جمعہ, جون 20, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 26608

بھارتی کرکٹ بورڈ کا پاکستان سے سیریز کھیلنے سے انکار

0

ممبئی : پاکستانی فنکاروں کو دھمکی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ بھی انتہا پسندی کا شکار ہو کر کھیل میں سیاست لے آیا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد پاکستان سے سریز کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اڑی حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر زہر اگلنے میں مصروف ہیں اور کہتے ہیں کہ پاکستان سے سیریز کھیلنے کا کوئی تصور نہیں، پاکستان کے ساتھ کرکٹ کسی صورت نہیں ہوسکتی۔

کرکٹ کے میدان سے راہ فرار اختیار کرنا بھارت کی پرانی عادت ہے، تجویز تھی کہ ٹیسٹ کی نمبر ایک ٹیم پاکستان اور نمبر دو ٹیم بھارت ہے تاہم ایک ٹیسٹ کھیل کر عالمی چیمپئن کا فیصلہ کریں لیکن یہ فیصلہ بھارت کو منظور نہ ہوا۔

بھارتی بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر حکمراں جماعت بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ بھی ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ انوراگ ٹھاکر نے کھیل کو بھی نفرت کی بھینٹ چڑھا رکھا ہے اور بھارتی صدر کے زہریلے بیان کے بعد کسی طرح کی کرکٹ کا پاکستان کو بھی انکار کردینا چاہیئے۔

سیاست کو کھیل سے الگ رکھیں، یہ بات کھیل کا ہر ماہر، ہر کھلاڑی کہتا ہے لیکن بھارت کرکٹ کو سیاست کے ساتھ نتھی کرتا آیا ہے، 1961 کی سیریز کے بعد دونوں ممالک نے سترہ سال کرکٹ نہیں کھیلی ۔

سیاست اور 1965 کی جنگ کے بعد 1978 کے بعد کرکٹ بحال ہوئی لیکن یہ پھر 1989 کے بعد سیاست کا شکار ہوگئی، 1999 میں پاکستان نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود بھارت کا دورہ کیا۔

بھارت نے اس تعلق کو پھر سیاست کی نذر کر دیا، 2004 سے 2007 تک چار پاک، بھارت سیریز ہوئیں، لیکن ممبئی حملوں کے بعد سے بھارت پھر اڑ گیا، 2014 میں پاکستان نے بھارت کے ساتھ چھ سیریز کا معاہدہ کیا لیکن بھارت کی وہی نہ نہ جاری رہی۔

نیوٹرل وینیو پر بھی بھارت نے کرکٹ نہ کھیلی، پٹھان کوٹ حملہ ہو یا اڑی کا واقعہ بھارت اس سال بھی بار بار کرکٹ نہ کھیلنے کا کہتا رہا۔

مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،چینی قونصل جنرل

0

لاہور: چین کے قونصل جنرل یوبورن نے وزیراعلٰی پنجاب سے ملاقات میں کہا ہے کہ چین مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستانی موقف کی حمایت کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج لاہورمیں چین کے قونصل جنرل اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی ہے ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے معاملات اور سی پیک کوریڈور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل یوبورن کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرپر چین پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے چین کل بھی پاکستان کے ساتھ تھا اورآج بھی ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی حمایت کرتا رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا کوئی جواز نہیں اس لیے کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے جیسا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد میں بھی کہا گیا ہے۔

چین کے قونصل جنرل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کا ساتھ دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے چینی قونصل جنرل کے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں چین کا بے مثال ساتھ قابل تعریف ہے،چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے کر ایک اچھے دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے

وزیر اعلیٰ پنجاب نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ہرقیمت پریقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین دوستی کی عظیم مثال بنے گا جو دونوں ممالک کے معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔

ملک کےایک ایک انچ حصے کی حفاظت کرنا جانتے ہیں،راحیل شریف

0

کھاریاں: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج ملک کے ایک ایک انچ حصے کی حفاظت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کھاریاں کے نزدیک واقع ”قومی مرکز برائے انسداد دہشت گردی” کا دورہ کیا اور مرکز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے شروع کیے گئے تزئین وآرائش کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جونواں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہماری فوج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور انشا اللہ پوری قوم کی مدد کے ساتھ پاک سرزمین کی ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے۔

raheel-post-1

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار رہا ہے تا ہم پاکستان کے محب وطن عوام کی حمایت اور پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث اس جنگ میں بے مثل کامیابیاں حاصل کرسکے ہیں۔

raheel 2

آرمی چیف کے خطاب سے قبل لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے قومی مرکز برائے انسداد دہشت گردی(این سی ٹی سی) کی اب تک کی کارکردگی کے حوالے سے آرمی چیف راحیل شریف کو بریفنگ دی،اس موقع غیرملکی عمائدین بھی موجود تھے۔

جنرل عمر فاروق کا مزید کہنا تھا کہ یہ ادارہ اب تک دو لاکھ سے زائد فوجی جوانوں اور 3 ہزار8 سو 83 پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے جوانوں کو تربیت دے چکا ہے جب کہ اب تک 5 دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کی جا چکی ہیں اِن ممالک میں چین،سعودی عرب،بحرین،سری لنکا،مالدیپ اور ترکی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ توسیعی منصوبے کی تکمیل سے پاک فوج کے جوان بہتر مہارت اور جدید پیشہ ورانہ طریقے سے تربیت حاصل کر پائیں گے جب کہ پاکستان میں فوجی مشقوں کی غرض سے غیر ملکی افواج بھی اس سے استفادہ کرپائیں گے۔

Army will defend every inch of Pakistan… by arynews

بعد ازاں چیف آف آرمی اسٹاف نے تمام فوجی افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے این سی ٹی سی کی تعریف کرتے ہوئے اُن افسران کی تعریف کی جنہوں نے مشکل اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوانوں کی جدید طرز پر جنگی تربیت کر کے انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔

بانی ایم کیو ایم کے آڈیو کو جعلی کہنے والے جلد نادم ہوں گے، واسع جلیل

0

کراچی: لندن میں مقیم ایم کیو ایم کے رہنماء واسع جلیل نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے بیان کو  جعلی کہنے والوں پر ہنسی آرہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کے ذریعے کیا، واسع جلیل نے مزید کہاکہ ’’اس طرح کی سازشیں مارچ میں بھی کی گئیں تھیں مگر وقت نے انہیں جھوٹا ثابت کردیا، آڈیو پیغام کو جعلی کہنے والوں کو ویڈیو میسج آنے کے بعد ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا‘‘۔

گزشتہ روز لندن قیادت نے بانی ایم کیو ایم کی آواز میں بانی ایم کیو ایم کا پیغام سوشل میڈیا کے توسط کارکنان تک پہنچانے کی کوشش کی تھی، جس میں بانی تحریک نے اپنے کارکنان اور اراکین اسمبلی کو پیغام دیا کہ ’’مینڈیٹ میری وجہ سے حاصل کیا گیا تھا تاہم اب آپ کا اسمبلیوں میں رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوچکا ہے‘‘۔آڈیو پیغام میں بانی ایم کیو ایم نے کارکنان کو پرامن اور صبر سے رہنے کی تلقین کرتے ہوئے لندن میں مقیم ندیم نصرت کے تمام فیصلوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا تھا‘‘۔

میسج منظر عام پر آنے کے بعد ایم کیو ایم کی منحرف خاتون رکن پارلیمنٹ ارم فاروقی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’جن لوگوں نے قائد ایم کیو ایم کی آواز سُنی وہ اچھی طرح سے واقف ہیں کہ یہ آوازاُن کی نہیں ہے۔ ارم فاروقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر آڈیو پیغام کو جعلی قرار دیتے ہوئے لندن رابطہ کمیٹی کے ممبر مصطفیٰ عزیزآبادی کو کہا کہ ’’نہ ہنساؤ کیونکہ آلندن میں گاڑی کا ہارن بجانا جرم ہے اور آڈیو میں واضح طور پر ہارن کی آواز سنائی دے رہی ہے‘‘۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے آڈیو پیغام کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ ’’قائد کا ویڈیو پیغام کہاں ہے‘‘۔

آڈیو پیغام نشر ہونے کے بعد کئی قیاس آرائیوں نے جنم لیا اور ایم کیوایم سے وابسطہ افراد میں سے کچھ نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے اسے جعلی یا ایڈیٹ آڈیو قرار دیا ہے۔

بھارتی سیاستدان کا حاملہ نرس پر بیہمانہ تشدد

0

نئی دہلی: بھارتی سیاست دان طاقت کے نشہ میں چور اخلاقیات کی تمام حدیں پار کر گئے۔ ایک سیاستدان اور ان کے بیٹے نے انتظار کی زحمت اٹھانے کے بجائے اسپتال کی حاملہ نرس کو دھکا دے کر زمین پر گرایا اور اسے بری طرح تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بھارتی پنجاب کے علاقہ باغ پرانا میں سکھ نیشنلسٹ پارٹی کے رکن پرمجیت سنگھ اور ان کے بیٹے نے اسپتال کا رخ کیا جہاں نرس نے انہیں نتظار کرنے کا کہا۔

پرمجیت سنگھ کے بیٹے نے انتظار کرنے کی زحمت پر چراغ پا ہو کر نرس سے بحث شروع کردی۔ اس دوران دیگر عملہ نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی لیکن پرمجیت سنگھ اور ان کے بیٹے کا غصہ کم نہ ہوا۔ انہوں نے زور سے دھکا دے کر نرس کو نیچے گرا دیا۔

دونوں باپ بیٹوں نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ نرس کو بری طرح تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

جھگڑے کے دوران وہ مسلسل بآواز بلند کہتے رہے، ’تم مجھے جانتی نہیں، میں گاؤں کا سر پنج (سردار) ہوں‘۔

نرس کا کہنا ہے کہ اس نے سیاستدان اور ان کے بیٹے کو اپنی حالت کے بارے میں بتایا اور انہیں اس سلوک سے منع کیا لیکن انہوں نے ایک نہ سنی۔

بعد ازاں پرمجیت سنگھ نے دعویٰ کیا کہ نرس نے ان سے بدتمیزی کی اور انہیں بے عزت کیا جس سے مشتعل ہوکر وہ یہ قدم اٹھا بیٹھے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی تحقیق کے مطابق بھارت میں عدم برداشت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور پچھلے چند ماہ میں عام افراد سے لے کر سیاستدانوں تک کی جانب سے تشدد کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

شاہد آفریدی دنیائے کرکٹ کے دلکش ترین کھلاڑی قرار

0

پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی کو دنیائے کرکٹ کے کھلاڑیوں میں دلکش کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

حال ہی میں ایک غیر ملکی ویب سائٹ کی جانب سے سروے کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے گیارہ کرکٹرز کی ان کی شکل وصورت اور اسٹائل کی بناء پر درجہ بندی کی گئی اور پاکستان کے شاہد آفریدی کو رینکنگ میں نمبر ون قراردیدیا جبکہ پاکستان کے تین کھلاڑی بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

دلکش گیارہ کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی نمبر ون، الیسٹر کک دوسرے ، احمد شہزاد تیسرے، مائیکل کلارک چوتھے، ویرات کوہلی پانچویں، کیون پیٹرسن چھٹے ، ڈیوڈ گاور ساتویں ، عمران خان آٹھویں ، بریٹ لی نویں ، جیمز اینڈر سن دسویں اور شین بونڈ گیارہویں نمبر پر ہیں۔

شاہد آفریدی

Shahid-Afridi

شاہد خان آفریدی کا نام پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں آتا ہے، اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ، سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارذ بھی اپنے نام کر چکے ہیں، آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔

ماڈلنگ کے شعبے میں بھی خوب نام کمانے والے بوم بوم کئی کمپنیوں کے برانڈ ایمبیسڈر رہ چکے ہیں۔

الیسٹر کک

captain-Alastair-Cook

انگلینڈ ٹیسٹ کپتان ایلسٹر کک سب سے زیادہ خوبصورت کرکٹرز میں سے ایک ہے، کک اپنی خوبصورت آنکھوں کی وجہ سے مداحوں میں بہت مقبول ہے، الیسٹر کک ٹیسٹ کرکٹ میں10,000رنز مکمل کر چکے ہیں۔

احمد شہزاد

Ahmed-Shehzad

احمد شہزاد اپنی پرکشش شخصیت کے باعث بہت مشہور ہیں ، اس لئے پاکستانی کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی کے بعد سب سے زیادہ پرکشش قرار دیا گیا ہے، 2008 میں انڈر 19 ورلڈ کپ کے بعد شہزاد ٹیسٹ اسکواڈ میں داخل ہوئے اور 2009 میں ون ڈے انٹرنیشنل آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔

مائیکل کلارک

Michael-Clarke

دنیائے کرکٹ میں سابق آسٹریلوی کپتان کا چہرہ سب سے زیادہ دلکش چہروں میں سے ایک ہے، مائیکل کلارک بھی اپنی پرکشش شخصیت کے باعث مقبول ہیں، اسٹائلش بیٹسمین نے اپنی قیادت میں دوہزار پندرہ میں آسٹریلیا کو پانچویں بار ورلڈ کپ جتوایا۔

کلارک کا شمار دنیا کے امیر ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جبکہ کئی کمپنیوں کے برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔

ویرات کوہلی

Virat-Kohli

بھارتی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان ویرات کوہلی اپنی دلکشی کے باعث لڑکیوں میں مقبول ہیں، ویرات کوہلی کو بھارت کے لیے رنز بنانے کی مشین قراردیا جاچکا ہے، کوہلی بھی دنیا کے اہم برانڈ سفیر ہیں، کوہلی کو ان کی مقبولیت اور دلکش شخصیت کی وجہ سے کمپنیاں اپنے اشتہارات میں لیتی ہے اور ویرات کوہلی ایک بھاری معاوضہ ادا کرتی ہے۔

ویرات کوہلی نے اشتہارات میں کام کرنے کیلئے ایک دن کا 2 کروڑ روپے معاوضہ وصول کیا، جو سچن ٹنڈولکر کے برابر ہے۔

کیون پیٹرسن

Kevin-Pietersen

جنوبی افریقہ میں پیدا ہونے والے کیون پیٹرسن کا شمار دنیائے کرکٹ کے دلکش کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ، پیٹرسن کو دلچسپ ہیئر اسٹائل کی بدولت خاصا پسند کیا جاتا ہے، کیون پیٹرسن متنازعہ ہوکر اپنی ٹیم سے باہر ہونے سے قبل انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز تھے۔ 2005 میں آسٹریلیا کے خلاف انہوں نے اپنے کیریئر کا پہلا میچ کھیلا۔

ڈیوڈ گوور

David-Gower

ڈیوڈ گاور اپنے دور میں پرکشش ترین کھلاڑی قرار دیا جاتا تھا۔ گروور نے کیرئیر کا آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف 1992 میں کھیلا، ڈیوڈ گوور کو تاریخ کے جاذبِ نظر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کا اعزاز حاصل ہے، ڈیوڈ گوور نے ٹیسٹ میچوں میں 8231 رنز بنائے۔

عمران خان

imran-khan

عمران خان کی پرکشش شخصیت کا جادو آج بھی سر چڑھ کر بولتا ہے، اپنے دور عروج میں لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھے، انھوں نے پاکستان کو 1992 کا ورلڈ کپ جتوایا،عمران خان نے 88 ٹیسٹ اور 175 ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی اور بالترتیب 362 اور 182 وکٹیں لیں۔

بریٹ لی

briit

بریٹ لی اپنی دلکش شخصیت کے باعث لڑکیوں میں بہت مقبول ہیں، کرکٹ کے بعد بریٹ لی بالی ووڈ کی فلم ’’ان انڈین‘‘ میں بھی کام کرچکے ہین ، جو رواں سال اگست میں ریلیز ہوئی، اس کے علاوہ وہ ایک میوزک بینڈ ’’سکس اینڈ آؤٹ‘‘ کا بھی حصہ ہیں جبکہ گٹار بجانے کے بھی ماہر ہیں، اپنے کیریئر میں وہ 76 ٹیسٹ اور 221 ون ڈے کھیل چکے ہیں جس میں بالترتیب 310 اور 380 وکٹ لے چکے ہیں۔

جیمز اینڈر سن

James-Anderson

انگلش کرکٹ ٹٰیم کے کھلاڑی کرکٹ کے ساتھ ساتھ گلیمر کی دنیا میں بھی خاصے مقبول ہیں، اینڈرسن کا شمار بھی دنیا کے پرکشش ترین کرکٹرز میں کیا جاتا ہے، اینڈرسن کے مداحوں میں لڑکیوں کی بڑی تعداد ہے،جیمز اینڈر سن ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں، انھوں نے 117 ٹیسٹ میچوں میں 463 وکٹیں لیں اور 194 ون ڈے میچوں میں 269 وکٹیں لی ہیں۔

شین بونڈ

shane-bond

شین بونڈ شین بونڈ کا کیرئیر انجریز کے باعث جلد ختم ہونے کے باوجود شہرت کی بلندیوں پر پہنچے اور اپنی دلکش شخصیت کے باعث مداحوں میں بہت مقبول رہے۔

پاکستان مسلح افواج کی بھارت کو بھرپور جواب دینے کیلئے حکمتِ عملی مرتب

0

اسلام آباد: بھارت کے جنگی جنون میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن پاکستان کی مسلح افواج نے بھی بھارت کو بھرپور اور دندان شکن جواب دینے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

بھارتی جنگی جنون کا بھرپور جواب دینے کیلئے پاکستانی مسلح افواج کسی بھی قسم کی بھارتی مہم جوئی کا منہ تو ڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اگربھارت نے سرجیکل اسٹرائیک کی تو جواباً بھارتی اہداف کا تعین کرلیا گیا ہے، کولڈ اسٹار وار سے متعلق بھارتی ڈاکٹرائن کیلئے مکمل حکمت عملی ترتیب دی جاچکی ہے۔

پاکستانی فضائیہ بھی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کو روکنے اور منہ توڑ جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

paf-1

ملک کی سمندی حدود کے محافظ پاکستان نیوی کی دفاعی صلاحیت کے سب ہی معترف ہیں، سمندری راستے سے بھارتی ریشہ دوانیوں کو روکنے اور بھر پور جواب دینے کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔

navy

پاکستان رینجرز اورمسلح افواج کے دستے لا ئن آف کنٹرول کے اطراف تعینات ہیں جو کسی بھی قسم کی بھا رتی اشتعال انگیزی کو فوری جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

pak-1

یاد رہے گزشتہ روز ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر مشقیں کیں، جس کے تحت پہلے مرحلے پرپاک فضائیہ کے جنگی طیارے اسلام آباد پشاورموٹروے پر ہنگامی لینڈنگ اورٹیک آف کی مشقیں کررہے ہیں، طیاروں نے آج اسلام آباد موٹر وے ایم ٹو کے مختلف سیکشنوں پر کامیابی سے لینڈنگ کی۔


مزید پڑھیں : پاک فضائیہ کی تربیتی جنگی مشقیں ہائی مارک 2016ء کامیابی سے جاری


پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کی تربیتی جنگی مشقیں ہائی مارک کے نام سے باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں اور یہ مشقیں پاک فضائیہ میں بہت اہمیت کی حامل ہیں ، اس کے علاوہ پاک فضائیہ باقاعدگی سے اندرون اور بیرون ملک ہونے والی تربیتی مشقوں میں حصہ لیتی ہے۔

جنرل راحیل شریف بہادرجنرل ہیں،برطانوی آرمی چیف

0

مانچسٹر : برطانوی آرمی چیف نکولس کارٹ نے پاکستانی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی توریف کرتے ہوئے پاک برطانیہ افواج کے درمیان خوشگوار تعلقات پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے برطانوی آرمی چیف سمیت دیگر اہم حکام کو عشائِیہ دیا گیا تھا جس میں شہر بھر کے عمائدین اور سیاسی نمائندے بھی مدعو تھے۔

عشائیے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے برطانوی آرمی چیف نکولس مارٹر کا کہنا تھے کہ وہ پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے مداح ہیں اور اُن کی پیشہ وارانہ قیادت اور مہارت کے معترف ہیں۔

برطانوی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی آرمی چیف دلیر اور بہادر جنرل کے طور پر سامنے آئے ہیں اُن کی پیشہ وارانہ مہارت کے باعث پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کر پایا ہے وہ ایک بہادر لیڈر ہیں۔

انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان آرمی اور برطانوی آرمی کے درمیان عسکری مہارتوں اور تعاون کے تبادلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ عسکری کاوشیں دنیا کو درپیش دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلا سکتا ہے۔

پاکستان میں صنفی تفریق خواتین کے طبی مسائل کی بڑی وجہ

0

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پہلی دفعہ منعقد کیے جانے والے گلوبل گولز ایوارڈز میں ایک پاکستانی ادارے ’ڈاکٹ ۔ ہرز‘ نے بہترین اور کامیاب کوشش کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

یہ ایوارڈ اس ادارے یا فرد کو دیا جانا تھا جو خواتین اور کم عمر لڑکیوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کے لیے کام کرے۔ ’ڈاکٹ ہرز‘ نامی یہ ادارہ غیر ترقی یافتہ اور مضافاتی علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

نیویارک میں جاری جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران منعقدہ ایوارڈز کی تقریب میں یہ ایوارڈ ادارے کی بانی ڈاکٹر سارہ سعید خرم نے وصول کیا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سارہ نے ادارے کے کام کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا کہ ان کا ادارہ طبی سہولیات سے محروم خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑ کر ان کی مدد کرتا ہے۔ یہ ادارہ موبائل، یا انٹرنیٹ سے ویڈیو کانفرنس / کال کے ذریعہ خواتین کو طبی آگاہی فراہم کرتا ہے اور ان کی مختلف بیماریوں کے لیے علاج تجویز کرتا ہے۔

یہی نہیں یہ ادارہ کئی بیروزگار اور معاشی پریشانی کا شکار خواتین کو بھی مختلف طبی ٹریننگز دے کر ان کے ذریعہ روزگار کا سبب بن رہا ہے۔

ادارے سے منسلک ڈاکٹرز گھر بیٹھ کر بھی انٹرنیٹ کے ذریعہ مریضوں کا علاج کرسکتی ہیں۔ ان ڈاکٹرز کو ماہر کمیونٹی ہیلتھ ورکرز اور مڈ وائفس کے ذریعہ تربیت دی جاتی ہے تاکہ وہ روبرو بھی مریضوں کی دیکھ بھال کر سکیں۔

ادارے کے آغاز کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈاکٹر سارہ کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ ڈاکٹر اشعر حسین اور انہوں نے 2014 میں ایک کمیونٹی ہیلتھ پروجیکٹ کے تحت تجرباتی طور پر شروع کیا۔ آغاز میں کراچی کے مضافاتی علاقہ سلطان آباد میں ویڈیو کنسلٹنگ کے ذریعہ خواتین کو طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس دوران 6 ماہ میں 100 خواتین اس سے مستفید ہوئیں۔

ڈاکٹر سارہ کے مطابق یہ سلسلہ دراز ہوتا گیا، مزید لوگ بھی شامل ہوتے گئے اور انہوں نے ڈاکٹر عفت ظفر کے ساتھ اس کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کردیا جس کے بعد اب پاکستان میں ان کے 9 ٹیلی کلینکس کام کر رہے ہیں۔ 6 کراچی کے مضافاتی علاقوں کورنگی، وائے ایریا لانڈھی، نیو لیاری، ضیا کالونی، بن قاسم اور بلدیہ ٹاؤن میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، 2 صوبہ خیبر پختونخوا کے شہروں دادار اور مانسہرہ جبکہ ایک پنجاب کے علاقہ حافظ آباد میں واقع ہے جس کا حال ہی میں افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ ادارہ ایک  سال میں 22 ہزار افراد کو بالواسطہ اور ایک لاکھ افراد کو بلا واسطہ طبی امداد، طبی تربیت اور مختلف طبی سیشن فراہم کرچکا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں حاملہ خواتین کے لیے خصوصی بائیک ایمبولینس

پاکستانی خواتین فلاحی اسپتالوں کی کیوں محتاج ہیں؟ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر سارہ نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کاؤنسل پی ایم ڈی سی کے اعداد و شمار کے مطابق 18 کروڑ سے زائد آبادی والے اس ملک میں لائسنس یافتہ ڈاکٹرز کی تعداد صرف 1 لاکھ 57 ہزار 206 ہے یعنی 11 ہزار افراد کے لیے ایک ڈاکٹر۔ ان میں 74 ہزار خواتین ڈاکٹرز ہیں۔ پاکستان کے دیہی اور غیر ترقی یافتہ حصوں میں رہنے والوں میں سے ایک کروڑ 80 لاکھ افراد کو کسی قسم کی کوئی طبی امداد میسر نہیں۔ بدقسمتی یہ ہے کہ اس میں بڑی تعداد خواتین کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جن خواتین کو ان کا ادارہ طبی امداد فراہم کرتا ہے ان میں 80 فیصد خواتین ایسی ہیں جنہیں اگر اس ادارے کا آسرا نہ ہو تو انہیں زندگی بھر کوئی اور طبی امداد مل ہی نہیں سکتی۔

ڈاکٹر سارہ کے مطابق ہمارے ملک میں جاری بدترین صنفی تفریق خواتین کے طبی مسائل کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ’ہمارے گھروں میں لڑکوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، اچھا کھانا بھی ان کے لیے، اچھی تعلیم بھی ان کے لیے، تمام سہولیات بھی انہیں میسر، اور اگر وہ بیمار پڑجائیں تو ہزاروں روپے خرچ کر کے بہترین ڈاکٹر سے ان کا علاج کروایا جائے گا‘۔ ’اگلی نسل کی ضامن ہونے کے باوجود لڑکیاں کم اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں اور اس کا آغاز سب سے پہلے ان کے اپنے گھر سے ہوتا ہے‘۔

ڈاکٹر سارہ کا کہنا تھا کہ یہی صنفی تفریق لڑکیوں کی کم عمری کی شادی کی وجہ ہے جیسے لڑکی کوئی بوجھ ہو جس کی جلد سے جلد شادی کر کے بوجھ سے جان چھڑائی جائے۔

مزید پڑھیں: کم عمری کی شادیاں پائیدار ترقی کے لیے خطرہ

انہوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کم عمری کی شادیاں خواتین کے 70 فیصد طبی مسائل کی جڑ ہیں۔ کم عمری کی شادی کی وجہ سے لڑکیوں میں خون کی کمی اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض پیدا ہوجاتے ہیں۔ کم عمری میں شادی ہوجانے والی 42 فیصد لڑکیاں 20 سال کی عمر سے قبل ہی حاملہ ہوجاتی ہیں جس کے بعد انہیں بچوں کی قبل از وقت پیدائش اور پیدائش کے وقت بچوں کے وزن میں غیر معمولی کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہی نہیں کم عمری کی شادیاں خواتین پر جنسی و گھریلو تشدد کا باعث بھی بنتی ہیں۔

ڈاکٹر سارہ کا کہنا تھا کہ دوران علاج اکثر انہیں خواتین نے کمپیوٹر کی اسکرین پر اپنے مسائل بتانے، یا تکلیف کا شکار کوئی جسمانی حصہ دکھانے سے اس لیے انکار کردیا کیونکہ انہیں ’اجازت‘ نہیں تھی۔

انہوں نے ایک بین الاقوامی ادارے کی جانب سے کی جانے والی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں مردوں کی نسبت خواتین میں اوسٹوپروسس (ہڈیوں کی بوسیدگی / ٹوٹ پھوٹ کا عمل) کا مرض زیادہ ہے۔ اسی طرح پاکستانی خواتین اپنے ہم عمر مردوں کی نسبت 20 سے 30 فیصد زیادہ ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہونے کے خطرے کا شکار ہیں۔

کام کے دوران ان کی ٹیم کو کن خطرات کا سامنا ہوتا ہے؟ اس بارے میں ڈاکٹر سارہ کا کہنا تھا کہ اکثر مضافاتی علاقے مختلف سیاسی پارٹیوں کا گڑھ ہیں تاہم  ڈاکٹر سارہ کی ٹیم علاقہ کی تمام پارٹیوں سے غیر جانبدارانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

لیکن بات یہیں ختم نہیں ہوتی۔ ملک میں جاری پولیو ورکرز پر حملوں کے بعد ان کی ٹیم نے بھی غیر معمولی احتیاط کرنی شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں خواتین عملہ کو ان علاقوں میں جانے کے بعد خراب ماحول کا بھی سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ عموماً اپنے مرد ساتھیوں کے ساتھ جانے کو ہی ترجیح دیتی ہیں۔

مزید پڑھیں: پولیو ٹیم پر حملہ، 4 ورکرز جاں بحق

اقوام متحدہ میں ملنے والا یہ ایوارڈ ڈاکٹر سارہ اور ان کی ٹیم کے خلوص اور انتھک محنت اور کاوشوں کا اعتراف ہے۔ ’یہ ایوارڈ ان آوازوں کے نام ہے جنہیں کوئی نہیں سنتا، ان خوابوں کے نام ہے جو پورا ہونا چاہتے ہیں مگر ہو نہیں پاتے، ان مریضوں کے نام ہیں جو قابل علاج بیماریوں کا بھی علاج نہیں کر سکتے اور ان عناصر کے خلاف ایک مزاحمت ہے جو ڈاکٹرز کو ان کے بنیادی فرض یعنی علاج کرنے سے روکتے ہیں‘۔

اقوام متحدہ کی جانب سے گلوبل گولز ایوارڈز گزشتہ برس مقرر کیے گئے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت غربت اور عدم مساوات کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے اعتراف میں دیے گئے۔

ان کے تحت مزید 2 ایوارڈز ’دا گرل ایوارڈ‘ اور ’دا سوشل چینج ایوارڈ‘ بھی دیا گیا۔ دا گرل ایوارڈ 16 سالہ شامی مہاجر لڑکی یسریٰ ماردینی کو دیا گیا جس نے شام سے ہجرت کے دوران اپنی کشتی کو حادثہ پیش آنے کے بعد جان جوکھم میں ڈالتے ہوئے پانی میں چھلانگ لگائی اور تیرنے والے افراد کی رہنمائی کی۔ بعد ازاں اس لڑکی نے مہاجرین کی ٹیم میں شامل ہوکر ریو اولمپکس میں بھی شرکت کی۔

سوشل چینج ایوارڈ تنزانیہ سے تعق رکھنے والی وکیل ربیکا گیومی کو دیا گیا جنہوں نے تنزانیہ میں چائلڈ میرج کے خلاف انتھک کوششیں کیں۔

سابق کرکٹر باسط علی کی طبیعت بگڑ گئی،اسپتال منتقل

0

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کو ناسازی طبیعت کے باعث لاہور کے مقامی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق باسط علی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹرباسط علی کو شوگرلیول بڑھنے کی شکایت کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں ماہر معالجین نے اُن کا معائنہ کیا،شوگر کے باعث سابق کرکٹر کی دائیں آنکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کے بعد انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

ماہرمعالجین کی ٹیم نے باسط علی کو مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے اور ایک دو دن زیر مشاہدہ رکھنے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی۔

واضح رہے جاوید میاں داد کے اسٹائل میں بلے بازی کرنے والے باسط علی پاکستان کی جانب سے 50 ایک روزہ میچز اور 19 پانچ روزہ میچز میں نمائندگی کرچکے ہیں وہ آج کل پاکستان کرکٹ بورڈ میں اعلی عہدے پر فرائض انجام دے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں آج کل لاہور میں مقیم ہیں۔

خیال رہے سابق ٹیسٹ کرکٹرکافی عرصے سے ذیابیطس اوربلند فشار خون کے مرض میں مبتلا ہیں اور ایک ماہر معالج کے زیرعلاج بھی ہیں تا ہم آج شوگر لیول بڑھ جانے کے باعث انہیں اسپتال میں منتقل کرنا پڑا۔