اتوار, جون 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10221

پنجاب اور سندھ میں ڈینگی کیسز میں اضافہ

0

لاہور/ کراچی: صوبہ پنجاب اور سندھ میں ڈینگی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، ستمبر کے مہینے میں سینکڑوں ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سندھ پنجاب کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 176 مریض رپورٹ ہوئے، سیکریٹری صحت عمران سکندر کا کہنا ہے کہ لاہور سے ڈینگی کے 131 مریض رپورٹ ہوئے۔

سیکریٹری صحت کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب میں ڈینگی کے 2 ہزار 189 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، پنجاب کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 335 مریض داخل ہیں جن میں سے صرف لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 158 مریض داخل ہیں۔

دوسری جانب صوبہ سندھ میں بھی ستمبر میں ڈینگی کے 603 کیسز رپورٹ کیے گئے، محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں ستمبر میں 140 کیسز رپورٹ اور ضلع جنوبی میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کے مطابق شرقی میں 86، کورنگی میں 44، ضلع غربی میں 47 اور ضلع ملیر میں 29 کیسز سامنے آئے۔

سندھ کے دیگر شہروں میں سے مٹیاری میں ستمبر میں سب سے زیادہ 145 کیسز رپورٹ ہوئے، حیدر آباد میں 21، تھر پارکر میں 34، میرپور خاص اور بدین میں 2، 2 کیسز جبکہ سکھر، خیر پور اور کشمور میں 1، 1 کیس رپورٹ کیا گیا۔

کوئٹہ جانے والی قومی ایئرلائن کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر پریشان

0
پی آئی اے

لاہور : پاکستان ایئرلائن کے ذریعے کوئٹہ جانے والے مسافر پرواز میں تاخیر کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر رُل گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے کوئٹہ جانے والے پاکستان ایئرلائن کی پرواز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

پرواز میں تاخیر کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بیٹھے مسافر رل گئے، مسافروں کو کہنا ہے کہ پرواز نے صبح دس بج کر پچاس منٹ پر کوئٹہ کےلیے روانہ ہونا تھا، لیکن تین گھنٹے گزر گئے ہمیں ابھی تک انتظار کروایا جارہا ہے۔

مسافروں نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے پہلے کہا گیا کہ پرواز 12 بجے روانہ ہوگی بعد میں کہا گیا کہ پرواز 1:30 پر اڑان بھرے لیکن یہ انتظامیہ کا یہ وعدہ بھی جھوٹا نکلا۔

مسافروں کو شکوہ ہے کہ پی آئی اے کی اکثر پروازیں تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں، بغیر کچھ کھائے پیے ہم مسلسل تین گھنٹے سے پرواز کا انتظار کررہے ہیں لیکن انتظامیہ کو کوئی پرواہ نہیں۔

سمندری طوفان کس خلیجی ملک سے ٹکرا گیا؟ بڑی تباہی (کمزور دل حضرات نہ دیکھیں)

0

مسقط: سمندری طوفان ‘شاہین’ خلیجی ملک عمان کے ساحل سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں نظام زندگی درہم برہم ہے، کئی علاقے سیلاب کا سامنا کررہے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان آج اتوار کی صبح سلطنت عُمان کے ساحل سے ٹکرایا، متعدد جگہوں پر سیلابی صورت حال ہے، موسلا دھار بارشوں اور تیز آندھی کی تصاویر و وڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہین طوفان کے سبب مسقط صوبے میں انتہائی تیز بارشیں ہو رہی ہیں۔

عمانی شہری دفاع کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث مختلف حادثات بھی رونما ہوئے، شدید مالی نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑا جبکہ پھنسے ہوئے 25 شہروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

متعلقہ ادارے نے بتایا کہ شاہین طوفان کا مرکز مسقط صوبے سے تقریبا 130 کلو میٹر دور ہے جبکہ مرکز کے گرد ہوا کی رفتار کا اندازہ 116 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔

ادھر عمانی وزارت صحت نے شاہین طوفان کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایمرجنسی پلان نافذ کردیا۔

پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی مشترکہ بحری مشق

0

کراچی: پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی دو طرفہ بحری مشق نسیم البحر 13 کا آغاز ہوگیا، مشق کا مقصد دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کی دو طرفہ بحری مشق نسیم البحر 13 کا آغاز ہوگیا، مشق نسیم البحر پاکستانی اور سعودی بحری افواج میں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہے۔

مشق میں بحری جہاز، فضائی اثاثے اور رائل سعودی ایئر فورس کے جہاز شرکت کریں گے، روایتی و غیر روایتی خطرات کے خلاف مشترکہ میری ٹائم آپریشنز کا انعقاد ہوگا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مشق نسیم البحر مشترکہ میری ٹائم آپریشنز کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گی، مشق کا مقصد دونوں ممالک میں دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

مسافروں کے لیے بری خبر!

0

کراچی: قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی پرواز تاخیر کا شکار ہونے سے مسافر رل گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے پی آئی اے کی کوئٹہ جانے والی پرواز تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جس کے باعث مسافر شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔

مسافروں نے شکوہ کیا کہ لاہور سے کوئٹہ کی پرواز نے صبح 10:50پر روانہ ہونا تھی لیکن ہمیں 3گھنٹے سے انتظار کروایا جا رہا ہے۔

پریشان مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے کہا گیا پرواز12بجے روانہ ہوگی بعد میں کہاگیا پرواز1:30پر روانہ ہوگی، بغیر کچھ کھائے پرواز کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی اکثر پروازیں تاخیر کا شکار ہوتی ہیں۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں کراچی میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر بھی کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی تھیں۔

سمندری طوفان کے حوالے سے بڑی خبر!

0

صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر کے ساحل پر سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان کا خطرہ ٹلنے کے بعد سمندر میں ڈوبی ہوئی کشتیوں کے باقیات نکالنے کا کام جاری ہے، جبکہ شہر میں گزشتہ36گھنٹوں سے معطل بجلی جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوگئی۔

گوادر میں اور اس کے مضافات میں تاحال ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔

ادھر ایکسیئن واپڈا کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں کے باعث 3 درجن سے زائد کھمبے گر چکے ہیں، گرنے والے پولز کی تنصیب کا کام جاری ہے۔

محکمہ آب رسانی نے بتایا کہ آنکاڈہ ڈیم میں ایک سال کے لیے پانی جمع ہوگیا، سوڑ اور شادی کور ڈیموں میں بھی وافر مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی 20 کا آخری روز: سدرن اور سینٹرل پنجاب ایکشن میں نظر آئیں گے

0

راولپنڈی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آج آخری روز ہے جس میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا آج آخری روز ہے جس میں پہلا مقابلہ دوپہر تین بجے خیبرپختونخوا اور نادرن کے مابین ہوگا۔

قومی ستاروں سے سجی نیشنل ٹی ٹونٹی کی کہکشاں کے آخری روز دوسرا مقابلہ شام ساڑھے 7 بجے سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ سدرن پنجاب پانچ میچز کھیلنے کے بعد ایک بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پوئنٹس ٹیبل پر خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیموں نے آٹھ آٹھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں جب کہ سینٹرل پنجاب اور ناردرن کے چھ چھ اور بلوچستان کے چار پوائنٹس ہیں۔

وادی سون میں ہزاروں سال قدیم قلعے کے آثار برآمد

0

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ماہرین آثار قدیمہ کی وادی سون میں مہم کامیاب رہی، وادی سون میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی قلعہ تلاجہہ کے آثار برآمد ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی آثار قدیمہ کی دریافت پر کام جاری ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ماہرین آثار قدیمہ کی وادی سون میں مہم کامیاب رہی۔

وادی سون میں ہزاروں سال قدیم و تاریخی قلعہ تلاجہہ کے آثار برآمد ہوگئے، پنجاب یونیورسٹی کی آرکیالوجی ٹیم خوشاب نے نوشہرہ کے نواح میں کام شروع کردیا۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیاحتی مقامات کی ڈویلپمنٹ سے پنجاب کو ٹورازم حب بنائیں گے، آثار قدیمہ کی دریافت غیر ملکی سیاحوں اور محققین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دے کر مقامی معیشت کو فروغ دیا جائے گا۔

’کوئی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا‘ عمرشریف کے انتقال پر مہوش حیات کا پیغام

0

پاکستانی اسٹار مہوش حیات نے لیجنڈری کامیڈی کنگ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمر شریف آپ کا شکریہ جو مسکراہٹیں ہمارے چہرے پر بکھیریں اور خوشیاں ہماری زندگیوں میں لائے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مایہ ناز اداکارہ مہوش حیات نے عمر شریف کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں سے ان کےلیے دعائے مغفرت کی درخواست کی اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’کوئی بھی آپ کی جگہ نہیں لے سکتا‘۔

مہوش حیات نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’قوم ایک اور عظیم لیجنڈ، کامیڈی کے بادشاہ کے انتقال پر سوگوار ہے‘۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کی زندگی پر ایک نظر

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

خیال رہے کہ اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ نے 1980ء میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے، جو پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی کافی مقبول ہوئے۔

سعودی حکومت کی نئی پابندیاں، غیرملکی مشکل میں پھنس گئے

0

ریاض: سعودی حکام نے مقامیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کارگو ٹرانسپورٹ پر نئی پابندیاں عائد کردیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مملکت کی حکومت نے سعودی شہریوں کے نام سے تارکین وطن کے کارگو ٹرانسپورٹ کے انسداد کے لیے نئے سخت ضابطے مقرر کیے ہیں۔

حکام نے پابندی عائد کی ہے کہ سعودیوں کے نام سے کاروبار کرنے والے غیرملکیوں کے ٹرکوں کو کسٹم میں آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی طرح کوئی تارکین وطن ڈرائیور ہیوی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہے گا تو ایسی صورت میں اس سے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ پروفیشنل کارڈ طلب کیا جائے گا۔

سعودی عرب: گاڑی مالکان اور ڈرائیورز ہوجائیں ہوشیار!

جبکہ سامان لادنے کے معاہدے صرف ان لوگوں کے ساتھ کیے جائیں گے جن کے پاس شاہراہوں پر سامان لانے لے جانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجازت نامہ ہوگا۔

نئے قوائد وضوابط کے تحت کارگو سروس کے بل کی ادائیگی میں اس بات کی پابندی کی جائے گی کہ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی منظور شدہ دستاویز رکھنے والے ٹرکوں ہی کے کارگو بل ادا ہوں گے اس طرح درپردہ معاملہ طے کرکے کارگو سروس فراہم کرنے والے غیرملکیوں کے کاروبار کا انسداد ممکن ہے۔

سعودی عرب: ‘6 ماہ بعد ملک بدر کردیا جائے گا’ تارکین وطن خبردار!

کارگو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے دیگر اصول بھی طے کیے گئے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہے۔