ہوم بلاگ صفحہ 12308

گرل گائیڈ تحریک کیا ہے؟

0

گرل گائیڈ موومنٹ بین الاقوامی سطح پر معروف ہے جس کا مقصد لڑکیوں اور عورتوں کی کردار سازی، تربیت کرتے ہوئے انھیں‌ مفید، کارآمد اور مثالی شہری بنانا اور انفرادی طور پر انھیں‌ پُراعتماد، قابل اور ایسا فرد بنانا ہے جو مددگار، معاون اور ایثار و قربانی کا پیکر ہو۔

اس کی بنیاد اسکاؤٹ تحریک کے بانی رابرٹ بیڈن پاول نے لڑکیوں کے ایک گروہ کی خواہش پر رکھی تھی۔ یہ 1909ء کی بات ہے۔ بعد میں اس گروہ کی شہرت نے دنیا کے دیگر ممالک کی لڑکیوں اور عورتوں کو بھی اس پلیٹ فارم سے جڑنے پر آمادہ کیا اور یوں یہ عالم گیر تحریک بن گئی۔

ایک زمانہ تھا جب برطانیہ میں بھی لڑکیوں کو کئی پابندیوں کا سامنا تھا اور وہ بوائے اسکاؤٹس کے ساتھ، ان کی طرح مختلف مہارتوں کے مقابلوں، تیراکی، بھاگ دوڑ، جسمانی ورزش اور ایسی سرگرمیوں میں حصّہ نہیں لے سکتی تھیں جو اس وقت معیوب اور خاندان کے لیے باعثِ شرم یا سماجی قدروں کی پامالی تصوّر کی جاتی تھیں۔ اسی طرح ان کا کسی ہنگامی حالت، ناگہانی آفت اور حادثے کی صورت میں مرد رضا کاروں کی طرح انسانوں کی مدد کرنا بھی ممکن نہیں‌ تھا۔

تب لڑکیوں کے ایک گروہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انھیں‌ بھی سماج میں‌ کسی رکاوٹ کے بغیر انسانیت کی خدمت کا موقع ملنا چاہیے اور اس کے لیے علیحدہ تربیت کا انتظام کیا جانا چاہیے۔ یوں لڑکیوں کو ایک پلیٹ فارم ملا اور 1928ء میں یہ سلسلہ ایک تنظیم کی صورت میں دنیا کے 100 سے زائد ممالک میں پھیل گیا جسے گرل گائیڈ تحریک کا نام دیا گیا۔

گرل گائیڈ تحریک کا مقصد لڑکیوں اور عورتوں کو صحّت مند ماحول مہیا کرنا، مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں مفید اور کارآمد شہری بنانا ہے جب کہ اس تحریک کے ذریعے انفرادی سطح پر ان کی روحانی تربیت، ذہنی اور جسمانی سرگرمیوں اور صلاحتیوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

یہ تحریک خاص طور پر نو عمر لڑکیوں کو روزمرہ زندگی کے تقاضوں اور مسائل سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تیّار کرتی ہے جس کے ساتھ وہ سماجی ترقی اور تعاون و مدد کے جذبے کو فروغ دینے کے قابل ہوسکتی ہیں۔

ایک خاتون گائیڈ کا فرض ہے کہ وہ اپنے معمولات اور فرائض کی انجام دہی کے ساتھ دوسروں کی مدد کرے۔ وہ سب کی ہم درد، راہ نما اور بہن ہوتی ہے۔ گرل گائیڈنگ کا مقصد ہمیشہ اور ہر قسم کے حالات کے لیے تیّار رہنا، ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رہتے ہوئے سماج کے لیے کارآمد ثابت ہونا ہے۔

آج دنیا بھر میں اس تحریک کی شکلیں مختلف ہیں، لیکن ایک عرصے تک گرل گائڈز مخصوص لباس کے ساتھ سفید جوتے اور پوری بازو والی سفید شرٹ پہنتی تھیں جو ان کی پہچان ہے۔

5 جنوری 1985ء کو پاکستان کے محکمہ ڈاک نے بھی گرل گائیڈ تحریک کے قیام کی پچھترویں سال گرہ کے موقع پر 60 پیسے مالیت کا ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا۔ انھیں گرل اسکاؤٹ بھی کہا جاتا ہے۔

کیا سپرمارٹ جانے والے تمام لوگوں کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی؟

0

کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے بنائی جانے والی ویکسین اب مختلف ممالک میں منظوری کے بعد باقاعدہ استعمال کی جارہی ہے۔

امریکا میں بھی حکومت نے ویکسین کے ٹرائلز کے بعد اس کو لگانے کی منظوری دے دی جس کے بعد شہریوں کو اس کی خوراکیں بذریعہ انجکشن دی جارہی ہیں۔

ویسے تو کرونا ویکسین کے حصول کے لیے شہریوں کو پہلے سے درخواست دے کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے مگر واشنگٹن میں مقیم قانون کے طالب علم گزشتہ دنوں سودا سلف لینے کے لیے سپر مارٹ پہنچے جہاں انہیں کرونا ویکسین لگا دی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیوڈ میک میلان اور اُن کے دوست گزشتہ ہفتے سودا سلف لینے کے لیے واشنگٹن میں واقع ایک سپر مارٹ گئے۔

مزید پڑھیں: یو اے ای، کورونا ویکسین کا مفت حصول، شہریوں کو کیا کرنا ہوگا؟

میلان کے مطابق سپر مارٹ میں ایک فارمیسی سیکشن بنا ہوا تھا وہ جب وہاں پر پہنچے تو ڈاکٹر نے انہیں کرونا ویکسین لگوانے کی پیش کش کی۔

’اس پیش کش کو سُن کر میں نے بغیر کسی خوف کے فوراً حامی بھر لی اور وہاں موجود کرسی پر بیٹھ گیا‘۔

@justlydeserved##vaccine ##Welcome2021 ##bye2020 ##covidvaccine ##vaccinecoronavirus @dr.eric.b♬ Celebrate the Good Times – Mason

میلان نے ویکسین لگانے کی ویڈیو بنا کر اسے ٹک ٹاک پر بھی شیئر کیا جس کو دیکھ کر صارفین دم بہ خود رہ گئے کیونکہ پہلے مرحلے میں ویکسین فرنٹ لائن ورکرز یا تشویشناک حالت میں مبتلا مریضوں کو ہی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

’’غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا، کوئی عذر پیش نہیں کروں گا‘‘

0

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے پر فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے، بطور فاسٹ بولر کوئی عذر پیش نہیں کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ آسان نہیں ہے، یہ وکٹ اچھی تھی ، میں نے غلطیاں کیں اور ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں، ان کے خلاف غلطی کی گنجائش نہیں تھی، یہاں ایک ہی جگہ پر بولنگ کرنی ہوتی ہے ، خراب بال پر کیوی کھلاڑیوں نے باؤنڈری لگائی۔

نسیم شاہ نے کہا کہ نوبالز سے اعتماد میں کمی آتی ہے، زیادہ تیز بولنگ کرنے کی وجہ سے نوبالز ہوئیں، دو وکٹیں نو بالز کی نذر ہوگئیں، کوشش ہوگی آئندہ نو بالز پر قابو پائیں۔

مزید پڑھیں: شعیب اختر پاکستانی بولرز پر برس پڑے

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 6 کھلاڑی آؤٹ 659 رنز پر ڈیکلیئر کی، قومی ٹیم کو میزبان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسری اننگز میں اوپنر شان مسعود پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی 7 اور نائٹ واچ میں محمد عباس ایک رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

خلیج تعاون کونسل کانفرنس، افتتاحی سیشن میں‌ سربراہانِ مملکت نے کیا گفتگو کی؟

0

ریاض: سعودی ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کی سربراہی میں العلا کانفرنس کا آغاز ہوگیا، افتتاحی سیشن میں امیر کویت نے خلیجی بحران کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیردفاع کی سربراہی میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سربراہی اجلاس کا آغاز ہوگیا۔

محمد بن سلمان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خلیجی ممالک کے سربراہان کو کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہا اور اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سعودی وزیردفاع نے اس کانفرنس کو عمان کے امیر سلطان قابوس اور کویت کے امیر شیخ صباح الصباح کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔

افتتاحی سیشن میں امیر کویت شیخ نواف نے بھی خطاب کیا جس کے دوران انہوں نے خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی ختم ہونے اور بحران کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیا۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء کے خوبصورت مناظر

قبل ازیں‌ سعودی ولی عہد نے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچنے والے وفود کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا، جس کے بعد خلیجی ممالک بشمول قطر کے سربراہان اپنے وفود کے ہمراہ العلا کے مرایا ہال پہنچے۔

اجلاس سے قبل گفتگو کرتے ہوئے محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بند عبد العزیز کی زیر قیادت سعودی عرب خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے اعلیٰ مفادات کی پالیسی پر کاربند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ولی عہد اور امیرقطر کا بڑا فیصلہ

اُن کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب خلیجی اور عرب عوام کی فلاح و بہبود اور امن و استحکام کے لیے اپنی جملہ توانائیاں وقف کیے ہوئے ہیں، ہم اس سلسلے کو عوام کے لیے جاری رکھیں گے‘۔

افتتاحی سیشن کے بعد تمام ممالک کے سربراہان اور وفود نے العلا کانفرنس کے اعلامیے سے متفق ہوکر اس پر دستخط بھی کیے۔

سعودی عرب کے تاریخی شہر العلاء کے خوبصورت مناظر

0
سعودی عرب

ریاض : سعودی عرب کے تاریخی تہذیب کے قدیم دارالحکومت العلا میں 41 ویں خلیج تعاون کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا جس میں عرب ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کریں گے۔

اس اہم اجلاس میں خطے کی صورتحال کے علاوہ خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات اور کورونا وائرس سے تبدیل ہوتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

العلاء شہر ماضی بعید میں قوم ثمود کا مسکن ہوا کرتا تھا جہاں اس کے آثار آج بھی نمایاں ہیں، یہاں ایک خوبصورت ایمپوریم تعمیر کیا گیا ہے جس میں آج کے اجلاس کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ خلیج تعاون کونسل کا یہ غیر معمولی نوعیت کا اجلاس ہے جس میں خطے کی صورت اور اس کی ترقی و خوشحالی کے علاوہ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے اور کورونا وائرس کے بعد تبدیل ہوتے حالات کا جائزہ لےکر ان کا سدباب کرنا ہے۔

اس اہم اجلاس کی خاص بات 2017 کے بعد قطر اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی ہے جس سے جی سی سی ممالک کے درمیان ایک مرتبہ پھر سے مثبت نتائج سامنے آنے سے خطے کے مسائل کو باخوبی احسن انداز سے حل کیا جاسکے گا۔

وادی العلا میں سربراہ کانفرنس المرایا کنسرٹ ہال میں منعقد ہو رہی ہے۔ یہ ہال ساڑھے 9 ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل ہے اور آئینے سے ڈھکا ہوا ہے اسی وجہ سے اس کا نام المرایا ہے۔ عمارت کے گرد جڑے یہ آئینے حیرت انگیز مناظر کا عکس دکھائی دیتے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق العلا کو ہزاروں برس کے دوران یکے بعد دیگرے آنے والی تہذیبوں نے تعمیر کیا تھا اور اسے تین براعظموں کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے مشرق اور مغرب کے درمیان ثقافتی تبادلے کا مقام سمجھا جاتا ہے۔

العلا کا پرانا قصبہ مملکت کے شمال میں مدائن صالح نامی تاریخی جگہ سے تقریباً 20 کلومیٹر دور واقع ہے۔ سات صدی قدیم یہ مقام مساجد و بازاروں سے بھرا ہوا ہے جو اس کی تاریخی حیثیت اور خوبصورتی کو اجاگر کرتا ہے۔

تاریخی آثار سے بھرپور علاقہ اہم تجارتی مرکز رہا ہے جو شمال اور جنوب کو ملانے کے ساتھ ساتھ شام اور مکہ کے درمیان سفر کرتے زائرین کا اہم ٹھکانہ بھی ہوتا تھا۔

العلا نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی غیر معمولی دلچسپی کا حامل ہے۔ یہاں قدیم تہذیب و ثقافت کے آثار آج بھی موجود ہیں جنہیں لوگ دلچسپی سے دیکھنے آتے ہیں۔

سعودی ایئرلائنز کی ریاض، جدہ اور دمام سے العلا کے لیے پروازیں دستیاب ہیں۔ العلا ریاض سے دس گھنٹے کی ڈرائیو پر ہے، جدہ سے سات گھنٹے اور مدینہ اور تبوک کے ہوائی اڈوں سے صرف تین گھنٹے کی دوری پر ہے۔

اس علاقے میں ’الطنطورہ‘ کا میلہ بھی منعقد کیا جاتا ہے۔ چند ہفتے قبل دسمبر میں العلا کمشنری کے ایئر پورٹ کی توسیع کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوا ہے۔ العلا رائل کمیشن کے مطابق ہوائی اڈے کی توسیع سے قبل یہاں سالانہ مسافروں کی گنجائش ایک لاکھ تھی جو اب بڑھ کر 4 لاکھ ہو جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر دیا

0

پشاور: مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی موسیٰ خان کے خلاف نیب نے ریفرنس دائر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی موسیٰ خان پر بطور سرکاری افسر خورد برد سے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب نے ریفرنس دائر کر دیا۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ خان نے اپنے بیٹے اور بھتیجے سمیت من پسند افراد کو بھرتی کیا، موسیٰ خان اور دیگر ملزمان نے مختلف پراجیکٹس میں خورد برد کی۔

نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ خان نے اپنے بیٹے کو جعلی دستاویز پر بی پی ایس 10 اور بھتیجے کو بی پی ایس 8 میں غیر قانونی طور پر بھرتی کیا، انھوں نے سسٹینبل لینڈ منیجمنٹ پروگرام (سلیمپ) میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی، موسیٰ خان کے اثاثے ان کی آمدن سے کئی گنا زیادہ ہیں۔

ریفرنس کے مطابق موسیٰ خان کی ایک کروڑ 92 لاکھ 97 ہزار 677 روپے کی جائیداد کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں 3 کروڑ 29 لاکھ 53 ہزار روپے کے ٹرانزیکشنز ہوئیں، موسیٰ خان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے 5 کروڑ 60 لاکھ 33 ہزار 835 روپے کی کرپشن کی۔

یاد رہے کہ موسیٰ خان نے نیب کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست بھی دی تھی جس پر عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ موسیٰ خان نے درخواست میں الزام لگایا تھا کہ ان کے خلاف نیب کی کارروائی سیاسی انتقام ہے، انھوں نے مؤقف پیش کیا کہ میرے بیٹے جے یو آئی ف سے منسلک ہیں، حکومت نے جے یو آئی ف کی خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔

مولانافضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کی ممکنہ گرفتاری کی وجوہات سامنے آگئیں

پشاور ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ موسیٰ خان کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے، ریکارڈ کے مطابق تفتیش سے پتا چلا کہ موسیٰ خان کے خریدے گئے اثاثے آمدن کے مطابق نہیں۔

درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ موسیٰ خان نے حکومتی فنڈ میں خورد برد کی ہے، اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے بھی ہیں، جب کہ یہ سرکاری افسر تھے، انھوں نے اعتراف جرم کر کے درختوں کی کٹائی کی رقم بھی پلی بارگین کر کے واپس کر چکے ہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ موسیٰ خان خود پر لگائے گئے الزامات پر مناسب جواب نہیں دے سکے، ایسے میں سیاسی انتقامی کارروائی کا مؤقف بے بنیاد ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے موسیٰ خان کی نیب کے خلاف درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے نیب کو احتساب عدالت میں 7 روز کے اندر ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی تھی۔

یو اے ای، کورونا ویکسین کا مفت حصول، شہریوں کو کیا کرنا ہوگا؟

0

دبئی: متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین نجی اسپتالوں میں مفت لگائی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کے مفت حصول کے لیے مقامی شہری اور ملک میں مقیم غیرملکی پیشگی اطلاع کے بغیر ویکسین لگوا سکتے ہیں ، ویکسین کے لیے انہیں صرف شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاستوں اور ابوظبی کے کئی نجی اسپتالوں میں کورونا ویکسین کا انتظام کیا گیا ہے۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر حسین الرند نے نجی اسپتالوں کو مفت کورونا ویکسین فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو انتظار کی زحمت سے بچایا جائے اورشناختی کارڈ دکھانے والے شہریوں کو ویکسین لگائی جائے۔

اماراتی وزارت صحت کی جانب سے نجی اسپتالوں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جہاں مفت کورونا ویکسین کا بندوبست کیا گیا ہے۔

فہرست کے مطابق شارجہ میں الزھرا اسپتال، زلیخہ اسپتال، پرائیویٹ سینٹرل اسپتال، سعودی جرمن اسپتال، برجیل سپیشلسٹ اسپتال، برایم سپیشلسٹ میڈیکل سینٹر 1، برایم میڈیکل سینٹر النھدۃ، برایم سپیشلسٹ میڈیکل سینٹر، ٹومبائی اسپتال اور میڈ کیئر اسپتال اس کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح عجمان میں امینہ اسپتال، سعودی جرمن اسپتال، برایم میڈیکل سینٹر اے جی ایم، ٹومبائی ایجوکیشنل اسپتال، راس الخیمہ میں راس الخیمہ اسپتال اور الفجیرہ میں ٹومبائی اسپتال پہنچ کر کورونا ویکسین لگائی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر حسین الرند نے بتایا کہ کورونا ویکسین ام القوین کے البیت المتواحد میں بھی مفت مہیا ہوگی اور روزانہ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک لگوائی جاسکتی ہے جبکہ راس الخیمہ میں ایکسپو سینٹر اور عجمان میں البیت المتواحد میں بھی انتظام کیا گیا ہے۔

دورہ نیوزی لینڈ شان مسعود کے لیے ڈراؤنا خواب بن گیا

0

کرائسٹ چرچ: قومی ٹیم کے اوپنر بیٹسمین شان مسعود کے لیے دورہ نیوزی لینڈ ڈراؤنا خواب بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں اوپنر شان مسعود خاطرہ خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، شان مسعود دوسری اننگز میں کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود دورے کے دوران مسلسل تین بار صفر پر پویلین لوٹ گئے اور دوٹیسٹ میچز کی چار اننگز میں صرف 10 رنز بناسکے۔

واضح رہے کہ شان مسعود نے 24 ٹیسٹ کی 45 اننگز میں 30 کی اوسط سے 1378 رنز بنارکھے ہیں، انہوں نے 4 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔

مزید پڑھیں: شعیب اختر پاکستانی بولرز پر برس پڑے

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز 6 کھلاڑی آؤٹ 659 رنز پر ڈیکلیئر کی، قومی ٹیم کو کیوی ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 354 رنز درکار ہیں اور اس کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسری اننگز میں اوپنر شان مسعود پھر ناکام ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عابد علی 7 اور نائٹ واچ میں محمد عباس ایک رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کیوی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

تین بچوں کو بچانے والا والد خود دریا میں ڈوب گیا

0

بنگلور: بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک والد بچوں کو بچاتے بچاتے خود پانی میں ڈوب کر موت کے منہ میں چلا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست کرناٹک میں یکم جنوری کو جئے رام گوڑا اپنے تین بچوں کو لے کر  تفریحی کی غرض سے دریا نندنی اور دریا شمبھاوی کے درمیان پوائنٹ پر پہنچا۔

جئے رام کے بچے پانی میں نہا رہے تھے کہ اسی دوران وہ گہرائی میں چلے گئے جہاں اُن کا توازن بگڑا۔

اپنے بچوں کی چیخ پکار سُن کر والد تیزی سے تیرتا ہوا اُن کے پاس پہنچا اور تینوں کو دریا میں ڈوبنے سے بچاتے ہوئے حفاظت سے ساحل تک لے کر پہنچا مگر بدقسمتی سے وہ خود ہمت ہار کر غرقاب ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق بچوں کے ڈوبنے کی اطلاع جب متعلقہ اداروں کو ملی تو وہ تیراکوں کے ساتھ ریسکیو کے لیے پہنچے۔ رضا کار نے بتایا کہ جب ہماری ٹیم وہاں پہنچی تو جئے رام بچوں کو پانی کے اوپر تھامے ہوئے تھے۔

’ہم نے فوراً سے رسی پھینکی اور تیراک جلدی سے وہاں گئے، جنہوں نے تینوں بچوں اور ماں کو ریسکیو کیا مگر جئے رام کی موت واقع ہوگئی‘۔

میڈیا رپورٹ نے قریبی ذرائع کو بنیاد بنا کر دعویٰ کیا کہ جئے رام گوڑا نئے سال کا جشن منانے کے لیے بنگلور پہنچے تھے، وہ اپنے بچوں کے ساتھ دریا میں پہنچے تو پانی کی سطح کم تھی مگر ایک دم بھاؤ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

گردے کے درد کا علاج کیسے ممکن ہے؟

0

گردے انسانی جسم کا اہم عضو ہیں، دنیا میں ہر سال پچاس ہزار سے زائد افراد گردے کے مختلف امراض میں مبتلا ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، اس کی بڑی وجہ مرض سے لاعلمی ہے۔

کمر کے درد کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہ گردوں کا درد بھی ہوسکتا ہے، گردے کی سوزش ایک انتہائی تکلیف دہ بیماری ہے،اس کے مختلف اسباب ہیں اگر اسے بغیر علاج کے چھوڑ دیا جائے تو بعض اوقات گردہ ضائع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

گردے میں انفیکشن عام طور پر بیکٹیریا کے داخل ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے، جو اکثر پیشاب کی نالی اور مثانے سے اس میں منتقل ہوتا ہے۔ پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے گردوں کے انفیکشن کا جلدی علاج کرنا بہت ضروری ہے۔

اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے ماہر امراض گردہ ڈاکٹر نزہت فاروقی نے بتایا کہ گردے کے امراض سے بچنے کیلئے دن میں ایک سے سوا لیٹر تک پانی پینا ضروری ہے اس کے علاوہ کافی اور چائے کا زیادہ استعمال خطرے کا باعث ہے۔

کمر اور گردے کے درد میں فرق بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمر کا درد ایک ہی جگہ پر ہوتا ہے جبکہ گردے کا درد کمر سے ہوتا ہوا سامنے کی طرف آکر نیچے کی جانب جائے گا اور ہلکا اور تیز ہوتا رہتا ہے۔

: گردے کی سوزش کی علامات

اگر آپ میں مندرجہ ذیل علامات پائی جارہی ہیں تو گردوں کے لیے فکرمند ہونے کی ضرورت ہے۔

درجہ حرارت میں اضافہ ہونا : گردے کی سوزش کے ساتھ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اس کی عمومی وجہ بیکٹریا کا گردے میں داخل ہوجانا ہوتی ہے۔

کمر میں درد : گردوں میں سوزش کمر میں شدید درد کا سبب بنتی ہے، جسے گردوں کی کالک کہا جاتا ہے، عام طور پر درد کی شدت کو کم کرنے کے لیے پین کلر دوا لینے کی ضرورت پڑتی ہے۔

جلن کا احساس : گردوں کی سوزش کے نتیجے میں پیشاب کے دوران شدید جلن ہوتی ہے۔

بار بار پیشاب کرنا : انفیکشن کے نتیجے میں مریض جلنے کے احساس کے ساتھ معمول سے کئی گنا زیادہ پیشاب کرنے کی خواہش کو محسوس کرتا ہے۔

بے سکونی محسوس ہونا : گردوں کی سوزش متلی اور الٹی کا سبب بنتی ہے۔
سوزش کے بعد گردوں کی خرابی : اگر سوزش طویل عرصے تک برقرار رہتی ہے تو گردے ناکام ہو سکتے ہیں اور مناسب طریقے سے کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔

: علاج

گردوں کے انفیکشن کا علاج اینٹی بائیوٹکس کے ذریعے پیشاب کے ٹیسٹ کے نتائج پر ہوتا ہے، جس کے ذریعے انفیکشن کا سبب اور بیکٹیریا کے بارے میں معلوم ہوتا ہے۔ مرض کی شدت کی صورت میں مریض کو اسپتال میں داخل کروا دیا جاتا ہے۔