اتوار, مئی 26, 2024
اشتہار

چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دیں گے، جج کے جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے علیمہ خان کے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل مہیا کرنے کے اصرار پر کہا سائیکل کیا موٹر سائیکل بھی دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں جج اور علیمہ خان کے درمیان چیئرمین پی ٹی آئی کو ورزش کیلئے سائیکل کی فراہمی پر مکالمہ ہوا۔

ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں جم کی سہولت ہے جو سکیورٹی کی وجہ سے نہیں دی جارہی ،چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر میں سائیکل ہے جو وہ استعمال کرتےہیں، میرے بھائی نے سائیکل کے علاوہ اور کچھ نہیں مانگا۔

- Advertisement -

جس پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گھر کا کھانا فراہم کرنے کا بھی کہا مگر ذمہ داری کون لے گا، گھر سے جیل کھانا فراہمی کےدوران کچھ ہو تو کون ذمہ دار ہوگا، جیل سے کھانا فراہم کیا جارہا ہے تو وہ جیل حکام کی ذمہ داری ہے۔

خصوصی عدالت کے جج نے کہا کہ میں نے فیملی کو مدنظر رکھ کرآپ کو فیور دےدی ہےٹینشن نہ لیں، چیئرمین پی ٹی آئی اہم شخصیت ہیں ان کی زندگی اہم ہے، سائیکل کی فراہمی پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو کہا ہے جیل مینوئل کے مطابق دیکھا جائے۔

علیمہ خان نے جج سے مکالمے میں کہا کہ سائیکل پر آپ جب حکم جاری کریں گے تو جیل پہنچادی جائے گی تو جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے استفسار کیا کہ جیل میں جا کر چہل قدمی کیلئے دیوار تڑوادی، کون جج ایسا کرتاہے؟

علیمہ خان نے اصرار کیا کہ جتنی جلدی ہو سکے چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل فراہم کر دی جائے، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل کیاموٹر سائیکل بھی دیں ، جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

علیمہ خان نے جواب دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف مل جائے تو بہت شکر ادا کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی نے زندگی میں صرف اپنی صحت مانگی ہے، جج صاحب آپ سے ہی امید ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سائیکل بھی پہنچا دیں گے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سوئمنگ پول کے علاوہ باقی سب کچھ مہیا کردینگے، سائیکل کا خیال رکھیے گا کہیں پنکچر نہ ہو تو علیمہ خان نے کہا کہ جج صاحب آپ آرڈر کریں، سائیکل ہم ابھی بھیج دیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں