ہوم بلاگ صفحہ 9276

سعودی عرب آنے کیلئے کسی دوسرے ملک میں قیام کا دورانیہ کم ہوگیا؟

0

ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ(جوازات) نے ممنوعہ ممالک سے مملکت آنے کے لیے کسی دوسرے ملک میں قیام کے دورانیہ کی وضاحت پیش کی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوازت کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک شہری نے دریافت کیا کہ سعودی عرب جانے کے لیے دبئی میں کتنے دن قیام کرنا پڑتا ہے؟ جس پر محکمہ پاسپورٹ نے جواب دیا۔

مملکت کے محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ سفری پابندی کے شکار ممالک سے براہ راست وہی تارکین وطن مملکت آ سکتے ہیں جنہوں نے سعودی عرب میں رہتے ہوئے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں جبکہ آن لائن پلیٹ فارم توکلنا پر ان کا اسٹیٹس ’امیون‘ ہونا بھی ضروری ہے۔

براہِ راست سعودی عرب کی پروازیں کب سے کھلیں گی؟ حکومت نے بتا دیا

جبکہ وہ افراد جنہوں نے مملکت میں ویکسین نہیں لگوائی اور ان کا تعلق ممنوعہ ممالک سے ہے وہ کسی ایسے ملک میں جہاں سے مسافروں کی آمد پر پابندی نہیں وہ ان ممالک میں 14 دن قیام کرنے کے بعد سعودی عرب آسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے پاکستان، بھارت، بنگلادیش، مصر اور انڈونیشیا سے براہ راست مملکت کا سفر ممنوع قرار دے رکھا ہے، ایسے ممالک کے باشندوں کو کسی دوسرے ملک میں چودہ دن قیام کرنا پڑتا ہے۔

ہڑتال کا اعلان ہوگیا

0

فلور ملز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فلورزملزایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا نے مطالبہ کیا ہے کہ پنڈی ڈویژن کو مقامی کوٹے سے گندم مہیا کی جائے بصورت دیگر ہڑتال کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کی فلورملز کو گندم جنوبی پنجاب سے خریدنے کی ہدایت کی گئی ہے، جنوبی پنجاب سےگندم اٹھائیں گے تو ایک بوری پر 350روپے اضافی دینے پڑیں گے۔

عاصم رضا نے خدشہ ظاہر کیا کہ جنوبی پنجاب سے گندم لانے کی صورت میں آٹے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگا۔

فلورزملزایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ پنڈی ڈویژن کو مقامی کوٹے سے گندم مہیا کی جائے، پنڈی انتظامیہ کے رویے کے باعث مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا نہیں گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے 15کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں بھیجا ہے۔

پاکستان کا جذبہ خیر سگالی، متعدد بھارتی ماہی گیر رہا

0

کراچی: پاکستان کا جذبہ خیر سگالی، سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 20 ماہی گیروں کو رہا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ایک بار جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملیرجیل سے 20 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کردیا ہے، ماہی گیر پاکستان کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گرفتار ہوئے تھے اور چار سال سے سزا کاٹ رہے تھے۔

جیل سپریٹنڈنٹ ارشد شاہ کے مطابق بھارتی حکام نے رہائی پانے والوں کی بھارتی شہریت کی تصدیق کی ہے، ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر کے زریعے بھارت بھیجا جائے گا، قیدیوں کےتمام سفری اخراجات ایدھی ویلفیئربرداشت کررہاہے۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں موجود قیدیوں کے تمام قانونی کارروائی پوری ہوچکی، قیدیوں کو فوری جذبہ خیر سگالی کے تحت رہاکیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا جذبہ خیر سگالی، ایک ماہ میں‌ 360 بھارتی ماہی گیر رہا

جیل حکام نے مزید بتایا کہ ابھی بھی ملیر جیل میں588بھارتی قیدی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کی جانب سے حراست میں لیے جانے والے بھارتی ماہی گیروں کا انسانی حقوق کی بنیاد پر ہر طرح کا خیال رکھا جاتا ہے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جبکہ اس کے برعکس بھارتی جیلوں میں پاکستانی ماہی گیروں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ناظم جوکھیو قتل کیس: بڑی پیشرفت، پولیس کے ہاتھ قیمتی ثبوت آگیا

0

کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس کو مقتول کا موبائل فون اور کپڑے کنویں سے مل گئے ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق تحقیقات کرنے والی ٹیم کو مقتول کا موبائل فون اور کپڑے کنویں سے ملے ہیں، تحقیقاتی ٹیم نے موبائل ڈیٹا کی مدد سے تفتیش تیز کردی۔

جام گوٹھ میں افضل جوکھیو، نیاز اور جام عبدالکریم کے موبائل فون کی لوکیش بھی سامنے آئی۔ مقتول کی آڈیو اور وڈیو کو مرکزی شواہد کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے ناظم جوکھیو کو سر پر لگنے والا ڈنڈا جان لیوا ثابت ہوا، تفصیلی میڈیکل رپورٹ سے مزیدحقائق سامنےآئیں گے، تفیشی ٹیم نے مقتول کے بھائی افضل جوکھیو کے ساتھ جائے واقعہ کا دورہ کیا۔

ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت منظور

تفتیش کرنے والی ٹیم نے کہا کہ ناظم جوکھیو کا موبائل اور کپڑے فرانزک کے لیے بھجوائے جائیں گے، ناظم جوکھیو کی لاش کی اطلاع 3نومبر 2بجے مدد گار پولیس کو شہری نے دی تھی۔

افضل جوکھیو نے پولیس حکام کو بتایا کہ ملزم نے ناظم کو موبائل ان لاک کرنے کو بھی کہا تھا۔

(ق) لیگ کو بڑا دھچکا، چوہدری برادران کے قریبی ساتھی پارٹی چھوڑ گئے

0

ڈسکہ: پنجاب میں (ق) لیگ کو بڑا دھچکا، چوہدری برادران کے قریبی ساتھی اور دست راست پی ٹی آئی کو پیارے ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ق) پنجاب سلیم بریار نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی ہے، سلیم بریار نے شمولیت سینیٹر سیف اللہ نیازی، اعجازچوہدری کی موجودگی میں کی، اس موقع پر فردوس عاشق اعوان اور احسن سلیم بریاربھی موجود تھے۔

سلیم بریار کا شمار (ق) لیگ کے سرکردہ رہنماؤں میں کیا جاتا تھا، وہ چوہدری برادران کے قریبی ساتھی اور دست راست تھے۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی میں عشرت العباد اور فاروق ستار کی ملاقات، یکجا ہوکر حکمت عملی بنانے پر اتفاق

پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر سلیم بریار کا کہنا تھا کہ بیٹا پی ٹی آئی سے ایم پی اے ہےتوباپ کیسےدوسری پارٹی میں رہتا؟۔

سلیم بریار نے کہا کہ عالمی بحرانوں میں عمران خان ہی پاکستان کی واحد امید ہیں، عمران خان کے قد کا کوئی دوسرا رہنما ہمارے پاس نہیں، وزیراعظم ملک کو درپیش مسائل سےجلدنکال لیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیالکوٹ سے نو منتخب ایم پی اے احسن سلیم بریار کو اپنا معاون خصوصی مقررکیا تھا، سلیم بریار،احسن سلیم بریار کے والد ہیں۔

براہِ راست سعودی عرب کی پروازیں کب سے کھلیں گی؟ حکومت نے بتا دیا

0

ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے مملکت کے لیے براہ راست پروازوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وضاحت جاری کی ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوازات کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک شہری نے سفری پابندی سے متعلق استفسار کیا کہ مملکت کے لیے براہ راست فلائٹس کب تک کھلیں گی؟۔

محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ جیسے ہی اس بارے میں پالیسی کا اعلان ہوگا مطلع کردیں گے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے سفری پابندیوں کے حوالے سے ممنوعہ ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ اقامہ ہولڈرز جو خروج وعودہ پر اپنے ملک گئے ہوئے ہیں اور موجودہ پابندی کے باعث مملکت نہیں آسکتے۔

سفری پابندی سے متاثرہ غیرملکیوں کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں 30 نومبر تک مفت توسیع کے احکامات پر عمل جاری ہے۔

محکمہ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے اشتراک سے معاملات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں مفت توسیع مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔

ایکواڈور کا جیل ‘قبرستان’ بن گیا، ہر طرف لاشیں ہی لاشیں

0

کوائیٹو: ایکواڈور کی جیل میں ایک بار پر شدید ہنگامے پھوٹ پڑے، پرتشدد فساد کے دوران اڑسٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکواڈور کے انتہائی بدنام جیلوں میں سے ایک میں ساحلی شہر گوایاکوئل کی جیل میں پرتشدد فساد کے دوران کم از کم 68 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ مخالف گروہوں سے تعلق رکھنے والے مسلح قیدیوں کے درمیان جھڑپوں میں دونوں گروہوں کے لوگوں نے بندوقیں، چاقو اور دھماکہ خیز مادے استعمال کیے جس کے باعث بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی۔

ایکواڈور کے جیلوں کا نظام انتہائی خراب ہے، وہ تصادم کی وجہ سے جنگ کا میدان بن چکے ہیں، منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے منسلک گروہوں سے وابستہ قیدیوں کے درمیان تصادم معمول کی بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایکواڈور : جیل میں دو گروپوں میں خونریز تصادم، 100 افراد ہلاک

وسطی امریکی ریاست میں جیلوں میں ہلاکت خیز تصادم کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے، رواں برس ستمبر میں بھی جیل ہنگاموں میں ایک سو انیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری بڑی وجہ ایکواڈور کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں اور ضرورت سے کم اہلکاروں کی تعیناتی ہے جس کی وجہ سے پیش آنے والے تصادم کے واقعات کے سلسلے کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔

واضح رہے کہ ایکواڈور کی جیلوں میں تصادم اور فسادات کے واقعات کے مدنظر صدر گوئلرمو لاسو نے جولائی میں جیلوں کے نظام میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فرمان جاری کیا تھا۔

کون بنے گا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فاتح؟ فیصلہ آج ہوگا

0

دبئی: کیا نیوزی لینڈ سال میں دوسری بار آئی سی سی کی ٹرافی تھامے گا؟ یا کینگروز جیت کر تاریخ رقم کرے گا؟ فیصلہ آج دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل آج نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 7 بجے شروع ہو گا۔

دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فاتح کا تاج سر پر سجانے کے لیے میدان میں اتریں گی،دونوں ٹیموں کا اس سے قبل کبھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنا سامنا نہیں ہوا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نےایونٹ میں اب تک 1،1 میچ ہارا ہے ناک آؤٹ میچوں میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری16 بار کیویز کو ہرا چکی ہے۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد بلیک کیپس ایک سال میں دوسری ٹرافی اٹھانےکیلئے بےقرار ہیں۔

آسٹریلیا کو فائنل کھیلنےکا تجربہ ہے دوہزار دس میں وہ فائنل پہلی بار فائنل میں پہنچے لیکن انگلینڈ سےہارگئے۔

کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ فائنل میں بھی ٹاس اہم ہوگا، دوسری بیٹنگ والی ٹیم فیورٹ ہوگی۔

فائنل جیتنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی جبکہ ٹورنامنٹ کی رنر اپ ٹیم کو 8 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔

کرونا وبا: مثبت کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری، مزید 11 اموات

0

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے، عالمی وبا سے مزید 11 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 11 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 606 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 263 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 79 ہزار 636 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینگی بخار میں کن غذاؤں کا استعمال کیا جائے؟

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 33 ہزار 767 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 263 مثبت نکلے، 24گھنٹےمیں کرونا کےٹیسٹ مثبت آنےکی شرح0.77فیصد رہی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 11 سو 14 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔

گوگل سیٹلائٹ کی مدد سے سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے محفوظ رکھنے کا منصوبہ

0

کراچی: ملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے بچانے اور اُس کی مکمل نگرانی کےلیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق زمینوں کو قبضہ مافیاسے محفوظ بنانےکیلئےملیر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اراضی کی نگرانی کیلئےگوگل سیٹلائٹ مانیٹرنگ کی مددلینےکافیصلہ کیا ہے۔

سیکریٹری ایم ڈی اے نے وفاقی حکومت کے محکمہ سپارکو سے رابطہ کر کے اراضی کی نگرانی کیلئے مدد مانگ لی ہے۔

ایم ڈی اے کی جانب سے ارسال کیے جانے والے خط میں استدعا کی گئی ہے کہ سپارکو زمینوں کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ سسٹم بنانے میں مدد فراہم کرے، ایم ڈی اےکی زمینوں کی نگرانی کیلئے تکنیکی سہولت فراہم کی جائے۔

ایم ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق سسٹم بنانےکا مقصدایم ڈی اےکی حدود میں موجود سرکاری اراضی کو محفوظ بنانا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی کے بالخصوص مضافاتی علاقوں میں قبضہ مافیا کے بااثر افراد سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے وہاں رہائشی سوسائٹیز تعمیر کرلیتے ہیں، جن کے خلاف آپریشن کیا جائے تو ٹیموں کو مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔