ہفتہ, نومبر 2, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9965

پی سی بی نے ’ڈراپ ان پچز‘ کا منصوبہ مؤخر کردیا

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈراپ ان پچز کا منصوبہ موخر کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی نے ڈراپ ان پچز کا منصوبہ موخر کرتے ہوئے ان پچز کے لیے آسٹریلوی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلیں، کنسلٹنٹ سے ڈراپ ان پچز کے حوالے سے رائے لی جائے گی۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہےکہ آسٹریلیا سے پچزکی تیاری کے لیے مٹی بھی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا ہے، آسٹریلوی کنسلٹنٹ ڈراپ اِن پچز سے متعلق تجاویز اور سفارشات دیں گے،کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں ڈراپ اِن پچز بچھانےکا فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے 2 ڈراپ اِن پچز منگوانے کا اعلان کیا تھا، اس سلسلے میں ایک کمپنی کے ساتھ 37 کروڑ روپےکا معاہدہ بھی ہوا تھا اب یہ رقم پچز کی ڈیولپمنٹ پر خرچ کی جائے گی۔

ڈراپ اِن پچز کیا ہوتی ہیں؟

عام طور پر کرکٹ گراؤنڈ میں ہی پچ تیار کی جاتی ہے لیکن ڈراپ اِن پِچز میں ایسا نہیں ہے، دراصل ڈراپ اِن پچز ایسی پچز ہیں جنہیں کھیلے جانے والے میچ کے اصلی مقام سے دور تیار کیا جاتا ہے اور بعد میں میچ کے وقت اس مقام پر منتقل کردیا جاتا ہے۔

ڈراپ اِن پچ کو گراؤنڈ سے باہر ایک لوہے کے سانچے کے اندر تیار کیا جاتا ہے جس میں نیچے پہلے مٹی اور اوپر گھاس کی تہہ لگائی جاتی ہے ،ان دونوں تہوں کو کافی عرصے تک اسی لوہے کے سانچے میں رکھا جاتا ہے جب تک کہ پچ مکمل تیار نہیں ہوجاتی۔

جب یہ پچ میچ کے مطابق تیار ہوجاتی ہے تو انہیں مشین (کرین) کی مدد سے لوہے کے سانچے سمیت گراؤنڈ میں لایا جاتا ہے اور پچ کی جگہ منتقل کیا جاتا ہے۔

نیٹو کا یوکرین میں 15 ہزار روسی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ

0
یوکرین

نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (نیٹو) نے یوکرین کے خلاف جنگ میں 15 ہزار روس فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوجی اتحاد نیٹو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے میں ایک ماہ کے دوران 7 ہزار سے 15 ہزار روسی فوجی ہلاک ہوچکے۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو آج ایک ماہ مکمل ہوچکا ہے، اس دوران کئی روسی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ روس نے یوکرین کے ساتھ جنگ میں اپنے درجنوں فوجیوں کی ہلاکت اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین میں روس کے 498 فوجی ہلاک جب کہ 1500 سے زائد زخمی ہوئے۔

دوسری جانب نیٹو کی رکنیت کا خواہشمند فن لینڈ نے روس کے خلاف یوکرین کو جنگی ہتھیاروں کی فراہمی کے بعد دفاعی ساز و سامان کی کھیپ بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

روس کے یوکرین پر حملہ کرنے کے چار دن بعد فن لینڈ نے جنگی علاقوں میں ہتھیاروں کی فراہمی نہ کرنے کے اپنے دیرینہ اصول کو توڑا اور اعلان کیا کہ وہ کیف کو ٹینک شکن ہتھیار، اسالٹ رائفلیں اور گولہ بارود بھیجے گا۔

یوکرین کے صدر زیلنسکی کی جانب سے یورپی یونین اور نیٹو سے اپنی فوجی امداد میں اضافے کی درخواستوں کے بعد کئی ممالک بشمول سویڈن، برطانیہ اور جرمنی نے اس ہفتے یوکرین کو نئی کھیپ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

کیا چوہدری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں؟ فواد چوہدری کا اہم بیان

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا چوہدری نثار سے متعلق اہم بیان آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے چوہدری نثار کی ملاقات چند ماہ قبل ہوئی تھی۔

اینکر نے پوچھا کہ چوہدری نثار تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں آپ کے پاس ایسی کوئی خبر ہے؟

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے چوہدری نثار کو الیکشن سے پہلے بھی شمولیت کا کہا تھا لیکن ہمیں ان کی شمولیت سے قبل غلام سرور خان کی رائے لینا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان ہمارے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، ہم ان کے علم میں لائے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر چوہدری نثار پی ٹی آئی میں آجاتے ہیں تو ہمیں فائدہ ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاملے پر بھی 27، 28 مارچ کے بعد بات ہوگی، عثمان بزدار پر بھی کافی چیزیں آگے بڑھی ہیں، ہماری اس وقت توجہ 27 مارچ کے جلسے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ارکان میڈیا پر آئے تھے جن میں سے چھ سے سات ارکان واپس آگئے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ دو یا تین ارکان رہ جائیں گے باقی سب واپس آجائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اتحادی اعلان کردیں گے تو ایک دو لوگ رہ جائیں گے باقی واپس آجائیں گے، اتحادیوں کے فیصلے سے بہت سی چیزیں سامنے آنا شروع ہوجائیں گی، اپوزیشن اگر عدم اعتماد میں ہار جائے گی تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکرنے فیصلہ کرنا ہے منحرف ارکان کے ووٹ کی حیثیت کیا ہے، آئین میں جہاں مدت نہیں وہاں نااہلی تاحیات ہے۔

قومی اسمبلی اجلاس: متحدہ اپوزیشن کی اراکین کو اہم ہدایات

0
قومی اسمبلی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کےخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر متحدہ اپوزیشن نےقومی اسمبلی اجلاس سے متعلق حکمت عملی تیار کرلی۔

ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے اپنے اراکین کو 10 بجے پہنچنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اراکین اجلاس سے قبل نشستوں پر بیٹھیں اور ایوان سے باہر نہ جائیں۔

اپوزیشن اراکین کو ایوان میں کسی قسم کا شور نہ کرنےکی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ خاموش رہنےکی ہدایت کا مقصد اسپیکر کو اجلاس ملتوی کرنےکاموقع نہ دیناہے۔

قومی اسمبلی کے غیرمعمولی اجلاس سے متعلق ارکان کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں ایم این ایز، وزرا کے سیکورٹی گارڈز اور ذاتی عملے کو ساتھ لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

اراکین مخصوص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کے پابندہوں گے اور ایم این ایز کو شٹل سروس کے ذریعے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچایا جائے گا۔ قومی اسمبلی سیشن میں مہمانوں کے داخلے پر پابندی ہو گی۔ اجلاس کیلئےسیکورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سجل علی اور دنانیر مبین کی تصاویر کے چرچے

0

پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کی ساتھی اداکارہ سجل علی کے ساتھ تصاویر وائرل ہوگئیں۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’صنف آہن‘ سے اداکاری کا آغاز کرنے والی پاوری گرل دنانیر مبین نے انسٹاگرام پر نئی تصاویر شیئر کیں جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

اداکارہ نے اسلام آباد میں گزشتہ روز منعقدہ پاکستان ڈے میں شرکت کی تصاویر شیئر کیں۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دنانیر مبین کے ساتھ کبریٰ خان، سجل علی، حریم فاروق اور شہریار خان موجود ہیں۔
دنانیر نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یوم پاکستان کی مبارک باد بھی دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یومِ پاکستان پریڈ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان کے نامور ستاروں سے ملاقات بھی کی تھی۔

واضح رہے کہ سجل علی، کبریٰ خان اور دنانیر مبین اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل صنف آہن میں مرکزی کردار ادا کرریہ ہیں، ڈرامے میں انہیں فوج میں بھرتی ہوتے دکھایا گیا ہے۔

کتے نے مالکن کو بھنبھوڑ ڈالا، ویڈیو سامنے آگئی

0

کولمبیا میں 25 سالہ خاتون کے پالتو کتے نے انہیں بھنبھوڑ کر شدید زخمی کر دیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

خاتون اپارٹمنٹ کی لفٹ کے باہر جوتوں کے تسمے باندھ رہی تھیں کہ کتے نے حملہ کر دیا۔ ویڈیو میں خاتون کو اپنے کتے کو لفٹ کے اندر لے جانے کے لیے گھسیٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

کتے نے مالکن کا بازو بڑی مضبوطی سے جبڑے سے پکڑے رکھا جب کہ خاتون اپنا بازو چھڑانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی رہیں۔

ایک موقع پر خاتون جبڑے سے ہاتھ چھڑانے میں کامیاب ہوگئیں اور اور انہوں نے فوراً سے لفٹ کا بٹن دبا دیا اور پہلی منزل پر پہنچ گئیں۔

آخر کار خاتون کی ایک رشتہ دار نے مدد کی اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ خاتون کا بازو خون میں لت پت تھا جب کہ انہیں جسم کے دیگر حصوں پر بھی زخم آئے۔

کس بیماری میں تربوز کھانا نقصان پہنچا سکتا ہے؟

0

تربوز کو گرمیوں کا دشمن کہا جاتا ہے جس کا استعمال موسم گرما میں بڑھ جاتا ہے، رمضان المبارک کی آمد آمد ہے اور تقریباً ہر گھر میں افطاری کے اوقات میں تربوز کا استعمال کیا جائے گا۔

تربوز کے بہت سارے فائدے ہیں جیسے یہ پھل ڈی ہائیڈریشن سے محفوظ رکھتا ہے اور ساتھ میں پانی کی کمی کو بھی پورا کرتا ہے۔

تربوز کا استعمال کس بیماری میں نقصان کا سبب بن سکتا ہے؟

جیسا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے وہیں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے تربوز کا زیادہ استعمال خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

طبی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تربوز صحت کے لیے ایک بہترین پھل ہے مگر اس کا زیادہ استعمال شوگر کے مریضوں کے لیے نقصان کا باعث بنتا ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں کو تربوز کا استعمال دوسری غذاؤں کے ساتھ ملا کر کرنا چاہیے جن میں چکنائی، پروٹین اور فائبر کی مقدار بھی شامل ہو اس عمل سے شوگر کے مریض کا پیٹ زیادہ دیر تک بھرا رہتا ہے اور خون میں مٹھاس کے جذب ہونے کی رفتار بھی سست ہو جاتی ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ تربوز میں پانی زیادہ ہونے کے سبب اس کا زیادہ استعمال صحت کو نقصان پہنچا سکتا ہے لیکن وہیں غذائی ماہرین یہ بھی کہتے ہیں ذیابیطس کے مریض تربوز کو دیگر پھلوں اور سبزیوں کے ساتھ ملا کر کھا سکتے ہیں۔

نوٹ:ذیابیطس کے مرض میں مبتلا افراد اپنے معالج کے مشورے کے مطابق تربوز کا استعمال کریں۔

ایپل کے مقابل نئی کمپنی کا پہلا اسمارٹ فون

0

ایپل کے مقابل ایک نئی کمپنی نتھنگ نے اپنے پہلے اسمارٹ فون سے متعلق اعلان کر دیا ہے۔

ون پلس جیسے کامیاب اسمارٹ فون برانڈ کے شریک بانی کارل پائی نے اپنی ایک نئی کمپنی نتھنگ کی بنیاد رکھی، یہ کمپنی اب ایپل کو حقیقی ٹکر دینے جا رہی ہے۔

ایک ایونٹ میں کارل پائی نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ نتھنگ کا مقصد ‘ایپل کا سب سے زبردست متبادل’ بننا ہے، اور ایسی مصنوعات لانی ہیں جو بغیر کسی رکاوٹ تسلسل کے ساتھ روانی سے چلتی ہوں۔

یہ کمپنی درحقیقت اسمارٹ فون مارکیٹ میں قدم رکھنے کی تیاری کر رہی ہے، نتھنگ فون 1 آئندہ چند ماہ میں پیش کیا جا رہا ہے، جس میں نتھنگ او ایس اور اینڈرائیڈ پر مبنی کسٹم یوزر انٹرفیس ہوگا۔

کارل پائی نے کہا کہ نتھنگ فون 1 اس وقت اسمارٹ فون کی سوئی ہوئی انڈسٹری کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، جو اپنی طرز کے منفرد ڈیزائن سے لیس ہوگا۔ کمپنی کی جانب سے فون کی تفصیلات تو نہیں بتائی گئیں مگر یہ واضح عندیہ دیا گیا کہ وہ پراسیسر کے لیے کوالکوم اور سام سنگ سے شراکت داری کر سکتی ہے، اسی طرح سونی اور ویژنکس بھی پرزے فراہم کرنے والی اہم کمپنیاں ہوں گی۔

کارل پائی نے تصدیق کی کہ فون کے بارے میں مزید تفصیلات موسم گرما میں شیئر کی جائیں گی جو کہ فون کے متعارف ہونے کی ممکنہ تاریخ بھی ہے۔

کمپنی نے فون کے ساتھ 3 آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس اور 4 سال تک اینڈرائیڈ سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا، کمپنی کی جانب سے ایک عجیب ڈیزائن بھی شیئر کیا گیا ہے جو ممکنہ طور پر نتھنگ فون 1 کا بیک ڈیزائن ہوگا۔ نتھنگ او ایس لانچر اپریل سے مخصوص اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں استعمال اور ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

کمپنی کے مطابق نتھنگ او ایس زیادہ ہموار اور تیز رفتار تجربہ فراہم کر سکے گا۔

موٹر کار کا وہ حادثہ جس میں‌ دنیا کا پہلا انسان ہلاک ہوا!

0

ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی افسوس ناک سنتے ہوئے آپ کے ذہن میں‌ شاید یہ سوال بھی آیا ہو کہ دنیا میں پہلا کار حادثہ کب ہوا یا کسی موٹر کار کی وجہ سے ہلاک ہونے والا پہلا انسان کون تھا؟

1840ء کے بعد یہ خیال کیا جارہا تھا کہ ایسی موٹر کاریں تیّار کی جاسکتی ہیں جنھیں بہت جلد بھاپ کی مدد سے چلانا ممکن ہوگا، لیکن ایسا نہیں‌ ہوسکا۔ اس زمانے کی یہ کار گزاری اور ایجاد ریل کے لیے تو کارآمد ثابت ہوئی، لیکن چوں کہ کاریں بہت وزنی اور بھاری ہوتی تھیں، اس لیے ان کا ناہموار زمین پر چلنا آسان نہ تھا۔ تاہم اس حوالے سے سائنس دان اور موجد تجربات اور آزمائشوں میں مصروف تھے اور موٹر کاریں بھی بنائی جارہی تھیں۔

آئرلینڈ کی رہائشی میری وارڈ کے ایک کزن نے بھی ایک موٹر کار تیّار کی اور 31 اگست 1869ء کو اس کی آزمائش کے لیے گھر سے نکلا۔ میری وارڈ بھی اپنے کزن کے ساتھ بھاپ سے چلنے والی اس کار میں سوار ہوگئی۔ اس کا شوہر، دو رشتہ دار اور ان کے ایک استاد بھی اس گاڑی کے مسافر تھے۔ موٹر کار آگے بڑھی۔ سبھی مسافر اس آزمائشی سفر کے دوران ایک انجانی مسرّت محسوس کررہے تھے۔

وہ سوچ بھی نہیں‌ سکتے تھے کہ خوشی کے یہ لمحے اور بے پناہ مسرّت انھیں ایک آزار کی جانب دھکیل رہی ہے اور اس کار کا ایک مسافر، جو ان کا اپنا ہے، موت کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ایک مقام پر جب تنگ موڑ آیا تو اچانک میری وارڈ گاڑی سے باہر جاگری اور اسی گاڑی کے نیچے آکر کچلی گئی۔ اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

کہتے ہیں‌ کہ یہی میری وارڈ وہ پہلی انسان تھی جو موٹر کار کی وجہ سے اپنی زندگی سے محروم ہوگئی۔ حادثے کے وقت اس کی عمر 42 سال تھی۔

میری وارڈ آئرلینڈ میں 1827ء میں پیدا ہوئی تھی۔ وہ ایک ایسے خاندان کی فرد تھی جو بالخصوص سائنس کے لیے معروف تھا۔ میری بھی نہایت قابل اور باصلاحیت لڑکی تھی جو کم عمری ہی میں قدرتی ماحول، مظاہرِ فطرت اور فلکیات میں دل چسپی لینے لگی تھی۔ یہ اپنے والد ہنری اور والدہ ہیرٹ کنگ کی تیسری اولاد تھی۔ اس زمانے میں لڑکیوں کو گھر پر تعلیم دینے کا رواج تھا اور کالج یا جامعات میں ان کا داخلہ حاصل کرنا مشکل تھا۔ میری وارڈ اور اس کی بہنوں کو گھر پر ہی ابتدائی تعلیم دی گئی، لیکن وہ عام لڑکیوں کے مقابلے میں مختلف تھی، کیوں کہ ان کا تعلق ایک علمی گھرانے سے تھا۔

میری وارڈ چار سال کی تھی جب اس نے مختلف اقسام کے حشرات کا مشاہدہ اور انھیں باقاعدہ جمع کرنا شروع کر دیا تھا۔ جلد ہی وہ فلکیات میں دل چسپی لینے لگی، کیوں کہ اس کے ایک کزن نے اس وقت ایک دور بین تیّار کرلی تھی جسے 1917ء تک دنیا کی سب سے بڑی دور بین سمجھا جاتا رہا۔ اس دور بین نے میری کو غور و فکر اور فلکی اجسام کے مطالعے میں مدد دی اور ان کے علم میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔

لائقِ توجہ امر یہ ہے کہ میری وارڈ نے رسمی تعلیم کو اپنے لیے کافی نہیں جانا اور اپنے علم کو بڑھانے اور زیادہ سے زیادہ جاننے کی غرض سے اس دور کے ماہرین اور اساتذہ سے خط و کتابت کا سلسلہ شروع کردیا۔ ایک مرتبہ معروف ماہرِ فلکیات جیمز ساؤتھ نے اسے محدب عدسے سے حشرات کا معائنہ کرتے دیکھا اور ساتھ ہی میری کی بنائی ہوئی حشرات کی تصاویر بھی دیکھیں تو بہت حوصلہ افزائی کی۔ والد نے انہی کہنے پر اپنی بیٹی کو ایک خرد بین دلا دی جس سے میری نے بہت فائدہ اٹھایا۔

اس کے علمی و تحقیقی کام کو دیکھتے ہوئے میری کو رائل سوسائٹی کا صدر بھی بنایا گیا۔ وہ ان تین خواتین میں شامل تھی جنھیں باقاعدگی سے ڈاک بھیجی جاتی تھی۔

1854ء میں وہ ہنری وارڈ سے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئی اور یہ خاندان سیاسی اور سماجی اعتبار سے مستحکم اور خطاب یافتہ تھا۔ یہا‌ں بھی اسے اپنے سائنسی اور تحقیقی کام کو جاری رکھنے کا موقع ملا۔

جب میری نے اپنی پہلی کتاب "خرد بین سے حاصل شدہ خاکے (Sketches with the Microscope)” تصنیف کی تو اس کا خیال تھا کہ یہ کتاب شائع نہیں ہوگی، کیوں کہ اس وقت سماج میں عورتوں کو کسی قسم کی اہمیت نہیں دی جاتی تھی۔ یوں بھی میری وارڈ کا کسی قسم کا تعلیمی پس منظر نہیں تھا۔ تب اس نے ذاتی طور پر اپنے کام کی نقل تیّار کروا کے اس کی تشہیر کروائی اور اس کی شہرت نے لندن کے ناشروں کو اس جانب متوجہ کرلیا۔ اس کی کتاب اوّلین اشاعت کے بعد آٹھ مرتبہ "خرد بین سے منکشف ہونے والے عجائب کی دنیا (A world of Wonders Revealed by the Microscope)” کے عنوان سے بازار میں فروخت کے لیے لائی گئی۔

ان کی کتابیں اے ونڈ فال فار دا مائیکرو اسکوپ (1856)، اے ورلڈ آف ونڈرز ریویلڈ بائے دا مائیکرو اسکوپ (1857)، مائیکرو اسکوپ ٹیچنگز (1864) اور ٹیلی اسکوپ ٹیچنگز (1859) شائع ہوئیں۔ میری وارڈ نے متعدد تحقیقی مضامین بھی سپردِ قلم کیے۔ کئی برس بعد اس خاتون سائنس دان کے گھر کو میوزیم کا درجہ دے کر عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام، 4 جوان شہید

0

راولپنڈی: دہشت گردوں کی شمالی وزیرستان کے راستے سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے حسن خیل کے مقام پر افغانستان سے داخلے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کو بھاگتے ہوئے بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حوالدار وجاہت عالم، سپاہی ساجد عنایت، سپاہی مقبوول حیات اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے۔

مقامی لوگوں نے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھر پور تعاون کا اظہار کیا۔