اتوار, مئی 19, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 12305

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں باقاعدہ ملزم نامزد

0

اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں باقاعدہ ملزم نامزد کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس میں سلیم مانڈوی والا کو ملزم نامزد کر دیا گیا ہے، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر ملزمان کو 4 فروری کے لیے نوٹس جاری کر دیے۔

دیگر ملزمان میں اعجاز ہارون، ندیم حکیم مانڈوی والا، عبدالقادر شیوانی، عبدالقیوم، عبدالغنی مجید اور مبینہ بے نامی طارق محمود شامل ہیں۔

جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں نیب کے ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ اعجاز ہارون کو الاٹمنٹس کے بدلے بھاری رقوم جعلی اکاؤنٹس سےملیں، اعجاز ہارون نے کڈنی ہلز فلک نما میں پلاٹس کی بیک ڈیٹ فائلیں تیار کیں، سلیم مانڈوی والا نے پلاٹس عبدالغنی مجید کو بیچنے میں اعجاز ہارون کی معاونت کی، انھوں نے پہلے ایک بے نامی کے نام پر پلاٹ خریدا، بعد میں پلاٹ بیچ کر دوسرے فرنٹ مین کے نام پر بے نامی شئیر خریدے، کڈنی ہلز پلاٹس کی فروخت کے بدلے میں رقم آئی ہی جعلی اکاؤنٹس سے تھی۔

احتساب عدالت میں پیش کردہ نیب ریفرنس کے مطابق سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کو 14 کروڑ جعلی اکاؤنٹس سے وصول ہوئے، سلیم مانڈوی والا اور ندیم مانڈوی والا نے رقم سے منگلا ویو کمپنی کے شیئر خریدے، یہ شیئرز بے نامی طارق محمود کے نام پر خریدے گئے۔

کڈنی ہل اراضی کیس، جرم میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا حصہ کتنا؟ نیب نے بتا دیا

دوسری طرف ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے نیب کیسز پر رد عمل میں کہا ہے کہ کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، میرے خلاف ثبوت موجود نہیں، نیب کا ادارہ سیاست دانوں کا میڈیا ٹرائل کرنا بند کرے، نیب ریفرنس بدنیتی پر مبنی ہے، حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انھوں نے کہا میری کوئی بے نامی جائیداد نہیں ہے نہ کوئی فرنٹ مین ہے، کڈنی ہلز پلاٹس کیس سیاسی کردار کشی کے لیے بنایا گیا ہے، منگلا ویو ریزارٹ کیس میں میری کوئی بے نامی جائیداد نہیں، نیب کو بے نقاب کرنے کی میری جدوجہد جاری رہے گی۔

‘پی ٹی آئی کو قانونی طور پر فنڈز ملے، ثبوت دے دیے ہیں’

0

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو قانونی طور پر فنڈزدیےگئے جس کے ثبوت دے دیئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ اگرہم نےکوئی چوری چکاری کی ہوتی تویہ ہمیں نہیں چھوڑتے، چیف الیکشن کمیشن سےاپیل کرتاہوں کیس کاجلد ازجلدفیصلہ کریں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ حنیف عباسی سپریم کورٹ گئےاس لیےوقت ضائع ہوا، پی ٹی آئی کو قانونی طور پر فنڈز دیے گئے جس کے ثبوت دے دیئے ہیں، پی ڈی ایم کوآج پورا زورلگانےکیلئےموقع دیاگیا، بڑا شور تھا ہلادیں گے، آرپار ہو جائےگا لیکن ایساکچھ نہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے22سال جدوجہدکر کے پارٹی بنائی ہے، پی ٹی آئی کےکارکنان کو اپنےکپتان پرفخرہے میرےلیڈر نے بھارت کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر جواب دیا، عمران خان نےپاس ہوجاناہےیہ دونوں رہ جائیں گے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے جاوید لطیف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کےباہرپی ڈی ایم کاعلامتی احتجاج تھا جس کا مقصد فارن فنڈنگ کیس کا جلد فیصلہ تھا، ہم آئین،قانون پرعمل داری کیلئےجدوجہدکررہےہیں۔

معذوراور باہمت شخص کا بڑا کارنامہ : دنیا حیران، ویڈیو وائرل

0
معذور شخص

ہانگ کانگ : چین میں عمارت پیمائی کے شوقین اور باہمت معذور نوجوان نے اپنی وہیل چیئر کی مدد سے250میٹر سے زائد کا فاصلہ عبور کرکے اپنا خواب شرمندہ تعبیر کردیا۔

ہانگ کانگ میں لائی چی وائی نامی معذور عمارت پیما رسیوں کی مدد سے اپنی وہیل چیئر سمیت سیدھی عمارت پر چڑھ گیا، جس کے بعد وہ چین میں سب سے پہلا عمارت پیما بن گیا جس نے 250میٹر کا فاصلہ طے کیا جسے پورا کرنے کیلئے اس کو دس گھنٹے کا وقت لگا۔

غیر ملکی خبر ر ساں  ادارے کے مطابق یہ مہم لائی چی وائی نے ریڑھ کے ہڈی کے مریضوں کی فلاح بہبود اور ان علاج کیلئے رقم جمع کرنے کے سچے جذبے بے انتہا محنت اور مشقت سے پوری کی، جس میں اس کو 6لاکھ 70ہزار ڈالر سے زائد رقم کے عطیات ملے۔

37سالہ کوہ پیما 10سال قبل ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں اسے کمر میں گہری چوٹیں آئیں جس کے باعث اس کے جسم کا نچلا حصہ ناکارہ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ300میٹر لمبی عمارت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکا تھا۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لائی چی وائی نے میڈیا کو بتایا کہ اس وقت میں کافی خوفزدہ تھا پہاڑ پر چڑھ کر میں چٹانوں یا چھوٹے سوراخوں کو تھام سکتا تھا لیکن اس عمارت پر چڑھتے ہوئے شیشے کے ساتھ میں جس رسی پر انحصار کررہا ہوں یہ وہی رسی ہے جس پر میں لٹک رہا ہوں۔

لائی چی وائی سال 2011 سے پہلے چار مرتبہ ایشائی چیمپیئن رہ چکا ہے اور ایک موقع پر وہ عالمی سطح پر آٹھویں نمبر پر تھا۔

باہمت شخص لائی کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد میں نے سوچا کہ مجھے ہمت نہیں ہارنی چاہیے لہٰذا میں نے وہیل چیئر پر ہی اپنے مقصد کو حاصل کرنے کی ٹھان لی اور میں بھول گیا کہ میں معذور ہوں میں اب بھی خواب دیکھنا پسند کرتا ہوں اور انہیں پورا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

سعودی آرامکو نے سپر کمپیوٹر متعارف کروادیا

0
سعودی عرب

ریاض: سعودی آرامکو اور ایس ٹی سی نے دنیا کے پہلے دس طاقتور کمپیوٹرز میں شامل نیا سپر کمپیوٹر ’دمام 7’ متعارف کروادیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی آرامکو اور ایس ٹی سی کی جانب سے متعارف کروایا جانے والا سپر کمپیوٹر دمام 7 تلاش اور ترقی میں نئے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آرامکو کی تلاش اور سرمایہ کاری سے متعلق فیصلہ سازی میں اضافہ کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق سپر کمپیوٹر آرامکو کی ڈیجیٹل منتقلی کی جانب یہ اگلا قدم ہے، یہ ارضیاتی سائنس میں اپنی صنعتی قیادت کو تقویت بھی دیتا ہے، یہ کمپیوٹر ان جدید ٹیکنالوجیز کے سلسلے کی تکمیل کرتا ہے جو کلیدی کارروائیوں اور ڈرائیونگ صلاحیتوں کو نئی شکل دے رہی ہیں۔

دمام 7 سپر کمپیوٹر دہران کی ٹیکنو ویلی میں تیار کیا گیا اس میں شراکت کرنے والوں میں ایس ٹی سی گروپ کا ماتحت ادارہ ’سولیوشنز‘ اور ہیولٹ پیکارڈ انٹر پرائزز کا ماتحت ادارہ ’کرے‘ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس سپر کمپیوٹر میں 55.4 پیٹا فلوپس کی ’’پیک کمپیوٹنگ پاور‘‘ موجود ہے جو اسے دنیا کے سب سے بڑے جیوفزیکل ڈیٹاسیٹس کی تصویر لینے اور اسے پراسیس کرنے کے قابل بناتی ہے۔

آرامکو کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسرامین ناصر نے اس کمپیوٹر کے بارے میں بتایا ہے کہ ’’دمام۔7سپر کمپیوٹر‘‘ ہمارے اپ اسٹریم کاروبار میں طویل مدتی ’’دریافت و تلاش‘‘حکمت عملی کے حصے کے طور پر کامیابیوں میں مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی جو پیچیدہ ڈیٹا کو تیزتر انداز میں پراسیس کرتی ہے، نئی دریافت اور وسیع تر بازیافت کے قابل بنائے گی جوتوانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لئے مناسب فراہمی کی دستیابی اورپیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے لاگت میں کمی کو یقینی بنانے کےلئے انتہائی ضروری ہے۔

امین ناصر نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی میں تسلسل کے ساتھ سرمایہ کاری، ہماری کمپنی کی طویل مدتی پیداواری حکمت عملی کے لئے ضروری ہے جبکہ ’’دمام۔7 سپر کمپیوٹر‘‘ درست ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے ہمارے منصوبے کی جانب ایک اور قدم ہے جو پیداواری صلاحیت اور لچک کو رواں رکھتی ہے۔

وہیل کی ’قے‘ نے ماہی گیر کی زندگی بدل دی

0

کیا آپ نے ایسا خوش قسمت مچھیرا دیکھا جو مچھلیاں پکڑنے جائے مگر مچھلی کے پیٹ کی غلاظت لے کر آئے اور پھر امیر ہوجائے۔

ایسے واقعات شاز و نادر ہی پیش آتے ہیں کیونکہ پہلے تو سمندر کسی کا دوست نہیں اور دوسرا کسی ماہی گیر کے پاس اتنے وسائل نہیں ہوتے کہ وہ ایسی چیزیں تلاش کرے جس سے اُس کی قسمت بدل جائے۔

مگر بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ خوش قسمت شکاری مچھلی کے انتظار میں رہتے ہیں مگر اُن کے ہاتھ ایسی کوئی نایاب چیز لگ جاتی ہے جس سے اُن کے وارے نہارے ہوجاتے ہیں اوراُن کا شمار پیسے والوں میں ہونے لگتا ہے۔

اسی طرح تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے  غریب ماہی گیر بڑے پیمانے پر شکار کے لیے سمندر میں گئے تو اُن میں سے ایک بیس سالہ نوجوان  نظر سمندر میں واقع پہاڑی (جزیرے) پر موجود ایک عجیب و غریب چیز پر پڑی۔

نوجوان نے وہ چیز اٹھائی اور پھر کشتی میں ڈال کر اُسے ساحل تک لے آیا۔ ماہی گیر کو اس بات کا علم تھا کہ اُسے جو چیز سمندر سے ملی وہ قیمتی اور نایاب ہے۔

ساحل پر آنے کے بعد ماہی گیر کو علم ہوا کہ اُسے جو نایاب چیز ملی وہ دراصل ’وہیل کی قے‘ ہے۔ یہ خبر پھیلتے ہی ساحل پر خریدار بڑی تعداد میں پہنچے اور انہوں نے ’پیٹ کی یہ غلاظت‘ خریدنے کے لیے بولی لگانے کا عمل شروع کیا۔

نوجوان ماہی گیر کا نام چیلر مچائی مھاپن ہے۔ اُس نے بتایا کہ قے  اُسے سامیلا کے ساحل سے ملی جس کا وزن 7 کلوگرام تک ہے اور یہ 2 لاکھ 10 ہزار برطانوی پاؤنڈز (چار کروڑ 59 لاکھ 42 ہزار روپے) سے زائد میں فروخت ہوئی۔

مزید پڑھیں: وہیل کے پیٹ کی غلاظت 51 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت

ماہرین کے مطابق مچھیرے کو وہیل کا جو بلب (قے کا ڈھیر) ملا وہ ایک ماہ میں ملنے والا دوسرا بڑا ٹکڑا ہے۔ وہیل کی قے کو خوشبو یا پرفیوم بنانے والی کمپنیاں خریدتی ہیں تاکہ وہ اپنے پرفیومز میں اسے استعمال کرسکیں۔

کرونا وبا کے باوجود چینی معیشت نے نئی بلندی کو چھو لیا

0

بیجنگ: کرونا وبا کے باوجود چینی معیشت نے نئی بلندی کو چھو لیا ہے، امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ چینی معیشت پہلی بار 100 ٹریلین یو آن سے زیادہ ہوگئی۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق چین 2020 میں معاشی نمو حاصل کرنے والا واحد ملک تھا، اخبار نے انکشاف کیا کہ گزشتہ برس چینی معیشت کا حجم پہلی بار 100 ٹریلین یو آن سے زیادہ ہوگیا۔

چین کے قومی دفتر اطلاعات نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں چینی جی ڈی پی کی مالیت 101.5986 ٹریلین یو آن تک جا پہنچی جب کہ اس میں 2019 کی نسبت 2.3 فی صد کا اضافہ ہوا۔

2020 میں درآمدات و برآمدات کی مجموعی مالیت 32155.7 بلین یو آن تھی جس میں اس سے پچھلے سال کے مقابلے میں 1.9 فی صد کا اضافہ ہوا۔

ان میں برآمدات کی مالیت 4.0 فی صد اضافے کے ساتھ 17932.6 بلین یو آن تک جا پہنچی، تاہم درآمدات 0.7 فی صد کی کمی کے ساتھ 14233.1 بلین یو آن رہیں۔

معمول کی تجارت میں درآمدات و برآمدات کی مالیت کا حصہ کل درآمدات و برآمدات میں 59.9 فی صد بنا، جو 2019 کے مقابلے میں 0.9 فی صد زیادہ رہا۔

تجزیہ نگاروں کا حوالہ دیتے ہوئے برطانوی میڈیا نے مزید بتایا کہ کو وِڈ 19 کے اثرات کے باعث عالمی منڈی میں طبی مصنوعات اور گھر سے دفتری امور انجام دینے سے متعلق مصنوعات کی مانگ میں اضافے سے چین کی برآمدات میں مسلسل اضافے کی بھی توقع ہے۔

ثانیہ مرزا نے آئسولیشن کا درد ناک تجربہ شیئر کردیا

0

نئی دہلی: بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد آئسولیشن میں جانے اور گھر والوں سے دور رہنے کے اپنے دردناک تجربے کو شیئر کردیا۔

بھارتی ٹینس اسٹار اور قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر بیٹے کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اذہان کو پیار کررہی ہیں۔

ثانیہ مرزا نے تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا کہ میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی تھی اب رب باری تعالیٰ کی مہربانی سے بالکل ٹھیک ہوں، یہاں اپنا تجربہ شیئر کرنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ کورونا سے متعلق بڑی علامات سامنے نہیں آئیں لیکن میں نے تنہائی اختیار کی جس میں مشکل ترین وقت اپنے دو سالہ بیٹے اذہان اور اہلخانہ سے دوری تھا۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں تصور نہیں کرسکتی جس طرح کورونا سے متاثرہ افراد اور ان کے اہلخانہ اذیت سے گزرتے ہیں جب کوئی بیمار ہوکر اسپتال میں اکیلا ہوتا ہے اور صرف خود پر ہی انحصار کررہا ہوتا ہے، اس اکیلے پن میں آپ میں روزانہ نئی علامات سامنے آتی ہیں اور بے چینی بڑھ جاتی ہے، ایسے میں آپ کے لیے اس بیماری کو جھیلنا نہ صرف جسمانی طور پر بلکہ ذہنی اور جذباتی طور پر بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

ٹینس اسٹار نے لکھا کہ میں یہاں کہنا چاہتی ہوں کہ میں ان سب چیزوں کے باوجود ٹھیک ہوں لیکن اپنے اہلخانہ سے دوری سب سے زیادہ خوفناک چیز تھی یہ جاننے کے لیے آخر ہم کب انہیں دوبارہ دیکھیں گے۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ یہ وائرس مذاق نہیں ہے، میں نے اس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں لیکن پھر بھی کورونا میں مبتلا ہوگئی۔

انہوں نے مداحوں سے کہا کہ ہمیں خود کو اہلخانہ کو اور دوستوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سب کچھ کرنا ہوگا، ماسک پہنیں، بار بار ہاتھ دھوئیں، اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔

کیا یہ ویڈیو انڈونیشیا کے تباہ ہونے والے مسافر طیارے کی ہے؟‌ حقیقت سامنے آگئی

0

انٹرنیٹ پر ان دنوں ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ انڈونیشیا کا وہ طیارہ ہے جو جاوا سمندر میں گزشتہ دنوں گر کر تباہ ہوا۔

فیس بک پر شیئر ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک دس لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے جبکہ یوٹیوب اور ٹک ٹاک پر بھی اس ویڈیو کو شیئر کیا جارہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ حادثے سے چند لمحے پہلے کے مناظر ہیں۔

واضح رہے کہ 9 جنوری کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے 10 بچوں سمیت 50 مسافروں اور 12 کریئو ممبران کو لے جانے والا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے بعد غائب ہوگیا تھا۔انڈونیشیا ایوی ایشن کے مطابق سریوجایا ایئرفلائٹ 182 کے طیارے کا 10 ہزار فٹ کی بلندی پر کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوا اور پھر یہ ریڈار سے بھی غائب ہوگیا تھا۔

ایوی ایشن کے مطابق طیارہ جس وقت لاپتہ ہوا وہ جاوا سمندر کے اوپر تھا۔ بعد ازاں وہاں موجود ماہی گیروں نے دھماکے کی آواز سنی اور پھر ملبہ دیکھا، جس کے بعد انہوں نے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

سریوجایا ایئرفلائٹ 182 سے منسوب کر کے اس پچیس سیکنڈ کی ویڈیو کو گیارہ جنوری 2021 کو فیس بک پر شیئر کیا گیا۔

اس ویڈیو کے ساتھ انڈونیشین زبان میں ایک جملہ لکھا گیا جس کا اردو ترجمہ کچھ یوں بنتا ہے کہ ’9 جنوری 2021 بروز ہفتے کو سریوجایا ایئر کے جکارتہ سے پونیٹیانک جانے والے مسافر تباہی سے قبل چیخ و پکار کررہے ہیں‘۔

یہ بتانے کی کوشش کی گئی کہ تباہی سے چند لمحے قبل ہر مسافر دعا کررہا ہے اور وہ بہت زیادہ خوف زدہ بھی ہے۔

ریزرو امیج سرچ کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے کیونکہ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی گیارہ جولائی کی ہے اور یہ انڈونیشیا کی نہیں بلکہ انڈیا کی ہے۔

اس ویڈیو میں آنے والی آوازیں اصلی نہیں بلکہ آڈیو ایڈیٹنگ کر کے  اس میں چیخ پکار کو شامل کی گیا ہے۔ کشمیر مانیٹر نے یہ ویڈیو 12 جولائی 2020 کو ٹویٹ بھی کی۔

یہ انڈیگو ایئرلائن کی پرواز ہے جو جولائی 2020 میں ریاض سے بھارت آرہی تھی کہ اسی دوران کشمیر کے مقام پر جہاز کو تیز ہواؤں کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے مسافر شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے تھے۔

4 کروڑ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہو گئی

0

اسلام آباد: قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں قومی انسداد پولیو مہم کا اختتام ہو چکا ہے، مہم کے دوران چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

پولیو مہم میں 3 کروڑ سے زائد بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے، اس مہم میں 2 لاکھ 87 ہزار پولیو ورکرز نے حصہ لیا، اور مہم کے دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا گیا۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر صفدر رانا نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے، سیکیورٹی اداروں نے پر امن پولیو مہم کا انعقاد یقینی بنایا۔

ڈاکٹر صفدر نے کہا ملک کو پولیو سے پاک کرنے تک جدوجہد جاری رہے گی، والدین بچوں کی پولیو ویکسینیشن ضرور کرائیں، آئندہ قومی انسداد پولیو مہم مارچ میں ہوگی۔

یاد رہے کہ اتوار کو رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کی ابتدائی کارکردگی رپورٹ تیار کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ مہم نے مقررہ ہدف کا 98 فی صد حاصل کر لیا ہے، پولیو مہم کا ہدف 4 کروڑ 56 ہزار بچوں کی ویکسی نیشن تھا۔

ذرائع وزارت صحت نے بتایا تھا کہ اتوار کو آخری کیچ اپ ڈے میں کراچی، کوئٹہ، پشاور، خیبر بلاک میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کی گئی تھی، یہ مہم ہائی رسک علاقوں میں 5 روز اور 2 روز کیچ اپ ڈیز پر مشتمل تھی، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں 3 روزہ پولیو مہم، اور 2 روز کیچ اپ ڈیز پر مشتمل تھی۔

مہم کے دوران 5 تا 59 ماہ عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے، جس کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرنا تھا۔ پولیو مہم میں 2 لاکھ 87 ہزار ورکرز نے حصہ لیا، عملے کو کرونا ایس او پیز کی ٹریننگ دی گئی تھی۔

مارچ تک ویکسینز کی فراہمی، وزیر اعظم نے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی

0
رمضان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مارچ تک کرونا ویکسین کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ چند روز میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے، مارچ تک کرونا ویکسینز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

کرونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی نے وزیر اعظم کو بریفنگ میں کہا چند دنوں میں 2 ویکسینز کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے، مزید ویکسینز کی منظوری کے لیے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کیا جا رہا ہے، منظور شدہ 2 ویکسینز کے حصول کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں۔

کمیٹی ارکان نے بریفنگ میں کہا سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، وزیر اعظم نے منظور شدہ ویکسینز کے حصول اور فراہمی کے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کرونا کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کامیاب رہی، کرونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کیا جاتا تو بھیانک نتائج مرتب ہو سکتے تھے۔

اجلاس میں وزیر صنعت حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل اور معاون خصوصی ثانیہ نشتر شریک تھے۔