12.3 C
Dublin
منگل, مئی 21, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12884

کراچی کنگز کے کھلاڑی تیار ہیں، یہ ایک بہترین فائنل ہوگا: وسیم اکرم

0

کراچی: کراچی کنگز کے صدروکوچ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کراچی کنگز کے لڑکے تیار ہیں، یہ ایک بہترین فائنل ہوگا، آج تک اتنی پرجوش ٹیم نہیں دیکھی۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صدر اور کوچ کراچی کنگز وسیم اکرم نے پرجوش انداز میں کہا کہ مقصد ٹرافی کے ساتھ فینز کے دل بھی جیتنا ہے، امید کرتا ہوں کہ آج ہم جیتیں گے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے دعا کہ وہ گراؤنڈ میں جاکر شاندار کرکٹ کھیلیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل فائیو کا تاریخی فائنل آج شب 8 بجے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، فائنل میں روایتی حریف کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی تیاریاں مکمل کرلیں، آج گراؤنڈ میں پنجا آزمائی کریں گے۔

پی ایس ایل فائیو فائنل، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج مدمقابل

ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا، اس کے ساتھ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ، بہترین بیٹسمین، بہترین بولر اور اسپرٹ آف دی کرکٹ کے ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔

وزیر اعظم کی جانب سے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے حوالے سے بڑا قدم

0

اسلام آباد: کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کے لیے پاکستان نے ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرانے کی منظوری دے دی ہے، اب ویکسین کے حصول کے لیے عالمی سطح پر رابطے کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں وزارتِ صحت کی پارلیمانی سیکریٹری ڈاکٹر نوشین حامد نے اے آر وائی نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم نے کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کی منظوری دے دی، اب ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کے لیے عالمی سطح پر رابطے جاری ہیں۔

ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ایڈوانس بکنگ کے لیے 2 ویکسین ساز اداروں سے رابطے ہو چکے ہیں، امید ہے پاکستان کرونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ میں کامیاب ہوگا۔

پاکستان میں کورونا کی شدت میں اضافہ، ایک دن میں 33 اموات، 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

ذرایع کا کہنا ہے کہ وزارت صحت نے ایک کروڑ شہریوں کے لیے کرونا ویکسین کی بکنگ اور اس کے لیے 100 ملین ڈالر مختص کرنے کی تجویز دی تھی۔

ذرایع کے مطابق پہلے فیز میں ہیلتھ ورکرز اور ضعیف شہریوں کے لیے ویکسین بکنگ کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ کرونا کی دوسری لہر نے ملک بھر میں خطرناک صورت اختیار کر لی ہے، ایک دن میں 33 اموات ریکارڈ کی گئیں جب کہ 2 ہزار 50 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز 3 لاکھ 61 ہزار 82 تک جا پہنچے ہیں۔

آئی فون کیلئے گردہ بیچنے والا نوجوان آج کس حال میں ہے؟

0
آئی فون کے شوق

بیجنگ : چینی شہری نے نو سال قبل آئی فون خریدنے کیلئے اپنا گردہ بیچا لیکن آج وہ موت کے دہانے پر کھڑا جان نکلنے کا انتظار کررہا ہے، اسے روزانہ ڈائلیسس کی ضرورت ہوتی ہے۔

کہتے ہیں کہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا اس بات کو ایک چینی شہری نے سچ کردکھایا، آج سے نو سال پہلے13 اکتوبر 2011 میں جب ایپل کمپنی نے اپنے آئی فون12 سیریز کو متعارف کرایا تو چین کا ایک باشندہ اسے دیکھ کر اس کا گرویدہ ہوگیا۔

17سالہ وانگ شانگکو نے اس فون کو ہر قیمت پر خریدنے کا فیصلہ کیا اور جب موبائل خریدنے کیلئے معقول رقم کا بندوبست نہ ہوسکا تو اس نے اپنے گردے کو بیچنے کی ٹھان لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نوجوان جو اس وقت 17سال کا تھا نے اپنا گردہ 3ہزار 273ڈالر میں فروخت کیا اور اس رقم سے آیک آئی فون فور اور دو آئی پیڈ خرید لیے۔

آج یہ نوجوان 25سال کا ہے اور نو سال گزرنے کے بعد وہ بستر سے لگ چکا ہےاور اسے زندہ رہنے کیلئے روزانہ ڈائلیسز کرانا پڑرہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چونکہ وہ ایپل فون کا مالک بننے کے لئے بے چین تھا، اس سلسلے میں اس نے ایک آن لائن چیٹ روم میں آرگن ہارویسٹر کے پیغام کا جواب دیا، جس میں وانگ کو بتایا گیا تھا کہ وہ گردہ فروخت کرکے20،000 یوآن یا 3،000 ڈالر کماسکتا ہے۔

ماسک کو پھینکنے سے قبل اس کی ڈوریاں کاٹ دینا کسی معصوم کی جان بچا سکتا ہے!

0

لندن: تحفظ ماحول کے عالمی اداروں نے کہا ہے کہ ہمارے روزمرہ کے استعمال کے بعد پھینکے جانے والے ماسک زمین میں گلنے کے لیے 450 سال کا عرصہ لے سکتے ہیں، علاوہ ازیں ماسک کی ڈوریاں جانوروں کی تکلیف اور ہلاکت کا سبب بھی بن رہی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انوائرمینٹل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں ہر مہینے 19 کروڑ 40 لاکھ ڈسپوزیبل ماسک استعمال کیے جا رہے ہیں۔

تحقیق کے مطابق سنگل یوز (ایک دفعہ استعمال کیا جانے والا) ماسک پولی پروپلین اور وینل ون جیسی پلاسٹک سے بنا ہوتا ہے جسے تحلیل ہونے کے لیے 450 سال کا عرصہ درکار ہے۔

اس وقت کے دوران فیس ماسک مائیکرو پلاسٹکس میں تبدیل ہو جاتے ہیں اور سمندری حیات انہیں نگل لیتی ہے۔

میرین کنزرویٹو چیریٹی کا کہنا ہے کہ استعمال شدہ فیس ماسکس اور پلاسٹک ایک تباہ کن دھماکے کی صورت میں ساحل سمندر اور دریاؤں میں پھیل رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جب سے لاک ڈاؤن کا آغاز ہوا ہے تب سے پلاسٹک کے کچرے کی ایک نئی لہر کا مشاہدہ کیا جارہا ہے جو ہمارے ساحلوں پر ڈسپوزیبل ماسکس اور دستانوں کی صورت میں موجود ہے۔

ان کے مطابق پی پی ای (پرسنل پروٹیکٹو ایکوپمنٹ ۔ حفاظتی لباس) نے انسانی زندگیاں بچانے میں مدد دی ہے تاہم اب اس کے درست انداز میں ٹھکانے لگانے کا بھی سوچنا ہوگا تاکہ یہ ہمارے دریاؤں اور سمندروں میں بہتے ہوئے انہیں برباد نہ کر سکے۔

اس حوالے سے ماحولیاتی تحفظ کے ایک ادارے نے وارننگ دی ہے کہ اگر سنگل یوز پلاسٹک کا استعمال موجودہ شرح سے جاری رہا تو بحیرہ روم میں جیلی فش کے مقابلے میں جلد ہی ماسکس کی تعداد زیادہ ہو جائے گی۔

دوسری جانب رواں برس ستمبر میں برطانیہ کی تحفظ جنگلی حیات کی تنظیم آر ایس پی سی اے نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ ڈسپوزیبل ماسکس کی ڈوری کو کاٹ کر پھینکیں۔ یہ اپیل جانوروں کے ان ڈوریوں میں پھنسنے کی اطلاعات میں اضافے کے بعد سامنے آئی تھی۔

ادارے کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ ہمارے اہلکاروں نے فیس ماسک میں الجھے بہت سے جانوروں کو بچایا ہے اور ہم سمجھتے ہیں آنے والے وقت میں یہ واقعات زیادہ ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا سب سے آسان چیز یہ ہے کہ ان ماسکس کو پھینکنے سے پہلے ان کی ڈوریاں کاٹ دی جائیں۔

سندھ میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی بڑھ گئی

0

کراچی: محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے، اس سے قبل 20 جولائی کو مثبت کیسز کی شرح 6.60 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اکتوبر میں کیسز کی شرح 1.9 فیصد سے 3.1 فیصد کے درمیان رہی تھی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس کیسز کی شرح 6 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے، کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی یہ شرح 13 نومبر سے بڑھ رہی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 16 نومبر کو کرونا کیسز کی مثبت شرح 6.02 فیصد تک گئی، سندھ میں 12 نومبر کو کرونا کیسز کی شرح 4.06 فیصد جبکہ 7 نومبر کو 4.93 فیصد تھی۔

محکمہ صحت کی جانب سے کہا گیا کہ اس سے قبل 20 جولائی کو سندھ میں کرونا کیسز کی مثبت شرح 6.60 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اکتوبر میں کیسز کی شرح 1.9 فیصد سے 3.1 فیصد کے درمیان رہی۔

محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو کرونا وائرس کی شرح میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس کی دوسری لہر نے خطرناک صورت اختیار کرلی ہے، ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 61 ہزار 82 ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوویڈ 19 کے 2 ہزار 50 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے مزید 33 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 193 ہوگئی۔

اس وقت اسپتالوں میں زیر علاج اور گھروں میں قرنطینہ فعال کوویڈ کیسز کی تعداد 29 ہزار 55 ہے جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار 834 ہے۔

کامیاب جوان پروگرام: گورنرسندھ کا نوجوانوں کو اہم مشورہ

0

کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت مختص کروڑں روپے سے قرضہ دیا جا رہا ہے، نوجوان اس پروگرام سے قرض لے کر اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان پبلک فورم کے زیر اہتمام سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ماننا ہے چھوٹا کاروبارمعیشت کی ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے، عمران خان نوجوانوں کی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال پر توجہ دے رہے ہیں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ نوجوانوں کے خواب بڑے ہوتے ہیں، ان خوابوں پر سرمایہ لگانے کے لیے کوئی راضی نہیں ہوتا، حکومت پاکستان نوجوانوں پراعتماد کرتی ہے، کامیاب جوان پروگرام سے نوجوان کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔

کامیاب جوان پروگرام کیلیے 5کروڑ30لاکھ روپے کی منظوری

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام سےڈھائی کروڑ تک قرضہ دیا جا رہا ہے۔ سیمنٹ اور ٹیکسٹائیل سیکٹر کے اعدادوشمار بہت مثبت ہیں، پاکستان ایزآف ڈوئنگ بزنس انڈیکس میں28واں نمبر اوپر آگیا۔

عمران اسماعیل نے بتایا کہ پاکستانی روپیہ ایشیا کی تیسری بہترین کرنسی بن گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے موقع ہے یہاں سرمایہ لگائیں، پاکستان پبلک فورم کی مدد سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، چھوٹے کاروبار کے آغاز کیلئے پاکستان پبلک فورم کا تعاون خوش آئند ہے۔

چین کے نئے سفیر کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات

0
نیول چیف

کراچی : پاکستان میں تعینات چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

اس حوالے سے ترجمان پاک بحریہ نے بتایا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے اپنی گفتگو میں خطے کی بحری سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی، امیرالبحر نے چینی سفیر کو پاکستان میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چین کے نئے سفیر نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے استحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر فریقین نے دونوں دوست ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تعلیمی ادارے 17 سے 23 نومبر تک بند رہیں گے

0

گلگت: گلگت بلتستان میں تمام تعلیمی ادارے 17سے23نومبر تک بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن کے بعد حفاظتی تدابیر کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مکمل صفائی اور اسپرے کے بعد 23 نومبر سے کھول دیے جائیں گے۔

گلگت کے ڈائریکٹر کالجز اور اسکول کا کہنا ہے کہ الیکشن کے باعث احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے سکولز کو بند کیا گیا، کالجز اور اسکولز کو پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا گیا تھا جہاں خاصا رش رہا۔

انہوں نے بتایا کہ مکمل صفائی، اسپرے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے اسکول کھولے جائیں گے۔

کورونا وائرس : اسلام آباد کے 5 تعلیمی ادارے سیل

خیال رہے کہ انتظامیہ نے کرونا کی روک تھام کے سلسلے میں یہ قدم اٹھایا، لوگوں نے بڑی تعداد میں پولنگ کے عمل میں حصہ لیا اس دوران انہوں نے تعلیمی اداروں کے کلاس رومز میں چکر لگائے، اگر کرونا یا دیگر کوئی جراثیم ہوئے تو اسپرے کے بعد ختم ہوجائیں گے جس سے طلبا کو تحفظ ملے گا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی کرونا کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری

0
عثمان بزدار

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی گئی، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب کی تقریباً 48 فیصد آبادی 18 سال سے کم ہے لیکن ہماری جامعات میں پیڈیا ٹرکس اسپیشلائزیشن کی سیٹیں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور میں یونیورسٹی آف چلڈرن ہیلتھ سائنسز بنانے کی منظوری دے دی ہے، یونیورسٹی سے پنجاب بھر میں بننے والے تمام مدر اینڈ چائلڈ کیئر اسپتالوں کو منسلک کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں صحت و تعلیم کا شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے 3 پروفیسرز کو دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل کر لیا گیا۔

اسٹینفورڈ یونیورسٹی کیلی فورنیا کی جاری کر دہ فہرست کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف سائنس ڈاکٹر محمد شریف اور شعبہ میتھمیٹکس کے ڈاکٹر محمد اکرم دنیا کے بہترین 2 فیصد محققین میں شامل ہوگئے۔

بہترین محققین کی عالمی درجہ بندی میں تمام شعبوں سے 1 لاکھ 60 ہزار محققین کو شامل کیا گیا ہے۔

کویت واپس آنے والوں کے لیے بڑی خبر

0

کویت سٹی: کویت نے 34 پابندی والے ممالک سے واپس آنے والے گھریلو ملازمین کے یومیہ اخراجات کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کویت میں کرونا وبا کے باعث پابندی والے ممالک سے لوٹنے والے گھریلو ملازمین کی واپسی پر انھیں قرنطینہ ہونا پڑے گا جس کے لیے ادارہ جاتی طور پر یومیہ 30 کویتی دینار کا اعلان کیا گیا ہے۔

ادھر جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان پر سے پابندی ہٹانے کے لیے وزرا کونسل کے فیصلے کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے، اس کے لیے کویت ایئرویز اور جزیرہ ایئرویز نے بھی اعلان کر دیا ہے کہ ان کی جانب سے پروازیں بحال کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔

کویت کی سول ایوی ایشن انتظامیہ اور وزرا نے اس سلسلے میں دونوں ایئرویز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز علی محمد الدوخان اور مروان بودیا کے ساتھ ہفتے کے روز تفصیلی ملاقات بھی کی۔ دوسری طرف وزارتِ صحت کے اس اعلان کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے کہ وہ طبی عملہ ہزاروں غیر ملکی کارکنوں کی جانچ پڑتال اور ان کے تعاقب کا طریقہ کار بنانے کے بعد اب مکمل طور پر تیار ہیں۔

ادارہ جاتی قرنطینہ کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے گھریلو ملازمین کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، یومیہ لاگت 30 کویتی دینار سے زیادہ نہیں ہوگی، جس میں 14 دن کی مدت کے لیے تین وقت کا کھانا شامل ہے، منفی رپورٹ آنے پر یہ مدت کم کر کے نصف کر دی جائے گی۔

پابندی والے ممالک کے لیے ایئرلائن ٹکٹس کے حوالے سے ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومت کارکنوں پر کوئی اضافی بوجھ ڈالنے کی خواہاں نہیں ہے، موجودہ اخراجات والا نظام منصفانہ اور متوازن ہے، تاہم جس طرح معمول کے مطابق قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا جاتا ہے، ویسے معمولی اضافے کا امکان موجود ہے۔

واضح رہے کہ گھریلو ملازمین کے کویت واپسی کے اخراجات میں ٹکٹ کی قیمت، ادارہ جاتی قرنطینہ کی لاگت، اور پی سی آر ٹیسٹس کی قیمت شامل ہے۔ خیال رہے کہ گھریلو ملازمین کے لیے ابھی جو فیصلہ کیا گیا ہے، اس میں انھیں پی سی آر ٹیسٹ فیس سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔