جمعہ, مئی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 11961

فیروز خان نے وائرل ویڈیو پر وضاحت دے دی

0

شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے اپنی وائرل ہونے والی ویڈیو پر وضاحت دے دی۔

اداکار فیروز خان کی گزشتہ دنوں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہیں خاکی رنگ کے لفافے میں لپٹی ہوئی ایک بوتل سے کچھ پیتے دیکھا گیا تھا۔

فیروز خان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شراب نوشی کا الزام عائد کیا گیا تھا تام اب اداکار نے انسٹاگرام پر الزامات پر سخت ردعمل دیا ہے۔

اداکار نے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کی جس میں خاکی لفافے والی بوتل بھی ان کے پاس رکھی دیکھی جاسکتی ہے۔

 فیروز کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میری دوست کے ہمراہ ایک ویڈیو وائرل ہوئی جو کہ میرا ذاتی وقت تھا لیکن اس دوران سب نے اپنی (خاکی رنگ کے لفافے میں رکھے مشروب پر ) رائے کا اظہار کیا۔

فیروز خان نے ناقدین سے کہا کہ ہر بات کا ’بتنگڑ ‘ بنا لیتے ہو، لیکن میں کسی کو اپنی نجی زندگی میں کی جانے والی مصروفیات کا جوابدہ نہیں ہوں۔

فیروز نے مداحوں سے سوال کیا کہ تم لوگ جاننا چاہتے ہوں اس لفافے میں کیا تھا؟ بعد ازاں فیروز نے بوتل پر موجود لفافی خاکہ اتار دیا جس میں سے ایک سوفٹ ڈرنک دیکھا جا سکتا ہے۔

سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ طالب علم احمد نواز کیلیے بڑا اعزاز

0

لندن: سانحہ اے پی ایس کے زخمی طالب علم احمد نواز کو آکسفورڈ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کا صدر منتخب کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ اے پی ایس میں دہشت گردوں اور موت کو شکست دینے والے طالب علم احمد نواز ایک بار پھر پاکستان کا سرفخر سے بلند کر دیا۔

احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر منتخب ہوگئے ، احمد نواز بینظیر بھٹو کے بعد یہ عہدہ حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔

اس موقع پر احمد نواز کا کہنا تھا کہ یہ دن ان کی زندگی کا یادگار اور تاریخی لمحہ ہے،احمد نواز آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔


واضح رہے چار سال قبل 16 دسمبر 2014 کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں خون کی ہولی کھیلی گئی تھی، دہشت گردوں نےعلم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے وحشت و بربریت کی نئی تاریخ رقم کی تھی اور دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں 147 افراد شہید ہوگئے تھے، جس میں 132 بچے بھی شامل تھے۔

سانحہ اے پی ایس پشاور میں زخمی ہونے والے طالب علم احمد نواز کو حکومت نے سرکاری خرچ پر 2015 میں علاج کے لیے برطانیہ بھیجا تھا جہاں اُن کا علاج کوئین الزبتھ اسپتال میں ہوا، برطانوی ڈاکٹرز نے احمد نواز کا علاج کیا جس کے بعد وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹے اور پھر لندن میں ہی تعلیم کا آغاز کیا۔

نشے میں دھت پائلٹ نے مسافروں کی زندگی داؤ پر لگا دی

0

نشے میں دھت پائلٹ نے مسافروں کی زندگی داؤ پر لگا دی اور کاک پٹ میں اسلحے کے ساتھ جہاز اڑانے پہنچ گیا۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 52 سالہ پائلٹ جیمز کلفٹن نیویارک کے بفیلو سے فورٹ لاڈرڈیل فلوریڈا کے لیے روانہ ہورہا تھا جب ایک ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایجنٹ نے ایک چیک پوائنٹ پر پائلٹ کا عجیب و غریب رویہ دیکھا اور ایئر لائن کے اہلکاروں کو ٹیک آف سے پہلے پائلٹ کا معائنہ کرنے لیے کہا۔

جب پائلٹ کا طبی معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے خون میں الکوحل کی سطح 0.17 تھی، جو جہاں اڑنے کی قانونی حد سے چار گنا زیادہ تھی۔

بعد ازاں ائیرپورٹ پولیس نے مبینہ طور پر کلفٹن کو کاک پٹ سے ہٹا دیا ، پائلٹ نے شراب پینے کا اعتراف کیا، لیکن بعد ازاں اپنا بیان بدل دیا اور کہا ایک رات پہلے کتنی شراب پینی تھی۔

واشنگٹن پوسٹ کے ذریعے حاصل کی گئی پولیس رپورٹ کے مطابق کلفٹن نے پہلے کہا تھا کہ اس نے پانچ یا چھ مشروبات پیئے لیکن پھر اس نے سات یا آٹھ پینے کا اعتراف کیا۔

پائلٹ کو مبینہ طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا تاہم مزید تادیبی کارروائی کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلفٹن فیڈرل فلائٹ ڈیک آفیسر پروگرام کا حصہ ہیں، جو پائلٹوں کو کاک پٹ اور ہوائی جہاز کو حملوں سے بچانے کی تربیت دیتا ہے اور پروگرام کے رہنما خطوط کے تحت، تربیت یافتہ پائلٹ کاک پٹ میں آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود رکھ سکتے ہیں۔

لمپی اسکن سے 54 جانور ہلاک، ویکسینیشن کا فیصلہ

0

کراچی: سندھ حکومت نے وائرل بیماری لمپی اسکن سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے دودھ دینے والے جانوروں میں گانٹھ اور پھوڑے والی جلدی بیماری پھیلنے کے بعد متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، بیماری سے سندھ میں 20 ہزار سے زائد جانور متاثر ہو چکے ہیں۔

وفاقی حکومت نے ویکسین منگوانے کی اجازت دی تو 3 سے 4 ہفتے میں ویکسینز درآمد کر لی جائیں گی، جب کہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری میں 8 سے 9 ماہ لگیں گے، جلدی بیماری لمپی اسکین کراس بریڈ میں پھیلی ہے جو ایک ہفتے میں ختم ہو جاتی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ لمپی اسکن بیماری سے اب تک صوبے میں 54 جانوروں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ 4751 جانور صحت یاب ہوئے ہیں۔

سیکریٹری لائیو اسٹاک نے بتایا کہ لمپی اسکن بیماری پنجاب اور سندھ میں جانوروں میں ظاہر ہوئی ہے، صوبے میں اب تک 20 ہزار 250 جانوروں میں یہ بیماری پائی گئی ہے۔

کراچی میں 15 ہزار ایک سو، ٹھٹہ میں 3781، حیدر آباد میں 149، بدین میں 656، جامشورو میں 85، خیرپور میں 121، سجاول میں 91، ٹنڈو محمد خان میں 2، مٹیاری 64، شہید بینظیر آباد 35، سانگھڑ 124، تھانہ بولاخان میں 36، قمبر شہداد کوٹ میں 4، جب کے دادو میں 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ وائرل بیماری دنیا کے مختلف ممالک میں 2012 سے ہے، اور رواں سال انڈیا، ایران اور اب پاکستان میں ظاہر ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بیماری کے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے کے امکانات نہیں ہیں۔

اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے محکمہ لائیو اسٹاک کو لمپی اسکن سے متاثرہ علاقوں میں جانوروں کی ویکسینیشن کرنے کی ہدیات کی۔ انھوں نے کہا کہ جانوروں کی ویکسینیشن کے ساتھ جلد کی دیگر دوائیں بھی جانوروں کو لگائی جائیں اور متاثرہ علاقوں سے جانوروں کی نقل و حرکت کو بھی روکا جائے۔

اجلاس میں کیٹل فارمز اور اس کے اطراف میں ضلعی انتظامیہ کی مدد سے مچھر مار اسپرے کرنے، اور مویشی مالکان کو بھی لمپی اسکن بیماری کے متعلق کی آگاہی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

دودھ دینے والے جانوروں میں جلد کی بیماری کے معاملے پر محکمہ لائیو اسٹاک اور ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ کو بھی ہوش آ گیا ہے، محکمے میں ایمرجنسی نافذ کر کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر ویٹرنری موبائل یونٹس قائم کر دیے گئے۔

ڈی جی محکمہ لائیو اسٹاک سندھ ڈاکٹر نذیر حسین کے مطابق محکمہ لائیو اسٹاک اور ویٹرنری ڈیپارٹمنٹ سندھ نے ویکسین کے لیے وفاقی حکومت کے ادارے ڈرگ ریگولیٹری کو خط لکھ دیا ہے، چوں کہ یہ جلدی بیماری مچھر اور دیگر حشرات کے کاٹنے سے پھیلتی ہے، اس لیے میونسپل کمشنر کے ایم سی کو بھینس کالونیوں میں مچھر مار اسپرے کے لیے بھی خط تحریر کر دیا گیا ہے۔

محکمہ لائیو اسٹاک نے حیدر آباد میں ہیلپ لائن ڈیسک ( 0229201913) بھی قائم کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں، وزیر اعظم کے بیان نے افواہوں کا گلا گھونٹ دیا

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی حمایت کر دی ہے، وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ کو تبدیل نہ کرنے کا اشارہ دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو ان کے منصب سے نہ ہٹانے کا اشارہ دے دیا، انھوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ جتنا کام کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا۔

عمران خان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ عثمان بزدار میڈیا فرینڈلی نہیں ہیں، جس کا انھیں نقصان ہوتا ہے، لیکن وزیراعلی ٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کی تبدیلی ایک پورا تھاٹ پراسس ہے۔

وزیراعظم عمران خان پنجاب میں وزیراعلیٰ تبدیل کرنے کیلئے تیار

انھوں نے کہا عثمان بزدار رابطوں کی وجہ سے ایم پی ایز میں بھی مقبول ہیں، عثمان بزدار سے مسئلہ ان لوگوں کو ہے جو خود وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کو جتنا جانتا ہوں وہ کبھی غداروں کا ساتھ نہیں دے سکتا، ڈاکوؤں کا گلدستہ صرف میری وجہ سے اکٹھا ہے، فلور کراسنگ کا قانون موجود ہے جس پر اراکین ہمیشہ کے لیے سیاست سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، انھیں اہم ٹاسک بھی دیے گئے ہیں، اور ہدایت کی کہ ناراض ارکان سے ملاقات کر کے تحفظات دور کریں، وزیر اعظم نے اعتماد بھی دلایا کہ اپوزیشن کچھ نہیں کر سکتی، ان کو کوئی کامیابی نہیں ملے گی۔

دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے عمران اسماعیل اور فواد چوہدری کی ملاقات کا احوال بھی سامنے آیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ترین گروپ کا مطالبہ وزیر اعظم کو پہنچایا، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ترین گروپ وزیر اعلیٰ کی تبدیلی چاہتا ہے، تاہم وزیر اعظم نے دو ٹوک مؤقف اپنایا کہ کسی بھی صورت عثمان بزدار کو تبدیل نہیں کروں گا۔

امریکا میں 15 سال پرانی عمارت چند سیکنڈ میں زمین بوس،ویڈیو دیکھیں

0

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں 15 سال پرانی نامکمل عمارت صرف چند سیکنڈ کے اندر زمین بوس کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک شہر کے مرکز میں 15 سال سے لاوارث پڑی نامکمل عمارت زمین بوس کردی گئی۔

برک مین 2′ پلازہ نامی عمارت کی تعمیر 2007 روک دی گئی تھی تاہم نامکمل تعمیر کے باوجود یہ عمارت ڈاؤن ٹاؤن جیکسن ‘آئی شور’ کے نام سے مشہور ہوئی۔

جیکسن ویل کے حکام نے بتایا کہ عمارت کو منہدم کرنے کا عمل تاخیر کا شکار تھا، اس سے قبل عمارت کو 8 جنوری کو منہدم کرنا تھا۔

بعد ازاں فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل میں پرانی عمارت کو اتوار کی صبح 10 بجے ایک دھماکے کے ساتھ چند سکینٖڈ میں گرا دیا گیا۔

عمارت کے انہدام کے بعد جیکسن ویل کے میئر لینی کری نے کہا کہ میں اپنے پہلے سال سے ہی اس پر کام کر رہا تھا لیکن ایک کے بعد ایک رکاوٹ آئی تاہم اب ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

0

راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ دونوں ٹیموں کے درمیان ڈرا ہوگیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اوپننگ بلے باز امام الحق اور عبداللہ شفیق محتاط بلے بازی کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں۔

دوسری اننگز میں دونوں اوپنرز کی شاندار بلے کے بازی کے باعث پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 252 رنز بنائے، عبداللہ شفیق نے 136 جب کہ امام الحق 111 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پہلی اننگز میں پاکستان نے 476 رنز اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 459 رنز پویلین لوٹ گئی تھی۔

459 رنز پر پوری ٹیم کے ڈھیر ہونے سے پاکستان کو دوسری اننگز کا آغاز کرنے سے پہلے ہی 17 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

پاکستانی گیند بازوں میں نعمان علی زیادہ کامیاب رہے جنہوں نے 107 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 88 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں جب کہ نسیم شاہ اور ساجد خان نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ریسٹورنٹ سے آرڈر کی گئی فرائیڈ چکن میں سے کیا نکلا؟

0

برطانیہ میں ایک خاتون ریستوران سے آرڈر کیے ہوئے فرائیڈ چکن میں کیڑا دیکھ کر پریشان ہوگئیں، خاتون کی شکایت پر ریستوران نے ان کے پیسے واپس کردیے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ویلز برطانیہ میں پیش آیا، ایک جوڑے نے ویک اینڈ نائٹ پر قریب واقع کے ایف سی سے فرائیڈ چکن لیا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ چکن کھاتے ہوئے وہ فریج سے ڈرنک لینے کے لیے اٹھیں، واپس آئیں تو انہوں نے دیکھا کہ پلیٹ میں کچھ حرکت کر رہا تھا۔

انہوں نے غور کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک کیڑا تھا جو حرکت کر رہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی سخت کبیدہ خاطر ہوئے اور انہوں نے اپنا کھانا ادھورا چھوڑ دیا، اس واقعے کی وجہ سے وہ کئی دن تک ڈسٹرب بھی رہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ریستوران کو شکایت کیے جانے پر انہیں ان کی رقم واپس دے دی گئی، تاہم ان کے خیال میں یہ ایک سنگین غفلت تھی۔

جوڑے نے اس ریستوران سے کھانے والے دیگر افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

0

کراچی : ہوائی سفر میں بھی مسافروں کا سامان غیرمحفوظ ہوگیا، ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیا چوری ہونے لگیں۔

ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے ہوشیار رہیں، ملک مختلف ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو نئی مشکل نے گھیر لیا۔

ائیرپورٹ پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔ مسافروں کے سامان پر ہاتھ صاف کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

مسافر اپنے سامان کے چوری ہونے کے ڈر سے فکر مند ہوگئے، انہوں نے چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ائیرپورٹ پر بیگ کے تالے توڑ کر ان میں موجود قیمتی اشیا کو چرا لیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر کام کرنے والے تین ملازمین کو سامان چوری کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سامان کی چوری ہونے کی واردات طیارے سے ٹرمنل بلڈنگ تک پہچانے کے دوران ہوتی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں باحفاظت سامان کی منتقلی ائیرلائن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

جہیز میں گاڑی کیوں نہیں دی؟ دلہا نے ہال میں دلہن کی پٹائی کردی

0

نئی دہلی : مہنگی گاڑی اور چند ہزار کی رقم جہیز میں نہ ملنے پر دلہا دلہن کی پٹائی کرکے نکل گیا۔

بھارت سے اکثر ایسی خبریں وائرل ہوتی ہیں جس میں دلہا جہیز نہ ملنے یا کم ملنے پر بارات واپس لے جاتا ہے، مگر اس واقعے میں تو دلہا نے جہیز نہ ملنے پر دلہن کی درگت بنا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ میں شادی کی رسومات چل رہی تھی اور دلہا دلہن پنڈال میں موجود تھے کہ اچانک دلہا کو کسی بات کا علم ہوا اور وہ بپھر گیا۔

دلہا کو بتایا گیا تھا کہ دلہن والوں نے اس کی بتائی ہوئی مہنگی کار اور 30 ہزار روپے کا انتظام نہیں کیا، جس پر دلہا کی لڑکی والوں سے بحث ہوگی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دلہا نے سجی سنوری دلہن کی پٹائی لگائی اور بارات لیکر دلہن کے بغیر ہی واپس نکل گیا۔

لڑکی والوں کو دلہے کے خلاف مقدمہ درج کروایا دیا، جس میں جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر بارات واپس لیجانے اور دلہن کی پٹائی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔