رمضان میں لاک ڈاؤن میں مارکیٹیں بند رہیں جس کی وجہ سے تاجروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔

تاجروں نے کہا کہ ہفتہ وار دو دن کی تعطیل کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہیں، رمضان المبارک اور عید الفطر کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، اگر فروخت کے لیے مناسب وقت نہ دیا گیا تو تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

جمیل پراچہ کا کہنا تھا کہ ہم مارکیٹوں کو ایس او پیز کی پابندی ساتھ کھولنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث سندھ حکومت کی جانب سے دکانیں شام 6 بجے تک بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔