بدھ, جون 25, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8068

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا

0

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کے لیے دس ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی، سابق ورلڈ کپ چیمپئنز ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی کوالیفائر میچز کھیلیں گے۔

شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا۔

سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، عمان اور یو اے ای گروپ بی کا حصہ ہیں، کوالیفائر میچز 18 جون سے 9 جولائی تک کھیلیں گے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک شیڈول ہے۔

 

سوئپ شاٹ کا بہترین پلیئر کون؟ راشدخان نے پاکستانی کھلاڑی کا نام لے لیا

0

افغانستان کے مایہ ناز اسپنر راشد خان نے پاکستان کے لیجنڈری بلے باز یونس خان کو سب سے بہترین سوئپ شاٹ کھیلنے والا کھلاڑی قرار دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کی سوال جواب پر مبنی ویڈیو میں راشد خان نے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ان کی بہترین صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بہترین شاٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا۔

کور ڈرائیو کے لیے راشد خان نے ویرات کوہلی کو پسندیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ان جیسی کور ڈرائیو کھیلنے والا کوئی کھلاڑی نہیں۔

پاکستان کے بابراعظم کو کوہلی سے دوسرے نمبر اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کو انہوں نے تیسرے نمبر پر رکھا۔

سوئپ شاٹ میں راشد خان نے پاکستان کے سابق کپتان یونس خان کا نام لیا جب کہ پلُ شاٹ کا بہترین کھلاڑی کیون پیٹرسن اور روہت شرما کو قرار دیا۔

کٹ شاٹ کا بہترین بلے باز انہوں نے آئن مورگن اور ڈاؤن دی گراؤنڈ شاٹ کا بادشاہ سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلیئرز کو قرار دیا۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی

0

کراچی : سونے کی قیمت میں سو روپے کی کمی سامنے آئی ہے، جس کے بعد فی تولہ  قیمت2 لاکھ37 ہزار  200روپے ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مسلسل بڑھنے والی سونے کی قیمت کو بریک لگ گئی ہے۔ الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں13 امریکی ڈالر کی گراوٹ دیکھی گئی اور نئی قیمت 1959امریکی کرنسی ہوگئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا، فیصل آباد، ملتان سمیت دیگر شہروں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں سو روپے کی کمی دیکھی گئی اور نئی قیمت 237200 روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 85 روپے کی کمی سے 2 لاکھ3ہزار 361 روپے ہے جبکہ عالمی بازار میں سونا 13 ڈالر سستا ہوکر 1959 ڈالر فی اونس ہوگیا ہے۔

دوسری جانب فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا اور قیمتیں بالترتیب  2900روپے اور 2486.28 روپے کی سطح پر برقرار ہیں۔

عمران خان نے نیب کے 19 مئی کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا

0
عمران خان

لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے نیب کے 19 مئی کے نوٹس کا تحریری جواب جمع کروا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نیب کے نوٹس کے جواب میں کہا ہے کہ نیب نوٹس سے واضح ہے کہ الزامات وفاقی کابینہ کی جانب سے رازدارانہ معاہدے کی منظوری ہے، 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں موجود ہے، رقم سے قسم کا کوئی ذاتی فائدہ نہیں اٹھایا۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ ذاتی طور پر این سی اے سے طے معاہدے کا حصہ نہیں تھا لہٰذا کوئی معلومات نہیں، نیب کی جانب سے کرپشن کے الزامات من گھڑت، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

عمران خان نے جواب میں کہا کہ نیب کی جانب سے ضروری دستاویز فراہم نہ کرنے کا الزام بھی غلط ہے، نیب کال اپ نوٹس کے جواب میں میری دسترس میں موجود دستاویز جمع کرائی جاچکی ہیں۔

جواب میں کہا گیا ہے کہ میں یا میری اہلیہ نے ٹرسٹی کے طور پر کسی اراضی یا دیگر ذرائع سے مالی فائدہ نہیں اٹھایا، کابینہ نے رازدارانہ معاہدے کی منظوری متفقہ طور پر قانون کے مطابق دی تھی۔

عمران خان نے جواب میں موقف اختیار کیا کہ نیب میں پیشی سے قبل گزشتہ جواب میں اعتراضات سے آگاہ کرچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نیب انکوائری رپورٹ نو مئی کو غیرقانونی گرفتاری کے بعد موصول ہوئی جو پولیس لائنز میں رہ گئی، درخواست ہے انکوائری رپورٹ کی ایک کاپی زمان پارک رہائشگاہ پہنچائی جائے۔

بابر اعظم یا ویرات کوہلی؟ شاہد آفریدی کو کس کی کور ڈرائیو پسند ہے؟

0
شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بابر اعظم کی کور ڈرائیو کو ویرات کوہلی اور اسٹیو اسمتھ سے بہتر قرار دیا ہے۔

سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ایک مداح نے سوال کیا کہ آپ ویرات کوہلی، اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم میں سے کس کی کور ڈرائیو کو پسند کرتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میرے نزدیک پہلا نمبر بابر اعظم کا ہے اس کے بعد ویرات کوہلی اور پھر اسٹیو اسمتھ آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کور ڈرائیو بہت خوبصورت کھیلتا ہے۔

پروگرام میں ایک مداح نے شاہد آفریدی سے ورلڈ کپ 2024 کے لیے اوپننگ پلیئر سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے کہا کہ 2024 کا ٹی 20 ورلڈ کپ ابھی دور ہے لیکن محمد رضوان اور بابر اعظم کی کارکردگی جتنی بہترین رہی ہے میرے خیال میں یہی اوپننگ جوڑی ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر بھی بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی کور ڈرائیو پر مداح بحث و مباحثہ کرتے رہتے ہیں۔

’چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کیلیے نائب صدر کا اسٹیٹس‘ بل پیش

0
قومی اسمبلی نشستیں

چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں الاؤنسز و استحقاقات ترمیمی بل 2023 ایوان میں پیش کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی زیرصدارت ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں بل محمد اسلم بھوتانی نے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس بل میں روپے یا تنخواہ بڑھانےکا کوئی معاملہ نہیں چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر کے عہدے کو باہر ممالک میں کم حیثیت دی جاتی ہے۔

اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ بل کے تحت پروٹوکول کیلئے ان دونوں عہدوں کو نائب صدر کا اسٹیٹس مل جائےگا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی عمران خان پر سخت تنقید

0
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی عمران خان پر سخت تنقید

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سخت تنقید کے تیر چلا دیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ناحق سزا پانے والوں اور چوروں میں موازنے کا آئینہ پیش ہے، تم نے ہر جھوٹا مقدمہ بنایا لیکن نواز شریف سمیت ہم ڈٹ کر کھڑے رہے، عوام اور قیادت کو پتا تھا ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی اور امانت سمجھ کرعوامی خدمت کی۔

مریم اورنگریب نے کہا کہ نواز شریف سمیت ہم اسی لیے بہادری سے ڈٹ کر کھڑے رہے، یہ تصاویر جرآت بہادری اور فاداری کی ناقابل فراموش مثالیں ہیں، تمہاری فسطائیت، بدترین سیاسی انتقام اور ظلم و جبر کے منہ بولتے حقائق ہیں، چار نسلوں کا حساب دیا اور سرخرو ہوئے۔

’ہماری بہو بیٹیاں بہنیں تمہارے کم ظرف و حشیانہ انتقام کا نشانہ بنیں۔ تم نے مریم نواز کو نواز شریف کی کمزوری سمجھ کر باپ کے سامنے گرفتار کیا۔ مریم نواز کو سزائے موت کی چکی میں ڈالا۔ چیئرمین نیب کو بلیک میل کر کے جھوٹے مقدمات بنائے اور جیلوں میں ڈالا۔ تم اور تمہارے مسلح جتھوں نے قومی و حساس عمارتوں پر حملے کیے۔‘

انہوں نے کہا کہ تم اور تمہارے مسلح جتھوں نے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، ریڈیو پاکستان، مساجد، اسکول، اسپتال اور ایمبولنسز جلانے کے جرم پر مقدمے بنے، تم اور تمہاری کابینہ گرفتاری پر روتی، بھاگتی اور گیدڑوں کی طرح چھپتی پھرتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمہاری کابینہ چھوڑتی جا رہی ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے تم چور اور فارن ایجنٹ ہو، تمہاری کابینہ کو معلوم ہے کہ تم القادر ٹرسٹ کے 60 ارب کے ڈاکو ہو، تم اور تمہارے جتھوں نے وطن پر لشکر کشی کی اور کرائی، ہم سے اپنا موازنہ نہ کرو۔

’75 سالہ تاریخ میں سیاسی قائدین نے سیاسی مخالفت کی ہے۔ تم پہلے آر ٹی ایس ساختہ شخص ہو جس نے ملک کے ساتھ دشمنی کی۔ سب سے بڑھ کر ناقابل معافی جرم یہ ہے کہ تم نے ریاست سے دشمنی کی۔ ہم نے بہادری سے جبر کا سامنا کیا اور ملک، جمہوریت کی حفاظت کی اور کرتے رہیں گے۔‘

تحریک انصاف تو تحریک انتشار بن کر رہ گئی ہے، شیری رحمان

0
شیری رحمان

اسلام آباد: پیپلزپارٹی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف تو تحریک انتشار بن کر رہ گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپاٹی رہنما شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی حیرت نہیں ہے کہ سیاست دان پی ٹی آئی کو چھوڑ رہے ہیں، 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کو کوئی ریاست برداشت نہیں کرے گی جو کچھ کیا گیا وہ تابوت میں کیل ٹھوکنے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صبح کہتے ہیں انتشار کرو شام کو کہتے ہیں مجھے پتا نہیں تھا، یہ سیاست نہیں بلکہ انا پسندی اور فسطائیت کے زمرے میں آتا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ کسی کے برے وقت میں ڈھول بجانے کے قابل نہیں ہوں لیکن پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما اسی طرح اپنی غلطی کا ازالہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح لوگ علیحدگی کا اعلان کررہے ہیں پی ٹی آئی کا نظریہ بے نقاب ہورہا ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا پاکستان کی تاریخ میں ایسا دن نہیں دیکھا، شہدا کی یادگاروں کو بھی نہیں چھوڑا، واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

کے پی پولیس کا جلاؤ گھیراؤ میں ملوث مظاہرین کا ڈیٹا ایف آئی اے کو ارسال کرنے کا فیصلہ

0

پشاور :‌ خیبر پختونخواہ پولیس نے 9 اور 10 مئی کو جلاؤ گھیراؤ میں ملوث مظاہرین کا ڈیٹا ایف آئی اے کو ارسال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ پولیس نے جلاؤ گھیراؤ میں ملوث مظاہرین کا ڈیٹا ایف آئی اے کو ارسال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سی پی او نے کہا کہ بیرون ملک فرار کے خدشات کی بنا پر ڈیٹا ایف آئی اے کو ارسال کیا جائے گا، فوٹیجز اور تصاویر کی شناخت کے لیے نادرا سے مزید معاونت لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نگراں وزیراطلاعات خیبرپختونخوا فیروز جمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں نو، دس اور گیارہ مئی کو جن شرپسندوں نے املاک تباہ کیں، ان میں سے ڈھائی ہزار سے زائد کو گرفتار کرلیا گیا۔

فیروز جمال کا کہنا تھا کہ فوٹیجز اور تصاویر کی مدد سے ان افراد کی شناخت کی گئی، پی ٹی آٗئی کی مقامی قیادت سے بھی دوہزار سے زائد گرفتاریاں کی گئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کل 84 ایف آئی آر میں سے 18 اے ٹی اے کے تحت درج کی گئیں جبکہ 951 گرفتاریاں دہشت گردی مقدمات کے تحت ہوئیں۔

نقیب اللہ کیس، ملزمان کی مزید مقدمات میں ضمانت منظور

0
نقیب اللہ قتل کیس

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں مفرور دو ملزمان کی ضمانت منظور کر لی۔

تفصیلات کے مطابق نقیب اللہ قتل کیس میں مقدمات میں مفرور ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی تو عدالت نے ملزمان کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کو مجموعی طور پر مقدمات میں ڈیڑھ لاکھ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ملزمان نقیب اللہ قتل کیس میں مقدمے کی ابتدا سے مفرور تھے، جس پر انھیں انسداد دہشت گردی کورٹ نے اشتہاری قرار دے دیا تھا، ملزمان سندھ ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ نقیب اللہ قتل کیس میں راؤ انوار سمیت 18 ملزمان بری ہوئے تھے۔ نقیب اللہ محسود کو 13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں ایک جعلی مقابلے کے دوران مارا گیا تھا۔