ہوم بلاگ صفحہ 8176

امریکا میں 15 سال پرانی عمارت چند سیکنڈ میں زمین بوس،ویڈیو دیکھیں

0

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا میں 15 سال پرانی نامکمل عمارت صرف چند سیکنڈ کے اندر زمین بوس کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک شہر کے مرکز میں 15 سال سے لاوارث پڑی نامکمل عمارت زمین بوس کردی گئی۔

برک مین 2′ پلازہ نامی عمارت کی تعمیر 2007 روک دی گئی تھی تاہم نامکمل تعمیر کے باوجود یہ عمارت ڈاؤن ٹاؤن جیکسن ‘آئی شور’ کے نام سے مشہور ہوئی۔

جیکسن ویل کے حکام نے بتایا کہ عمارت کو منہدم کرنے کا عمل تاخیر کا شکار تھا، اس سے قبل عمارت کو 8 جنوری کو منہدم کرنا تھا۔

بعد ازاں فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل میں پرانی عمارت کو اتوار کی صبح 10 بجے ایک دھماکے کے ساتھ چند سکینٖڈ میں گرا دیا گیا۔

عمارت کے انہدام کے بعد جیکسن ویل کے میئر لینی کری نے کہا کہ میں اپنے پہلے سال سے ہی اس پر کام کر رہا تھا لیکن ایک کے بعد ایک رکاوٹ آئی تاہم اب ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا

0

راولپنڈی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ دونوں ٹیموں کے درمیان ڈرا ہوگیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں اوپننگ بلے باز امام الحق اور عبداللہ شفیق محتاط بلے بازی کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں۔

دوسری اننگز میں دونوں اوپنرز کی شاندار بلے کے بازی کے باعث پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 252 رنز بنائے، عبداللہ شفیق نے 136 جب کہ امام الحق 111 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پہلی اننگز میں پاکستان نے 476 رنز اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 459 رنز پویلین لوٹ گئی تھی۔

459 رنز پر پوری ٹیم کے ڈھیر ہونے سے پاکستان کو دوسری اننگز کا آغاز کرنے سے پہلے ہی 17 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

پاکستانی گیند بازوں میں نعمان علی زیادہ کامیاب رہے جنہوں نے 107 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 88 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں جب کہ نسیم شاہ اور ساجد خان نے 1، 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ریسٹورنٹ سے آرڈر کی گئی فرائیڈ چکن میں سے کیا نکلا؟

0

برطانیہ میں ایک خاتون ریستوران سے آرڈر کیے ہوئے فرائیڈ چکن میں کیڑا دیکھ کر پریشان ہوگئیں، خاتون کی شکایت پر ریستوران نے ان کے پیسے واپس کردیے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ویلز برطانیہ میں پیش آیا، ایک جوڑے نے ویک اینڈ نائٹ پر قریب واقع کے ایف سی سے فرائیڈ چکن لیا۔

خاتون کا کہنا ہے کہ چکن کھاتے ہوئے وہ فریج سے ڈرنک لینے کے لیے اٹھیں، واپس آئیں تو انہوں نے دیکھا کہ پلیٹ میں کچھ حرکت کر رہا تھا۔

انہوں نے غور کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک کیڑا تھا جو حرکت کر رہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی سخت کبیدہ خاطر ہوئے اور انہوں نے اپنا کھانا ادھورا چھوڑ دیا، اس واقعے کی وجہ سے وہ کئی دن تک ڈسٹرب بھی رہے۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ریستوران کو شکایت کیے جانے پر انہیں ان کی رقم واپس دے دی گئی، تاہم ان کے خیال میں یہ ایک سنگین غفلت تھی۔

جوڑے نے اس ریستوران سے کھانے والے دیگر افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایئر پورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیاء چوری ہونے کا انکشاف

0

کراچی : ہوائی سفر میں بھی مسافروں کا سامان غیرمحفوظ ہوگیا، ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر مسافروں کے سامان سے قیمتی اشیا چوری ہونے لگیں۔

ہوائی جہاز میں سفر کرنے والے ہوشیار رہیں، ملک مختلف ایئر پورٹس سے اندرون اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کو نئی مشکل نے گھیر لیا۔

ائیرپورٹ پر مسافر اپنے قیمتی سامان سے محروم ہونے لگے۔ مسافروں کے سامان پر ہاتھ صاف کرنے کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔

مسافر اپنے سامان کے چوری ہونے کے ڈر سے فکر مند ہوگئے، انہوں نے چوری میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ائیرپورٹ پر بیگ کے تالے توڑ کر ان میں موجود قیمتی اشیا کو چرا لیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس نے کراچی ایئرپورٹ پر کام کرنے والے تین ملازمین کو سامان چوری کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق سامان کی چوری ہونے کی واردات طیارے سے ٹرمنل بلڈنگ تک پہچانے کے دوران ہوتی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز میں باحفاظت سامان کی منتقلی ائیرلائن انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

جہیز میں گاڑی کیوں نہیں دی؟ دلہا نے ہال میں دلہن کی پٹائی کردی

0

نئی دہلی : مہنگی گاڑی اور چند ہزار کی رقم جہیز میں نہ ملنے پر دلہا دلہن کی پٹائی کرکے نکل گیا۔

بھارت سے اکثر ایسی خبریں وائرل ہوتی ہیں جس میں دلہا جہیز نہ ملنے یا کم ملنے پر بارات واپس لے جاتا ہے، مگر اس واقعے میں تو دلہا نے جہیز نہ ملنے پر دلہن کی درگت بنا دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ریاست ہریانہ میں شادی کی رسومات چل رہی تھی اور دلہا دلہن پنڈال میں موجود تھے کہ اچانک دلہا کو کسی بات کا علم ہوا اور وہ بپھر گیا۔

دلہا کو بتایا گیا تھا کہ دلہن والوں نے اس کی بتائی ہوئی مہنگی کار اور 30 ہزار روپے کا انتظام نہیں کیا، جس پر دلہا کی لڑکی والوں سے بحث ہوگی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق دلہا نے سجی سنوری دلہن کی پٹائی لگائی اور بارات لیکر دلہن کے بغیر ہی واپس نکل گیا۔

لڑکی والوں کو دلہے کے خلاف مقدمہ درج کروایا دیا، جس میں جہیز کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر بارات واپس لیجانے اور دلہن کی پٹائی کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔

خداداد خان کو وکٹوریہ کراس سے کیوں نوازا گیا تھا؟

0

برطانیہ کے سب سے بڑے عسکری اعزاز وکٹوریہ کراس کو بہادر سپاہیوں کے سینے پر سجانے کا سلسلہ 1857ء میں شروع ہوا تھا۔

1911ء میں دہلی میں شاہِ برطانیہ جارج پنجم نے اعلان کیا کہ اگر کوئی ہندوستانی سپاہی محاذِ جنگ پر قابلِ رشک کارنامہ انجام دے گا تو وہ بھی اس برطانوی اعزاز کا مستحق سمجھا جائے گا۔ خداداد خان برصغیر کے وہ پہلے سپاہی تھے جنھوں نے وکٹوریہ کراس اپنے سینے پر سجایا۔

پہلی عالمی جنگ میں برصغیر کے طول و عرض سے بھی چوڑے چکلے سینوں والے کڑیل جوان فوج میں بھرتی ہو کر یورپ کے مختلف محاذوں پر روانہ ہوئے تھے اور برطانیہ کی جنگ لڑی تھی۔ یوں تو کئی جوانوں کو محاذ پر پامردی سے دشمن کا مقابلہ کرنے پر عسکری اعزازات سے نوازا گیا تھا، لیکن وکٹوریہ کراس جیسا اعلیٰ ترین عسکری اعزاز پہلی مرتبہ خداداد خان کو دیا گیا۔ ان کا تعلق موضع ڈھب تحصیل چکوال، ضلع جہلم سے تھا۔ بلوچ رجمنٹ کا یہ سپاہی کراچی میں تعینات تھا جسے پہلی عالمی جنگ میں فرانس کے ایک محاذ پر جانے کا حکم ملا۔

24 اگست 1914ء کو وہ اور ان کے ساتھی سپاہی سمندر کے راستے کراچی سے روانہ ہوئے اور ستمبر میں فرانس کی ایک بندرگاہ پر اترے۔ انھیں ہولی بیک کے محاذِ جنگ پر بھیج دیا گیا جہاں خداداد خان نے بہادری کی مثال قائم کی۔

یہ 13 اکتوبر 1914ء کی بات ہے۔ سپاہی خداداد خان کے دستے کا کمان آفیسر دشمن کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا اور مشین گن چلانے والے پانچ سپاہی بھی یکے بعد دیگرے مارے گئے، لیکن زخمی ہوجانے والے خداداد خان نے اپنی مشین گن نہ چھوڑی اور محاذ پر ڈٹے رہے۔ جس مورچے پر خداداد خان موجود تھے، وہاں انھیں جرمنی کی دشمن فوج کا سامنا تھا۔

اس معرکے میں ساتھیوں کا جانی نقصان دیکھنے اور خود بھی زخمی ہوجانے کے باوجود سپاہی خداداد خان اپنے مورچے سے دشمن پر حملہ جاری رکھے ہوئے تھے، یہاں تک کہ انھیں واپس ہونے کا حکم دے دیا گیا اور واپسی پر ان کے کارنامے کے اعتراف میں حکومتِ برطانیہ کی جانب سے 31 اکتوبر 1914ء کو خداداد خان کے لیے سب سے بڑے عسکری اعزاز وکٹوریہ کراس کا اعلان کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اس سپاہی کو صوبیدار بھی بنا دیا گیا۔

یہ تمغہ ملکہ وکٹوریہ کے حکم پر جاری کیا گیا تھا جسے کریمیا کی جنگ میں روس سے چھینی دو توپوں کی دھات سے تیّار کیا جاتا ہے۔

وکٹوریہ کراس اور صوبیداری کے ساتھ خداداد خان کو ضلع منڈی بہاءُ الدّین کے چک پچیس میں پچاس ایکڑ زمین بھی الاٹ ہوئی اور وہیں ان کا مدفن بھی موجود ہے۔ صوبیدار خداداد خان 8 مارچ 1971ء کو راولپنڈی میں وفات پاگئے تھے۔

سام سنگ گلیکسی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی

0

سام سنگ گلیکسی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی ، ہیکرز نے سام سنگ گلیکسی اسمارٹ فونز کے آپریشنل کوڈز تک رسائی حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سام سنگ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سام سنگ سائبر حملوں کی ذر میں ہے اور ہیکرز نے کمپنی کا اندرونی ڈیٹا شمول گلیکسی اسمارٹ فونز کے آپریشنل کوڈز تک ہیکرز نے رسائی حاصل کرلی ہے۔

تاہم سام سنگ ابھی تک ہیکرز کو شناخت نہیں کرسکی لیکن مزید نقصان سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ سائبر حملے کے بعد ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ ہیکرز نے گلیکسی ڈیوائسز کے آپریشن کے کچھ سورس کوڈز تک رسائی حاصل کی لیکن صارفین یا ملازمین کی ذاتی معلومات محفوظ ہیں۔

سام سنگ نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور توقع ہے کہ اس حملے سے صارفین متاثر نہیں ہوں گے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں ایک ہیکنگ گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ سام سنگ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی، جس میں کمپنی کے خفیہ سورس کوڈز موجود ہیں ، ان کوڈز سے ڈیوائس کے سیکیورٹی سسٹمز کمزور ہوسکتے ہیں۔

ذہانت کا امتحان : کیا آپ اس تصویر میں چھپا کچھوا تلاش کرسکتے ہیں؟

0

لین اسٹور نامی ویب سائٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو ایک بڑا چلینج دے دیا ، اب دیکھتے ہیں کون کون اس تصویر میں چھپے کچھوے کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوتا ہے۔

انٹرنیٹ پر زیر گردش تصاویر صارفین کو الجھا دیتی ہیں اور ذہین افراد اپنی فطرت کے مطابق ان کا درست جواب تلاش کرنے میں بے حد دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔

انٹرنیٹ صارفین کی ذہانت کو جانچنے کے لیے نت نئی پہیلیاں سامنے لانے کا مقصد اُن کی ذہنی آزمائش کو جانچنا ہوتا ہے، اسی سلسلے
لین اسٹور (lenstore) نامی ویب سائٹ نے کچھ ایسی تصاویر کی سیریز جاری کی ہے جن میں مختلف شکلیں چھپی ہوئی ہیں۔

ویب سائٹ نے صارفین کو تصویر میں چھپا کچھوا تلاش کرنے کا چلینج دیا ہے۔

تصویر میں کنول کے پتوں میں چھپے ہوا کچھوا نظر آنے کے باوجود آسانی سے پکڑ میں نہیں آرہا، اگر آپ ذہین ہیں تو تصویر کو غور سے دیکھیں اور جواب تلاش کریں۔

اعداد و شمار سے ایک دلچسپ بات سامنے آئی ہے کہ خواتین کی بڑی تعداد نے یہ پہیلی بہت کم وقت میں حل کی، اب تک صرف 46 فی صد لوگ ہی کچھوا ڈھونڈنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔

درست جواب دیکھنے کے لیے اسکرول نیچے کریں

’اپنے دشمنوں اور پیار والے دوستوں کو جانتا ہوں‘

0

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ نہ صرف اپنے دشمنوں بلکہ پیار والے دوستوں کو بھی جانتے ہیں، وقت آ گیا ہے مسند اقتدار کسی شریف آدمی کو سونپی جائے۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کا بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں روات سے آغاز ہو گیا ہے، بلاول کے والد آصف زرداری نے بھی پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ میں انٹری دی اور مارچ سے خطاب کیا۔

انھوں نے کہا کراچی سے جو چہرے یہاں آئے ان کو جانتا ہوں، اپنے دشمنوں کو بھی اور پیار والے دوستوں کو بھی جانتا ہوں۔

شریک چیئرمین نے کہا وقت آگیا ہے آگے بڑھ کر ناپاک وزیر اعظم کو نکالیں، اور اس کی جگہ کسی اور شریف آدمی کو بٹھائیں جو ملک چلا سکے، ہم مہنگائی اور عوام کی تکلیف دور کریں گے، غریب اور عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔

حکومت کہیں نہیں جارہی، مزید تگڑی ہوکر آئے گی، وزیراعظم کا اپوزیشن کو دو ٹوک پیغام

بلاول زرداری نے مارچ کے آغاز پر خطاب میں کہا کہ واپسی کا راستہ نہیں اب آگے ہی جائیں گے۔ بلاول نے اپنے والد کے لیے ایک زرداری سب پر بھاری کا نعرہ بھی لگایا۔

انھوں نے کہا ہم مکمل پلاننگ سے میدان میں نکلے ہیں، ہر صورت تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کرائیں گے، ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

ٹک ٹاکر خاتون کی ویڈیو میں اچانک "بھوت” آگیا، خوفناک منظر

0
بھوت

آج کل انٹرنیٹ پر عجیب و غریب اور کبھی کبھی بالکل دل دہلا دینے والے مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں کچھ تو ویڈیو ایڈیٹنگ کا کمال ہوتے ہیں اور کچھ حقیقیت سے اتنے قریب ہوتے ہیں کہ انہیں جھٹلایا نہیں جاسکتا۔

ایک ایسا ہی معاملہ ایک ٹک ٹاکر خاتون کے ساتھ پیش آیا ہے، ایسمیرالڈا نامی ایک خاتون جو ٹک ٹاک پر ونڈر وومن11 کے نام سے جاتی ہے۔

خاتون نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ صوفے پر موجود ہے لیکن اس کے ساتھ بیٹھی ایک خوفناک سیاہ شخصیت بھی دکھائی دے رہی ہے۔

مذکورہ خاتون اس وقت گھر میں اکیلی تھی، اس پورے واقعے کی تصاویر اور ویڈیو نے صارفین کو حیران اور خوفزدہ کردیا ہے ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔

یہ منظر اسے اپنے سامنے رکھے ہوئے ٹی وی پر دکھائی دیا جو اس وقت بند تھا اور ٹی وی کی اسکرین پر سیاہ رنگ کا سایہ ساتھ ہی موجود تھا۔

پہلے تو خاتون اسے دیکھ کر خوفزدہ ہوئی اور پھر خود پر قابو رکھتے ہوئے پہلے اپنے کیمرے کو بائیں اور پھر دائیں طرف کیا تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ وہ گھر میں اکیلی ہے، پھر اس نے کیمرہ اپنے ٹیلی ویژن کی طرف موڑ دیا۔

ایسمیرالڈا کا کہنا تھا کہ عکاسی سے پتہ چلتا ہے کہ میرے ساتھ ایک پورا شخص بیٹھا ہوا ہے، جو ایک سائے کی صورت میں ہے۔

مذکورہ ویڈیو پر صارفین کی جانب سے کمنٹس میں مختلف ردعمل کا اظہار کیا گیا جب کہ کچھ لوگوں نے اس ویڈیو کو ایڈٹ شدہ کہا تو کسی نے اس کو واقعی بھوت قرار دیا اور اس کا موازنہ ہارر فلم "دی رنگ” کے ایک کردار سے کیا۔