اتوار, مئی 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26181

گولڈمیڈلسٹ پاک آرمی دستے سے راحیل شریف کی ملاقات

0

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیمبرئین پٹرول مشقوں کے مقابلے میں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی دستے سے ملاقات کے دوران ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔

پاک فو ج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے اعلامیے کے مطابق برطانیہ میں 122 ملکوں کی فوجی ٹیموں کے درمیان ہونے والے کیمبریئن پٹرول مشقوں کے مقابلے میں پاکستانی فوج کے دستے نے گولڈمیڈل حاصل کرلیا ہے۔

آج آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کیمبرئین پٹرول مشقوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پاکستانی دستے سے ملاقات کی اور مشقوں کے مقابلے میں ان کی کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کے ارکان کو مبارک باد پیش کی۔

یاد رہے کیمبریئن فوجی مشقوں کا مقابلہ 14 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک 122 ممالک کی فوجی ٹیموں کے درمیان برطانیہ میں منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان آرمی کے جوانوں نے گولڈ میڈل حاصل کیا اس طرح یہ تیسری مرتبہ ایسا ہوا جب پاکستان آرمی ان عالمی مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

واضح رہے کہ کیمبریئن پٹرول سخت ترین فوجی مشقیں تصورہوتی ہیں،اور ایسے سخت ترین فوجی مشقوں کے مقابلے میں پاکستانی فوج کا اول نمبر کا حصول قابل فخر امر ہے۔

کراچی کو دنیا کا پُرامن ترین شہر بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ سندھ

0

کراچی : ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کراچی میں پائیدار امن کیلئے تمام ترضروری اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔جس کے تحت اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرموں اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاوٴں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ فیصلے آج وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ ایپکس کمیٹی کے 17ویں اجلاس میں کئے گئے۔اجلاس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار،وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو، صوبائی مشیر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ،ایڈیشنل آئی جی پولیس مشتاق مہر،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء ا? عباسی،انٹیلیجنس ایجنسیوں کے صوبائی سربراہاں،سیکریٹری داخلہ شکیل منگیجو،پراسیکیوٹرجنرل شہادت اعوان و دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں ،ٹارگٹ کلر،بھتہ خوروں اور اغوا برائے تاوان میں ملوث مجرموں کے خلاف آپریشن کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے ہیں،جاری آپریشن میں مجرموں ،مافیا اور کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی ریڑھ کی ھڈی توڑ دی گئی ہے،مگر اس کا یہ بھی مطلب نہیں ہے کہ ہدف حاصل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے باہمی مشاورت کے تحت حکمت عملی وضع کی ہے، یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث مجرموں کوکسی گروپ یا تنظیم کی پشت پناہی حاصل نہیں ہے اور یہ اپنے طور پر کام کر رہے ہیں اور چوں کہ ان جرائم کے براہ راست متاثرین عوام الناس ہو تےلہذا اسے بھی جڑ سے اکھاڑ کرپھیکنا ضروری ہے

اجلاس میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مختلف سنگین جرائم میں ضمانت پانے والے ملزمان بھی اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہوتے ہیں ایسے مجرم ثبوت نہ ہونے کے باعث ضمانت پر رہا ہوجاتے ہیں۔

اجلاس میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ ڈرگ مافیا، منشیات فروش بھی شہر میں سرگرم ہیں اور یہ لوگ بھی اسٹریٹ کرائم کرنے والوں کو سپورٹ کرتے ہیں اور دہشتگرد گینگسٹرز کو مضبوط بنانے کیلئے انکی مالی معاونت بھی کرتے ہیں چنانچہ وہ علاقے جہاں پر یہ گینگ ہیں یا آپریٹنگ کررہے ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جاے گا

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فورتھ شیڈول میں شامل لوگوں کی سرگرمیوں کی بھی نگرانی کی جائے گی اوروہ لوگ جو فورتھ شیڈول میں ہیں اور سرکاری ملازم بھی ہیں انہیں شوکاز نوٹیس دیا جائیگا اس مقصد کیلئے چیف سیکریٹری قوانین کا جائزہ لیں گے اور ضروری اقدامات یا ترامیم تجویز کریں گے۔

اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی فہرست دیگر ایجنسیوں ، صوبوں اور وفاقی حکومت کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی تا ہم فورتھ شیڈول میں شامل لوگ محکمہ داخلہ میں اپیل دائر کر سکتے ہیں،

اجلاس میں یہ بات بھی واضح کی گئی کہ 3023اشتہاری ملزم ہیں، پراسیکیوٹر جنرل شہادت اعوان سے کہا گیا کہ وہ رینجرز، پولیس، انٹیلجنس ایجنسیوں، وفاقی ایجنسیوں و دیگر صوبائی حکومت سے انکی گرفتاری کیلئے ان کی فہرست شیئر کریں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سندھ میں رہنے والے غیر قانونی تارکین وطن بھی بہت بڑا مسئلہ ہیں۔اے جے کے حکومت کے پاس 15000ہزار تاریکن وطن تھے اور انہوں نے انہیں بے دخل کردیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت پر زور دیا جائیگا کہ وہ سندھ پولیس کو غیر قانونی تاریکن وطن کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے اختیارات دے، اس وقت یہ اختیارات ایف آئی اے کے پاس ہیں۔

آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ نے اجلاس کو بتایا کہ 8ہزار پولیس اہلکاروں کی این ٹی ایس ٹیسٹ جس میں آرمی افسران بھی شامل تھے کہ ذریعے انکی سلیکشن کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 4 ہزار نئے بھرتی کیے گئے پولیس اہلکاروں کو تربیت کے لیے رسالپور بھیجا جا رہا ہے اور جب ان کی تربیت مکمل ہوجائے گی تو مزید چار ہزار کو بھی تربیت کیلئے بھیجا جائیگا۔

کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تربیت کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کئے ہیں،انہوں نے 6اے پی سیز اور 5سو ہتھیار بھی سندھ پولیس کے حوالے کیے ہیں۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ انہیں شہر میں فرانزک لیب قائم کرنے کیلئے400 مربع گز زمین کی ضرورت ہے، اس پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہا کہ وہ ڈی ایچ اے کے ساتھ بات کریں گے اور وہ ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس مقصد کیلئے زمین کا انتظام ہوجائے۔

اجلاس کی شرکاء نے متفقہ طور پر شہر میں امن کی بحالی کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز،پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدارس کے وہ طلباء جوکہ شام، عراق یاافغانستان سے ہیں اور واپس چلے گئے ہیں یا یہاں پر موجود ہیں اُن کی علیحدہ علیحدہ فہرستیں بھی مرتب کی جائیں جس کا ٹاسک ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کو دیا گیا

اجلاس کو بتایا گیا کہ 93 مدارس جوکہ دہشتگردوں کے ساتھ تعاون میں ملوث ہیں انہیں الرٹ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور انکی سرگرمیاں ،وزیٹرس اور فنڈنگ سمیت تمام امور کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ چندمقامی قوم پرست گروپ بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور دہشت گردوں کیلئے کام کر رہے ہیں،انکے خلاف بھی کاروائی کی جائے گی اور یہ کارروائی رینجرز اور پولیس مشترکہ آپریشن کے طور پر کریں گے۔

دریں اثناء ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے اجلاس کورینجرز کی کارکردگی اور ان کے ٹارگیٹیڈ آپریشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رینجرز نے گھگھر کے نزدیک سسئی برج اور کوٹ سبزل۔ سندھ۔پنجاب بارڈر پرتمام ترضروری سامان سے آراستہ چیک پوسٹس بھی قائم کی ہیں جب کہ حب پر چیک پوسٹ زیر تعمیر ہے،

رینجرز چیک پوسٹ سے گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہی ہے اور ہیڈکوارٹر میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے بھی ان کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہر بھر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو لازمی اپ گریڈ کیا جائے اور یہیں سے پورے شہر کی مانیٹرنگ کی جائے،پوری شہر کی نگرانی کا اس اچھا طریقہ دستیاب نہیں ہے

گورنر سندھ کی ہدایت پر چیف سیکریٹری نے بتایا کہ کیمروں کی اپ گریڈیشن اور نئے کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے اور اب تک ٹیکنیکل کام جیسے ٹینڈر یا اسپیسی فیکیشن کا کام مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد شہر میں 12میگاپکسل کے 10 ہزار کیمرے نصب کیے جائیں گے،

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کریں گے اور فنڈز کوئی مسئلہ نہیں ہے اور یہ میری ذمہ داری ہے کہ فنڈز کا انتظام کروں مگر آپ کو چاہیے کہ آپ اس شہر کو دنیا کا پرامن ترین شہر بنائیں۔

عمران خان ہر معاملے میں‌ بھاگنے کے ماسٹر ہیں، لیگی رہنما

0

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا نام پاناما پیپرز میں کہیں نہیں، آئی سی آئی جے بھی ان کا نام فہرست سے خارج کرچکی ہے پھر بھی وزیراعظم نے جواب داخل کرادیا ہے دیگر فریقین کا جواب بھی جمع کرادیں گے، ہم کہیں نہیں بھاگے عمران خان ہر معاملے مٰیں بھاگ جاتے ہیں وہ بھاگنے کے ماسٹر ہیں۔

یہ بات مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ پریس کانفرنس میں وزیر مملک برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان، بیرسٹر سیف اور لیگی رہنما دانیال عزیز موجود تھے۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ وزیراعظم پر لگائے گئے الزامات کا کوئی ثبوت نہیں،ان کا نام پاناما پیپرز میں کہیں نہیں،سپریم کورٹ میں منتخب وزیراعظم کا جواب داخل کرادیا گیا ہے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان ہر معاملے میں بھاگنے کے ماہر ہیں،خان صاحب سے پوچھا جائے کہ آپ کو ایک دم کیسے یاد آیا کہ آپ کو سپریم کورٹ جانا ہے ، اس سے پہلے کیوں بھول گئے تھے؟۔

انہوں نے کہا کہ پہلے خان صاحب نے شور کیا تھا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ میں آئیں اور جواب دیں، زیراعظم نے 22 اپریل کو کمیشن کی تشکیل کے لیے خط لکھا بعدازاں پارلیمنٹ میں پیش ہوئے وہاں خان صاحب نے کھڑے ہو کر پاناما لیکس کے متعلق وزیراعظم سے سوالات کیوں نہیں کیے؟

انہوں نے کہا کہ الزامات کا مفصل جواب بنانے میں وقت لگتا ہے اس لیے مزید وقت طلب کیا، ہم کہاں،آپ بھاگنے والے ہیں، اگر سوالات تھے تو پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر ہم سے پوچھتے؟ آپ تو نجم سیٹھی کا بھی جواب دینے کے لیے تیار نہیں تھے؟

انہوں نے مزید کہا کہ انویسٹی گیٹو جرنلزم کی عالمی تنظیم آئی سی آئی جے نے وزیراعظم کا نام اپنی فہرست سے نکال دیا، ہمارا جو موقف پہلے دن تھا وہی آج بھی ہے، تحریک انصاف ہر معاملے میں بھاگ جاتی ہے، تحریک انصاف 35 پنکچر والے الزامات بھی ثابت نہ کرسکی،انتخابی بے ضابطگیوں کے متعلق فیصلے پر بھی عمران خان بھاگ گئے،عمران خان ہر معاملے میں بھاگنے کے ماسٹر ہیں۔

بیرسٹر سیف اللہ نے کہا کہ وزیراعظم کے جواب میں تمام حقائق واضح کردیے ہیں ،دیگر فریقین کا جواب بھی جلد جمع کرادیا جائےگا۔

کے پی کے حکومت کا چوہدری نثار اور آئی جی پنجاب کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ

0

پشاور: خیبر پختون خوا حکومت نے ہارون آباد پل، برہان انٹرچینج سمیت دیگر مقامات پر شیلنگ اور فائرنگ کے واقعات پر وزیر داخلہ اور آئی جی پنجاب کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں‌ کا برہان انٹر چینج پر قیام، پولیس کی شیلنگ

اے آر وائی نیوز کے نمائندہ پشاور ظفر اقبال کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس معنقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکنوں پر بہیمانہ تشدد کیے جانے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی ، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت دیگر عہدے داروں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کی شیلنگ سے تحریک انصاف کے 2 کارکن جاں بحق

پختون خوا حکومت کے عہدے دار اور پی ٹی آئی کے رہنما مشتاق غنی نے کہا کہ تشدد جن علاقوں میں ہوا وہاں مقدمات درج کرائیں گے، اس حوالے سے مشاورتی عمل جاری ہے۔

قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے،گورنر سندھ

0

کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ قومی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے کیوں کہ ملک ہے تو ہم سب ہیں یہی وجہ ہے کہ ضرب عضب کو پوری قوم کی مکمل اور غیر متزلزل حمایت حاصل ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل سیکیورٹی وار کورس کے شرکاء کے 111 رکنی وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی ملکی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے جس کے خاتمہ کے لئے ضرب عضب کا آغاز کیا گیا جس کے حوصلہ افزاء نتائج ہم سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے لئے پاکستان کی مسلح افواج نے بے مثال قربانیاں دی ہیں،پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کے ساتھ ہے اور ہم نے اس جنگ میں ہمیشہ ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا ہے جس کی معترف پوری دنیا ہے۔

گورنر سندھ نے دوران گفتگو سند میں امن و امان کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ 3 سال قبل امن و امان کی صورتحال ابتری کی جانب گامزن تھی یہی وجہ تھی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کا آغاز کیا گیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور پولیس کی قربانیوں کے باعث کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور یہاں ہونے والی کوئی بھی اقتصادی سرگرمی پورے ملک پر اثر انداز ہوتی ہے اور اب کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کار بھی مختلف شعبوں میں موجود مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔

آپریشن کے نتیجہ میں قائم ہونے والے امن کو پائیدار بنانے کے بارے میں پوچھے جانے والے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردوں اور مجرمان کے سہولت کاروں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے جبکہ پولیس کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے کیونکہ امن و امان کو دیرپا بنانے میں اس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں پولیس میں بھرتی کے لئے میرٹ پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے آرمی سے تربیت بھی دلوائی جارہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پولیس ریکروٹمنٹ کو شفاف اور میرٹ کے مطابق بنانے کے لئے سپروائزری کمیٹی بنائی گئی ہے اس کے علاوہ پولیس کو مجرموں کی بیخ کنی ، جرائم کی تفتیش کے لئے ضروری آلات و مشینری بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ ان کے خلاف زیادہ بہتر اور موثر انداز میں کاروائی کرسکیں۔

گورنر سندھ نے کراچی میں بحالی امن کے لیے رینجرز کی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان بحال کرنے میں رینجرز کا نہایت اہم کردار ہے، ان کی دن رات محنت کے باعث دہشت گردی کے 33 واقعات کو وقوع پذیر ہونے سے روکا گیا جو اگر ہو جاتے تو کراچی میں بڑی تباہی ہوتی۔

ٹرین حادثہ، متاثر ہونے والوں کو ہر ممکنہ سہولیات دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

0

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مسافر ٹرین کے تصادم میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج اور اس میں جاں ہونے والے افراد کی میتوں کو اُن کے آبائی علاقے بھیجنے کے تمام تر اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی حادثاتی انشورنش پالیسی کے تحت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی جبکہ تمام تر زخمیوں کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔


پڑھیں: ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے 15 لاکھ اور زخمیوں کو3 لاکھ روپے دینے کا اعلان


 انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے جس میں ہم پوری طرح سے متاثرین کے ساتھ ہیں اور اُن کی ہر ممکنہ مدد کے لیے تیار ہیں، تمام زخمیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے انہوں نے جناح اسپتال کے عملے کو ہدایات بھی دیں۔

مراد علی شاہ نے لانڈھی کے قریب مسافر ٹرینوں کے تصادم اور اس میں انسانی جانوں کے ضیاء پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کی۔


یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی جناح اسپتال آمد، ٹرین حادثے کے زخمیوں کی عیادت


 اُن کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو بہتر ہونا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی اعلی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے اور جو بھی اس میں ذمہ دار ہو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے اپنی پوری توجہ دہشت گردی کے خاتمے مرکوز کی ہوئی ہے اور انشاء اللہ جلد کراچی میں پوری طرح سے امن و امان قائم ہوجائے گا‘‘۔

یاد رہے آج صبح کراچی میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن کے قریب فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئیں تھیں، جس کے باعث اب تک 20 سے زائد افرادجاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں تھیں جبکہ فرید ایکسپریس کا انجن تباہ ہو گیا تھا۔

بھارتی ہائی کمیشن میں بڑی تعداد میں را کے ایجنٹ رکھے گئے، سراج الحق

0

پشاور : جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن میں بڑی تعداد میں را کے ایجنٹ رکھے گئے، بھارتی خفیہ ادارے پاکستان میں انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رپے تھے انہوں نے کہا کہ کرپشن مٹاؤ تحریک سب سے پہلے جماعت اسلامی نے شروع کی اور کرپٹ مراعات یافتہ طبقے کے خلاف ہماری جدو جہد کرپشن کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک خوشحال اسلامی ریاست بنانا چاہتی ہے جس کے لیے جماعت اسلامی قربانی دیتی آئی ہے اور آج بھی بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں جماعت اسلامی کے رہنما پھانسی چڑھ رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کی غریب عوام کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں، جماعت اسلامی ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہے جہاں بچے ملاوٹ زدہ دودھ نہ پیتے ہوں،جہاں ہر بچے کے ہاتھ میں قلم اور دوات ہو اور بے روزگار کو روزگار ملے،ایسا پاکستان جس میں حکمراں پہرہ دیں اور عوام آرام سے سوئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کارکنان کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ دوسروں سے الجھیں نہیں ہمیشہ مثبت بات کریں اور کسی منفی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمسائیہ ملک اپنے خفیہ اداروں کے ذریعے ہمارے ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے اور بھارتی ہائی کمیشن بڑی تعداد میں را کے ایجنٹ بھرتی کیے ہوئے ہیں۔

بھارتی ہائی کمیشن کے 8 اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: بھارتی خفیہ ادارے را کے لیے کام کرنے والے بھارتی ہائی کمیشن کے آٹھ اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اہلکار اتوار کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔


یہ پڑھیں: بھارتی سفارتی اہلکارملک دشمن کاروائیوں میں ملوث تھے، پاکستان


ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر اہلکاروں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی واپس بھیجا جائے گا ان افسران و اہلکاروں میں راجیش کمار اگنی ہوتری، بلبیر سنگھ، انوراگ سنگھ، امردیپ سنگھ بھٹی،جیا بالن سینتھل، مادھون نندا کمار، وجے کمار اور دھرمیندرا شامل ہیں۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کے کمرشل قونصلر راجیش کمار اگنی ہوتری را کے پاکستان میں اسٹیشن چیف تھے، بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری پریس اینڈ کلچر بلبیر سنگھ کا تعلق بھارتی انٹیلی جنس پیورو سے ہے،جیا بالن سینتھل اور سرجیت سنگھ کا تعلق بھی بھارتی انٹیلی جنس بیورو سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی ہائی کمیشن میں تعینات 5 افسران کے را ایجنٹ ہونے کا انکشاف

اسی طرح انوراگ سنگھ، امردیپ سنگھ بھٹی، مادھون نندا کمار، وجے کمار اور دھرمیندرا کا تعلق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے ہے۔

صحرائے بلبل کو بچھڑے تین برس بیت گئے

0

کراچی: خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھنے والی معروف فوک گلوکارہ ریشماں کو مداحوں سے بچھڑے تین سال بیت گئے آج اُن کی تیسری برسی منائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تقسیم ہند کے بعد 1947 میں پیدا ہونے والی اور خانہ بدوش خاندان سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ ریشماں نے 12 برس کی کمر عمر میں ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔

بعد ازاں انہیں فوک سنگر کے طور پر باقاعدہ پہچان ملی، ریشماں نے اپنے کیرئیر ویسے تو بہت سے گانے گائے تاہم اُن کے مشہور ہونے والے گانوں میں ’’چار دنا دا پیار او ربا، اکھیوں کے آس پاس، بانئیں اور لگ دا دل میرا‘‘ شامل ہیں۔

غریب اور خانہ بدوش گھرانے سے تعلق رکھنے کی وجہ سے گلوکارہ باقاعدہ تعلیم خاصل نہ کرسکیں تاہم وہ بہت کم عمری سے ہی صوفیاء کرام کے مزاروں پر منقبت پڑھتی تھیں۔ ریشماں کو پذیرائی اُس وقت ملی جب انہوں نے معروف صوفی بزرگ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر ’’ہو لعل میری‘‘ قوالی پیش کی۔ علاوہ ازیں ان کے کئی گانے بھارتی فلموں میں بھی آئے۔

ریڈیو پر کامیابیاں سمیٹنے کے بعد گلوکارہ کو ٹی وی میں آنے کا موقع ملا یہاں بھی انہوں نے انتھک محنت اور لگن سے پرفارم کر کے لوگوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنائی۔ اُن کی پذیرائی اور کلاموں کو دیکھتے ہوئے بھارت کے سابق وزیر اعظم نے ریشماں کو بھارت آنے کی خصوصی دعوت دی تھی۔

ریشماں کو 1980 میں طبیعت ناساز ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم رپوٹس آنے پر انہیں گلے کے کینسر کا انکشاف سامنے آیا۔ غربت کے باعث گلوکارہ اپنا مناسب علاج نہ کرواسکیں تاہم سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے دورِ حکومت میں انہیں بھرپور امداد فراہم کی۔

طویل علالت کے بعد گلوکارہ 3 نومبر 2013 کو طویل علالت کے بعد انتقال کرگئی، اُن کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے انہیں ستارہ امتیاز اور ’’بلبل صحرا‘‘ کا خطاب عطاء کیا۔

ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو شیر کا شکار کریں، بلاول بھٹو

0

رحیم یارخان : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر عوام میرا ساتھ دیں تو ہم مل کر پاکستان میں تبدیلی لے آئیں گے۔

جمال دین میں پارٹی کارکنان کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو ہم شیر کو بھاگھنے نہیں دیں گے، نواز شریف ہمارے 4 مطالبات مان لیں اگر نہیں مانے گئے تو شیر کا شکار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات ملک و قوم کےمفاد میں ہیں جس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اگر ہمارے مطالبات نہیں مانیں گے تو پاکستان پیپلز پارٹی کی تیار کردہ پیپلز پارٹی شیر کو پکڑ کر بند کرے گی۔

قبل ازیں رحیم یار خان میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ رحیم یار خان کے عوام بہت مایوس ہیں کیوں کہ ان علاقوں کی تعمیر اور ترقی کی جانب توجہ نہیں دی گئی لیکن اب بی بی بیٹا آگیا ہے اس لیے اب کسی نے مایوس نہیں ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس بی بی کا بیٹا آگیا ہے،تخت رائے ونڈ کو رحیم یار خان کے غریب عوام کا خیال نہیں ہے، میں سندھ میں اور پارٹی میں تبدیلی لے آیا ہوں اور اب آپ ساتھ دیں توپاکستان میں تبدیلی لے آﺅں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب کے دورے پر ہیں اور کل گھوٹکی میں ایک بڑے جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ اس حوالے سے عوامی رابطہ مہم پر نکلے بلاول بھٹو کا رحیم یار خان اور جمال دین کے مقام پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر رحیم یار خان اور جمال دین میں کارکنان سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو نے کارکنان سے نعرے لگوائے اور اجتماع میں موجود کارکنان کے جوش اور جذبے کو بڑھایا۔