ہفتہ, نومبر 2, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9972

’’اقوام متحدہ کے ساتھ مل کراسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلیےتیار ہیں‘‘

0

سیکریٹری جنرل اوآئی سی حسین براہیم طہٰ اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کراسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے اختتام پر سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین براہم طہٰ اور پاکستان کے وزیر خارجہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین براہم طہٰ نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کےچیلنج سے نمٹنے کیلیے پاکستان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، اقوام متحدہ نے اسلامو فوبیا سے متعلق عالمی دن کی قرارداد منظور کی اور ہم اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اسلامو فوبیا سےنمٹنے کیلیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں مسئلہ کشمیر، افغانستان اور فلسطین کے حوالے سے ہر پہلو پر بات ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کےعوام کیلئے حق خودارادیت کےعزم کو دہرایا گیا ہے جب کہ افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا ہے اور افغان فنڈ کیلئے نائیجیریا سے ایک ملین ڈالر کی امداد موصول ہوچکی ہے جب کہ یوکرین اور روس کے درمیان جاری تنازع دنیا کیلیے باعث تشویش ہے۔

حسین براہم طہٰ نے اس موقع پر حکومت اورعوام کو یوم پاکستان پرمبارکباد پیش کی اور کہا کہ او آئی سی کانفرنس کے شرکا کے پرتپاک خیرمقدم پرعوام اورحکومت پاکستان کے مشکور ہیں۔

وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری پوری امہ کیلئے خوش آئند ہے، اوآئی سی اجلاس میں بھی اسلامو فوبیا کے حوالے سے خصوصی نمائندہ مقررکرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاکستان نےرحمت للعالمینﷺاتھارٹی تشکیل دی۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ پاکستان امہ کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنا کردارادا کرنے کیلئے تیارہے، امت مسلمہ میں صلاحیتوں اورانسانی وسائل کی کوئی کمی نہیں، اوآئی سی غیرمعمولی اجلاس کامقصدافغان صورتحال پرعالمی برادری کی توجہ مبذول کراناتھا،اس اجلاس میں 800 مندوبین نےشرکت کی، اوآئی سی کیلئےبہترین انتظامات پر تمام اداروں کےمشکورہیں، اوآئی سی سیکریٹریٹ اورسیکریٹری جنرل کے تعاون کے مشکورہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کےباوجود مسئلہ کشمیر تاحال حل طلب ہے، وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں،5 اگست 2019 کےبعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کی سنگینی میں مزیداضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری تشویش کشمیر پرتو تھی ہی تاہم اب یہ مسئلہ کشمیر سے باہر نکل چکی ہے، بھارت میں حجاب پرپابندی ،مسلم بچیوں کی تعلیم میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، ان موضوعات پر بحرین، سعودی وزرائے خارجہ سے بھی بات ہوئی، امریکا کے وفد اور ان کےسربراہ سے دفتر خارجہ میں بات چیت ہوئی کانفرنس میں مسلمان اقلیتوں کےحوالے سے بھی ایک قرارداد منظور کی گئی ہے۔ ہمارا موقف ہے کہ بھارتی حادثاتی میزائل واقعے پر وزارتی اجلاس منعقد کیا جائے اور علاقائی امن کیلیے میکنزم پر بات کی جائے۔
شاہ محمود کا مزید کہنا تھا کہ کانفرنس میں شرکت پر چین کے وزیر خارجہ کے بھی مشکور ہیں، چینی وزیر خارجہ کی شرکت ثبوت ہے کہ چین اسلامی دنیا سے روابط کے فروغ کا خواہاں ہے، چین کے ساتھ ہمارےتعلقات کی نوعیت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، چین نے بھی اپنا وزن ہمارے پلڑےمیں ڈال دیا ہے، چینی وزیر خارجہ نےچین کےدورےکی دعوت بھی دی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف واضح اور مستقل ہے، پاکستان فلسطین کی خودمختاری کا ہمیشہ سے حامی رہا ہے، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے کردار ادا کرتا رہا ہےاور کرتا رہے گا۔

روس یوکرین تنازع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اوآئی سی بحیثیت ایک مؤثرگروپ یوکرین تنازع میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے، یوکرین ایشو پرجو تاثر ابھر رہا تھا اس پر کانفرنس میں اپنے فیصلے کی وجوہات بتانے کا موقع ملا، اجلاس میں یوکرین کیلئےانسانی ہمدردی کی بنیادپرریلیف کوریڈورکامطالبہ کیاگیا، تاہم ہمیں حیرانی بھارت کے روس پر مؤقف پر ہوئی، دنیا نے دیکھا کہ بھارت ان کیساتھ پینگیں بڑھاتا دکھائی دیا تاہم چار مواقع پر وہ امریکا کیساتھ کھڑا ہوا۔

بیوی کے ہاتھوں روزانہ پٹنے والے شوہر نے خوفناک قدم اٹھا لیا

0

بھارت میں بیوی کی جانب سے تنخواہ چھین کر روزانہ پٹائی لگانے پر شوہر نے خوفناک قدم اٹھا لیا جس سے سبہی کے ہوش اڑ گئے۔

ریاست مدھیہ پردیش کے شہر دھار میں میں شوہر (دپیک) نے اپنی بیوی سے تنگ آ کر خودکشی کرلی، شوہر نے پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔

شوہر نے خودکشی کرنے سے قبل بیوی کے نام ایک نوٹ بھی چھوڑا جس میں اس نے خودکشی کی وجہ بیان کی۔ دپیک کے گھر والوں نے اس کی بیوی اور سالوں کے خلاف مقدمہ درج کرا لیا۔

خودکشی کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے واقعہ پر پہنچی اور دپیک کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق پورے معاملے کا انکشاف دیپک کی جیب سے لکھے گئے خودکشی نوٹ سے ہوا ہے، دیپک نے اپنے استحصال کے بارے میں نوٹ میں پوری بات لکھی ہے۔

دپیکا کے بھائی شنکر نے بتایا کہ دپیک کی بیوی اپنے بھائیوں سے اس کو پٹواتی تھی، اس کی تنخواہ چھین لیتی تھی، ان سبہی باتوں کو لے کر دپیک گزشتہ کئی دنوں سے پریشان تھا۔

سڑک کنارے نصب دیوہیکل آئینہ، حقیقت کیا ہے؟

0

لندن کے مرکزی علاقے میں ایک ایسا گھر جس کو آپ دیکھ سکتے ہیں لیکن محسوس نہیں کرسکتے کیونکہ دیکھنے میں یہ دیوہیکل آئینہ لگتا ہے۔

عجائبات کی اس دنیا میں کمی نہیں کچھ قدرتی عجائبات ہیں تو کچھ عجائبات لوگوں کی ذہنی اختراع سے وجود پاتے ہیں جیسا کہ لندن میں یہ گھر جو گھر نہیں بلکہ سڑک پر نصب دیوہیکل آئینہ لگتا ہے اور جسے دیکھ کر بھی آپ اسے گھر محسوس نہیں کرسکتے۔

لندن کے مرکزی علاقے میں یہ غیر مرئی گھر انسانی ہاتھوں سے بنا ایک ایسا عجوبہ ہے جس کے سامنے سے گزرتے ہوئے آپ کو اپنا عکس اور اپنے اطراف کے مناظر ہی نظر آئیں گے کیونکہ اس گھر میں بڑے عکسی پینلز لگائے گئے ہیں۔

مذکورہ دلچسپ گھر آرکیٹیکٹ آرٹسٹ ایلکس ہاو کی ذہنی تخلیق ہے جس کو انہوں نے 2015 میں دوبارہ ڈیزائن کیا ہے اور اس گھر کے مکین جو اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے 2019 سے اس گھر میں مقیم ہیں۔ گھر کے عقبی حصے کی تعمیر میں وکٹورین کوچ ہاؤس کے اصل فن تعمیر کو برقرار رکھا گیا ہے۔

گھر کے مالکان نے بتایا کہ گھر کے اس اچھوتے ڈیزائن کا خیال ہمارے ڈیزائنر ایلکس ہاو کو آیا کہ ایسا آئینہ گھر جو اس کے مکینوں کو ماحول سے بات کرنے والا بنادے گا۔ آپ گھر کے اندر کھڑے ہوکر گول دائرے میں گھومیں تو آپ کو کنکریٹ کی دیواریں نہیں بلکہ فطرت کے مناظر درخت اور بادل نظر آئیں اور ہمیں ان کا یہ آئیڈیا بہت پسند آیا۔

گھر کے مالکان نے بھی تصدیق کہ ہے کہ باہر والے اندر نہیں دیکھ سکتے ہیں لیکن وہ باہر کی ہر چیز دیکھ سکتے ہیں، مالکان کے مطابق کئی بار وہ گھر کے باہر سے گزرنے والے لوگوں کو اپنے بال یا حلیہ درست کرتے دیکھ کر محظوظ ہوئے ہیں۔

گھر کے پورے نقشے پر محیط یہ آئینہ یکطرفہ ہے یعنی آپ اس میں سے اندر نہیں جھانک سکتے ہیں لیکن گھر کے مقیم باہر کے ہر منظر سے آگاہ رہتے ہیں اور بعض اوقات یہ لمحات انتہائی دلچسپ بن جاتے ہیں جیسا کہ ایک شخص کے ساتھ ہوا۔
اس انہونے غیر مرئی گھر کی جب سوشل میڈیا پر آمد ہوئی تو کسی نے اپنے دلچسپ تجربے سے صارفین کو روشناس کرایا تو کسی نے دلچسپ تبصرے کیے

ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنا دلچسپ تجربہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں اس غیر مرئی گھر کے قریب سے گزرا تو اس حیرت انگیز گھر کے ساتھ سیلفی لینا چاہی اس کیلیے میں اس گھر کے قریب گیا اور عجیب وغریب گھر کو دیکھتے ہوئے یہ سوچ ہی رہا تھا کہ کیا میں اس کے ساتھ سیلفی لے سکتا ہوں یا اندر موجود گھر کے مالکان مجھے یہ کرتے دیکھ تو نہیں رہے کہ اندر سے مالک مکان کی آواز آئی کہ اپنے آپ کو چیک کرنا بند کرو، میں آئینہ نہیں ہوں۔

ایک صارف نے لکھا اس گھر کو صاف رکھنے کیلیے صحیح درد ہونا چاہیے جب کہ ایک نے لکھا مجھے یہ پسند ہے اور یہ بہت ہی نرالا ہے۔

اسی طرح ایک صارف نے کہا کہ بہت سارے پرندے اسے بھی مار رہے ہونگے۔

ویڈیو: خطرناک قیدی پولیس وردی پہن کر جیل سے فرار ہوگیا

0

کولمبیا میں منشیات فروشی میں ملوث خطرناک قیدی سخت ترین سکیورٹی کے باوجود جیل سے فرار ہوگیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔

کولمبیا کا بدنام زمانہ منشیات فروش قیدی جوآن کاسترو سکیورٹی اہلکار کی وردی پہن کر جیل سے فرار ہوا۔ اس کے بعد جیل کے ایک محافظ کو فرار ہونے میں مدد کرنے پر گرفتار کر لیا گیا۔

جوآن کاسترو گزشتہ سال سے جیل میں تھا اور اس کی امریکا حوالگی کا انتظار کیا جا رہا تھا۔

کولمبیا کی جیل سے جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے ایک دروازے سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا جو کھلا تھا۔ قیدی سات دروازوں سے گزرا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس نے جیکٹ پہنی تھی جس سے اس کا چہرہ چھپا ہوا تھا۔

کولمبیا کے مقامی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ جوآن کاسترو جمعہ کی صبح تقریباً 12:30 بجے جیل سے فرار ہوا، اس نے جیل سے فرار ہونے کے لیے محافظ کو پانچ ملین ڈالرز کی رشوت دی۔ جیل کے ڈائریکٹر اور 55 دیگر محافظوں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا۔

جوآن کاسترو اس سے قبل 12 بار گرفتار ہو چکا ہے اور دو بار جیل سے فرار ہو چکا ہے۔

کیا شاہ رخ خان ٹوٹی ہڈی جڑوانے پاکستان آئے تھے؟

0

بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے ان کا نام اپنے فائدے کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں۔

اداکار شاہ رخ خان کی ایک تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہے۔ اس تصویر میں اداکار کے ہاتھ پلستر لگا دیکھا جا سکتا ہے۔ دراصل یہ حافظ آباد میں ایک حکیم خانے کا پوسٹر ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by (@celebritiespk)

سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کی مذکورہ تصویر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکار کی اس تصویر کو باقاعدہ سفید پلستر والا بازو ایڈٹ کر کے جوڑا گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اس پوسٹر پر مزاحیہ تبصرے کر رہے ہیں اور اس کی میمز بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

اس سے قبل بھی حافظ آباد میں حکیم خانے کے پوسٹر پر بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کی تصویر کو لگا دیکھا گیا تھا۔

کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر

0

کرکٹ شائقین کیلیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔

پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے شدت سے منتظر شائقین کیلیے اچھی خبر آگئی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان وائٹ بال سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔ تمام ٹکٹس بک می ڈاٹ پی کے ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

ون ڈے میچوں کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت 500 روپے جب کہ زیادہ سے زیادہ قیمت 3000 روپے رکھی گئی ہے جب کہ سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹکٹ کی قیمت 500 سے لے کر 4 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے۔ ایک شناختی کارڈ پر 6 ٹکٹس تک خریدے جاسکتے ہیں۔

سیریز کے ون ڈے میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپرلیگ کا حصہ ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان آئی ہے اس سیریز میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ شامل ہے، ابتدائی دو ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے ہیں جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔

پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہے گی اور تمام میچز راولپنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق پہلا ون ڈے 29 مارچ کو، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا اور آخری ون ڈے 2 اپریل کو کھیلا جائیگا جب کہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 5 اپریل کو ہوگا جس کے ساتھ ہی یہ دورہ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

سارہ لورین نے پاکستان میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

0
سارہ

پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ لورین نے بالی وڈ کے میں کام کرنے کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری میں کام نہ کرنے کی اہم وجہ بتا دی ہے۔

ایک انٹرویو میں سارہ لورین سے پوچھا گیا کہ وہ کافی عرصے سے کسی پاکستانی پروجیکٹ میں نظر نہیں آئیں اور اس کی وجہ کیا ہے۔

سارہ لورین نے اس کے جواب میں کہا کہ ایک بار جب آپ بالی وڈ میں قدم رکھتے ہیں تو بہت سے پاکستانی سمجھتے ہیں کہ اب آپ یہاں کوئی پیش کش قبول نہیں کریں گے۔

اداکارہ نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ آپ کو اسکرپٹ کی پیش کش آنا بند ہو جائے گی اور میں اس کا سامنا کر چکی ہوں۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں سارہ لورین کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اس بارے میں نہیں معلوم کہ میں نماز پڑھتی ہوں اور اعتکاف میں بھی بیٹھتی ہوں، 12 سال کی عمر سے اعتکاف میں بیٹھ رہی ہوں، جب بھی مشکل میں ہوتی ہوں تو اللّہ سے رجوع کرتی ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ مجھے عیسائی سمجھتے ہیں، جب بھارت سے پاکستان واپس آئی تھی تو بہت پریشان تھی، پھر میں کچھ دن اعتکاف میں بیٹھی جس کے بعد زندگی بہتر ہوگئی۔

سارہ لورین نے انٹرویو میں بالی وڈ میں کام کرنے کی وجہ بھی بتائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں نے بالی وڈ میں کام کرنے کو ترجیح دی کیوں کہ وہ ایک بڑی اور اچھی طرح سے قائم کی  گئی انڈسٹری ہے۔

سارہ لورین نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے ”رابعہ زندہ رہے گی“ سے اداکاری کا آغاز کیا۔ بعد میں انہوں نے پوجا بھٹ کی فلم ”کجرارے“ سے بالی وڈ میں قدم رکھا۔ 2013 کی فلم ”مرڈر 3“ میں اپنے کردار سے شہرت پائی۔

”سوشل میڈیا دماغی صحت کے مسائل کا ذمہ دار ہے“

0
کبریٰ

پاکستان کی معروف اداکارہ کبریٰ خان نے دماغی صحت کے مسائل کی بڑی وجہ سوشل میڈیا کو قرار دے دیا ہے۔

خوبرو اداکارہ کبریٰ خان نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز فلم ”نامعلوم افراد“ سے کیا اور اس کے بعد انہوں نے ڈراموں میں بھی لاجواب اداکاری کی۔ آج کل وہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے ڈرامے ”صنف آہن“ میں نظر آ رہی ہیں۔

حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں کبریٰ خان نے سوشل میڈیا کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اداکارہ نے اس کے فوائد اور نقصانات کے بارے میں بات کی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Kübra Khan (@thekubism)

کبریٰ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا یقینی طور پر ایک لعنت ہے کیوں کہ آج کل لوگ ڈپریشن، پریشانی اور گھبراہٹ کا شکار ہیں اور میں ذاتی طور پر سمجھتی ہوں کہ اس میں سوشل میڈیا کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف اداکاروں تک محدود نہیں بلکہ عام لوگ بھی اس کا شکار ہیں، لوگ دوسروں کے پاس مہنگی چیزیں اور ان کا پُرتعیش طرز زندگی دیکھ کر ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Kübra Khan (@thekubism)

کبریٰ خان نے کہا کہ نقصانات کے علاوہ سوشل میڈیا کے اپنے فوائد بھی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے اداکاروں کو کسی بھی پروجیکٹ کے بعد پذیرائی اور فوری ردِ عمل ملتا ہے۔

’’ فضل الرحمان بارہویں کھلاڑی نہیں، اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں‘‘

0

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ فضل الرحمٰن بارہویں کھلاڑی نہیں بلکہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں۔

پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے عمران خان کی جانب سے فضل الرحمٰن کو سیاست کا بارھویں کھلاڑی قرار دینے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فضل الرحمان بارہویں کھلاڑی نہیں بلکہ اپوزیشن اور پی ڈی ایم کے کپتان ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ عمران خان آپ کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے، بہتر ہے کہ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے ہاتھ میں استعفیٰ دینے کے سوا کوئی اور کارڈ نہیں ہے کیونکہ وہ اکثریت کھوچکے ہیں, عمران خان کے اقتدار کا سورج غروب ہونے والا ہے اور آئین کے مطابق وہ وزیراعظم بھی نہیں رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

عمران خان نے کہا تھا کہ نیوٹرل والی بات کا غلط مطلب لیا گیا، کسی سے کوئی دوریاں نہیں ، آرمی چیف سے دوریوں کی بات غلط ہے، کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں ؟ مولانا فضل الرحمان سیاست کے 12ویں کھلاڑی ہیں، عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا،چوہدری نثار سے ملاقات ہوچکی ہے، ووٹنگ سے ایک دن پہلے اپوزیشن کو سرپرائز ملے گا اور ووٹنگ سے ایک دن پہلے میرا کارڈ سامنے آئے گا۔

’’ ستارہ امتیاز ملنے پر سلمان اقبال اور اے آر وائی فیملی کو مبارکباد‘‘

0

 اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر سی ای او سلمان اقبال کو وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر  شہباز گل نے مبارکباد پیش کی ہے۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ستارہ امتیاز ملنے پر اے آر وائی نیٹ ورک کے صدر سی ای او اور کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کو یوم پاکستان کے موقع پر ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سلمان اقبال نے پی ایس ایل کےفروغ میں اہم کردارادا کیا اور ان کی انتھک کوششوں کی بدولت کئی عالمی کھلاڑی پاکستان آئے، کرکٹ کےشعبہ میں غیرمعمولی خدمات کےاعتراف میں اعزازدیا گیا، ریاست پاکستان کی جانب سے سلمان اقبال کو ستارہ امتیازملنا بڑااعزاز ہے، سلمان اقبال کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلمان اقبال نے پاکستان میں فلمی صنعت کےفروغ میں بھی کردارادا کیا ہے اور اےآروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک نےکئی سپرہٹ فلمیں ریلیزکیں۔

دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر شہباز گل نے بھی سلمان اقبال کو ستارہ امتیاز سے نوازے جانے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے یہ مبارکباد اپنے ٹوئٹ پیغام میں دی ہے۔

 

شہباز گل نے تہنیتی پیغام میں لکھا ہے کہ سلمان اقبال کی کھیل، کاروباراور ابلاغ کے میدان میں بے پناہ خدمات ہیں اور انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت نےستارہ امتیاز سے نوازا ہے۔

شہباز گل نے لکھا کہ ستارہ امتیاز ملنے پر سلمان اقبال اور اے آر وائی فیملی کو مبارکباد دیتا ہوں۔