اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 10224

کورونا کے وار تیز، اسلام آباد کی کئی گلیاں سیل کرنے کا فیصلہ

0

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کل رات 12 بجے سے 24 گلیوں کو سیل کردیا جائے گا

کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھنے پر اسلام آباد کے 21 تعلیمی ادارے پہلے ہی بند کردیے گئے ہیں تاہم اب انتظامیہ نے کل رات 12 بجے سے24 گلیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے

اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا اعلامیہ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مختلف سیکٹرز کی 24 گلیوں کو سیل کردیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جن گلیوں کو سیل کیا جائے گا ان میں اسلام آباد سیکٹرجی6 فور کی گلی نمبر 52,56,59,79 اور 80 شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سیکٹر ایف ٹین فور کی گلی نمبر 50،52 اور53 کو بھی سیل کیا جائے گا۔

سیکٹرایف الیون ٹو کی گلی نمبر 21 23 اور 28، سیکٹرجی الیون ٹو کی گلی نمبر 15،21 اور 46 بھی بند کردی جائیں گی۔

جب کہ سیکٹر ایف ایٹ ون کی گلی نمبر 31، 35،37،38،42،44 اور سیکٹرایف ایٹ تھری کی گلی نمبر5،6،10،11 اور 17 بھی اگلے حکم نامے تک سیل رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گلیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔

سندھ میں قتل کا ملزم عدالت کے دروازے پر قتل

0

ٹنڈوالہیٰار: سندھ کے شہر ٹنڈوالہٰیار میں قتل کے ملزم کو عدالت کے دروازے پر قتل کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹنڈوالہٰیار میں قتل کے ملزم کو عدالت کے دروازے پر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مقتول بھولا خانزادہ ایس ٹی پی رہنما الطاف جسکانی کے قتل میں نامزد تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ایک مسلح شخص اسد جسکانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

واقعے کے بعد خانزادہ برادری کے سیکڑوں لوگ سڑکوں پر نکل آئے، شہر میں ہنگامے اور وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری کو طلب کرلیا گیا ہے۔

مقتول بھولا خانزادہ ضمانت کے لیے عدالت پیشی پر آرہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم جاں بحق ہوگیا۔

یہ پڑھیں: کراچی میں کار پر فائرنگ، سندھ بارکونسل کے سیکرٹری ایڈووکیٹ عرفان مہر جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ یکم دسمبر کو کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 13 میں نامعلوم ملزمان نے کار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کار سوار سندھ بار کونسل کے سیکرٹری عرفان مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سندھ بار کونسل کے سیکریٹری عرفان مہرکوٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، مقتول بچوں کواسکول چھوڑنے جارہے تھے۔

"پرانے دوست نیا روپ دھار سکتے ہیں!”

0


بلقیس خان کا تعلق میانوالی سے ہے۔ زمانۂ طالبِ علمی ہی میں انھیں شاعری سے لگاؤ پیدا ہوگیا تھا۔ بلقیس خان نے جب اپنے خیالات اور احساسات کو الفاظ کا روپ دینے کا آغاز کیا تو اس کی ابتدا آزاد نظم سے کی۔ بعد میں‌ غزل جیسی مقبول صنفِ سخن کی طرف متوجہ ہوئیں اور ایک خوش فکر اور خوش گو شاعرہ کے طور پر اپنی جگہ بنانے میں کام یاب رہیں۔ ان کی ایک غزل ملاحظہ کیجیے۔

لگا کے نقب کسی روز مار سکتے ہیں
پرانے دوست نیا روپ دھار سکتے ہیں

یہ سب سمجھتے ہیں عشق و ہوس کا فرق مگر
تری خوشی کے لیے کچھ بھی ہار سکتے ہیں

ہم اپنے لفظوں میں صورت گری کے ماہر ہیں
کسی بھی ذہن میں منظر اتار سکتے ہیں

بضد نہ ہو کہ تری پیروی ضروری ہے
ہم اپنے آپ کو بہتر سدھار سکتے ہیں

وہ ایک لمحہ کہ جس میں ملے تھے ہم دونوں
اس ایک لمحے میں صدیاں گزار سکتے ہیں

بِنا سہارے جو للکار بھی نہیں سکتے
انھیں ہے زعم کہ میدان مار سکتے ہیں

گزار دی ہے جہاں زندگی بنا دیکھے
ملے بغیر بھی کچھ دن گزار سکتے ہیں

ہماری آنکھ میں جادو بھرا سمندر ہے
ہم اس کا عکس نظر سے نتھار سکتے ہیں

2021 میں کتنی مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہوئی؟

0

گزشتہ برس (2021) میں کروڑوں ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

کرپٹو کرنسی لین دین کی اہم ترین ویب سائٹ کرپٹو ڈاٹ کام نے اعتراف کیا ہے کہ سال 2021 میں ہیکروں نے مختلف حملوں میں 30 کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کی۔

اپنے تازہ بلاگ میں کرپٹو ڈاٹ کام نے بتایا کہ ہیکروں نے گزشتہ برس کے دوران 4836 ای ٹی ایچ (ایتھریئم) اور 443 بٹ کوائن پر ہاتھ صاف کیے۔

ہیکروں نے بڑی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ چھوٹی ‘وارداتیں’ بھی کیں، اور اس دوران کمپنی سے مزید 66 ہزار ڈالر بھی چرائے، کمپنی کا کہنا ہے کہ لگ بھگ 483 صارفین کے اکاؤنٹس پر سائبر حملے کیے گئے اور سب سے کچھ نہ کچھ چرایا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس پریشان کن خبر سے صارفین کو تشویش کا شکار نہیں ہونا چاہیے، کیوں کہ تمام صارفین کو موجودہ ریٹس کے حساب سے مکمل ادائیگی کی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق سب سے بڑی سرگرمی 17 جنوری 2022 کو دیکھی گئی جب چند اکاؤنٹس پر غیر معمولی سرگرمیاں اور چوری کی واردات نوٹ کی گئی، ان ادائیگیوں میں ٹو ایف اے لین دین کے نظام سے ہٹ کر کارروائی کی گئی تھی۔

اگرچہ مشکوک سرگرمی نوٹس میں آتے ہی سیکیورٹی عملے نے فوری طور پرپورے سسٹم کو منجمند کر دیا تھا لیکن اس وقت تک کافی دیر ہو چکی تھی۔

کرپٹو ڈاٹ کام ایکسچینج نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ وہ اب سیکیورٹی کا مزید سخت نظام بنا رہے ہیں، جس کے لیے صارفین جلد ازجلد نئے آرکیٹیکچر پر منتقل ہونے کی ضرورت ہے۔

ننھے ہاتھیوں نے لوگوں کے دل موہ لیے، دلچسپ ویڈیو وائرل

0

آسٹریلیا کے سڈنی چڑیا گھر  سے دو ننھے ہاتھیوں کی ویڈیو ریلیز کی گئی ہے جس میں دونوں کمسن ہاتھی ایک دوسرے سے گلے لگ کر سو رہے ہیں

بچے کسی کے بھی ہوں سب کو پیارے لگتے ہیں اور برادرانہ انسیت صرف انسانوں میں ہی نہیں پائی جاتی جانور بھی اپنے رشتوں سے احترام اور پیار کرنا جانتے ہیں۔

آسٹریلیا کے سڈنی چڑیا گھر میں موجود دو ایشیائی نسل کے ننھے ہاتھیوں کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ریلیز ہوتے ہی لوگوں کے دل موہ لیے ہیں۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اشوک نامی ایک ہاتھی کا بچہ اپنی جگہ پر لیٹا ہوا ہے کہ اسی اثنا میں کاوی نامی 7 سالہ ہاتھی کا بچہ وہاں داخل ہوتا ہے اور  پہلے سے لیٹے اشوک کے ساتھ لیٹنے کی کوشش کرتا ہے اس موقع پر اشوک اس کے لیے جگہ بنانے کے لیے اپنا اگلا اور پچھلا دائیاں پاؤں اٹھا لیتا ہے اور اسکے لیے جگہ بناتا ہے جب کاوی لیٹ جاتا ہے تو اشوک اپنے پیر کاوی پر رکھ کر اسے اپنے قریب کرلیتا ہے۔

یہ ویڈیو سڈنی چڑیا گھر کی جانب سے آسٹریلیا میں منائے جانے والے’’ گلے ملنے کے قومی دن ‘‘کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ہاتھیوں کے رکھوالے میٹ لینڈ نے کہا کہ ’’اس دنیا میں صرف انسان ہی نہیں جو آپس میں گلے ملتے ہیں، ہاتھی بھی اپنے درمیان رشتوں کو پروان چڑھاتے ہیں، اس طرح ایک دوسرے سے چمٹ کر سونا پیار کا اظہار ہے اور جانوروں کو اس طرح ایک خاص رشتے میں دیکھنا چڑیا گھر کے رکھوالے کے لیے بڑا اعزاز ہے۔‘‘

ہاتھی کے دونوں بچوں کو 2020 کے آخر میں ڈبل آئرلینڈ کے چڑیا گھر سے ’’ایشین ہاتھیوں کی افزائش کے پروگرام کے تحت‘‘ سڈنی کے چڑیا گھر لایا گیا تھا۔

ریزور پول: فرنچائز مالکان پی سی بی سے ناراض

0

پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز مالکان ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کے نام پر چیف سلیکٹر سے ناراض ہو گئے۔

گزشتہ روز پی سی ب نے پاکستان سپر لیگ 7 کے لیے 19 ریزرو کھلاڑیوں کے پول کا اعلان کیا تھا۔ ان 19 میں سے 15 کھلاڑی21 جنوری کو ٹیم ہوٹل پہنچیں گے، جہاں وہ پی سی بی کی طرف سے قائم کیے گئے ایونٹ منیجمنٹ انیورینمنٹ میں قیام کریں گے۔باقی چار کھلاڑی ایونٹ منیجمنٹ اینورینمنٹ کا حصہ تو نہیں ہوں گے تاہم انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طلب کیا جاسکے گا۔

ریزرو پول میں شامل 15 کھلاڑی:
عامر جمال (ناردرن)، ابرار احمد (سندھ)، عماد بٹ (بلوچستان)، عماد عالم (سندھ)، بسم اللہ خان (بلوچستان)، حسان خان (سدرن پنجاب)، خالد عثمان (خیبرپختونخوا)، مصدق احمد (خیبر پختونخوا)، ناصر نواز (ناردرن)، سلمان علی آغا (سدرن پنجاب)، طیب طاہر (سدرن پنجاب)، عمر امین (ناردرن)، عمر صدیق (سدرن پنجاب)، عثمان شنواری (ناردرن) اور وقاص مقصود (سینٹرل پنجاب)

باقی چار کھلاڑی: امام الحق (بلوچستان)، عمیر بن یوسف (سندھ)، سعود شکیل (سندھ) اور زاہد محمود (سندھ)

کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست فرنچائزز نے تیار کی، بعدازاں جس کا جائزہ لینے کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آسٹریلیا سیریز میں شامل قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو شامل کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آئندہ ہفتے سے شروع ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز مالکان ریزرو پول میں شامل کھلاڑیوں کے نام پر چیف سلیکٹر سے ناراض ہو گئے ہیں۔ فرنچائزمالکان نےمشاورت کےساتھ 15نام فائنل کئےتھے لیکن چیف سلیکٹرنے 4نام نکال کراپنی مرضی کے 4 نام شامل کر دیے۔

فرنچائزمالکان جوکھلاڑی مانگ رہےتھےوہ ٹیسٹ کیمپ کاحصہ ہیں ٹیسٹ کیمپ کاحصہ ہونےکی وجہ سےریزورپول میں ردوبدل کیاگیا۔

فرنچائزمالکان کاشکوہ ہے کہ پی سی بی نے ہمیں پہلےسے اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟ بتایا جاتا ہم خود کھلاڑی کا نام فائنل کرتے۔

حزب اللہ: امریکا نے نئی پابندیاں لگا دیں

0

امریکا نے لبنان کی عسکری و سیاسی تنظیم حزب اللہ سے تعلق کے الزام میں پابندیوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے 10 اقتصادی اداروں پر حزب اللہ کی مددکرنے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکا کی جانب سے 3 لبنانی اور 10 اقتصادی اداروں پرپابندیاں عائدکی گئی۔

یہ پابندیاں محکمہ خزانہ کی جانب سے عائد کی گئی ہیں اور اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ بیان جاری کیا ہے۔

محکمہ کی تازہ ترین پابندیوں کا ہدف عادل دیاب، عدنان ایاد اور جہاد عدنان ایاد ہیں جو کہ لبنانی شہری ہیں اور منگل کے روز امریکا کی جانب سے 3 افراد پر پابندیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

واشنگٹن نے کہا تھا کہ وہ 3 لبنانی تاجروں پر پابندی عائد کرنے جارہا ہے۔ محکمہ خزانہ نے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی سے متعلق عالمی پابندیوں کے تحت نئی پابندیاں لگائی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ایک جانب لبنانی عسکریت تنظیم پر عالمی پابندیاں عائد کی جارہی ہیں تو دوسری جانب روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن حزب اللہ کو تسلیم کر چکے ہیں۔

صدر پیوٹن نے حزب اللہ کو لبنان میں اہم سیاسی ‏قوت اور اس کے سیاسی کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ سے متعلق ممالک کی اپنی رائے ہے اور ہمارا نقطہ نظر الگ ہے ہمارے نظریات کے ‏مطابق حزب اللہ لبنان میں اہم سیاسی طاقت ہے۔

بھارت کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں بھی شکست

0

پرل: جنوبی افریقہ نے بھارت کو دوسرے ون ڈے میں تین وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کی جانب سے دیا جانے والا 288 رنز رنز کا ہدف 48.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا، کوئٹن ڈی کاک کو 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جنوبی افریقہ کے اوپنر جانیمن ملان نے 91 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان ٹیمبا باووما 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایڈن مرکرام اور وین ڈر ڈوسن 37، 37 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا، یوزویندر چاہل اور شردل ٹھاکر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارت نے اپنی اننگز میں مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے تھے، رشبھ پنت نے 71 گیندوں پر 85 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کے ایل راہول 55 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے کیشو مہاراج کا نشانہ بنے، شردل ٹھاکر نے 40 اور ایشون نے 25 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کیشو مہاراج، مگالا، ایڈم مرکرام نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جارج آرویل کا ”اینیمل فارم“ اور ”1984ء“ !

0

ایرک آرتھر بلیئر کے والد انڈین سول سروس سے وابستہ تھے اور ان کا کنبہ ہندوستان کی ریاست بہار میں‌ مقیم تھا۔ ایرک یہیں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایک سال کے تھے جب اپنی والدہ کے ساتھ انگلستان گئے اور کبھی ہندوستان واپس نہیں‌ لوٹے، لیکن کئی برس بعد ایرک آرتھر بلیئر کو ان کے قلمی نام جارج آرویل سے ہندوستان بھر میں‌ پہچانا گیا۔ وہ ناول نگار، صحافی اور نقّاد کی حیثیت سے مشہور ہوئے۔

1903ء میں برطانوی راج میں پیدا ہونے والے جارج آرویل بیدار مغز اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ایسے مصنّف تھے جنھوں‌ نے کمیونزم کو پھلتے پھولتے دیکھا۔ دو عظیم جنگوں کی تباہ کاریوں کا مشاہدہ کیا۔ برطانوی نوآبادیاتی نظام کو بکھرتے ہوئے دیکھا اور قلم کی طاقت کو آزماتے ہوئے قابلِ‌ ذکر تصانیف قارئین کے سامنے رکھیں۔

1933ء سے 1939ء کے درمیان ان کی یکے بعد دیگرے سات کتابیں منظرِ عام پر آئیں، لیکن 1945ء میں ان کا سیاسی تمثیلی ناول ”اینیمل فارم“ دنیا بھر میں‌ ان کی وجہِ شہرت بنا۔ برطانوی مصنف کا یہ ناول علامت نگاری کی عمدہ مثال ہے جس میں ایک فارم میں بسنے والے جانور اپنے استحصال سے بیزار ہو کر اپنے مالکان کو بھاگنے پر مجبور کردیتے ہیں اور پھر فارم پر قبضہ کر لیتے ہیں۔ اس کہانی کو دنیا بھر میں پسند کیا گیا اور ناول کا اردو اور متعدد دیگر زبانوں میں‌ ترجمہ کیا جاچکا ہے۔

اسی طرح 1949ء میں انھوں نے ایک خیالی دنیا پر ”1984“ کے عنوان سے ناول سپردِ قلم کیا جو شہرۂ آفاق ثابت ہوا۔ آرویل نے اس ناول میں ایک ایسی حکومت کا نقشہ کھینچا ہے، جس میں نگرانی کا ایک غیر معمولی نظام ہر وقت متحرک رہتا ہے، اور جبر کی فضا کا عالم یہ ہے کہ عوام اپنے ذہن میں بھی کوئی سوچ یا تصوّر نہین رکھ سکتے جو حکومت کی نظر میں قابلِ اعتراض ہو۔ یعنی ہر وہ سوچ جو حکومت کی منشا کے خلاف جنم لے گی، اس کڑے پہرے داری نظام میں گرفت میں‌ آجائے گی اور ایسا فرد سزا پائے گا۔ الغرض یہ ناول ایک مطلق العنان حکومت کے مختلف ہتھکنڈوں کو ہمارے سامنے لاتا ہے۔

انگریزی کے اس مشہور مصنّف اور صحافی نے 21 جنوری 1950ء کو ہمیشہ کے لیے اپنی آنکھیں‌ بند کرلی تھیں۔

بھارت: بیوی شوہر کا سر کاٹ کر تھیلی میں ڈال کر تھانے پہنچ گئی

0
لاش

چتور: بھارتی ریاست آندھرا پردیش کی ایک عورت نے اپنے شوہر کا سر کاٹا اور پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر تھانے پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق آندھرا پردیش کے ضلع چتور کے علاقے رینی گنٹا میں ایک خوف ناک واقعہ پیش آیا، ایک خاتون نے اپنے شوہر کو چھری کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا، اور پھر اس کا سر کاٹ کر تھانے پہنچ کر گرفتاری دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جمعرات کو آندھرا پردیش کے چتور ضلع میں ایک 50 سالہ خاتون وسندھرا نے اپنے 53 سالہ شوہر روی چندر کا سر کاٹ دیا اور کٹے ہوئے سر کے ساتھ رینی گنٹا تھانے میں پولیس کے سامنے خود کو پیش کر دیا۔

پولیس کے مطابق یہ جوڑا اپنے 20 سالہ بیٹے کے ساتھ رینی گنٹا قصبے میں پولیس لائنز کی گلی میں مقیم تھا، پڑوسیوں سے پوچھ گچھ سے معلوم ہوا کہ میاں بیوی میں گزشتہ ایک سال سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔

بھارت اپنے شہریوں کے کرونا ڈیٹا کی حفاظت بھی نہ کر سکا

جمعرات کو ان میں گرما گرم بحث ہوئی اور انھیں ایک دوسرے پر چیختے ہوئے سنا گیا، جب وہ جھگڑ رہے تھے تو اس وقت ان کا بیٹا گھر میں نہیں تھا، غصے میں وسندھرا نے شوہر کا تیز دھار چاقو اٹھایا اور شوہر پر پے در پے وار کیا، اور پھر اس کا سر کاٹ کر جدا کر دیا۔

اس کے بعد وہ روی چندر کا سر پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال کر تھانے پہنچ گئی، پولیس اہل کار نے کہا کہ ہم حیران رہ گئے جب اس نے بیگ میز پر رکھا اور کہا کہ اس نے اپنے شوہر کو قتل کر دیا ہے۔

پولیس وسندھرا سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہے، خاتون کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے، پولیس نے بتایا کہ روی چندر کا دھڑ ان کے گھر سے برآمد ہوا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا۔