پیر, جولائی 7, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 12234

عربی پکوان ہریسہ گھر میں بنانا بہت آسان

0

ہریس یا ہریسہ، حلیم سے ملتا جلتا ایک عربی پکوان ہے، یہ پکوان دنیا کے کئی ممالک میں مقبول ہے۔ اسے گھر میں بھی نہایت آسانی سے بنایا جاسکتا ہے جس کی ترکیب مندرجہ ذیل ہے۔

اجزا

گوشت (مٹن یا بیف): 1 کلو بغیر ہڈی

مونگ کی دال: آدھی چھٹانک

چاول: آدھی چھٹانک

گندم: 1 پاؤ

ادرک: حسب ضرورت

لہسن: حسب ضرورت

پیاز: حسب ضرورت

دھنیا: حسب ضرورت

سیاہ مرچ: 4 چائے کے چمچ پسی ہوئی

نمک: حسب ضرورت

گھی: حسب ضرورت

ترکیب

چاول اور دال کو اکٹھا ابال لیں اور گندم کو بھگو کر رکھ دیں۔

گھی میں 2 درمیانے سائز کے پیاز کاٹ کر تل لیں۔

جب پیاز لال ہو جائے تو اس میں گوشت بھی ملا لیں۔

اس کے ساتھ ہی ادرک اور لہسن کوٹ کر ڈال دیں۔

جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں وافر مقدار میں پانی ڈال دیں۔

جب گوشت گل جائے تو اسے پانی میں سے نکال کر موٹا موٹا کوٹ لیں۔

اس کوٹے ہوئے گوشت کو دوبارہ پانی میں ڈال دیں، اس کے ساتھ گندم اور ابلی ہوئی دال اور چاول بھی ڈال دیں اور اسے پکنے دیں۔

اگر ضرورت ہو تو مزید پانی بھی ڈال لیں۔

گندم کا دانہ نکال کر چیک کریں، اگر اچھی طرح گل گیا ہو تو اس میں گھوٹنا چلائیں اور پکاتے رہیں تاکہ سب چیزیں باہم یکجان ہوجائیں۔

اس کے بعد کالی مرچ اور نمک ڈال دیں۔

اب کسی علیحدہ برتن میں گھی ڈال کر اس میں پیاز کاٹ کر ڈالیں اور جب خستہ ہوجائے تو نکال لیں۔

یہ پیاز نکالا ہوا گرم گرم گھی ہریسہ پر ڈال دیں، اس کے ساتھ چمچ بھی ہلائیں۔

مزیدار ہریسہ تیار ہے، اس کو ڈونگوں میں نکال لیں۔

اس کے اوپر تلی ہوئی پیاز اور دھنیا چھڑک کر نان کے ساتھ پیش کریں۔

محکموں کی ٹیموں کی بحالی سے متعلق اہم خبر

0

اسلام آباد: حکومت نے محکمہ جاتی کھیلوں کو بحال کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان کی سابق حکومت نے تمام کھیلوں کی محکمہ جاتی ٹیمیں ختم کر دی تھیں، نئی حکومت انھیں دوبارہ بحال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

توقع ہے کہ جلد ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کرنے اور قومی اداروں کو ٹیمیں بنانے کی ہدایت جاری کر دی جائے گی، سرکاری محکموں سے بر طرف کیے گئے کھلاڑیوں کو بھی بحال کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کے بعد محکمہ جاتی کرکٹ کی بحالی کی امیدیں بھی دم توڑ گئی تھیں، انھیں ملک میں ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کا بڑا حامی سمجھا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کو محکمہ جاتی کرکٹ بحال کرنے میں سنجیدہ نہ دیکھ کر انھوں نے کرکٹ بورڈ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹک ٹاکر حریم شاہ بڑی مشکل میں پھنس گئیں

0
حریم شاہ

کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کارروائی کے خلاف حریم شاہ کی درخواست مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں حریم شاہ کے خلاف ایف آئی اے انکوائری کے معاملے پر سماعت ہوئی ، عدالت نے استفسار کیا عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزار کیوں پیش نہیں ہوئیں؟

وکیل حریم شاہ نے بتایا کہ حریم شاہ عمرہ ادائیگی کیلئے گئی ہیں ،عدالتی حکم کو اتنا غیر ضروری سمجھتے ہیں تو ابھی درخواست نمٹا دیتے ہیں ، حریم شاہ واپس آئیں تو نئی درخواست دائر کرسکتی ہیں۔

عدالت نے ایف آئی اے کارروائی کے خلاف حریم شاہ کی درخواست مسترد کردی ، جس پر وکیل حریم شاہ نے کہا بینک اکاؤنٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس منجمد کردیے گئے، ایف آئی اے نے حریم شاہ کی غیر موجودگی میں کارروائی کی۔

اسسٹنٹ اے جی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے نے متعدد نوٹس بھیجے مگرحریم شاہ پیش نہ ہوئیں۔

گذشتہ سماعت میں سندھ ہائی کورٹ نے ٹک ٹاکر حریم شاہ کو 18 اپریل تک ایف آئی اے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔

وکیل نے استدعا کی حریم شاہ کو ایک ماہ میں پیش ہونے کی مہلت دی جائے، جس پر جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا ہم نے پہلے حکم میں حریم شاہ کو سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوکر عدالتی حکم عدولی کی گئی، ہم نے رعایت دی اس کا مطلب یہ نہیں کہ حکم ہی نہ مانے، ہم اسے مزید رعایت نہیں دے سکتے۔

پی ایس بی کا انٹرنیشنل ایونٹس جیتنے کیلیے اہم اقدام

0

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل ایونٹس جیتنے کے مشن کی تکمیل کیلیے غیر ملکی ماسٹر کوچز کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے غیرملکی ماسٹر کوچز کی خدمات حاصل کرلی ہیں جس کے پیچھے عالمی سطح پر ہونے والے نئے ایونٹس جیتنے کا مشن ہے۔

اس حوالے سے 5 سال بعد طویل کیمپس کا انعقاد کیا جارہا ہے، ڈی جی اسپورٹس بورڈ کے مطابق ملک بھر میں 7 ماہ کے طویل کیمپ بھی شروع کر دیے ہیں، کامن ویلتھ ، اسلامک یکجہتی اور ایشین گیمز کے لیے کوچنگ کیمپس لگا دیے گئے ہیں۔

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ آصف زمان نے بتایا کہ ان کیمپس میں برازیل، کوریا، ایران، ہالینڈ اور مصر کے کوچز کھلاڑیوں کی کوچنگ کرینگے جب کہ مزید غیر ملکی کوچز کی خدمات کیلئے رابطے میں ہیں

انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت اسلام آباد، کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں کھلاڑیوں کے کیمپس جاری ہیں جہاں ہاکی ، مارشل آرٹ، سوئمنگ، والی بال، ہینڈ بال، ایتھلیٹکس، کبڈی ودیگر کھیلوں کی تربیت دی جارہی ہے۔

اداکار فیروز خان بھی کپتان کے کراچی جلسے میں پہنچے، تصاویر وائرل

0
فیروز

کراچی : ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار فیروز خان بھی عمران خان کے مداح نکلے، انہوں نے کراچی میں ہونے والے جلسے میں شرکت پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے اداکار فیروز خان نے اپنی انسٹا اسٹوریز پر گزشتہ روز ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے سے چند ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

فیروز خان مستقبل میں بننے والی پاکستانی تاریخ کا حصّہ بننے پر خوش

اُنہوں نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب کراچی میں اسٹیج پر ہیں۔ اُنہوں نے ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "واؤ” وہ اس تاریخ کا حصّہ ہیں جوکہ بننے جارہی ہے۔

فیروز خان کی جانب سے شیئر کی گئی ایک اور ویڈیو میں سینئر پاکستانی اداکار فرحان علی آغا کو بھی جلسے میں موجود دیکھا جاسکتا ہے۔

فیروز خان مستقبل میں بننے والی پاکستانی تاریخ کا حصّہ بننے پر خوش

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے عمران خان کے جلسے میں جہاں کراچی کی عوام نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی وہیں جلسے میں کئی نامور شوبز شخصیات کو بھی دیکھا گیا۔

سائرہ یوسف بھی کپتان کے جلسے میں شریک، تصاویر وائرل

اس کے علاوہ معروف پاکستانی اداکارہ سائرہ یوسف کی پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، لوگوں نے انہیں سابق وزیراعظم عمران خان کو سپورٹ کرنے پر بے حد سراہا۔

فیروز خان مستقبل میں بننے والی پاکستانی تاریخ کا حصّہ بننے پر خوش

واضح رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات اس وقت سے ہی عمران خان سے اظہارِ یکجہتی کر رہی ہیں، جب عمران خان کے خلاف اپوزیشن نے قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد جمع کروائی تھی۔

پی ٹی آئی 3 سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی، ن لیگی رہنما کی کڑی تنقید

0

اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی3سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی۔

تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن مفتاح اسماعیل نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں جدید اور سستے ترین پاورپلانٹ لگائے، سستے ایندھن سے بجلی بنا کرقوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی تھی۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام شروع کیا تھا، منصوبے کا مقصد بجلی کے شعبے میں نقصانات کو کم کرنا تھا لیکن پی ٹی آئی نےتمام کام روک کر بجلی کےشعبے کے نقصانات میں اضافہ کردیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ بجلی کی ترسیل وتقسیم کے نقصانات ایک بار پھر کم کرکے دکھائیں گے، یہ ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں ، کارخانے زیادہ ہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پیداوار نہیں تووہ چیز باہر سے ہی منگوانا پڑے گی ؟ ہمارے دور میں گندم اور چینی میں پاکستان خودکفیل تھا لیکن پی ٹی آئی کی کرپشن کے باعث گندم اور چینی بھی باہر سے منگوارہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن وزارت توانائی چلاکر دکھائے گی، پلانٹس کے کرایوں پر اعتراض مضحکہ خیز ہے، مکان کرایہ پر لیں تو اس میں رہیں یا نہ رہیں کرایہ دینا پڑتا ہے۔

سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی3سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی ، پی ٹی آئی کو کرپشن سے فرصت ملتی تو وزارت توانائی اور ملک پر توجہ دیتے ؟

‘آج کا دن بہت اہم، امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی’

0

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج کا دن بہت اہم، صدارتی ریفرنس کی سماعت اہمیت رکھتی ہے، امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی۔

پی ٹی آئی رہنما وسابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج صدارتی ریفرنس کی سماعت بہت اہمیت رکھتی ہے، میری نظر میں اس کیس کی اہمیت بہت زیادہ ہے، تحریک انصاف توقع کرتی ہیں کہ عدالت رہنمائی فرمائے گی، اگریہ فیصلہ پہلےہوجاتا تو اتنی پیچیدگیاں نہ دیکھنی پڑتیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جمہوری قدروں کو پامال کیا گیا، آئین کی شق کو روندا گیا، خواتین اراکین اسمبلی نے ہاتھ اٹھایا، ماڈل ٹاؤن کی تاریخ دہرائی گئی، اس کیس کا فیصلہ اور احکامات میری نظر میں بہت ضروری ہے، جمہوریت اور پارلیمنٹ کے وقار کو نقصان پہنچا ہے،آج الیکشن کمیشن خاموش کیوں ہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہباز شریف کو بھارتی وزیراعظم نے مبارکباد دی، شہباز شریف نے بھی خط کے ذریعے ان کا شکریہ ادا کیا ہے، کیا وزیراعظم میں اتنا حوصلہ نہیں کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خطوط آج اقوام متحدہ کے ریکارڈ میں موجود ہے، میں نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھے۔

سابق وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج پارٹی کے اندر وزیر خارجہ کے قلمدان کی بحث چل رہی ہے کہیں امپورٹڈ حکومت گھبرا تو نہیں رہی ہے۔

نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف کا معاملہ لٹک گیا

0

لاہور : نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہبازکے حلف کا معاملہ لٹک گیا، گورنر پنجاب نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کے بجائے وزیراعلیٰ کے انتخاب کی قانونی پوزیشن پر اسپیکر پنجاب اسمبلی کو خط لکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نیا سیاسی بحران سر اٹھانے لگا اور نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے حلف کا معاملہ لٹک گیا۔

گورنر پنجاب عمر چیمہ نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کے بجائے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو خط لکھ دیا۔

جس میں اسپیکر کو وزیراعلیٰ کے انتخاب کی قانونی پوزیشن سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی ، خط میں کہا گیا 16 اپریل کو غیر معمولی حالات میں پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا ، لاہورہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق یہ انتخاب کا عمل ہوا۔

گورنرپنجاب عمر چیمہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا عمل غیر آئینی طریقے سے ہوا، انتخاب کے عمل میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئی، انتخاب کے دوران پولیس نے مداخلت کی اور پولیس نے اجلاس کی کارروائی کو ہائی جیک کیا۔

خط میں کہا گیا کہ پولیس نے اسمبلی کے ممبران کو زدو کوب کیا، وزیراعلیٰ کے امیدوار کیساتھ ناروا سلوک کیا گیا ، وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا عمل آئین کے مترادف تھا۔

گورنرپنجاب نے کہا بتایاجائےاسپیکر پنجاب نے ہاؤس کے وقار کی حفاظت کیلئے کیا اقدامات کئے اور ممبران کے استحقاق کی خلاف ورزی پر کیا کارروائی کی۔

‘ 4 سال کا کام انہوں تین دن میں کردیا کیا یہ جِن ہیں؟ ‘

0

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ یہ کہتے ہیں 4 سال سے میٹرو منصوبہ تاخیر کا شکار تھا، چار سال کا کام انہوں نے تین دن میں کردیا کیا یہ جن ہیں؟

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جھوٹ بولنےوالی باجی مشین کی طرح جھوٹ بولتی ہے، بی بی اتنی دیرمیں پینٹنگ سے بس نہیں بنتی جتنی دیر میں آپ نے منگوالیں، حقیقت تو یہ ہے کہ اسلام آباد میٹرو کی بسیں تو ایک ماہ پہلے آچکی تھیں اور ٹرائل بھی ہوچکا تھا۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ کرائم منسٹرکو بیماری ہےانہیں نیند نہیں آتی، یہ قومی خدمت کیلئے نہیں جاگتے انہیں سکون ہی نہیں، جن کے ہاتھ سانحہ ماڈل ٹاؤن کےخون سےرنگے ہوں انہیں نیند نہیں آتی۔ کل کہتا ہےکہ دیا مربھاشا ڈیم 2026 تک مکمل کردوں گا، ہمیں بھی پتاہ وہ ڈیم کچھ عرصہ قبل ہی مکمل ہوجائیں گے، کرائم منسٹر اداکار سیاسی کارٹون ہے یہ روز ایسے تماشے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ آپ نےغلط کام اور آئین شکنی کی ہے، ہمیں پتہ ہے کہ امریکی سازش پر تختہ الٹایا گیا ہے، چور ڈاکو باپ بیٹے کولاکر بٹھا دیا گیا جن پر اربوں روپے کے کیس ہیں، یہ وہ لوگ تھے جن کی ضمانتوں پر مہینوں فیصلے تک نہیں ہوئے، ایف آئی اے نے جو رپورٹ جمع کرائی اس میں نام نکال دیے گئےہیں، ایف آئی اے کے اپنے قانون میں چیزیں کلیئر ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عوام کو پتہ ہے کہ مداخلت اور سازش کیا ہوتی ہے، پشاور، کراچی کا جلسہ ہو یا لاہور کا عوام نے بتادیا کس کیساتھ ہیں، یہ وطن عزیزہم سب کا ہے اللہ اسےانتشار سےبچائے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول جب واشنگٹن گئے تو کیا طے ہوگیا تھا کہ وہ وزیرخارجہ بنیں گے؟ آپ بھی بیرونی وزیرخارجہ ہیں جوخواہش پر پاکستان پر تھوپا جارہا ہے، آپ تحفہ کیوں ہیں وہ کونڈو لیزارائس نے اپنی کتاب میں لکھ دیا تھا۔

شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ کبھی عمرہ کرنے بھی گیا تو بتاکر جاؤں گا تاکہ آپ لسٹ میں نام ڈال دیں، میرے خون میں وفاداری ہے ڈٹ کرعمران خان کیساتھ کھڑا ہوں۔

سعودی حکام کی عمرہ پرمٹ کے حوالے سے وضاحت

0

ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ پرمٹ کے حوالے سے مختلف وضاحتیں اور ہدایات جاری کی ہیں اور مختلف سوالوں کا جواب دیا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ عمرہ پرمٹ میں وقت تبدیل کرنے کی گنجائش نہیں البتہ عمرہ پرمٹ کا وقت شروع ہونے سے قبل اسے کینسل کروانے کے بعد دوسرا پرمٹ جاری کروایا جاسکتا ہے۔

وزارت حج نے ٹویٹر پر عمرہ پرمٹ کے حوالے سے موصول ہونے والے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرمٹ کے مقررہ وقت میں تاخیر ہونے پر نیا پرمٹ جاری کروانے کے لیے انتظار کریں، جب وقت ختم ہوجائے تو دوسرے پرمٹ کی بکنگ کی جاسکتی ہے۔

رمضان کے آخری عشرے اور ویک اینڈ یعنی جمعہ اور ہفتے کے علاوہ پرمٹ میں بکنگ کی موجودگی کی صورت میں دوسری بکنگ حاصل کی جا سکتی ہے۔

ایک سوال میں دریافت کیا گیا کہ 5 برس سے کم عمر بچوں کے لیے عمرہ پرمٹ جاری کروایا جاسکتا ہے؟ جس پر وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے اجرا کے لیے کم از کم عمر 5 برس ہے، اس سے کم عمر بچوں کے لیے پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا۔

غیر ویکسین شدہ ہونے کے حوالے سے پرمٹ کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ پرمٹ کے لیے لازمی ہے کہ درخواست گزار کرونا وائرس میں مبتلا نہ ہو۔

بس ٹکٹ کی واپسی کے حوالے سے وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ اعتمرنا ایپ میں جا کر وہاں سیٹنگز میں موجود بس ٹکٹ کے آپشن کو کلک کریں جہاں خریدے جانے والے بس ٹکٹ ظاہرہوں گے جنہیں کینسل کیا جاسکتا ہے۔